اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

خطبہ میں بادشاہ کا نام

(از تہذیب الاخلاق جلدِ ہفتم بابت شعبان 1294ھ‌اگست-ستمبر 1877ء)

چند روز ہوئے کہ ہم نے پایونیر1 میں نسبت خطبۂ جمعہ کے ایک تحریر دیکھی تھی جس میں بعض خطبوں کا ترجمہ بھی تھا۔ جمعہ کا خطبہ ہو یا عیدین کا، مسلمانوں کے مذہب کے بموجب اُس میں صرف خدا کی تعریف اور مسلمانوں کو نیکی اختیار کرنے کی نصیحت ہونی چاہئے۔ خطبہ کی کوئی عبارت مذہباً معین نہیں ہے، بلکہ خطیب خود اپنے علم و استعداد و لیاقت کے موافق خطبہ پڑھتا ہے یا اور لوگوں نے جو خطبے لکھے ہیں اور جو چھپے ہوئے یا قلمی لوگوں کے پاس ہوتے ہیں اُن میں سے کوئی خطبہ پڑھ دیتا ہے۔ خطبہ کی مثال بعینہ ایسی ہے جیسے عیسائیوں میں سرمن۔ مگر پایونیر میں اس بات کی کافی بحث نہیں کی گئی تھی کہ آیا خطبہ میں بادشاہ کا نام لینا بھی کوئی مذہبی مسئلہ ہے اور مذہب کی رو سے جائز ہے یا نہیں اور اسی بحث کو ہم اپنے اس آرٹیکل میں لکھنا چاہتے ہیں۔

پیغمبرِ خدا صلعم کے وقت اور خلفائے راشدین کے وقت میں کسی کا نام خطبہ میں نہیں پڑھا جاتا تھا، مگر جو محاربات کہ صحابہ میں واقع ہوئے تھے اور اُس کے سبب سے باہمی نزاع قائم ہوگئی تھی اور خلفائے راشدین کی نسبت سب و شتم کا رواج ہو چلا تھا، اُس کے مٹانے کو خطبہ میں خلفائے راشدین اور عمین مکرمین کا نام لئے جانے کا رواج ہوا، تاکہ معلوم ہو کہ سب کے سب واجب التعظیم اور قابلِ ادب ہیں اور فقہا نے اس کو مندوب، یعنی اچھا قرار دیا۔ اُس کے بعد بخوبی تحقیق نہیں ہوتا کہ کس خلیفہ سے جو حقیقت میں بادشاہ تھے، اُن کا نام خطبہ میں لینا شروع ہوا۔ تاریخ الخلفاء سیوطی سے اس قدر معلوم ہوتا ہے کہ 198 ہجری مطابق 813ء کے محمد امین کی خلافت میں اُس کا نام مع اُس کے لقب کے جس میں فخریہ الفاظ تھے، خطبہ میں لیا گیا اور امیرالمومنین کا لقب تحریرات میں لکھا گیا۔ چنانچہ اس میں لکھا ہے کہ:

و قال علی بن محمد النوفلی وغیرہ لم یدع السفاح و لا للمنصور و لا للمہدی و لا للہادی و لا للرشید علی المنابر باوصافہم ولا کتب فی کتبہم حتی ولی الامین فدعی لہ بالامیر علی المنابر و کتب عنہ من عبداللہ محمد الامین امیرالمومنین و کذا قال العسکری فی الاوایل اول من دعی لہ بلقبہ علی المنابر الامین۔

علی بن محمد نوفلی نے اور اس کے سوا اور لوگوں نے کہا ہے کہ سفاح اور منصور اور مہدی اور ہادی اور رشید کے لئے ممبروں پر اور ان کی تعریفیں کرکے دعا نہیں کی گئی اور نہ ان کے فرمانوں میں کچھ فخریہ لفظ لکھے گئے، مگر جبکہ امین خلیفہ ہوا تو اُس کے لئے ممبر پر امیر کہہ کر دعا کی گئی اور اُس کی طرف سے فرمانوں میں لکھا گیا عبداللہ محمد الامین امیرالمومنین اور عسکری نے بھی اوایل میں لکھا ہے کہ سب سے اول امین کے لئے ممبروں پر اُس کا لقب لے کر دعا کی گئی۔

مگر اب ہم کو دیکھنا چاہئے کہ فقہا کی، جن کی رائے و اجتہاد پر مذہبِ اسلام کا مدار رہ گیا ہے، کیا رائے ہے۔

درِّ مختار میں جو نہایت معتبر فقہِ حنفی کی کتابوں میں سے ہے، لکھا ہے کہ خطبہ میں بادشاہ کے لئے دعا کرنا کوئی مذہبی ثواب کا کام نہیں ہے، صرف قہستانی نے لکھا ہے کہ بادشاہ کا نام لینا کچھ مضائقہ نہیں اور بحرالرائق میں ہے کہ بادشاہ کا نام لینا ثواب نہیں ہے، اس لئے کہ یہ امرِ محدث، یعنی بدعت ہے۔ خطبہ میں صرف نصیحت ہونی چاہئے۔

چنانچہ درِّ مختار اور اُس کے حاشیہ میں لکھا ہے کہ:

ومندب ذکر الخلفاء الراشدین والعمین لا الدعاء للسلطان وجوزہ القہستانی کذا فی الدر المختار۔ قولہ وجوزہ القہستانی الخ عبارتہ ثم یدعو لسلطان الزمان بالعدل و الاحسان منتجبا فی مدحہ عما قالوا انہ کفر و خسران کما فی الترغیب وغیرہ الخ و اشار الشارح بقولہ وجوز الی حمل قولہ ثم یدعو الخ علی الجواز لا الندب لانہ حکم شرعی لا بد لہ من دلیل وقد قال فی البحر انہ لا یستحب لما روی عن عطأ حین سئل عن ذالک فقال انہ محدث و انما کانت الخطبۃ تذکیرا کذا فی رد المحتار حاشیہ الدرالمختار۔

ثواب ہے ذکر کرنا خلفائے اربع راشدین اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دونوں چچا حضرت حمزہؓ اور حضرت عباسؓ کا اور ثواب نہیں ہے بادشاہِ وقت کے لئے دعا کرنا (واضح ہو کہ اسی دعا کے ساتھ بادشاہ کا نام بھی لیا جاتا ہے) مگر قہستانی نے اس کو جائز لکھا ہے۔ یہ مضمون تو درِّ مختار میں ہے اور درِّ مختار کے حاشیہ میں جس کا نام رد المختار ہے یہ لکھا ہے کہ قہستانی کی یہ عبارت ہے کہ خلفائے اربع اور عمین مکرمین کے نام کے بعد بادشاہِ وقت کے لئے دعا کی جائے کہ وہ عدل اور بھلائی کرے مگر اُس کی ایسی تعریف کرنے سے پرہیز کیا جائے جس کو عالموں نے کفر و گمراہی کہا ہے، چنانچہ یہ مطلب ترغیب میں اور اور کتابوں میں لکھا ہے۔ درِّ مختار کے مصنف نے جو لفظ جائز قہستانی کی طرف منسوب کیا ہے اور ثواب ہونے کو منسوب نہیں کیا، اس کا سبب یہ ہے کہ ثواب افعال میں ایک حکمِ شرعی ہے جس کے لئے کسی دلیلِ شرعی کا ہونا ضرور ہے (اور بادشاہ کے نام لینے اور اس کے لئے دعا کرنے کی کوئی شرعی دلیل نہیں) اور بحرالرائق میں مذکور ہے کہ بہتر نہیں ہے بادشاہ کا نام لینا اور اُس کے لئے دعا کرنا، کیونکہ عطاء ابن یسار تابعی سے روایت ہے کہ جب اُن سے اُس کی نسبت پوچھا گیا تو اُنہوں نے کہا کہ یہ نئی بات نکالی ہوئی ہے، خطبہ میں تو صرف نصیحت ہوا کرتی تھی۔

اس تمام تحقیقات سے ثابت ہوتا ہے کہ خطبہ میں بادشاہ کا نام لینا اور اُس کے لئے دعا کرنا کوئی مذہبی مسئلہ نہیں ہے، بلکہ مذہب کی رو سے بدعت و محدث ہے و اللہ در من قال کل محدث (ای فی الدین) بدعۃ و کل بدعۃ ضلالۃ2۔

جس طرح کہ خلفائے بغداد اپنے فخر و شیخی کے لئے خطبوں میں اپنا نام لواتے تھے، اُسی طرح ہندوستان کے بادشاہ بھی اپنا نام خطبوں میں لواتے تھے مگر مذہب کے بالکل برخلاف تھا۔ ہم نے بھی اکبر شاہ و بہادر شاہ کا نام باوجودیکہ کچھ بھی بادشاہت اُن کی باقی نہیں رہی تھی، دلی کی مسجدوں کے خطبوں میں اور بیرون جات کی بھی بہت سی مسجدوں میں لیا جاتا سنا ہے، مگر ہندوستان کی بہت سی مسجدیں ایسی بھی تھیں کہ شاہ عالم کے بعد اُن میں کسی بادشاہ کا نام نہیں لیا جاتا تھا، اس لئے کہ اکبر شاہ و بہادر شاہ کو خطبہ میں بادشاہ کے نام سے ملقب کرنا وہ جھوٹ سمجھتے تھے اور خطبہ میں اس کا استعمال کرنا جھوٹ کا استعمال کرنا جانتے تھے۔

شاہ عالم کے بعد جن مسجدوں میں اکبر شاہ و بہادر شاہ کا نام نہیں لیا جاتا تھا وہ دو قسم کی ہو گئی تھیں۔ جو لوگ کہ اپنی نادانی سے یہ سمجھتے تھے کہ کسی مسلمان بادشاہ کا نام لینا چاہئے گو وہ کہیں کا بادشاہ ہو، اُنہوں نے تو سلطانِ روم کا نام لینا شروع کر دیا اور شاید بمبئی، کلکتہ اور ایسے ہی دور و دراز کے شہروں میں اس کا رواج ہوا مگر اکثر مسجدوں میں کسی بادشاہ کا نام نہیں لیا جاتا تھا، بلکہ اور باقی مسجدوں میں مسلمانوں کے حق میں صرف یہ دعا ہوتی تھی کہ ’’اللہم ایدی المسلمین بالسلطان العادل (بعضی جگہ سلطان کے لفظ کے بدلے امام کا لفظ کہا جاتا ہے) والخیر والطاعۃ واتباع سنن سید الموجودات، یعنی اے خدا مسلمانوں کی مدد کر بادشاہِ عادل کی حکومت سے، اُن کی مدد کر بھلائی کرنے سے اور خدا کی فرماں برداری اور رسول کی پیروی کرنے سے جو تمام موجودات کے سردار ہیں‘‘۔ یہی دعا ہندوستان کی اکثر مسجدوں میں پڑھی جاتی ہے۔ پس جو بادشاہ ہم پر عدل و انصاف سے حکومت کرے، ہمارے مذہبی فرائض میں دست اندازی نہ کرے، ہماری جان و مال کی حفاظت کرے، ہمارے حقوق ہم کو عطا کرے وہ بھی اُس دعا میں داخل ہے۔ یہ دعا در حقیقت کسی بادشاہ کے لئے نہیں ہے، بلکہ عام مسلمانوں کی بھلائی کے لئے ہے۔ پس یہ خیال کہ کسی بادشاہ کا خطبہ میں نام لینا کسی مذہبی مسئلہ پر مبنی ہے اور مسلمانوں کو اُس بادشاہ کے مذہب کی رو سے کوئی مذہبی اطاعت واجب ہے، صحیح نہیں ہے۔

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 184 تا 188 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔