خط (1) — یکم اکتوبر 1904ء (جلد اوّل، خط 14)
بابو1 صاحب مکرم
یہ کوئی صاحب چھوٹے شملہ سے میری غزل کی اصلاح کر کے ارسال کرتے ہیں۔ میری طرف سے ان کا شکریہ ادا کیجیے اور عرض کیجیے کہ بہتر ہو اگر امیرؔ اور داغؔ کی اصلاح کیا کریں۔ مجھ گمنام کی اصلاح کرنے سے آپ کی شہرت نہ ہوگی۔ میرے بے گناہ اشعار کو جو حضرت نے تیغِ قلم سے مجروح کیا ہے اس کا صلہ انہیں خدا سے ملے۔ میں بھی دعا کرتا ہوں کہ خدا اُن کو عقل و فہم عطا کرے۔ میں نے یہ دو حرف محض از راہِ ہمدردی تحریر کیے ہیں۔ امید وہ برا نہ سمجھیں گے۔ اکثر انسانوں کو کنجِ تنہائی میں بیٹھے بیٹھے ہمہ دانی کا دھوکا ہو جاتا ہے۔ ان کا قصور نہیں فطرتِ انسان ہی اسی قسم کی ہے۔
راقم آثم محمد اقبال
ماخذ [سوانحِ اقبال]
اردو جریدہ نے یہ خط «کلیاتِ مکاتیبِ اقبال» (مرتبہ سید مظفر حسین برنی، اردو اکادمی، دہلی)، جلد اوّل (نومبر 1989ء)، صفحہ 86 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔

