خط (1) — 28 فروری 1899ء (جلد اوّل، خط 1)
مکرّم بندہ جناب میر صاحب۔ السّلام علیکم
دونوں رسالے پہنچے۔ سبحان اللہ۔ نواب صاحب کی غزل کیا مزے کی ہے۔ افسوس ہے کہ اب تک میں نے آپ کے گلدستے کو کوئی غزل نہیں دی۔ ان شاء اللہ تعالیٰ امتحان کے بعد باقاعدہ ارسال کیا کروں گا۔ ایک تکلیف دیتا ہوں۔ اگر آپ کے پاس استاذی حضرت مرزا داغؔ کی تصویر ہو تو ارسال فرمائیے گا بہت ممنون ہوں گا۔ اگر آپ کے پاس نہ ہو تو مطلع فرمائیے گا کہ کہاں سے مل سکتی ہے۔ میں نے تمام دُنیا کے بڑے بڑے شاعروں کے فوٹو جمع کرنے شروع کیے ہیں۔ چنانچہ انگریزی، جرمنی اور فرنچ شعرا کے فوٹوز کے لیے امریکہ لکھا ہے۔ غالباً کسی نہ کسی استاد بھائی کے پاس تو حضرت کا فوٹو ضرور ہو گا۔ اگر آپ کو معلوم ہو تو ازراہِ عنایت جلد مطلع فرمائیے۔ حضرت امیرؔ مینائی کے فوٹو کی بھی ضرورت ہے۔ والسّلام
خاکسار محمّد اقبال
از لاہور گورنمنٹ کالج بورڈنگ ہاؤس
28؍ فروری 1899ء
(اقبال نامہ)1
اردو جریدہ نے یہ خط «کلیاتِ مکاتیبِ اقبال» (مرتبہ سید مظفر حسین برنی، اردو اکادمی، دہلی)، جلد اوّل (نومبر 1989ء)، صفحہ 62 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔

