اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

خلافت اور خلیفہ

(از ’’آخری مضامینِ سرسید‘‘)

خلافت کے معنی جانشین ہونے کے ہیں اور خلیفہ اس شخص کو کہتے ہیں جو کسی کا جانشین ہو مگر اب خلافت ایک مذہبی لفظ ہو گیا ہے اور خلیفہ بھی ایک مذہبی عہدہ خیال کیا جاتا ہے۔ ابتدا اس کی رومن کیتھولک مذہب سے ہوئی۔ سب سے بڑا افسر سینٹ پیٹرز چرچ کا حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حواری سینٹ پیٹرز کا جانشین سمجھا جاتا ہے جس کو پوپ کہتے ہیں۔

رومن کیتھولک کے اعتقاد میں پوپ معصوم ہے، یعنی اس سے کوئی غلطی نہیں ہوتی۔ رومن کیتھولک کا یہ اعتقاد ہے کہ پوپ کو دین و دنیا اور نجاتِ آخرت تینوں باتوں کے اختیارات حاصل ہیں اور ہر ایک پوپ کو یہ اختیارات حاصل ہوتے ہیں، یہاں تک کہ اس زمانہ میں بھی جو ہولی پوپ ہے اس کو بھی یہ اختیارات حاصل ہیں۔

دنیوی امور میں اختیار ہونا تو ایک ظاہری امر ہے، دینی اختیارات ہونے سے یہ مراد ہے کہ جو حکم وہ دینی امور میں صادر کرے  وہی مانا جائے، خواہ وہ پہلے احکامِ دینی کے موافق ہو یا برخلاف اور گو کہ اس نے ناجائز امر کو جائز یا جائز امر کو ناجائز عموماً کر دیا ہو یا کسی شخص کے لئے کر دیا ہو۔ نجاتِ آخرت سے مراد ہے کہ اس کو لوگوں کے گناہ معاف کر دینے کا جب کہ وہ پوپ کے سامنے اپنے گناہ بیان کریں اور معافی چاہیں، بالکل اختیار ہے اور جب پوپ ان گناہوں کو معاف کرے تو وہ شخص ایسا ہی پاک ہو جاتا ہے کَمَنْ لَا ذَنْبَ لَہٗ‌گویا اس کا کوئی گناہ ہی نہ ہو اور آخرت میں اُن گناہوں کی بابت ان سے کچھ مواخذہ نہیں ہوگا اور یہ بھی پوپ کو اختیار ہے کہ مرے ہوئے لوگوں کو گناہوں سے نجات دے اور بہشت میں داخل کرے۔ اسی لئے پوپ کی ٹوپی گول اور لمبی ہوتی ہے۔ اس کی چوٹی پر صلیب کی صورت بنی ہوتی ہے اور ٹوپی کے گرد تین تاج ہوتے ہیں۔ پہلے تاج سے دنیوی اختیار مراد ہے اور دوسرے تاج سے دینی اختیار اور تیسرے تاج سے آخرت کا اختیار۔

مسلمانوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے انتقال کے بعد حضرت ابو بکرؓ آنحضرتؐ کے جانشین قرار پائے اور ان کو خلیفۂ رسول اللہ کا لقب بھی ملا مگر وہ ایسے خلیفہ نہیں تھے، جیسا کہ رومن کیتھولک اپنے پوپوں کو سمجھتے ہیں، یعنی ان کو دینی اختیارات کچھ نہ تھے۔ نہ وہ حرام کو حلال کر سکتے تھے نہ حلال کو حرام۔ صرف ان کا کام یہ تھا کہ جو دینی احکام رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمائے ہیں اُن کی تعمیل کی کوشش کریں۔ اور مسلمانوں کے گروہ کی جو ضروریات ہیں اُن کو پورا کریں اور مطلق اُن کو اختیار نہ تھا کہ کسی دینی حکم کو منسوخ کریں یا کوئی نیا حکم دین میں جاری کریں اور آخرت کا اختیار اُن کو مطلق نہیں تھا۔ نہ وہ کسی کے گناہ معاف کر سکتے تھے، نہ کسی کو بخشوا سکتے تھے۔

ہولی پوپ جو دینی حکم دیتا تھا اس میں کسی کو چون و چرا کرنے کی مجال نہ تھی، مگر اسلام میں جن کو خلیفہ کہا جاتا ہے ان کے احکامِ دینی میں ہر شخص کو حق تھا کہ اگر وہ خدا اور رسول کے حکموں کے برخلاف ہوں تو اُن کو نہ مانے اور اُس پر حجت کرے۔ غرضکہ جن کو مذہبِ اسلام میں خلیفہ کہا جاتا ہے۔ ان کو خلافت فی النبوۃ، یعنی مذہبی احکام کے وضع کرنے کا حق حاصل نہیں تھا، بلکہ وہ صرف خلیفۃ النبی تھے جس سے یہ مراد ہے کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و سلم کے احکام کو قائم رکھیں اور مسلمانوں کے حالات کی اصلاح کریں۔ اس میں کچھ شک نہیں کہ حضرت ابو بکرؓ صدیق کو خلیفۂ رسول کہا گیا ہے، مگر حضرت عمرؓ کے زمانہ سے یہ لفظ متروک ہو گیا اور بجائے اس کے امیرالمومنین کا لقب اختیار کیا گیا جو بالکل صحیح اور نہایت موزوں اور واقع کے مطابق تھا۔

حضرت علی مرتضیٰؓ کے زمانہ تک اور ان کے بعد بھی چند روز تک بجائے خلیفہ کے امیرالمومنین کا لفظ زیادہ استعمال ہوتا تھا، مگر ان کے بعد اور امام حسن علیہ السلام کے زمانہ کے بعد جن لوگوں نے اقتدار حاصل کیا انہوں نے اس خیال سے کہ خلیفہ کا لفظ امیرالمومنین کے لفظ سے زیادہ مقدس ہے، اپنے تئیں خلیفہ کے لفظ سے تعبیر کیا۔ جیسے کہ خلفائے بنی امیہ اور بنی عباس نے اپنے نام کے ساتھ خلیفہ کا لفظ بھی شامل کر لیا تھا، مگر یہ امر غور طلب ہے کہ خلیفہ یا امیرالمومنین کا ہونا قریش کی نسل کے لوگوں پر منحصر ہے یا نہیں۔

اس باب میں مختلف روائتیں ہیں۔ مستدرکِ حاکم میں اور اُس کی دوسری کتاب میں جو کنیّتوں کے بیان میں ہے حضرت انسؓ سے ایک روایت لکھی ہے۔ اس میں ہے الامراء بن قریش‌امیر قریش میں سے ہیں اور مستدرکِ حاکم اور سننِ بیہقی میں حضرت علی مرتضیٰ کی روایت سے لکھا ہے: الائمۃ من القریش‌امام قریش میں سے ہیں۔ مسندِ امام احمد بن حنبل اور بخاری اور صحیح مسلم میں ابن عمر سے جو روایت ہے، اس میں لکھا ہے: لا یزال ہذا لا مرفی قریش1 اور معجمِ طبرانی اور مسندِ امام احمد بن حنبل میں ذی مجمر کی روایت میں ہے: کان ہذا الامر فی حمیر فنزعہ اللہ منہم و جعلہ فی قریش2۔

اس روایت سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہذا الامر‌یہ امر سے قوم کی سرداری یا حکومت مراد ہے، کیونکہ حمیر کی قوم سے خلافتِ رسول اللہ تو کسی طرح متصور ہو نہیں سکتی۔ پس صاف ظاہر ہے کہ ہذا الامر سے قوم کی سرداری اور حکومت مراد ہے، نہ خلافتِ مصطلحہ۔

اور مسندِ امام احمد بن حنبل اور مسندِ ابی یعلیٰ اور صحیح ابن حبان اور جامعِ ترمذی میں سفینہ سے روایت ہے۔ الخلافۃ بعدی فی اُمتی ثلاثون سنۃ ثم ملک بعد ذلک3۔

سننِ ابو داؤد اور مستدرکِ حاکم میں سفینہ ہی سے روایت ہے: خلافۃ النبوۃ ثلاثون سنۃ ثم یوتی اللہ الملک لمن یشاء4 اور معجمِ طبرانی اور شعب الایمان بیہقی اور کتاب المعرفۃ ابو نعیم میں معاذ اور عبیدہ بن الجراح سے روایت ہے کہ ’’ان ہذا لا مر بداءً رحمۃ و نبوۃ ثم یکون رحمۃ و خلافۃ ثم کائن ملکا عضوضاً ثم کائن عتواً و جبریۃ و فساداً فی الارض5۔

یہ تمام روایتیں جو ہم نے بیان کیں، منتخبِ کنزالعمال فی سنن الافعال والاقوال میں مندرج ہیں۔ ہمارے نزدیک یہ تمام روایتیں مجروح و مقدوح ہیں اور لائقِ اعتبار نہیں مگر ہم اس آرٹیکل میں اس امر پر بحث نہیں کرتے، بلکہ انہی روایتوں کو قابلِ قبول تسلیم کر کے کہتے ہیں کہ ہرگاہ خلافت کا اختتام آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے انتقال کے تیس برس بعد مذکور ہو چکا ہے اور وہ تیس برس خلعِ خلافتِ حضرت امام حسنؑ پر ختم ہوتے ہیں۔ تو کوئی وجہ نہیں ہے کہ اُن کے بعد جو لوگ صاحبِ حکومت و سلطنت ہوئے ہم اُن کو خلیفۂ رسول اللہ یا خلیفۂ مصطلحہ قرار دیں، خواہ وہ قرشی ہوں، خواہ غیر قرشی۔

پس خلافت کا زمانہ ختم ہونے کے بعد جو لوگ صاحبِ حکومت ہوئے وہ لوگ بادشاہ یا سلطان یا والیٔ ملک یا امیر وغیرہ قرار پا سکتے ہیں اور جو مذہبی تعلق ہم مسلمانوں کو ان خلفاء سے تھا جو زمانہ تیس برس بعد وفاتِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں ہوئے، وہ ان حاکموں سے نہیں ہو سکتا جو بعد تیس برس مذکور کے ہوئے، خواہ وہ اپنا نام خلیفہ رکھیں یا سلطان یا امیر یا جو کچھ چاہیں۔ پس کسی مسلمان حاکم کو جو کسی ملک میں حکومت رکھتا ہو، بجز ایک مسلمان یا حاکم کے اور کچھ نہیں خیال کر سکتے، نہ اس کو خلیفۂ رسول اللہ یا خلیفۂ خلیفۂ رسول اللہ تسلیم کر سکتے ہیں۔ ہاں بیشک اسلامی اتحاد اُس کے ساتھ رکھتے ہیں۔ اس کی بھلائی و بہتری سے خوش اور اُس کی برائی و ذلت سے غمگین ہوتے ہیں۔ سلطانِ ٹرکی کی اُس فتح سے جو اس وقت یونانیوں پر حاصل ہوئی ہے بہ سبب اس اتحادِ قومی کے جو اسلام نے مسلمانوں پر قائم کیا ہے۔ مسلمان نہایت خوش ہیں اور خدا کا شکر کرتے ہیں۔ اگر خدا نخواستہ ترکوں کی شکست ہوتی تو ہم کو اُسی اتحاد کے سبب ضرور رنج ہوتا۔ اور یہ ایک امر انسان کا طبعی ہے جس سے انکار نہیں ہو سکتا۔

یونانی ہمارے حاکم نہیں ہیں، ہم ان کی رعیت نہیں ہیں۔ پس ہم کو یہ کہنے میں کہ خوب ہوا یونانیوں نے شکست پائی اور ذلیل ہوئے اور خدا کا شکر ہے۔ کہ ترکوں نے فتح پائی۔ کیا تامّل ہے۔

ہم کو ہرگز معلوم نہیں ہے کہ گورنمنٹِ انگریزی کی جس کے امن میں بطور رعیت ہم مسلمان رہتے ہیں، اس لڑائی میں جو ترکوں اور یونانیوں میں ہوئی، کیا پالیسی ہے اور جو لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ انگلش گورنمنٹ کی پالیسی ترکوں کے برخلاف ہے۔ ہم کو اس پر یقین نہیں اور کچھ شبہ نہیں ہے کہ لوگ وہ بات کہتے ہیں کہ ان کو درحقیقت معلوم نہیں اور اگر بالفرض انگلش گورنمنٹ کی پالیسی ترکوں کے برخلاف ہو، تب بھی از روئے مذہب کے جو ہمارا فرض اپنے حاکموں کی اطاعت اور فرمانبرداری کا ہے۔ اس سے ہم کسی طرح سبکدوش نہیں ہو سکتے اور ایسی حالت میں بھی ہمارا فرض ہے کہ اپنی گورنمنٹ کے مطیع، فرمانبردار اور وفادار رہیں۔ زیادہ سے زیادہ اگر کچھ کر سکتے ہیں تو یہ ہے کہ خدا سے دعا کیا کریں کہ برٹش گورنمنٹ اور مسلمانوں کی سلطنتوں میں، خواہ وہ ٹرکی کی ہو یا ایران یا افغانستان کی یا اور کسی دور دراز ملک کی، دوستی اور ارتباط رہے اور کبھی مخالفت پیدا نہ ہو۔

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 164 تا 169 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔ یہ تحریر کتاب «آخری مضامینِ سر سید» سے ماخوذ ہے۔