اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

مذہبی خیال زمانہ قدیم اور زمانہ جدید کا

زمانہ قدیم اور زمانہ جدید کا

(تہذیب الاخلاق بابت 1296ھ‌1878-79ء۔ صفحہ 60 تا 62)

جس طرح کہ قدیم و جدید فلسفہ کے اصول میں تبدیلی ہوئی ہے، ہم دیکھتے ہیں کہ اسی طرح مذہبی اُصول قدیم و جدید میں بھی تبدیلی واقع ہوئی ہے۔ زمانۂ قدیم سے ہماری اصلی مراد زمانہ ما قبل سنہ نبوی سے ہے۔ لیکن چونکہ اہلِ اسلام بہت جلد اُسی زمانہ میں پھر چلے گئے اور زمانۂ جدید کی روشنی سے آنکھ بند کر لی، اس لیے بمجبوری ہم کو زمانۂ قدیم کی وسعت آخر سنہ 1300 نبوی تک بڑھانی پڑی۔

مذہبی اصول سے ہماری مراد یہ ہے کہ اُس کا برتاؤ اور عمل در آمد قدیم زمانہ میں کس خیال پر مبنی تھا اور اس زمانہ میں جو لوگ مذہبی خیالات پر بحث کرتے ہیں وہ اُس کا برتاؤ کس خیال پر قرار دیتے ہیں۔ اگرچہ میں یقین کرتا ہوں کہ ٹھیٹ مذہبِ اسلام اور بانیٔ اسلام علیہ السلام کی یہی ہدایت تھی جس کا خیال چودھویں صدی نبوی کے شروع میں پیدا ہوا یا بلا خوف لومۃ لائم1 کے لوگوں نے بیان کیا۔ مگر میں اس آرٹیکل میں فریقیِن کی دلیلوں سے کچھ بحث کرنی نہیں چاہتا۔ بلکہ صاف طور سے دونوں خیالوں کے اختلاف کو بتاتا ہوں اور اس بات کا تصفیہ کہ ان دونوں میں سے کون سا خیال ٹھیٹ اسلام کے مطابق ہے، پڑھنے والوں کی رائے پر چھوڑتا ہوں۔

قدیم اصول مذہبی یہ ہے کہ۔ انسان مذہب کے لیے پیدا ہوا ہے۔

جدید اصول یہ ہے کہ۔ مذہب انسان کے لیے پیدا ہوا ہے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ انسان جہاں تک ہو سکے نفس کشی کرے اور اپنی خوشیوں اور خواہشوں کو معدوم کر دے۔

جدید اصول یہ ہے کہ انسان اپنی تمام خوشیوں اور خواہشوں کو زندہ رکھے اور اُن کو ان اصولوں پر استعمال کرے جو اصول کہ ان کے پیدا کرنے والے نے اُن کے استعمال کے لیے پیدا کئے ہیں۔

قدیم اصول یہ ہے کہ تزکیہ نفسِ انسانی کو لازم ہے جس کا نتیجہ یہ ہے کہ نفسِ انسانی ناپاک ہے، اُس کو آلائشوں سے پاک کرنا چاہئے۔

جدید اصول یہ ہے کہ نفسِ انسانی خود پاک ہے اور اُس کام کی قابلیت رکھتا ہے جو اُس سے لیا جائے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ انسان گوشہ نشینی اور مجاہدات اور کم خوابی اور کم خوراکی سے اُس مضغۂ گوشت میں جو بشکلِ صنوبری سینہ میں بائیں طرف ہے ایک قسم کی حرکت اور شورش پیدا کرے اور بجز استغراقِ ذاتِ مبداء کے سب کو یہاں تک کہ اپنے آپ کو بھی بھلا دے۔

جدید اصول یہ ہے کہ ایسا کرنا اپنے میں ایک مرض کا جس کو مالیخولیا کہتے ہیں پیدا کرنا ہے۔ دل کو (اگر اس کو مبداء کاموں کا فرض کیا جائے) ایسی حالت پر رکھنا چاہئے جس سے وہ کام جس کے لیے پیدا ہوا ہے انجام ہو سکیں۔

قدیم اصول یہ ہے کہ دنیا و ما فیہا سے تعلق قطع کرنا اور صرف ذاتِ مبداء سے تعلق رکھنا چاہئے۔

جدید اصول یہ ہے کہ ایسا کرنا خالق کی مرضی کے بر خلاف ہے۔ دنیا اور جو کچھ اُس میں ہے انسان کے فائدہ کے لیے بنائی ہے۔ پس انسان کو اُسے قبول کرنا اور اُسی میں ذاتِ مبداء سے تعلق رکھنا چاہئے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ نعمائے دنیا میں سے صرف اُسی قدر پر قناعت کرنی چاہئے کہ جو سد رمق اور دفع خرو برد کو کافی ہو۔

جدید اصول یہ ہے کہ تمام نعمائے دنیا کو شکر المنعمہ کام میں لانا چاہئے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ تقدیر پر بھروسہ کرنا اور اُس پر شاکر رہنا چاہئے۔

جدید اصول یہ ہے کہ تقدیر اُس امر کا نام ہے جو واقع ہو جائے اور قبل وقوع اُس کے منتظر رہنا خدا کی حکمت کو جو سعی و تدبیر میں ہے باطل کرنا ہے اور بعد وقوع اُس کو برداشت نہ کرنا ناشکری کرنا ہے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ خدا کو اندھیری رات میں آنکھ بند کر کے ڈھونڈنا چاہئے۔

جدید اصول یہ ہے کہ خدا کو آنکھیں کھول کر روشنی میں اور موجودات پر توجہ کرنی اور اُن کے حقائق و منافع دریافت کرنے سے ڈھونڈھنا چاہئے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ خدا کی عظمت و قدرت اس میں ہے کہ وہ پانی سے آگ اور آگ سے پانی کا کام لے سکتا ہے۔

جدید اصول یہ ہے کہ اس میں خدا کی قدرت اور اُس کی عظمت اور صنعت میں بٹا لگتا ہے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ اللہ اللہ کہنا اور تسبیح و تہلیل کرنا خدا کا یاد کرنا ہے۔

جدید اصول یہ ہے کہ خدا کی صنائع سے اُس کی یاد کا دل میں آنا خدا کا یاد کرنا ہے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ تسبیح و تہلیل عبادت ہے۔

جدید اصول یہ ہے کہ انسان کو خدا کی صنائع کو کام میں لانے کے لائق کرنا یا خدا کے صنائع سے انسان کو فائدہ مند کرنا عبادت ہے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ تزکیۂ نفس، نفسانی خواہشوں کا دل سے دور کرنا ہے۔

جدید اصول یہ ہے کہ انسان کے دل کو نیکی پر مائل کرنا تزکیۂ نفس ہے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ قرآن مجید میں شفا بھی ہے۔

جدید اصول یہ ہے کہ امراضِ روحانی کے لیے نہ امراضِ جسمانی کے لیے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ قرآن تلاوت کے لیے ہے۔

جدید اصول یہ ہے کہ نصیحت پکڑنے اور عمل کرنے کے لیے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ ایک کے عمل کا ثواب دوسرے کو پہنچتا ہے۔

جدید اصول یہ ہے کہ ایک کا کھایا دوسرے کے پیٹ میں نہیں جاتا۔

قدیم اصول یہ ہے کہ مرے ہوؤں کی ارواحیں زندوں کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔

جدید اصول یہ ہے کہ خود اُن کا خیال ہی اُن پر اثر کرتا ہے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ معجزوں سے انبیاء کی تصدیق ہوتی ہے۔

جدید اصول یہ ہے کہ نیچر سے ہوتی ہے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ مذہب روحانی اور جسمانی یعنی دینی اور دنیوی دونوں کاموں سے متعلق ہے۔

جدید اصول یہ ہے کہ مذہب صرف روحانی کاموں سے متعلق ہے۔

قدیم اصول یہ ہے کہ علومِ حکمیہ مذہب کو سست کر دیتے ہیں۔

جدید اصول یہ ہے کہ علومِ حکمیہ سچے مذہب کی سچائی ظاہر کرتے ہیں۔

قدیم اصول یہ ہے کہ نیکی یا عبادت حور و قصور و بہشت کے ملنے اور دوزخ کے عذاب سے بچنے کے لیے یا خدا کی رضا مندی کے لئے اور اُس کی خفگی سے بچنے کے لیے کرنی چاہئے۔

جدید اصول یہ ہے کہ ہمارے نیچر کا مقتضا ہی یہی ہے کہ ہم کو نیک ہونا چاہئے۔

اسی طرح اور بہت سے اصول جدید ہیں جو اصولِ قدیم سے مختلف ہیں۔ پرانے اسکول کے پڑھے ملا اپنی قدیم لکیر پر فقیر ہیں۔ اس زمانہ کے جوان تعلیم یافتہ ان جدید اصول پر مرتے ہیں۔ ملا ان کی تکفیر کرتے ہیں اور یہ جوان اُن کو یہ جواب دیتے ہیں:-

من احسن وجهه لله وهو محسن فله اجره عند ربه ولا خوف عليهم ولا هم يحزنون۔

ترجمہ: جس نے اپنا رخ اللہ کے لیے اچھا کیا اور وہ نیکوکار ہے تو اس کا اجر اس کے رب کے پاس ہے، اور نہ ان پر کوئی خوف ہے اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ سوم (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 23 تا 27 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔