اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

مسز سٹرے ٹن کے نام

خط (1) — اگست 1902ء (جلد اوّل، خط 4)

جناب الفریڈ ولیم سٹرے ٹن (ALFRED WILLIAM STRATTON) 1899ء سے چند برسوں تک پنجاب یونیورسٹی کے رجسٹرار اورنیٹل کالج، لاہور کے پرنسپل رہے۔ 1902ء میں اُن کے انتقال پر اقبال نے مسز سٹرے ٹن کے نام ایک تعزیت نامہ لکھا۔ وہ خط لیٹرز ٹو انڈیا (LETTERS TO INDIA) مطبوعہ لندن 1908ء سے اخذ کر کے یہاں پیش کیا جاتا ہے!1

’’انہوں نے ہمارے ذہنوں پر اتنے گہرے نقوش چھوڑے ہیں کہ انہیں بھولنا ناممکن ہے۔ بلا مبالغہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ صرف اُن کی شخصیّت تھی جس نے ہمیں امریکی عوام اور اُن کے بلند اور بے غرض کردار کی طرف متوجہ کیا۔ ہندوستان میں ہم لوگ زیادہ امتیاز نہیں کرتے، وہ کینیڈا کے باشندے تھے مگر ہمارے لیے وہ ایک امریکی تھے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ڈاکٹر سٹرے ٹن کا ہی اثر ہے کہ یہاں کچھ لوگ امریکی یونیورسٹیوں میں داخلہ کا ارادہ کرنے لگے ہیں اور میں بھی اُن میں سے ایک ہوں2‘‘

(انگریزی سے)

(LETTERS AND WRITINGS OF IQBAL)


اردو جریدہ نے یہ خط «کلیاتِ مکاتیبِ اقبال» (مرتبہ سید مظفر حسین برنی، اردو اکادمی، دہلی)، جلد اوّل (نومبر 1989ء)، صفحہ 68 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔