اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

ڈاڑھی کے متعلق ایک خط کا جواب

(منقول از کتاب ’’تہذیب الاخلاق‘‘ جلد دوم، مرتبہ منشی فضل الدین لاہور مطبوعہ 1890ء، ص 395 - 393)

مکرمی!

(آپ نے اپنے) اس عنایت نامہ میں جو خیالات ظاہر کیے ہیں اُس میں کئی غلطیاں ہیں۔

(1) اول، یہ کہ ڈاڑھی رکھنے یا منڈانے کو تہذیب میں کچھ دخل نہیں ہے۔ بال جو انسان کے سر پر اور منہ پر خدا نے پیدا کیے ہیں، اگر انسان اُن کو ایک پریشانی اور ابتری کی حالت میں رہنے دے، جیسے کہ بعض میلے کچیلے بے تمیز جنگلی جانوروں کے ہوتے ہیں، تو بلا شبہ وہ پورا وحشیانہ پن ہے۔ اور اگر اُن کو درستی اور خوبی سے رکھے تو وہ تہذیب و شائستگی کی علامت ہے۔ اسی لیے تمام مہذب قومیں بقدر اپنی تہذیب اور موافق اپنے خیالات کے بال بناتی ہیں اور موافق اپنے مذاق تہذیب و خیالات کے اُن کو آراستہ کرتی ہیں، مگر یہ خیال کہ ڈاڑھی منڈانا تہذیب میں داخل ہے، ایک محض غلط خیال ہے۔

(2) دوسرے، ترکوں کی پیروی کو اس وجہ سے منع کرنا کہ وہ ڈاڑھی منڈاتے ہیں اور اُس کو داخلِ تہذیب سمجھتے ہیں اور بہت کام خلافِ شرع کرتے ہیں، ایک دوسری غلطی ہے، کیونکہ اس دلیل کا نتیجہ صرف یہ نکلتا ہے کہ اُس امر میں اُن کی پیروی نہ چاہیے جو خلافِ شرع ہو۔ نہ یہ کہ دلیل تو ہو خاص اور نتیجہ نکالا جاوے عام۔ ہمارا یہ مطلب نہیں ہے کہ بعد تسلیم کرنے اس امر کے کہ وہ کام خلافِ شرع ہے اور پھر اُس کی پیروی کی جاوے بلکہ جہاں تک بحث ہے وہ اس میں ہے کہ در حقیقت وہ کام خلافِ شرع ہے یا نہیں؟ ترک شراب بھی پیتے ہیں، جیسا کہ مشہور ہے۔ اگر یہ امر سچ ہو تو جیسے ہم کو اُن کے اس کام کی پیروی کرنا برا ہے ویسے ہی اس کام ناجائز کے سبب اُن کے اور عمدہ و مہذبانہ مباح کاموں کی پیروی چھوڑنا بھی ویسا ہی برا ہے۔

(3) تیسری غلطی خیالات کی اس عنایت نامے سے یہ پائی جاتی ہے کہ کسی مہذب قوم کی پیروی کرنے سے یہ سمجھا جاتا ہے کہ اُس کے تمام کاموں کی بلا لحاظ اس بات کے اور غور کے کہ وہ فی نفسہٖ اچھے ہیں یا برے، پیروی کرنا مقصود ہوتا ہے۔ اگر یہ خیال ہو تو محض ایک غلط اور نہایت مضر خیال ہے بلکہ ہمیشہ جس بات کو اختیار کیا جاوے اول اُس کی بھلائی اور برائی پر غور کرنی واجب ہے۔ جو عمدہ بات کسی قوم کی ہو اُس کو لینا اور بری کو چھوڑنا واجب ہے، ورنہ ایک گڑھے میں سے نکلنا اور دوسرے میں گرنا ہے۔

آپ کو معلوم ہے کہ ہم کو مسندِ افتا کی گدی پر بیٹھنا مقصود نہیں ہے۔ بلکہ صرف دو امر ہم کو مقصود ہیں، اول یہ کہ مذہبِ اسلام پر جو جھوٹے الزام لگائے گئے ہیں اور اُس کو مانعِ تہذیب و شائستگی و مخالفِ انسانیت و تمدن و حسنِ معاشرت قرار دیا گیا ہے، اُن غلط الزاموں کی غلطی ٹھیٹ مذہبِ اسلام کی رو سے ظاہر کر دیں۔ دوسرے جو امر کہ خلافِ تہذیب مسلمانوں میں مروج ہیں اُن کو دور کریں۔ پس ڈاڑھی، جیسا کہ ہم نے اُوپر بیان کیا بشرطیکہ وحشیانہ پن سے نہ رکھی جاوے، تہذیب کے برخلاف نہیں ہے۔ چنانچہ ہزاروں، لاکھوں، کروڑوں اشخاص جو نہایت مہذب قوم کے ہیں ڈاڑھی رکھتے ہیں اور ہمارے ملک کے بھی خوبصورت گورے رنگ کے چہروں پر بشرطیکہ گورا رنگ ہو، کالی ڈاڑھی نہایت خوبصورت اور بھلی معلوم ہوتی ہے۔ ہاں جب سفید ہو جاوے تو منڈانے کے قابل ہو جاتی ہے بشرطیکہ منہ کی جھریاں اور گالوں کے گڑھے اور منہ کا پوپلا پن صورت کو بدنما نہ کر دے۔ اس کے سوا منہ کی رونق اور شجاعت و بہادری و رعب اُس سے پایا جاتا ہے۔ پس اُس کا رکھنا یا منڈانا ہماری بحث سے خارج ہے اور ہم اُس پر بحث کرنا نہیں چاہتے، کیونکہ ہم قطعاً ان مسائل سے جن کو مانعِ تہذیب نہیں سمجھتے، بحث نہیں کرتے۔ اگر ڈاڑھی منڈانی ناجائز ہو تو اُس سے ہمارا کچھ ہرج نہیں، اگر جائز ہو تو ہمارا کچھ ہرج نہیں۔ لیکن اگر ڈاڑھی کو ایک ٹٹی بنایا جاوے جس کی اوجھل شکار کھیلا جاوے تو اس سے منڈانا ہی بہتر ہے۔

اگر ڈاڑھی منڈانا ناجائز ہے تو بیچارے ترکوں پر کیا الزام ہے؟ ہندوستان کے بڑے بڑے مقدس مولوی صاحب جبہ و عمامہ بھی ڈاڑھی منڈاتے ہیں۔ اتنا فرق ہے کہ ترک تو ڈاڑھی منڈا کر فرشتہ کی سی صورت ہو جاتے ہیں اور یہ حضرات مقدسین ہیجڑا بن جاتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ڈاڑھی کا اطلاق جیسا کل ڈاڑھی پر ہے ویسا ہی جزو ڈاڑھی پر ہے۔ اگر ڈاڑھی کا منڈانا ناجائز ہے تو اُس کے جزو کا بھی ناجائز ہے۔ اگر کوئی شخص ایک طرف کی ڈاڑھی منڈاوے اور ایک طرف کی رہنے دے یا بیچ میں سے منڈاوے اور دونوں طرف گل مچھے رہنے دے (تو) وہ بھی ایسی ہی ناجائز ہو گی جیسا کہ کل ڈاڑھی کا منڈانا۔ آپ حضرات مقدسین کو دیکھتے ہوں گے کہ ہر جمعہ کی صبح کو اشراق کی نماز کے بعد نائی حاضر ہوتا ہے اور اصلاح مبارک بناتا ہے۔ اصلاح میں کیا ہوتا ہے کہ گالوں پر سے ڈاڑھی مونڈی جاتی ہے اور ایک قوسی خط میں قریب مدور کے کی جاتی ہے۔ ہونٹ اور ٹھوڑی کے بیچ میں ایک بھگانی بنائی جاتی ہے اور دونوں طرف سے مونڈی جاتی ہے۔ پھر حلقوم مبارک سے لے کر ٹھوڑی اور جبڑے کے قریب تک مونڈی جاتی ہے۔ بعض مقدسوں کو اپنے بھولے بھالے مجرب گالوں کے کھولنے کا ایسا شوق ہوتا ہے کہ ریش مبارک صرف بطور ایک جھالر کے رہ جاتی ہے۔ پس کیا یہ ڈاڑھی منڈانا نہیں ہے جو بیچارے ترکوں فرشتہ صورتوں پر طعن کیا جاتا ہے۔

سید احمد

اردو جریدہ نے یہ خط «مکتوباتِ سرسید»، جلد دوم (مرتبہ شیخ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلسِ ترقیِ ادب، لاہور، طبع ثانی جون 1985ء)، صفحہ 367 تا 369 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔