(از مقالاتِ سرسید، صفحہ 142 - 143)
فرض کرو کہ کوئی شخص کسی سے محبت رکھتا ہے، ہم اس سے سوال کرتے ہیں کہ:
’’تم اس سے کیوں محبت رکھتے ہو؟‘‘
وہ اس کا جواب دیتا ہے کہ:
’’میرا بڑا محسن ہے۔ اس نے بڑے مشکل مشکل وقتوں میں مجھ پر احسان کئے ہیں۔ تنگی کے وقت روپیہ سے مدد کی ہے۔ بیماری کی حالت میں میری تیمارداری کی ہے، دوا دارو، علاج معالجہ میں بڑی کوشش کی ہے۔‘‘
یا وہ اس کا یوں جواب دیتا ہے کہ:
’’ہم اور وہ مدت تک ساتھ رہے ہیں، دن رات آپس میں اٹھنا، بیٹھنا، کھانا، پینا ساتھ رہا۔ روز روز کی ملاقات، بات چیت، ہنسی مذاق، دل لگی، مزاج کی باہمی موافقت کے سبب آپس میں دوستی و محبت ہو گئی ہے۔‘‘
یا وہ کہتا ہے کہ:
’’جس فن کا مجھ کو شوق ہے، اس فن کا اس کو بدرجۂ غایت کمال ہے۔ اس فن کے کمال کے سبب جس کا مجھ کو شوق ہے اس شخص سے دلی محبت اور جانی دوستی ہو گئی ہے۔‘‘
یا اس کا سبب وہ یہ بتلاتا ہے کہ:
’’وہ شخص نہایت خوبصورت ہے۔ اس کے حسن و جمال نے میرے دل میں اس کی محبت، بلکہ اس کا عشق پیدا کر دیا ہے۔‘‘
پھر ہم اس سے دوسرا سوال کرتے ہیں اور کسی بزرگ کا بزرگانِ دین میں سے نام لیتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ:
’’تم ان بزرگ سے بھی محبت رکھتے ہو؟‘‘
وہ جواب دیتا ہے کہ؛
’’ہاں کیوں نہیں؟‘‘
تب ہم اس سے کہتے ہیں کہ:
’’وہ بزرگ تو تم سے کئی سو برس پہلے گزر چکے ہیں۔ انہوں نے تم پر کوئی احسان نہیں کیا۔ کسی مشکل کے وقت تمہارے کام نہیں آئے۔ کبھی تنگی کے وقت میں تم کو کچھ نہیں دیا۔ کبھی تمہاری تیمارداری نہیں کی۔ کبھی تمہاری دوا دارو اور علاج معالجہ میں کوشش نہیں کی۔ کبھی وہ اور تم ساتھ نہیں رہے۔ نہ کبھی ساتھ اٹھے بیٹھے، نہ کبھی آپس میں ملاقات بات چیت ہوئی، نہ کبھی ہنسی مذاق ہوا، نہ کبھی باہم مزاجی موافقت ہوئی۔ جس فن کا تم کو شوق ہے، وہ اس کا نام بھی نہیں جانتے تھے۔ نہ تم نے ان کو دیکھا کہ ان کے حسن و جمال نے تم کو فریفتہ کر لیا ہو۔ پھر کیوں تم اس سے محبت رکھتے ہو؟‘‘
اس سوال کا وہ نہایت ناراض ہو کر اور لال منہ کر کے غصہ بھری آواز سے جواب دیتا ہے کہ:
’’میاں! وہ بزرگانِ دین تھے۔ خدا کے ہاں ان کا بڑا درجہ ہے۔ وہ دین داری میں یگانۂ وقت تھے۔ ایمانِ کامل ان کو نصیب تھا۔ دین میں سب کے سردار تھے۔ ہم اس لئے اُن سے محبت رکھتے ہیں۔‘‘
اب میں بتاتا ہوں کہ یہی پچھلی محبت، محبت من حیث الدین ہے جس کو میں حبِ ایمانی کہتا ہوں اور یہی محبت غیر مذہب سے رکھنی شرعاً ممنوع اور حرام، بلکہ کفر ہے اور پہلی محبت، جس کو میں حبِ انسانی کہتا ہوں شرعاً ممنوع نہیں۔ دونوں قسم کی محبت میں بالبداہت تفرقہ و تمیز موجود ہے کہ ایک قسم کی محبت اُن اسبابِ ظاہری کے باعث تھی جو بمقتضائے فطرتِ انسانی ایک کو دوسرے کے ساتھ پیدا ہو جاتے ہیں اور دوسری قسم کی محبت باوجود معدوم ہونے ان تمام اسبابِ ظاہری کے من حیث الدین تھی۔ اب کون شخص ہے جو ان دونوں قسم کی محبت میں تمیز نہیں کر سکتا؟
پس جن لوگوں کا یہ خیال ہے کہ غیر مذہب والوں سے سچی دوستی اور دلی محبت کرنا ممنوع ہے، یہ اُن کی غلطی ہے۔ جو چیز کہ خدا تعالی نے انسان کی فطرت میں بنائی ہے وہ برحق اور بالکل سچ ہے۔ ہم کو تمام دوستوں سے خواہ وہ کسی مذہب کے ہوں، سچی دوستی اور دلی محبت رکھنی اور برتنی چاہئے، مگر وہ تمام محبت اور دوستی حبِ انسانی کے درجہ میں ہو نہ حبِ ایمانی کے، کیونکہ حبِ ایمانی بلا اتحادِ مذہب، بلکہ بلا اتحادِ مشرب ہونی غیر ممکن ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہی ہدایت ہم کو ہمارے سچے مذہبِ اسلام نے کی ہے۔
|
ما قصۂ سکندر و دارا نہ خواندہ ایم |
از ما بجز حکایتِ مہر و وفا مپرس |
|
ترجمہ اردو جریدہ: ہم نے سکندر اور دارا کا قصہ نہیں پڑھا، ہم سے مہر و وفا کی داستان کے سوا کچھ نہ پوچھو۔ |
|
اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 293 تا 295 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔ کتاب میں اس کا حوالہ «مقالاتِ سرسید» (صفحہ 142 تا 143) کے نام سے درج ہے۔

