اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

لندن جانے کے لیے گورنمنٹ میں سرسید کی عرضی

(حیات جاوید، اکادمی پنجاب ایڈیشن، ص 202)

15 اگست 1867ء کو سرسید عہدۂ جج سمال کاز کورٹ‌Small Cause Court پر ترقی پا کر علی گڑھ سے بنارس چلے گئے اور وہاں سے 1869ء میں اپنے بیٹے سید محمود کے لیے لندن میں تعلیم کا انتظام کرنے، انگریزی نصابِ تعلیم کا معائنہ کرنے، انگریزوں کی طرزِ معاشرت اور اُن کی ترقیِ علوم سے واقفیت حاصل کرنے اور سب سے بڑھ کر سر ولیم میور‌Sir William Muir کی ’’لائف آف محمدؐ‘‘ کا جواب لکھنے کے لیے انھوں نے ولایت جانے کا ارادہ کیا۔ اُس وقت اپنی جس درخواست کے ذریعے سرسید نے لندن کے سفر کے لیے گورنمنٹ انگریزی سے رخصت حاصل کی، وہ ذیل میں درج کی جاتی ہے۔ (محمد اسماعیل پانی پتی)

جناب والا!

یہ بات بخوبی میرے ذہن نشین ہے کہ ہندوستان کی فلاح و بہبودی کو کامل ترقی دینے اور گورنمنٹ انگریزی کے مطالب کو، جس کی ملازمت کا فخر مجھ کو حاصل ہے، بخوبی استحکام و پائیداری بخشنے کے واسطے اس کے سوا اور کسی امر کی ضرورت نہیں ہے کہ اہلِ یورپ اور (اہل) ہندوستان کے درمیان ربط و ضبط کو ترقی دی جائے۔ پس اس مقصد کی تکمیل کے واسطے ہندوستانیوں کو میری رائے میں یورپ کے سفر کی ترغیب دینی چاہیے، تاکہ وہ مغربی ملکوں کی شائستگی کے عجیب و غریب نتیجوں اور اُس کی ترقی کو بچشمِ خود مشاہدہ کریں اور اس بات کا اندازہ کر سکیں کہ انگلستان کے لوگ کیسے دولت مند، طاقت ور اور دانا ہیں۔ اور اُن مفید اور عمدہ باتوں کو ہندوستان کی بھلائی کے لیے سیکھیں جو اس امر کے نتیجے ہیں کہ تجارت کے باب میں انگلستان کے باشندے کیسے مستعد ہیں۔ اور کارخانوں اور کاشتکاری اور شفاخانوں اور خیرات اور اُس کے شہروں کی صفائی اور دولت اور علم سے روز بروز زیادہ کام لیا جاتا ہے۔

پس اس خواہش سے میں یہ بات چاہتا ہوں کہ خود انگلستان جا کر اپنے ہم وطنوں کے لیے ایک نظیر قائم کروں۔

مجھ کو یقین ہے کہ صرف مجھ کو ہی اس سفر سے فائدہ نہ ہو گا، بلکہ امید ہے کہ اس سفر کے نتیجوں سے اُن کو مطلع کر کے اُن کو بھی فائدہ پہنچا سکوں۔ اور اس طرح پر جو عمدہ باتیں میں نے سیکھی ہوں (وہ) اُن کو بھی سکھاؤں اور اُن کو بھی اپنی پیروی کی ترغیب دوں۔

خاکسار سید احمد جج سمال کاز کورٹ بنارس

اردو جریدہ نے یہ تحریر «مکتوباتِ سرسید»، جلد دوم (مرتبہ شیخ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلسِ ترقیِ ادب، لاہور، طبع ثانی جون 1985ء)، صفحہ 372 تا 373 سے ڈیجیٹائز کی ہے۔