اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

ھوالموجود

(تہذیب الاخلاق بابت ربیع الثانی 1297ھ‌مارچ–اپریل 1880ء)

یہ کہتے تو سب ہیں مگر جب پوچھو کہ وہ کون ہے تو حیران رہ جاتے ہیں۔ سب سے اچھے اور پختہ ایمان والے جن کے یقین میں کبھی شک نہیں آنے پاتا وہ ہیں جو بے دلیل اُس پر یقین کرتے ہیں۔ یہی لوگ ہیں جو سچے اور پکے مسلمان ہیں گو اُنہوں نے بے سمجھے ایک بات پر یقین کیا ہے جس طرح کہ اور بہت سے لوگوں نے بے سمجھے اُن کے یقین کے بر خلاف یقین کیا ہے۔ مگر ان کی خوش قسمتی تھی کہ جس پر انہوں نے یقین کیا وہی سچی بات اور سیدھی راہ تھی۔ حقیقت میں لے جانے اور بن سمجھے یقین چنیں اور چناں کرنے والوں کے یقین سے بہت زیادہ مستحکم اور مضبوط ہوتا ہے۔

جاہلوں کے گروہ میں سے ایک کٹ ملا اپنے وعظ میں بیان کرتا ہے کہ امام فخرالدین رازی کے پاس اُن کے مرتے وقت شیطان آیا اور پوچھا کہ کس دلیل سے تم نے خدا کو جانا۔ رازی نے بہت سی دلیلیں بیان کیں۔ شیطان نے اُن سب کو توڑ دیا۔ قریب تھا کہ رازی خدا کے منکر ہو کر کافر مریں، اتنے میں اُن کے پیر کی روح مجسم ہو کر آئی اور کہا کہ کم بخت یہ کہہ کہ خدا کو بے دلیل پہچانا۔ جب یہ کہا تو شیطان بھاگ گیا اور امام رازی کا پیر کی مدد سے خاتمہ بالخیر ہوا۔ اس قسم کے وعظ اُن لوگوں کے دلوں پر ایسا قوی اثر کرتے ہیں کہ بڑی سے بڑی دلیل سے بھی نہیں ہو سکتا۔ وہ سمجھتے ہیں کہ خدا ایسی چیز نہیں جو دلیل سے پہچانا جائے اس کو بے دلیل کے لیے ماننا چاہئے۔

مگر جب انسان اس درجہ سے آگے بڑھتا ہے تو یقین کے لیے اس کو استدلال کا راستہ ملتا ہے جس میں ہزاروں ٹھوکریں اور بے شمار دشوار گزار گھاٹیاں ہیں۔ ہاں اس میں کچھ شک نہیں کہ جو کوئی سلامتی سے اس رستہ کو طے کر جائے اور منزلِ مقصود تک پہنچ جائے تو اسی کے یقین پر یقین کا اطلاق ہوتا ہے۔ بن بوجھے یقین اور بوجھے یقین میں ایسا ہی فرق ہے جیسا کہ ظلمت و نور اور جہل و علم میں ہے۔

علمائے اسلام نے اس رستہ کے طے کرنے اور لوگوں کے لیے ہموار کرنے میں نہایت کوشش کی ہے اور اپنی دانست میں اس رستہ کو نہایت صاف ہموار کر دیا ہے۔ مگر بعض لوگ کہتے ہیں کہ وہ اب تک نا ہموار و دشوار گذار ہے۔ علماءِ اسلام کی دلیلوں کا بڑا مخالف اُنہی میں کا ایک شخص ہے جو ابن کمونہ کے لقب سے مشہور ہے۔ اُس نے جو شبہ علماءِ اسلام کی دلیلوں پر کیا ہے وہ شبۂ شیطانیہ کے نام سے مشہور ہے۔ امام فخرالدین رازی نے اُس کے بہت سے جواب دئے جو پورے نہیں ہوئے اور اسی پر کٹ ملاؤں نے شیطان کی اور امام رازی کی وہ کہانی بنی ہے جو ہم نے اوپر بیان کی اور اسی پر مولانا روم نے فرمایا ہے۔

گر مدارِ دیں بہ استدلالے بدے

فخر رازی راز دارِ دیں بدے

ترجمہ اردو جریدہ: اگر دین کا مدار استدلال پر ہوتا تو فخر رازی دین کے راز دار ہوتے۔

اس زمانہ کے مسلمانوں نے بھی جو دین اللہ اور فطرت اللہ کے ایک معنی سمجھتے ہیں اور یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ٹھیٹ اسلام نیچر کے مطابق ہے، اس دشوار گذار راستہ میں قدم رکھا ہے اور اس آرٹیکل میں ہمارا مقصود خدا کے وجود پر اُن نیچریوں کی دلیلوں کا بیان کرنا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ واجب الوجود یا علۃ العلل یعنی ذاتِ باری کی نسبت تین طرح سے بحث ہوتی ہے۔ ایک اُس کے وجود سے کہ وہ موجود ہے۔ دوسرے اُس کی ازلیت سے یعنی موجودہ زمانہ سے گذشتہ زمانہ کی طرف کتنے ہی اوپر چلے جاؤ تو اس کو انتہا نہ ہوگی۔ تیسرے اس کی ابدیت سے۔ یعنی موجودہ زمانہ سے آئندہ زمانہ کی طرف کتنی ہی دور چلے جاؤ اُس کو انتہا نہ ہوگی۔ پس نیچری واجب الوجود کو موجود اور ازلی و ابدی مانتے ہیں۔

اُن کی دلیل یہ ہے کہ لا آف نیچر یعنی قانونِ قدرت و آئینِ فطرت کی رو سے تمام موجوداتِ عالم میں جہاں تک کہ انسان کو رسائی ہوئی ہے ایک سلسلۂ علت و معلول کا نہایت استحکام سے پایا جاتا ہے۔ جو شے موجود ہے وہ کسی علت کی معلول ہے اور وہ علت کسی دوسری علت کی معلول ہے اور یہ سلسلہ اسی طرح پر چلا جاتا ہے اور ایسے سلسلہ کا نیچر کی رو سے کسی علۃ العلل پر ختم ہونا ضرور ہے جس کا ثبوت خود لا آف نیچر سے پایا جاتا ہے اور وہ لا آف نیچر یہ ہیں:—

(1) علت و معلول کے وجود میں خواہ خارجی ہوں یا ذہنی تقدم و تاخر لازمی ہے یعنی علت مقدم ہوگی اور معلول اس کے بعد۔

(2) معلول کا وجود بغیر وجودِ علت کے نہیں ہوتا۔

(3) جب تک علت موجود بالفعل نہ ہو معلول بھی موجود بالفعل نہ ہوگا۔

(4) علت و معلول کے سلسلہ کو اپنے وجود کے لیے امتداد یعنی زمانہ لازمی ہے جس کے سبب سے علت و معلول پر تقدم و تاخر یا قبلیت و بعدیت کا اطلاق فی الذہن یا فی الخارج ہوتا ہے۔

(5) علت و معلول کے سلسلہ غیر متناہی کو اپنے وجود کے لیے امتداد یعنی زمانہ بھی غیر متناہی لازم ہے۔

(6) غیر متناہی متناہی میں نہیں سما سکتا۔

یہ تمام لاء آف نیچر ہیں جو بیان ہوئے۔ انہی سے واجب الوجود کا وجود ثابت ہوتا ہے۔ کیونکہ جس وقت ہم عالم کو موجود کہتے ہیں تو اس وقت زمانہ کو موجودہ زمانہ تک محدود کر دیتے ہیں پس اگر اُس وقت ہم یہ کہیں کہ عالم میں سلسلہ علت و معلول کا غیر متناہی ہے تو یہ کہنا خلاف لاء آف نیچر کے ہے کیونکہ غیر متناہی متناہی میں نہیں سما سکتا۔

علت و معلول کے سلسلہ غیر متناہی کو زمانہ بھی غیر متناہی لازم ہے۔ پس کوئی معلول کسی وقت موجود بالفعل نہیں ہو سکتا کیونکہ جب تک تمام سلسلہ علت و معلول کا موجود بالفعل نہ ہو لے کوئی معلول موجود بالفعل نہ ہوگا اور تمام سلسلہ علت و معلول غیر متناہی کا موجود بالفعل نہیں ہو سکتا کیونکہ اگر تمام سلسلہ موجود بالفعل ہو تو غیر متناہی نہ رہے گا۔

ہم عالم کو موجود بالفعل دیکھتے ہیں اور اس لیے بموجب لاء آف نیچر کے ضرور ہے کہ اُس کی اخیر علت بھی موجود بالفعل ہو اور کسی دوسری علت کی معلول نہ ہو، کیونکہ اگر وہ دوسری علت غیر موجود بالفعل کی معلول ہوتی تو وہ خود موجود بالفعل نہ ہوتی پس ہم اُسی علت کو جس پر عالم کی علت و معلول کا سلسلہ ختم ہوتا ہے علۃ العلل کہتے ہیں اور اُسی کو ذاتِ باری اور واجب الوجود جس کا مختصر نام یہوواہ1 اور اللہ اور خدا اور گاڈ2 ہے اور جو ھو الموجود کہلاتا ہے۔

یہی لاء آف نیچر جو ذاتِ باری کے وجود کو ثابت کرتا ہے اُس کے واجب الوجود اور ازلی و ابدی ہونے کو بھی ثابت کرتا ہے۔ کیونکہ جو چیز اپنے وجود میں کسی علت کی معلول نہیں ہے تو اس کے واجب الوجود ہونے میں کچھ تامل نہیں ہے۔ اور جو چیز کہ واجب الوجود ہے اُس کے ازلی و ابدی ہونے میں کچھ کلام نہیں۔ یہ نئے الہام ہیں جو اس زمانہ میں نیچریوں کو ہوتے ہیں۔

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ سوم (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 28 تا 32 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔