(از تہذیب الاخلاق بابت یکم محرم 1289ھ)
ایک شخص نے انگریزی بوٹ پہنے ہوئے نماز پڑھی۔ ایک نیک شخص نے اس کو نہایت برا جانا اور کہا کہ مجھے خوف کے مارے پسینہ آ گیا۔ پس ہم کہتے ہیں کہ یہی باتیں اوہامِ مذہبی ہیں اور وسواس میں داخل ہیں۔ جوتا پہن کر نماز پڑھنی سنت ہے اور اس پر نجس ہونے کا گمان کرنا وسواس میں داخل ہے۔ صرف اتنا دیکھ لینا چاہیے کہ کوئی نجاستِ ظاہری اس میں لگی ہوئی نہ ہو اور اگر ہو تو اُس کو سخت چیز سے یا زمین سے رگڑ ڈالے اور پہن کر نماز پڑھ لے۔ انگریزی جوتا بہ نسبت ہندوستانی جوتا کے یا عرب کی نعلین کے بہت زیادہ صاف رہتا ہے، اس لئے کہ ان جوتوں کا تمام تلا زمین پر لگتا ہے اور انگریزی بوٹ کی ایڑی اونچی ہوتی ہے اور اس سبب سے بہت کم زمین میں لگتا ہے۔
اس امر کی نسبت شیخ امام ابو عبداللہ محمد بن ابی بکر عرف ابن قیم نے اپنی کتاب ’’اغاثۃ اللہفان فی مصاید الشیطان‘‘ میں بہت بڑی بحث کی ہے اور اس کتاب کی تلخیص ہشام بن یحییٰ شامی نے کی ہے اور اس کا نام ’’تعبید الشیطان بہ تقریب اغاثۃ اللہفان‘‘ رکھا ہے۔ اس میں بھی وہ تمام بحث نقل کی ہے۔ یہ کتاب عربی زبان میں ہے اور اُس کا ترجمہ مولوی محمد احسن صاحب نے جو اس زمانہ کے مولویان نامی میں سے ہیں، اردو زبان میں کیا ہے اور تہذیب الایمان اس کا نام رکھا ہے اور 1283 ہجری میں بمطبع صدیقی بریلی چھاپہ ہوا ہے۔ چنانچہ ہم اس مقام کو بجنسہ اس جگہ نقل کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنی کتاب میں بہت وسواسوں کا جو انسان کو مذہبی باتوں میں ہوتے ہیں، ذکر کیا، چنانچہ وہ لکھتے ہیں کہ:
’’منجملہ اُن کے یہ ہے کہ موزہ اور جوتے کے نیچے جب نجاست لگ جاتی ہے تو اُس کو زمین سے رگڑنا مطلقاً کافی ہے اور اُس کو پہن کر حدیثِ صحیح کی رو سے نماز درست ہے۔ امام احمد نے اس کی تصریح کی ہے اور اُن کے محقق یاروں نے اُس کو پسند فرمایا ہے۔ چنانچہ ابو البرکات کہتے ہیں کہ روایت مطلق رگڑ ڈالنے کی میرے نزدیک صحیح ہے، اس لئے کہ حضرت ابو ہریرہؓ آں حضرت صلعم سے راوی ہیں کہ آپ نے فرمایا کہ جب تم میں سے کوئی جوتا پہن کر ناپاکی پر کو چلے تو مٹی اس کے واسطے پاک کرنے والی ہے اور ایک روایت میں یہ ہے کہ جب ہم میں سے کوئی اپنے موزوں سے ناپاکی کو پامال کرے تو موزوں کو پاک کرنے والی مٹی ہے۔ ان دونوں روائتوں کو ابو داؤد نے بیان کیا ہے اور ابو سعید روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلعم نے نماز پڑھی، پس اپنی جوتیاں نکالیں۔ لوگوں نے بھی اپنی جوتیاں اتار دیں۔ جب آپ نماز سے فارغ ہوئے لوگوں سے پوچھا کہ تم نے کیوں اتاریں، اُنہوں نے عرض کیا کہ ہم نے آپ کو دیکھا کہ جوتیاں اتاریں، ہم نے بھی اتاریں۔ آپ نے فرمایا کہ میرے پاس جبرئیلؑ نے آ کر خبر دی کہ ان میں ناپاکی ہے۔ تو جب تم میں سے کوئی مسجد میں آئے تو چاہئے کہ اپنی جوتیوں کو اُلٹ کر دیکھے۔ اگر ان میں کچھ خبث یعنی ناپاکی ہو تو اُس کو زمین سے رگڑ دے۔ پھر ان سے نماز پڑھ لے۔ اس حدیث کو امام احمدؒ نے روایت کیا ہے اور اُس کے معنی جو یہ کہتے ہیں کہ ناپاکی سے غرض مکروہ چیزیں ہیں، مثل زینت وغیرہ پاک اشیاء کے، تو یہ تاویل کئی وجہ سے درست نہیں۔ اول تو یہ کہ اس طرح کی چیزیں خبث نہیں کہلاتیں۔ دوسرے یہ کہ نماز کے وقت ان اشیاء کے پونچھنے کا حکم نہیں کیوں کہ ان سے نماز نہیں جاتی۔ تیسرے یہ کہ ان کے لیے نماز میں جوتیاں نہیں اتارنی چاہئیں، اس لیے کہ یہ کام بے ضرورت ہے، ادنیٰ بات ہے کہ مکروہ ہوگا۔ چوتھے یہ کہ روایت دار قطنی کی ابن عباس سے یہ ہے کہ رسولِ مقبول صلعم نے یہ فرمایا کہ جبریلؑ نے میرے پاس آ کر خبر دی کہ اُن میں خون حلمہ1 کا ہے جو بڑی قسم کی کلنی2 ہوتی ہے اور اس وجہ سے کہ جوتی ایسی جگہ ہے کہ اکثر نجاست بہت دفعہ اِس کو پہنچتی ہے تو رفعِ حرج کے لئے سخت چیز سے اس کا مل ڈالنا کافی ہوا۔
بعد اس کے انہوں نے یہ بات لکھی ہے کہ
’’جوتیاں پہن کر نماز پڑھنے سے وسواسیوں کا دل خوش نہیں ہوتا، حالانکہ یہ سنت رسولِ خدا صلعم اور اُن کے اصحاب کی ہے، فعل اور حکم دونوں کے اعتبار سے۔ انس بن مالک روایت کرتے ہیں کہ آں حضرت صلعم اپنی جوتیوں سے نماز پڑھتے تھے اور شداد ابن اوس کہتے ہیں کہ آپ نے فرمایا کہ یہودیوں کے خلاف کرو کہ وہ اپنے موزوں اور جوتوں سے نماز نہیں پڑھتے۔ روایت کیا ہے اس کو ابو داؤد نے‘‘۔
اس تمام تحقیقات سے جو ابن قیم نے کی ہے، صاف ثابت ہوتا ہے کہ اس زمانہ میں جوتی پہنے ہوئے مسجد میں جانا اور جوتی پہنے ہوئے نماز پڑھنا ایک عام عادت تھی، مگر اس زمانہ میں اور بالخصوص ہندوستان میں مسلمانوں نے اس بات کو اپنی غلطی سے معیوب سمجھا ہے۔
اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 181 تا 183 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔

