جس حصے کا عکس بنانا ہو اُسے چھوئیں
Article Image

مقدمہ

مقدمہ

مسلمان فلسفی ابن مسرہ1 کے نو افلاطونی اور صوفیانہ عقائد پر اپنے مطالعے میں2 میں نے اس امر کی طرف اشارہ کیا تھا کہ جب یہ عقائد مسیحی مدرسی فلسفے (اسکولاسٹک) میں سرایت کر گئے تو انہیں نہ صرف فرانسسکن یا ماقبل تھومائی3 مکتب کے علماء نے اپنایا، بلکہ عالمگیر شہرت کے حامل اس فلسفی شاعر دانتے الیگیری‌Dante Alighieri نے بھی، جسے تمام نقاد اور مؤرخین ارسطاطالیسی اور تھومائی قرار دیتے آئے تھے4۔ وہاں میں نے اپنی اس مبہم جھلک کے بنیادی محرکات کو، اگرچہ سرسری طور پر، گنواتے ہوئے ماہرین کی توجہ اس گہری مشابہت کی طرف دلائی تھی جو مجھے دو چیزوں کے درمیان نظر آتی تھی: ایک طرف دانتے اور بیاتریچے‌Beatriz کا وہ عروج جو دانتوی جنت کے افلاک میں سے گزرتا ہے، اور دوسری طرف ایک صوفی اور فلسفی کا وہ تمثیلی عروج جو مرسیہ‌Murcia کے عظیم صوفی ابن عربی کی کتاب فتوحات میں مذکور ہے — ایک ایسی کتاب جس کا ابن مسرہ کے مکتب سے تعلق ناقابلِ انکار ہے5۔

جو مسئلہ یہاں پیدا ہوتا تھا اس کی اہمیت کسی سے پوشیدہ نہ رہے گی۔ اگر قرطبہ کے ابن مسرہ اور مرسیہ6 کے ابن عربی کی نو افلاطونی مابعدالطبیعیات ہی نہیں بلکہ وہ تمثیلی سانچہ بھی جو ابن عربی نے اپنے عروج کے لیے وضع کیا تھا، ڈیوائن کامیڈی کے بلند ترین حصے — یعنی دانتوی جنت — پر بطور نمونہ اثرانداز ہوا، یا کم از کم اس کے پیشرو کی حیثیت سے موجود رہا، تو ہمارے وطن (اسپین) کو یہ حق پہنچے گا کہ وہ ان اعزازات کا ایک خاصا حصہ اپنے بعض مسلمان مفکرین کے لیے واپس مانگے جن سے عالمی تنقید نے دانتے الیگیری کی لازوال تصنیف کو آراستہ کیا ہے۔ اور یوں وہ ہمہ گیر اثر جو دانتے نے چودھویں صدی کے اواخر سے پندرھویں صدی تک ہمارے تمثیل نگار ادیبوں پر ڈالا — ویلینا‌Villena سے شروع ہو کر گارسی لاسو‌Garcilaso پر ختم، اور بیچ میں فرانسسکو امپیریال‌Francisco Imperial، سانتی یانا‌Santillana، مینا‌Mena اور پادیا‌Padilla کے نام بھی فراموش نہ ہوں — اس ابتدائی حصے داری کے عوض کسی قدر برابر ہو جائے گا جو ہمارے مسلمان صوفیوں نے ڈیوائن کامیڈی کی پیچیدہ تخلیق میں ادا کی۔

یہی نقطہ ان تحقیقات کا آغاز تھا جو میں نے اس رخ پر شروع کیں؛ مگر بہت جلد میری نگاہوں کے سامنے افق غیر متوقع وسعتوں تک پھیل گیا۔ جب میں نے مرسیہ کے ابن عربی کے اس تمثیلی و دانتوی عروج کا قریب سے مطالعہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ درحقیقت اور کچھ نہیں، صرف ایک اور مشہور و معروف عروج کی صوفیانہ تطبیق ہے جو اسلام کے کلامی ادب میں جانی پہچانی ہے — یعنی پیغمبرِ اسلام ﷺ کے اس عروج یا معراج کی جو بیت المقدس سے عرشِ الٰہی تک ہوا۔ اور چونکہ اس معراج سے پہلے ایک شبانہ سفر یعنی اسراء پیش آیا تھا جس کے دوران آپ نے دوزخ کی بعض منزلوں کا مشاہدہ فرمایا، اس لیے یہ اسلامی روایت یکایک میرے سامنے ڈیوائن کامیڈی کے پیشرو نمونوں میں سے ایک کی حیثیت سے آ کھڑی ہوئی۔ اور فی الواقع، اسلامی روایت کے عمومی خطوط کا دانتے کی نظم کے خطوط سے باقاعدہ موازنہ میرے شبہات کی تصدیق کرتا گیا۔ پھر یہ شبہات اس وقت اخلاقی یقین کی صورت اختیار کر گئے جب میں اس موازنے کو دونوں روایتوں کی بہت سی منظری، توصیفی اور واقعاتی جزئیات تک وسعت دے سکا، نیز اس چیز تک بھی جسے دانتے شناس ’’مملکتوں کی تعمیری ساخت‘‘ کہتے ہیں — یعنی دوزخ کی منزلوں اور جنت کے مقامات کا وہ جغرافیائی تصور جس کے نقشے مجھے یوں معلوم ہوتے تھے گویا ایک ہی مسلمان معمار نے کھینچے ہوں۔ لیکن تحقیق کے اس مرحلے پر پہنچ کر ایک شبہے نے مجھے آ لیا: کہیں ایسا تو نہیں کہ ڈیوائن کامیڈی اور اس کے اس مفروضہ اسلامی نمونے کے درمیان یہ ساری مشابہتیں محض اس بنا پر ہوں کہ دونوں چند مشترک نمونوں سے ماخوذ ہیں؟ دوسرے لفظوں میں: جو دانتوی عناصر مجھے ان اسلامی مآخذ میں ملے تھے، کیا ان کی پوری تخلیقی توجیہ انہی قرونِ وسطیٰ کی مسیحی روایات میں موجود نہ ہو گی جو ڈیوائن کامیڈی کی پیشرو ہیں؟ لہٰذا ناگزیر تھا کہ پہلے ان مسیحی روایات کا مطالعہ کیا جائے، تاکہ جس دانتوی عنصر کی وہ خود پوری وضاحت کر دیتی ہیں اسے میں اسلامی ماخذ سے منسوب نہ کر بیٹھوں۔

اس نئے تقابلی مطالعے میں میرے لیے اس سے بھی بڑی حیرتیں پوشیدہ تھیں۔ اس نے نہ صرف یہ ثابت کیا کہ اسلامی مآخذ میں ڈیوائن کامیڈی کے بعض ایسے عناصر کے نمونے موجود ہیں جنہیں اب تک اصیل سمجھا جاتا رہا تھا — کیونکہ ان سے ملتی جلتی کوئی چیز اس کے مسیحی پیشرووں کی روایات میں نہ ملی تھی — بلکہ اس نے مجھ پر یہ بھی منکشف کیا کہ خود قرونِ وسطیٰ کی ان بہت سی مسیحی روایات کا ماخذ بھی اسلامی ہے۔ اس نتیجے کے بعد پورا مسئلہ روزِ روشن کی طرح واضح ہو گیا، کیونکہ افق کے ہر گوشے سے اسلامی عنصر ہمیں ڈیوائن کامیڈی کے بیشتر حصے کی کلید دکھائی دینے لگا — اس حصے کی بھی جس کی وضاحت ہو چکی تھی اور اس کی بھی جو اب تک تشریح طلب تھا؛ یعنی اس کی، جسے دانتے شناس اس کے مسیحی پیشرووں کے حوالے سے سمجھاتے تھے، اور اس کی بھی، جسے ناقابلِ وضاحت سمجھ کر وہ دانتے کے نابغہ تخلیقی تخیل کے کھاتے میں ڈال دیتے تھے۔

خلاصے کے طور پر یہی اس کتاب کا مدعا ہے — ایک ایسا مدعا جو یقیناً بعض کانوں کو فن کی بےحرمتی معلوم ہو گا، اور شاید ان بہت سے لوگوں کے ہونٹوں پر استہزا کی مسکراہٹ بھی لے آئے جو اب تک فنکار کے الہام کو ایک مافوق الفطرت واقعہ سمجھتے ہیں، جو دوسروں کے نمونوں کے ہر تقلیدی مطالعے سے بےنیاز ہوتا ہے۔ یہ ایک نہایت عام تعصب ہے، خصوصاً جب معاملہ ڈیوائن کامیڈی جیسی عالمگیر شہرت کی حامل تصانیف کا ہو۔ اوزانام‌Ozanam نے7 اس کے شعری مآخذ کے مطالعے کے موقع پر اسی تعصب کو نمایاں کیا تھا۔ وہ کہتا ہے کہ ایک زمانے تک یہ نظم قرونِ وسطیٰ کے صحراؤں کے بیچ ایک تنہا یادگار سمجھی جاتی رہی۔ اور جب گزشتہ صدی کے آغاز میں کانچیلیری‌Cancellieri نے دانتوی دوزخ اور جنت کے بعض ایسے مقامات کی نشاندہی کی جن کا براہِ راست نمونہ راہب البریکو کے مکاشفے میں موجود تھا، تو دانتے کے شیدائی اس ’’بےحرمتی‘‘ پر برہم ہو اٹھے کہ دانتے کو بارھویں صدی کے ایک گمنام راہب کا ذلیل مقلد فرض کیا جائے — حالانکہ وہ تو کلاسیکی اساتذہ کے نمونوں کی ناقابلِ انکار تقلیدوں کو بھی بمشکل ہی گوارا کرتے تھے۔

مگر برس ہا برس گزر گئے، اور انیسویں صدی نے — جو ٹھنڈی اور متین تنقید کی صدی تھی — قرونِ وسطیٰ کے ان صحراؤں کو حقیقتوں سے آباد کر دیا ہے۔ لابیت‌Labitte، اوزانام، دانکونا‌D'Ancona اور گراف‌Graf — غرض محققین اور اہلِ علم کی ایک پوری کہکشاں — نے عالمِ آخرت کی ان کلاسیکی اور مسیحی روایات کا مطالعہ کیا ہے جو دانتے کی نظم کی تخلیق کو سمجھاتی ہیں۔ اب دانتے کے شیدائی برہم نہیں ہوتے، کیونکہ شعری الہام کا ایک زیادہ علمی اور معتدل تصور اپنی راہ بنا چکا ہے، اور اب یہ بات تسلیم کی جا چکی ہے کہ نبوغ‌genius کی اصل پہچان فن پارے کا مطلق نیا پن یا کامل اصالت نہیں، اور نہ نبوغ اس قدرت پر مشتمل ہو سکتا ہے — جو خدا ہی سے مخصوص ہے — کہ صورت اور مادہ دونوں کو عدم سے پیدا کیا جائے8۔

جدید دانتے شناسوں کا یہی معتدل رویہ مجھے امید دلاتا ہے کہ وہ اس تصور پر برہم نہ ہوں گے کہ ڈیوائن کامیڈی پر اسلامی مآخذ کا اثر مانا جائے۔ دانکونا اس کے مسیحی اور کلاسیکی مآخذ کا مطالعہ کرتے ہوئے9 لکھتا ہے کہ دانتے ہر چیز کے مطالعے کا شائق تھا اور اس نے اپنے عہد کے تمام جذبات اور خیالات کو اپنے اندر سمو لیا۔ اور یہ بات تو کسی سے پوشیدہ نہیں کہ اس کا عہد اسلامی علم اور فن سے سیر تھا۔ دوسری طرف، اگرچہ دانکونا کے نزدیک10 یہ قطعیت سے کہنا ہمیشہ دشوار ہوتا ہے کہ فلاں روایت وہ متعین نمونہ، وہ زندہ مثال تھی جو دانتے کی آنکھوں کے سامنے رہی — وہ زرخیز بیج جس سے اس کی روح میں اس الوہی نظم کا نمو ہوا — تاہم میرا خیال ہے کہ جب ہم اس کے اسلامی مآخذ کو سامنے رکھیں تو یہ دشواری اتنی ناقابلِ عبور نہیں رہتی؛ یعنی پیغمبرِ اسلام کے شبانہ سفر اور معراج کی وہ مذکورہ بالا روایات، جو جغرافیائی اور واقعاتی جزئیات کی بےشمار تفصیلات سے مکمل اور آراستہ ہیں — ایسی تفصیلات جو یا تو آخرت سے متعلق دوسری اسلامی روایات سے ماخوذ ہیں، یا قیامت اور حشر کے مناظر سے، یا بعض مسلمان صوفیوں کے آسمان اور دیدارِ الٰہی کے بارے میں ان نظریات اور تصورات سے جن کی روحانیت اور معنویت دانتوی جنت سے کسی طرح کم نہ تھی۔ ان تمام مشابہتوں کو نمایاں کرنا — اس تقلید کے مقدمات کے طور پر جسے میں ثابت کرنا چاہتا ہوں — میرے اس کام کا اصل موضوع ہو گا۔ لیکن نتیجہ اس طرح مستحکم ہو کہ ہر گریز کا راستہ بند ہو جائے اور ہر معقول اعتراض کا پہلے سے سدِباب ہو، اس کے لیے یہ بھی مفید ہو گا کہ خاتمے کے طور پر ان نمایاں ترین مطابقتوں کا اجمالی خاکہ پیش کر دیا جائے جو ڈیوائن کامیڈی کی پیشرو قرونِ وسطیٰ کی مسیحی روایات اور ان سے بھی قدیم تر اسلامی روایات کے درمیان نظر آتی ہیں۔

ظاہر ہے کہ اس کام کو لامحالہ جزئیات کے موازنے میں ایسی یکسانی اور باریک بینی کا بار اٹھانا پڑے گا کہ خواہ میں اسے تمام ادبی زیوروں سے آراستہ کرنے کی کوشش کروں، یہ بہرحال ایک عالمانہ — یعنی خشک اور بےکیف — بیان ہی رہے گا۔ پس اندازہ کیجیے کہ مجھے قارئین کی عنایت کی کس قدر زیادہ ضرورت ہو گی، جب کہ مزید برآں مجھ میں وہ تخیلی صلاحیتیں بھی مفقود ہیں جو ایسے کام کو نبھانے کے لیے ناگزیر ہیں۔