اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

بنام جان میولسن آرنلڈ

جان میولسن آرنلڈ‌John Muehleisen Arnold نے اپنی کتاب ’’قرآن اینڈ بائیبل‌The Koran and the Bible‘‘ مطبوعہ 1866ء میں سرسید کی مندرجہ ذیل چٹھی چھاپی ہے۔ یہ اُنھوں نے اپنی تفسیرِ بائیبل کی پہلی جلد کے متعلق مصنفِ موصوف کی چٹھی کے جواب میں اُن کے پاس بھیجی تھی۔ اس چٹھی سے تفسیرِ مذکور کے لکھنے کا اصل منشا اور اُس کی نسبت مسلمانوں اور عیسائیوں کے خیالات، جو اُس وقت تھے، اور خود سر سید کا اپنے ارادے پر ثابت قدم رہنا اور لوگوں کی مخالفت کا کچھ خیال نہ کرنا، بخوبی واضح ہوتا ہے۔ (محمد اسماعیل پانی پتی)

بے شک آپ کا خیال صحیح ہے کہ کسی مسلمان نے آج تک بائیبل مقدس کی تفسیر نہیں لکھی۔ خواہ کچھ ہی وجوہ ہوں جن کی وجہ سے ہمارے آبا و اجداد نے اس کام کو نہیں اُٹھایا، مگر جو امر کہ موجودہ زمانے کے ہندوستانی مسلمانوں کو اس کام سے مانع رہا ہے، اور بہت کچھ مانع ہے، وہ یہ ہے کہ مسلمان عیسائی مذہب کی کتابوں کو ہمیشہ ایک بیکار اور لغو اور جھوٹے قصّوں کا مجموعہ سمجھتے اور یقین کرتے رہے ہیں۔ اور اُن کے اس مضر یقین کو اکثر اوقات بعض پادریوں کی نا عاقبت اندیشی اور بے سمجھی کے دلائل سے بہت قوت اور مدد ملی ہے۔ ان دلائل سے بجز اس کے کہ جانبین میں ناپسندیدہ جھگڑا اور تعصّب اور مخالفت اور دشمنی پیدا ہو اور دونوں کے دل برے ہوں، اور کوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوتا۔

جب کہ فریقین کی یہ حالت ہو تو آپ بہ آسانی خیال کر سکتے ہیں اور نتیجہ نکال سکتے ہیں کہ اگر کوئی مسلمان ایسی تصنیف کرے جس کا مقصد انجیل مقدس کی تفسیر لکھنا، اُس کی تائید کرنا اور اُس کو آسمانی کتاب ماننا ہو، تو اس کی حالت اور منزلت اُس کے ہم مذہب لوگوں میں کیا ہوگی؟ بلا شبہ اس سے سب لوگ متنفّر ہوں گے اور اُس کو برا کہیں گے۔ یہی حالت میری ہوئی۔ اس کام کے شروع میں میرے ساتھ بھی یہی برتاؤ ہوا، مگر میں نے اُن کی بے جا تضحیک، بے بنیاد دھمکیوں اور اسی قسم کی زیادتیوں کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا اور اُس بات کے کہنے میں، جس کو میں حق سمجھتا تھا، کسی چیز سے اندیشہ نہیں کیا۔ جو انعام کہ مجھ کو عیسائیوں سے میرے کام کے آغاز میں ملا وہ بھی اس سے کم نہ تھا جو میرے ہم مذہبوں نے مجھ کو دیا۔ مگر خدا کا شکر ہے کہ میری تفسیر کا اول حصہ چھپنے کے بعد مسلمانوں کو معلوم ہو گیا کہ جو کچھ میں انجیل کی تائید میں لکھتا تھا وہ خود قرآن پاک اور دیگر مستند کتابوں کی بنا پر تھا۔ بہت سے میری تعریف کرنے لگے اور انجیل مقدس پر اعتقاد رکھنے اور اس کا ادب کرنے میں میرے ہم خیال ہو گئے، اور بہت سے توہّمات اور خیالاتِ فاسد، جو انجیل کی بابت مدتوں سے تھے، کم ہو گئے۔ جیسا کہ آپ کو ذیل کے فقرات سے معلوم ہوگا، جن کو میں ایک بڑے مولوی1 کے خط سے، جو میرے نام تھا، نقل کرتا ہوں:

’’میں نے آپ کی تفسیر کو پڑھا اور میں برملا اقرار کرتا ہوں کہ بلاشک وہ بے مثل کتاب ہے اور مذہبِ اسلام کی تائید اور حمایت کرتی ہے۔ خدا کا شکر ہے اور بے حد شکر ہے کہ اس زمانے میں آپ ایسے شخص ہیں جو راہِ راست کی رہنمائی کرتے ہیں۔ آپ کی تصنیف ہر سہ شنبہ کو پڑھی جاتی ہے اور اُس کے قابلِ تعریف فقروں کے پڑھنے سے خدا کا شکر اور آپ کے واسطے دعا دل سے نکلتی ہے۔‘‘

بائیبل مقدّس میں بعض مقامات ایسے ہیں جن کی وجہ سے مسلمان اُس سے بہت بداعتقاد ہو گئے ہیں؛ مثلاً ابراہیم علیہ السلام کی طرف مصر میں جھوٹ بولنے کی نسبت کرنا۔ عیسائی مفسّروں نے ان مقامات کی پوری تفسیر نہیں لکھی۔ لیکن میں برخلاف ان کے کہتا ہوں کہ خود بائیبل سے ان فقروں کے یہ معنی نہیں نکلتے جو عموماً مانے جاتے ہیں۔ اس بنا پر مجھ کو اُمید ہے کہ میری تفسیر کا دوسرا حصہ2 چھپنے کے بعد مسلمانوں کا تعصّب بائیبل کے ساتھ بہت کم ہو جائے گا۔

بایں ہمہ مجھ کو یقین ہے کہ میری زندگی میں عام مسلمانوں کی گالیوں اور نفرت سے مجھے نجات نہ ملے گی۔ عیسائی بھی میری تفسیر سے خوش نہیں ہو سکتے، کیونکہ جس طرح میں انجیل کی تعلیم کو صحیح اور درست سمجھتا ہوں اس طرح تثلیث کے مسئلے کا قائل نہیں ہوں، اس لیے کہ میں انجیل میں کہیں اس مسئلے کی تائید اور وجود نہیں پاتا ہوں۔ مجھ کو یقین ہے کہ مذہبِ اسلام صحیح ہے اور اُس کی صحت اور وجود دونوں انجیل سے ثابت ہیں، اس لیے مجھے کچھ پرواہ نہیں کہ میں کسی گروہ کے لوگوں کو، خواہ وہ مسلمان ہوں یا عیسائی، خوش کروں۔ میں حق پر ہوں اور اُس خدا کو خوش کرنا چاہتا ہوں جس کے روبرو ایک دن سب کو جانا ہے۔ البتہ میری یہ خواہش رہی ہے کہ مسلمان اور عیسائیوں میں محبت پیدا ہو، کیونکہ قرآن مجید کے موافق اگر کوئی فرقہ ہمارا دوست ہو سکتا ہے تو وہ عیسائی ہیں۔ میری یہ خواہش اُن چند رسالوں کے پڑھنے سے آپ پر بخوبی ظاہر ہو جائے گی جو میں نے اس باب میں لکھے ہیں اور جن کو اب آپ کی خدمت میں بھیجتا ہوں۔ میں نے آپ کے نام اپنی تفسیر کا پہلا حصہ بھی روانہ کیا ہے جس کا قبول کرنا میری عزت افزائی کا باعث ہوگا۔ دوسرا حصہ3 جب تیار ہو جائے گا، آپ کی خدمت میں ارسال ہوگا۔

یقیناً میں بھی بائیبل کا اتنا ہی طرف دار اور مؤیّد ہوں جس قدر کہ آپ ہیں۔ میرا قصد ہے کہ میں ڈاکٹر کلنزو‌Dr. Colenso کے اعتراضات کا اپنی تفسیر کے مناسب حصوں میں، جب اُن کا موقع آئے، جواب دوں۔

اردو جریدہ نے یہ خط «مکتوباتِ سرسید»، جلد اوّل (مرتبہ شیخ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلسِ ترقیِ ادب، لاہور، طبع ثانی جون 1976ء)، صفحہ 1 تا 3 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔