(از تہذیب الاخلاق بابت یکم رمضان 1290ھ)
باوجود اتحادِ قلبی کے پیارے مہدی کو ہم سے متعدد مسائل میں اختلاف ہے جیسا کہ ہمارے پرچۂ تہذیب الاخلاق کے ناظرین کو ان کی تحریروں سے ظاہر ہوا ہو گا مگر مفصلہ ذیل وہ مسائل ہیں جن میں ہمارے مخدوم مولوی مہدی علی صاحب کو بھی ہم سے اتفاق ہے۔ شیطان کا منہ کالا، انشاء اللہ تعالی آئندہ اور مسائل میں بھی بعد تحقیق و تدقیق وہ متفق ہوں گے۔
(1) لا تحریف فی الکتب المقدسۃ الا معنویا (کتبِ مقدسہ میں معنوی تحریف کے علاوہ اور کوئی تحریف نہیں ہوئی)۔
(2) لیس الاسترقاق فی الاسلام (اسلام میں لونڈی غلام بنانا جائز نہیں)۔
(3) لا وجود للسموات جسمانیا (آسمانوں کا جسمانی وجود نہیں ہے)۔
(4) ما کان الطوفان عاما (طوفانِ نوح عام نہیں تھا، بلکہ صرف حضرت کی قوم پر آیا تھا)۔
(5) الاجماع لیس بحجۃ (اجماع حجت نہیں ہے)۔
(6) التقلید لیس بواجب (تقلید واجب نہیں)۔
(7) کل الناس مجتہدون لانفسہم فیما لم ینصص فی الکتاب والسنۃ (جن باتوں کے متعلق کتاب اور سنت میں کوئی نص موجود نہیں ان کے بارے میں ہر شخص کو خود فیصلہ کرنے پر اختیار ہے)۔
(8) کل ما نزل من القرآن فہو ما بین الدفتین (قرآنِ کریم جو کچھ نازل ہوا وہ کتاب کی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہے)۔
(9) ما نسخت تلاوۃ آیۃ من آیات القرآن (قرآنِ کریم کی آئتوں میں سے کسی کی تلاوت منسوخ نہیں کی گئی)۔
(10) لیس النسخ فی القرآن (قرآن میں نسخ نہیں ہے، یعنی قرآنِ کریم کی کوئی آیت منسوخ نہیں ہے)۔
(11) لیس خلافۃ النبوۃ بعد النبی صلعم (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد خلافتِ نبوۃ نہیں ہے)۔
اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 296 تا 297 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔

