خط (1) — 6 جون 1900ء (جلد اوّل، خط 2)
بخدمت، جناب رجسٹرار صاحب، چیف کورٹ پنجاب لاہور
جنابِ عالی
نہایت ادب کے ساتھ عرض ہے کہ میں تمام لیکچروں میں حاضری اور تمام فیسوں کی مکمّل ادائیگی کے بعد 1898ء میں قانون کے ابتدائی امتحان میں شریک ہوا تھا، مگر بدقسمتی سے فلسفۂ قانون کے پرچے میں ناکام رہا۔
میں بے حد شکر گزار ہوں گا اگر آپ ازراہِ کرم مجھے اس امتحان کے لئے مزید لیکچروں میں حاضری سے مستثنیٰ فرما دیں تاکہ میں دسمبر 1900ء میں منعقد ہونے والے امتحان میں شرکت کر سکوں۔
پنجاب یونیورسٹی کے رجسٹرار کا سرٹیفکیٹ منسلک ہے۔
آپ کا تابعدار محمّد اقبال ایم۔ اے
میکلوڈ روڈ1۔ پنجاب یونیورسٹی لاہور
دستخط وشو سنگھ کپور ایڈووکیٹ نمبر 937
06؍ جون 1900ء
(لیٹرز آف اقبال)
(انگریزی سے)
خط (2) — اکتوبر 1908ء (جلد اوّل، خط 48)
جناب رجسٹرار صاحب چیف کورٹ لاہور
جنابِ عالی!
میں حد درجہ ممنون ہوں گا اگر آپ براہِ کرم اندراجِ نام کی منسلکہ درخواست2 عزت مآب جج صاحبان کی خدمت میں پیش فرما دیں۔
آپ کا تابعدار ایس (شیخ) محمد اقبال بار۔ ایٹ۔ لا
(لیٹرز آف اقبال)
(انگریزی سے)
خط (3) — اکتوبر 1908ء (جلد اوّل، خط 49)
عزت مآب جج صاحبان چیف کورٹ پنجاب لاہور
جنابِ والا!
میں لنکنز اِن LINCOLN'S INN کی آنریبل سوسائٹی سے فارغ التحصیل بار۔ ایٹ۔ لا ہوں۔ کہ مجھ کو جولائی میں کامیاب قرار دیا گیا تھا۔ میں وکالت کا پیشہ لاہور میں شروع کرنے کا متمنّی ہوں۔ میں شکر گزار ہوں گا اگر عزت مآب جج صاحب میرا نام بحیثیتِ وکیل پنجاب چیف کورٹ میں درج فرما لیں۔
میں سرکاری ملازمت سے وابستہ نہیں ہوں اور نہ کاروبار کرتا ہوں۔ لازمی اسناد منسلک ہیں۔
آپ کا تابعدار محمد اقبال بار۔ ایٹ۔ لا معرفت مسٹر محمد شفیع بار۔ ایٹ۔ لا
(لیٹرز آف اقبال)
(انگریزی سے)
خط (4) — 8 مئی 1909ء (جلد اوّل، خط 62)
چیف کورٹ بار ایسوسی ایشن لاہور۔
8؍ مئی 1909ء
جنابِ عالی!
حکومتِ پنجاب نے مجھے عارضی طور پر مرحوم مسٹر جیمس، فلسفے کے پروفیسر کی ذمّے داریاں لاہور گورنمنٹ کالج میں سونپی ہیں۔ کالج کے اربابِ حل و عقد کی اس دشواری کے پیشِ نظر، جو فلسفے کے پروفیسر کی اچانک وفات سے پیدا ہو گئی ہے، میں نے یہ نظام صبح کے اوقات میں چھ بجے سے نو بجے تک منظور کر لیا ہے۔ مجھے معلوم ہوا ہے کہ قوانین کی رُو سے مجھے آپ کو مطلع کرنا چاہیے۔ میرا خیال ہے کہ ناظمِ تعلیمات نے عزت مآب چیف جج صاحب کو اس سلسلے میں لکھ دیا ہوگا۔
آپ کا تابعدار محمد اقبال بار۔ ایٹ۔ لا ایڈووکیٹ، چیف کورٹ لاہور۔
(انگریزی سے)
(لیٹرز آف اقبال)
اردو جریدہ نے یہ خطوط «کلیاتِ مکاتیبِ اقبال» (مرتبہ سید مظفر حسین برنی، اردو اکادمی، دہلی)، جلد اوّل (نومبر 1989ء)، صفحات 63، 158 تا 159، 182 سے ڈیجیٹائز کیے ہیں۔

