اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

اَلْعَجَب ثُمَّ الْعَجَب

(از ’’آخری مضامینِ سر سید‘‘)

حضرت شاہ ولی اللہ صاحب تفہیماتِ الٰہیہ میں تحریر فرماتے ہیں کہ خدا نے معادن پر نظرِ رحمت ڈالی جو عناصر کے ٹکرانے اور ملنے سے پیدا ہوئی تھی اور اُن سے کہا کہ میں نے تجھ سے اپنا رب ہونا ظاہر کیا، تجھ کو میں نے اپنی خلق سے برگزیدہ کیا ہے۔ جو کچھ میں نے پیدا کیا ہے تیرے لئے ہے اور آسمان اور زمین کو تیرا تابعدار بنایا ہے۔ اسی طرح خدا تعالیٰ معدنیات سے کہتا رہا، یہاں تک کہ پہلا دورہ ختم ہوگیا۔

پھر معدنیات کی صورت خدا کے سامنے حاضر ہوئی اور خدا کے سامنے عجز و نیاز کرنے لگی تو خدا کی بارگاہ سے ایک فیضِ عجیب معدنیات کی صورت پر پڑا کہ اُس میں تغذیہ کا اور نمو کا استعداد پیدا ہو گیا اور نباتات پیدا ہوگئیں اور معدنیات کی صورت پر غالب آئیں اور معدنیات اُس میں چھپ گئیں اور خدا کی شان دوسری ہو گئی۔

پھر خدا نے نباتات پر نظرِ رحمت ڈالی اور کہا کہ جو کچھ میں نے پیدا کیا ہے تیرے لئے ہے۔ میری خلقت میں سے تو ہی برگزیدہ ہے اور تو ہی میرا مقصود ہے اور مقام عالم تیرے تابع ہیں۔ اسی طرح خدا تعالیٰ نباتات سے کہتا رہا، یہاں تک کہ دورہ ختم ہو گیا، یعنی دوسرا دورہ۔

پھر نباتات کی صورت خدا تعالیٰ کے سامنے حاضر ہوئی اور عجز و نیاز کرنے لگی تو خدا کی بارگاہ سے ایک فیضِ عجیب نباتات کی صورت پر پڑا کہ اس میں ادراک اور حس اور ارادہ کی قوت پیدا ہو گئی اور اس سے حیوان پیدا ہو گئے اور معدنیات اور نباتات اُس میں چھپ گئیں۔ اب خدا نے حیوان پر نظرِ رحمت کی اور کہا کہ جن کو میں نے پیدا کیا ہے اُن میں سے تو ہی میرا برگزیدہ اور تو ہی میرا محبوب ہے اور تو ہی میرا مطلوب اور تو ہی عالم کے پیدا ہونے کا سبب ہے اور تو ہی خلق کے پیدا ہونے کی علتِ فاعلی ہے۔ پھر اسی طرح خدا اس سے کہتا رہا، یہاں تک کہ دورہ ختم ہو گیا، یعنی تیسرا دورہ۔

پھر حیوانات کی صورت خدا کے سامنے حاضر ہوئی اور عجز و نیاز کرنے لگی تو خدا کی طرف سے انسان کی صورت اس پر فائز ہوئی۔ پھر اُس میں اُس سے افضل استعداد پیدا ہو گیا جو اُن میں تھا اور اصل صورت انسان کے دل اور عقل کے لطیفہ کا پورا ہونا ہے۔ پھر انسان کی نوع پیدا ہوئی جن میں سب سے پہلے آدم علیہ السلام ہیں اور خدا نے رحمت کی نظر سے اس کو دیکھا اور کہا کہ تو عالمِ صغیر ہے خبر دینے والا عالمِ کبیر کا۔ تو ہی امانت کے لائق، ہے نہ آسمان اور زمینیں اور نہ پہاڑ۔ عالم کو تیرے لئے مسخر کیا ہے اور تیرے لئے مینہ برسایا ہے اور نباتات اُگائے اور تیرے لئے حیوانوں کو زمین میں پیدا کیا۔ میری خلقت میں تو ہی میرا محبوب ہے (انتہی)۔ گویا یہ چوتھا دورہ تھا۔

شاید اسی مقام کے مناسب حافظ علیہ الرحمۃ نے فرمایا ہے:

آسماں بارِ امانت نتوانست کشید

قرعۂ فال بنام من دیوانہ زدند

ترجمہ اردو جریدہ: آسمان امانت کا بوجھ نہ اٹھا سکا، تو قرعۂ فال مجھ دیوانے کے نام ڈالا گیا۔

قال اللہ تعالیٰ۔ اِنَّا عَرَضْنَا الْاَمَانَةَ عَلَی السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ وَ الْجِبَالِ فَاَبَيْنَ اَنْ يَّحْمِلْنَهَا وَ اَشْفَقْنَ مِنْهَا وَ حَمَلَهَا الْاِنْسَانُ اِنَّهٗ كَانَ ظَلُوْمًا جَهُوْلًا۔ (سورۃ الاحزاب آیت 72)

یعنی ہم نے پیش کیا امانت کو آسمانوں اور زمینوں کے اور پہاڑوں کے سامنے پھر اُنہوں نے اُس کے برداشت کرنے سے انکار کیا اور اس سے ڈر گئے اور اس کو برداشت کیا انسان نے۔ بیشک وہ زیادتی کرنے والا اور نادان تھا۔

اس مقام پر ہم کو اس آیت کی نسبت بحث کرنا مقصود نہیں ہے۔ ہر کوئی جان سکتا ہے کہ جو چیز انسان میں حیوانوں کی بہ نسبت زیادہ ہے، اسی کی نسبت لفظِ امانت کا کہا گیا ہے مگر جو کچھ کہ تعجب ہم کو ہے وہ اس بات سے ہے کہ حضرت شاہ ولی اللہ صاحب نے ان چاروں دوروں کا ہونا اور خصوصاً اس طرح پر جس طرح پر کہ اُنہوں نے بیان کیا ہے، کہاں سے اخذ کیا ہے۔ جو لوگ کہ ڈارون کی تھیوری کے قائل ہیں وہ تو شاہ ولی اللہ صاحب کے اس بیان سے انقلاب کی تھیوری پر استدلال کرتے ہیں اور جو لوگ انقلاب کے قائل نہیں ہیں، بلکہ مماثلت کے قائل ہیں، جیسا کہ ہمارا خیال ہے، وہ اُن کے بیان سے مماثلت کی تھیوری پر استدلال کرتے ہیں، مگر جب تک یہ معلوم نہ ہو کہ کہاں سے ان دوروں کا شاہ ولی صاحب نے استنباط کیا ہے اُس وقت تک کوئی قطعی فیصلہ نہیں ہو سکتا ہے۔

البتہ توریت میں ہے کہ زمین نے سبزہ زار اور درختانِ میوہ دار کو اُگایا اور خدا نے اُن کو دیکھ کر کہا کہ بہت اچھا ہے۔ پھر خدا نے پانیوں کو کہا کہ پانی کے جانور اور اُڑنے والے جانور پیدا کریں اور خدا نے ان کو دیکھ کر کہا کہ بہت اچھا ہے۔

پھر خدا نے زمین کو کہا کہ زمین پر چلنے والے جانور پیدا کرے۔ اس نے پیدا کئے اور خدا نے اُن کو دیکھ کر کہا کہ بہت اچھا ہے۔

پھر خدا نے اپنے مشابہ انسان کو پیدا کیا مگر جو طرزِ بیان کہ شاہ ولی اللہ صاحب کا ہے اور جو طرزِ بیان کہ توریت میں ہے وہ یکساں نہیں ہے، مگر ہم کو پتہ نہیں لگتا کہ شاہ صاحب نے وہ بیان کہاں سے اخذ کیا ہے۔ اگر انہوں نے بذریعہ اپنے مکاشفہ کے بیان کیا ہے تو اس میں کچھ کلام نہیں اور اگر اُنہوں نے کتاب اور سنت سے اخذ کیا ہے تو ہم کو اُمید ہے کہ کوئی دوست ہم کو اُس کے ماخذ سے مطلع فرمائے گا۔

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 246 تا 249 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔ یہ تحریر کتاب «آخری مضامینِ سر سید» سے ماخوذ ہے۔