اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

حضرت ابراہیم علیہ السلام اور اُن کا مذہبِ حنیف

(از ’’آخری مضامینِ سرسید‘‘)

مامون رشید کے زمانہ میں عبدالمسیح ابنِ اسحاق کندی جس کا عیسائی مذہب تھا اور بڑا عالم تھا، مامون رشید کے دربار میں ایک بہت معزز عہدہ پر ملازم تھا۔ مامون رشید کے ایک قریبی رشتہ دار نے جس نے اپنا لقب الہاشمی قرار دیا ہے، ایک خط عبدالمسیح کے نام دعوتِ اسلام کا بھیجا اور یہ خواہش کی کہ وہ بھی مسلمان ہو جائے۔ عبدالمسیح نے نہایت سختی سے اُس خط کا جواب لکھا ہے اور اسلام قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔ اُس جواب میں یہ بات بھی لکھی ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اُس زمانہ تک جب کہ وہ پیغمبر ہوئے، یعنی پچھتر برس کی عمر تک بت پرستی کیا کرتے تھے اور وہی بت پرستی کا مذہبِ حنیف کہلاتا تھا، مگر یہ دونوں باتیں محض غلط ہیں۔ توریتِ مقدس سے یا اور کسی کتاب سے ثابت نہیں ہے کہ حضرت ابراہیمؑ نے کسی وقت اور کسی زمانہ میں بت پرستی کی ہو، بلکہ برخلاف اس کے قرآنِ مجید سے ثابت ہے کہ حضرت ابراہیمؑ نے کبھی بت پرستی، یعنی شرک نہیں کیا۔ قرآنِ مجید میں حضرت ابراہیمؑ کی نسبت متعدد جگہ آیا ہے کہ وَ مَا کَانَ مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ‘ یعنی ابراہیمؑ شرک کرنے والوں میں سے نہیں تھا اور خود حضرت ابراہیمؑ کا قول قرآنِ مجید میں مذکور ہے کہ حضرت ابراہیمؑ نے کہا: ’’مَا اَنَا مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ‘‘، یعنی میں شرک کرنے والوں میں سے نہیں ہوں۔ پس بلا سند اور بلا دلیل یہ کہنا کہ حضرت ابراہیمؑ پچھتر برس کی عمر تک بت پرستی کرتے تھے، محض بے اصل اور صرف اتہام ہے۔ پچھتر برس کی عمر ہم نے توریت کے حساب سے لکھی ہے، مگر جو عمریں توریت میں لکھی ہوئی ہیں، اُن کی صحت نہایت مشتبہ اور بحث طلب ہے۔

تمام انبیاء اُسی قوم میں سے پیدا ہوتے ہیں اور اُسی قوم پر پلتے اور بڑھتے ہیں، جس کی بری باتوں کی اصلاح کے لیے وہ مبعوث ہوتے ہیں، لیکن اُن کا یہ امرِ طبعی ہوتا ہے کہ جن بری باتوں کی اصلاح وہ اپنے زمانۂ رشد میں کرتے ہیں، ابتداء ہی سے اُن کو اُن سے نفرت ہوتی ہے اور اس لئے کبھی وہ اُن امور میں ملوث نہیں ہوتے۔ اگر وہ ان میں ملوث ہوں تو زمانۂ رشد میں اُن امور کی اصلاح ان سے ہونی نہایت مشکل ہے، کیونکہ جو مقتضائے طبیعت ہوتا ہے، وہی زمانۂ رشد میں ظاہر ہوتا ہے۔ پس گو حضرت ابراہیمؑ ایسے خاندان میں پیدا ہوئے تھے، جو بت پرستی میں ملوث تھا، مگر صرف ایسے خاندان میں پیدا ہونے سے یہ خیال نہیں ہو سکتا کہ انہوں نے بھی بت برستی کی ہو، اس لئے حضرت ابراہیمؑ کی نسبت بت پرستی کا خیال سراسر غلط اور محض بیہودہ ہے۔

اور یہ بات بھی کہ وہی بت پرستی کا مذہب مذہبِ حنیف کہلاتا تھا، محض غلط ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا مذہب توحیدِ ذاتِ باری کا تھا اور اُن کے مراسمِ مذہبی جیسے کہ حجِ خانۂ کعبہ کا ہے، تمام ملکِ عرب میں پھیل گئے تھے اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کا مذہب توحید مذہبِ حنیف کہلاتا تھا۔ اُس کے بعد لوگوں نے بت پرستی کو اس مذہب میں ملا دیا تھا۔ مگر وہ ابراہیمی مذہب کے مراسم بھی مثلِ حجِ کعبہ وغیرہ ادا کرتے تھے اور اس لئے اپنے مذہب کا وہی پرانا نام لیتے تھے اور مذہبِ حنیف کہتے تھے، مگر بت پرستی مذہبِ حنیفِ ابراہیمی میں نہ تھی، چنانچہ تاج العروس شرحِ قاموس میں لکھا ہے۔

و کان عبدة الاوثان فی الجاهلية یقولون نحن حنفاء علی دین ابراهیم۔ فلما جاء الاسلام سموا المسلم حنیفاً۔ وقال الاخفش وکان فی الجاهلية، یقال من اختتن وحج البیت، قیل له حنیف لان العرب لم تتمسک فی الجاهلية بشیء من دین ابراهیم غیر الختان و حج البیت، وقال الزجاجی الحنیف فی الجاهلية من کان یحج البیت و یغتسل من الجنابة۔ ویختتن۔ فلما جاء الاسلام کان الحنیف المسلم لعدوله عن الشرک۔

یعنی ’’بت پرست لوگ ایامِ جاہلیت میں دعویٰ کرتے تھے کہ ہم حنیف ہیں اور ابراہیم علیہ السلام کے مذہب پر ہیں۔ جب مذہبِ اسلام کا ظہور ہوا تو مسلمانوں کو بھی حنیف کہنے لگے۔ اخفش نے کہا ہے کہ زمانۂ جاہلیت میں جو لوگ ختنہ کرتے تھے اور کعبہ کا حج کرتے تھے اُن کو حنیف کہتے تھے، کیونکہ اُس زمانہ میں عرب کے لوگوں نے سوائے ختنہ اور حجِ کعبہ کے ابراہیمی مذہب میں سے کوئی چیز اختیار نہیں کی تھی۔ زجاجی کہتا ہے کہ عربِ جاہلیت اُن لوگوں کو جو کعبہ کا حج کرتے تھے اور جنابت کے بعد غسل کرتے تھے، اور اُن میں ختنہ کی رسم بھی جاری تھی، حنیف کہتے تھے۔ جب اسلام شروع ہوا تو مسلمانوں کو بھی حنیف اس لئے کہنے لگے کہ وہ شرک سے باز رہے تھے‘‘۔

پس یہ کہنا کہ جو مذہب بت پرستی کا تھا وہی مذہبِ حنیف کہلاتا تھا، صریح غلطی ہے۔ خدا نے اس التباس کو جا بجا قرانِ مجید میں رفع کیا ہے، کیوں کہ جہاں قرآنِ مجید میں مذہبِ حنیف کا ذکر آیا ہے، اُسی کے ساتھ اس مذہب کے شرک سے بری ہونے کا بھی ذکر آیا ہے جس سے بخوبی ظاہر ہوتا ہے کہ حنیف سے وہ مذہب مراد نہیں ہے جس میں شرک اور بت پرستی داخل ہوگئی تھی اور جس کو مشرکانِ زمانۂ جاہلیت مذہبِ حنیف کہتے تھے، بلکہ خاص مذہبِ توحیدِ ذاتِ باری جو حضرت ابراہیم علیہ السلام کا مذہب تھا، لفظ حنیف سے وہی مذہب مراد ہے نہ وہ مذہب جس کو مشرکینِ عرب مذہبِ حنیف کہتے تھے۔

سورۃ بقرہ میں خدا نے فرمایا ہے: ’’وَقَالُوْا کُوْنُوْا هُوْدًا اَوْ نَصَارٰی تَهْتَدُوْا۔ قُلْ بَلْ مِلَّةَ اِبْرَاهِیْمَ حَنِیْفًا وَّمَا کَانَ مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ‘‘۔ (آیت 129) یعنی کہتے ہیں کہ ہو جاؤ یہود اور نصاریٰ تو راہ پر آؤ گے۔ اے پیغمبر کہہ دے کہ نہیں، ہم نے ابراہیم کا مذہب اختیار کیا ہے جو ایک خدا کا ہو رہا تھا اور شرک کرنے والوں میں سے نہیں تھا۔

سورۃ آل عمران میں خدا نے فرمایا ہے: مَا کَانَ اِبْرَاهِیْمُ یَهُوْدِیًّا وَّلَا نَصْرَانِیًّا وَّلٰکِنْ کَانَ حَنِیْفًا مُّسْلِمًا وَ مَا کَانَ مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ۔ (آیت 60) یعنی ابراہیم نہ یہودی تھا نہ نصرانی، بلکہ ایک خدا کا ماننے والا مسلمان تھا اور شرک کرنے والوں میں سے نہیں تھا۔

سورۃ آل عمران میں دوسری جگہ خدا نے فرمایا ہے: قُلْ صَدَقَ اللّٰهُ فَاتَّبِعُوْا مِلَّةَ اِبْرَاهِیْمَ حَنِیْفًا وَ مَا کَانَ مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ۔ (آیت 89) یعنی اے پیغمبر کہہ دے خدا نے سچ فرمایا ہے کہ تم ابراہیم کے مذہب کی پیروی کرو جو ایک خدا کا ماننے والا تھا اور شرک کرنے والوں میں سے نہیں تھا۔

سورۂ انعام میں خدا نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کا قول فرمایا ہے: اِنِّیْ وَجَّهْتُ وَجْهِیَ لِلَّذِیْ فَطَرَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ حَنِیْفًا وَّ مَا اَنَا مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ۔ (آیت 76) یعنی میں نے اپنا منہ اُس کی طرف پھیرا ہے جس نے آسمانوں اور زمینوں کو پیدا کیا اسی کا ماننے والا ہو کر اور میں شرک کرنے والوں میں سے نہیں ہوں۔

اور سورۂ انعام میں دوسری جگہ خدا نے فرمایا ہے: قُلْ اِنِّیْ هَدَانِیْ رَبِّیْ اِلٰی صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ دِیْنًا قِیَمًا مِّلَّةَ اِبْرَاهِیْمَ حَنِیْفًا وَّ مَا کَانَ مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ۔ (آیت 162) یعنی اے پیغمبر کہہ دے کہ مجھ کو میرے پروردگار نے سیدھے راستہ کی ہدایت کی ہے، یعنی صحیح مذہب کی جو ابراہیم کا مذہب تھا اور جو ایک خدا کا ماننے والا تھا اور شرک کرنے والوں میں سے نہیں تھا۔

سورۂ یونس میں خدا نے فرمایا ہے: وَ اَنْ اَقِمْ وَجْهَکَ لِلدِّیْنِ حَنِیْفًا وَّ لَا تَکُوْنَنَّ مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ۔ (آیت 105) یعنی مجھ کو حکم دیا گیا ہے کہ اپنا منہ مذہب کی طرف سیدھا رکھ ایک خدا کا جاننے والا ہو کر اور شرک کرنے والوں میں سے مت ہو۔

سورۂ نحل میں خدا نے فرمایا ہے۔ اِنَّ اِبْرَاهِیْمَ کَانَ اُمَّةً قَانِتًا لِّلّٰهِ حَنِیْفًا وَّلَمْ یَکُ مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ‘‘۔ (آیت 121) یعنی ابراہیم ایک بزرگ تھا۔ خدا کی عبادت کرنے والا اور ایک خدا کا ماننے والا اور شرک کرنے والوں میں سے نہیں تھا۔

سورۂ نحل میں دوسری جگہ خدا نے فرمایا ہے۔ ’’ثُمَّ اَوْحَیْنَا اِلَیْکَ اَنِ اتَّبِعْ مِلَّةَ اِبْرَاهِیْمَ حَنِیْفًا وَّ مَا کَانَ مِنَ الْمُشْرِکِیْنَ‘‘۔ (آیت 123) یعنی پھر ہم نے تیرے پاس وحی بھیجی کہ مذہبِ ابراہیم کی پیروی کر جو ایک خدا کا ماننے والا تھا اور شرک کرنے والوں میں سے نہیں تھا۔

سورۂ حج میں خدا نے فرمایا ہے۔ ’’فَاجْتَنِبُوا الرِّجْسَ مِنَ الْاَوْثَانِ وَاجْتَنِبُوْا قَوْلَ الزُّوْرِ حُنَفَاءَ لِلّٰهِ غَیْرَ مُشْرِکِیْنَ‘‘۔ (آیت 31-32) یعنی تم بتوں کی ناپاکی سے بچتے رہو۔ ایک خدا کے ماننے والے اور اس کے ساتھ شرک نہ کرنے والے ہو کر۔

سورۃ بینۃ میں خدا نے فرمایا ہے۔ ’’وَمَا اُمِرُوْا اِلَّا لِیَعْبُدُوا اللّٰهَ مُخْلِصِیْنَ لَهُ الدِّیْنَ حُنَفَاءَ وَ یُقِیْمُوا الصَّلٰوةَ وَ یُوْتُوا الزَّکٰوةَ وَ ذٰلِکَ دِیْنُ الْقَیِّمَةِ‘‘۔ (آیت 4) یعنی اُن کو یہی حکم ہوا تھا کہ خدا کی عبادت کریں خالص اس کے لئے اور بندگی کریں اُس کی مخلص ہو کر۔ نماز پڑھیں اور زکوٰۃ دیں اور یہی مذہب ٹھیک ہے۔

پس بت پرستی کے مذہب کو مذہبِ حنیف قرار دینا نہایت بڑی غلطی ہے۔

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 235 تا 241 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔ یہ تحریر کتاب «آخری مضامینِ سر سید» سے ماخوذ ہے۔