اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

اہلِ سنت و الجماعت کے لئے مجتہد کی ضرورت

(تہذیب الاخلاق بابت 10 محرم 1289ھ‌20 مارچ 1872ء)

مذہبِ شیعۂ امامیہ کا نہایت صحیح اور سچا مسئلہ ہے کہ ہر زمانہ میں مجتہد کا ہونا ضرور ہے۔ کوئی زمانہ مجتہد العصر سے خالی نہیں ہوتا۔ البتہ اُن کا یہ مسئلہ کہ مات المفتی مات الفتوی‌مفتی مر گیا تو فتویٰ بھی مر گیا صحیح نہیں ہو سکتا مگر متاخرینِ اہلِ سنت و جماعت نے عجیب غلط مسئلہ بنایا ہے کہ اجتہاد ختم ہو گیا اور اب کوئی مجتہد نہیں ہو سکتا۔ مگر اب تک اُن کو اس میں شبہ ہے کہ نعوذ باللہ منہا1 مثل خاتم النبیین کے خاتم المجتہدین کون ہے، کسی نے زید کو اور کسی نے عمرو کو بتلایا ہے۔

مگر ہم کو بعض کتابوں سے معلوم ہوتا ہے کہ اکثر علماء کا یہ مذہب ہے کہ ہر زمانہ میں مجتہد کا ہونا ضرور ہے اور کوئی زمانہ مجتہد سے خالی نہیں ہوتا۔ شاہ ولی اللہ صاحب اپنی کتاب مسمی ’’الانتباہ فی سلاسل اولیاء اللہ و اسانید وارثی رسول اللہ‘‘ کی جلد دوم میں ارقام فرماتے ہیں کہ:

’’بغوی در تہذیب و امام الحرمینؒ در نہایہ و رافع در شرح وجیز و عز الدین عبدالسلام در غایۃ و نووی در شرح مہذب و ابو عمر بن صلاح در کتاب ادب الفتیا و بدر الدین زرکشی در کتاب بحر تصریح کردہ اند کہ علم دو قسم است۔ فرض علے الاعیان و فرض علی مبیل الکفایۃ و فرض کفایہ آنست کہ کسے برتبہ اجتہاد برسد و از اعداد مقلدین برآید پس اگر در ہر ناحیہ یکے یا دو بایں معنی قایم شوند فرض ساقط و الا ہمہ عاصی شوند و حنابلہ با مرہم بآں رفتہ اند کہ جائز نیست خلو زمان از مجتہد لقولہ صلی اللہ علیہ وسلم۔ لا یزال طائفۃ من امتی ظاہرین علی الحق حتی یاتی امر اللہ و زرکشی گفتہ است کہ ایں قول مخصوص بحنابلہ نیست، بلکہ جماعۃ از اصحاب، یعنی شافعیہ بداں تصریح کردہ اند و ابن عرفہ از علمائے مالکیہ گفتہ قال شیخنا ابن عبد السلام لا یخلو الزمان عن مجتہد و امام الحرمین گفتہ کہ اختلاف کردہ اند اولین در آنکہ عصرے از اعصار عدد مجتہدین از مبلغ تواتر کم می شود یانہ۔ جمعے منع کردہ و جمعے جائز داشتہ۔2

پس ان تمام اقوال سے ہر زمانہ میں مجتہد کا ہونا ضروری معلوم ہوتا ہے۔ پس کیسی بڑی غلطی اہلِ سنت و جماعت کی ہے کہ اجتہاد کو ختم اور مجتہد کو معدوم مانتے ہیں۔

اس غلطیٔ اعتقاد نے ہم مسلمانوں کو دین و دنیا میں نہایت نقصان پہنچایا ہے، اس لئے ہم کو ضرور ہے کہ ہم اس خیال کو چھوڑیں اور ہر بات کی تحقیق پر مستعد ہوں۔ خواہ وہ بات دین کی ہو یا دنیا کی۔ غور کرنا چاہئے کہ ہر گاہ زمانہ حادث ہے اور نئے نئے امور اور نئی نئی حاجتیں ہم کو پیش آتی ہیں۔ پس اگر ہمارے پاس زندہ مجتہد موجود نہ ہوں گے تو ہم مردہ مجتہدوں سے نئی بات کا مسئلہ جو اُن کے زمانہ میں حادث بھی نہیں ہوئی تھی کیونکر پوچھیں گے۔ پس ہمارے لئے بھی مجتہد العصر و الزمان کا ہونا ضرور ہے۔

(اس مضمون کے شائع کرنے سے سرسید کا صرف یہ مطلب تھا کہ ہر زمانہ میں کوئی نہ کوئی ایسا صاحبِ علم و عرفان شخص ضرور ہونا چاہئے جو لوگوں کو سچے دینِ اسلام کی طرف رہنمائی کرتا رہے اور جو غلط عقائد اور غلط خیالات مذہب کے نام سے مسلمانوں میں پیدا ہو گئے ہیں اُن کا ازالہ کرتا رہے اور جو بری رسوم اور فضول توہمات اُن میں اسلام کے خلاف پھیل گئے ہیں اُن کو دور کرتا رہے۔

مگر مضمون کے شائع ہونے کے بعد سرسید کے مخالفین نے شور مچایا کہ یہ دیکھو سرسید اب ’’مجتہد‘‘ بننے کا ڈول ڈال رہے ہیں اور اسی لئے مجتہد کی ضرورت پر اُنہوں نے یہ مضمون شائع کیا ہے۔

لیکن حقیقت یہ ہے کہ سرسید کا یہ منشا نہیں تھا۔ نہ اُنہوں نے اپنے آپ کو کبھی ’’مجتہد‘‘ جانا، نہ کہلوایا، نہ اس کی خواہش کی مگر اُن کے معتقدین (اُن کے اشارہ یا مرضی کے بغیر) اُن کو مجتہد، بلکہ مجدد اور امام لکھنے، تسلیم کرنے اور ماننے لگے۔ چنانچہ سرسید کے انتقال کے بعد اُسی سال، یعنی 1898ء ہی میں اُن کے بعض مضامین کا جو مجموعہ مولانا محمد امام الدین گجراتی اور مولوی احمد بابا مخدومی نے مرتب کیا اُس کے سرورق پر اُن کا نام اس طرح لکھا ہوا ہے ’’ملک کے جان نثار، مسلمانوں کے عملی غمخوار، مصلح و رفارمر، مجتہد و مجدد، پیشوائے ملت، امامِ وقت، اسلام کے عاشقِ صادق، قوم پر اپنا تن من دھن قربان کر دینے والے، جواد الدلہ، عارف جنگ آنریبل ڈاکٹر سرسید احمد خاں صاحب بہادر کے۔ سی۔ ایس۔ آئی۔ ایل۔ ایل۔ ڈی۔ ایف۔ آر۔ ایس بانی مدرسۃ العلوم علی گڑھ مرحوم و مغفور علیہ الرحمۃ۔) (محمد اسماعیل پانی پتی)

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 290 تا 292 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔