اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

نمیدانم نمیدانم نمیدانم نمیدانم

(تہذیب الاخلاق جلد دوم نمبر 1 (دور سوم) بابت ماہ شوال 1312ھ‌مارچ-اپریل 1895ء)

کدام چیز نمیدانی‌کون سی چیز تو نہیں جانتا۔ لا علم لنا الا ما علمتنا انک انت العلیم الحکیم1۔

اس میں کچھ شک نہیں کہ خدا نے انسان کو عقل و معرفت عطا کی ہے، اگر یہ نہ دی ہوتی تو وہ مامور بھی نہ ہوتا، مگر وہ جو دی ہے نا محدود نہیں ہے۔ اس کے لیے ایک حد ہے جس سے آگے وہ نہیں چل سکتی، مگر وہ بھی عقل ہی ہم کو بتاتی ہے۔ اگر وہ نہ ہوتی تو اس کی حد بھی معلوم نہ ہوتی۔

جو باتیں ہماری عقل کی حد سے باہر ہیں خدا بھی تو ان کو صاف صاف نہیں بتاتا، بلکہ مثالوں میں سمجھاتا ہے اور فرماتا ہے ویضرب اللہ الامثال للناس لعلہم یتذکرون2۔ پھر کوئی شخص، گو کہ والراسخون فی العلم‌اور علم میں پختہ لوگ ہی کیوں نہ ہو اس حد سے آگے نہیں بڑھ سکتے۔ پھر جس طرح اس حد کا توڑنا فطری گناہ ہے، اسی طرح اس حد کے اندر اس کا کام میں نہ لانا فطری گناہ ہے۔

عالمِ شہادت جس کو ہم دیکھتے ہیں اس کی بہت باتیں عقل کی حد سے باہر ہیں، کیونکہ اس میں ہم کتنی ہی عقل کو کام میں لائیں بجز موجود کے اور کچھ نہیں جان سکتے، مثلاً ہم نے ایک قسم کی ہوا کو پایا ہے اور اس کا نام آکسیجن رکھا ہے اور دوسری قسم کی ہوا کو پایا ہے جس کا نام ہائیڈروجن رکھا ہے۔ اول تو اس کا جاننا کہ آکسیجن اور ہائیڈروجن کیا ہے، ہماری حدِ عقل سے خارج ہے اور پھر جب وہ دونوں ملتی ہیں تو پانی بن جاتا ہے۔ یہ تو ہم نے جانا کہ ان کے ملنے سے پانی بن گیا، مگر اس بات کا جاننا کہ کیوں پانی بن گیا ہماری عقل کی حد سے باہر ہے۔ علماءِ علومِ طبعیہ، یعنی نیچرل سائنس جاننے والے تو یہیں تک ٹھہر جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ جو موجود ہے اس کے سوا ہم اور کچھ نہیں پاتے، مگر علماءِ علمِ مذاہب اس سے آگے بڑھتے ہیں اور یقین کرتے ہیں کہ آکسیجن اور ہائیڈروجن کا پیدا کرنے والا اور ان میں ایسی تاثیر رکھنے والا کہ جب وہ ملیں تو پانی ہو جائے کوئی ہے اور جس کو وہ خدا کہتے ہیں۔

پھر ان میں دو قسم کے لوگ ہیں، ایک وہ جن کو ہم مذبذبین کہتے ہیں، ان کا اعتقاد ہے کہ ممکن ہے، گو اس کا وقوع کبھی نہ ہوا ہو، کہ آکسیجن اور ہائیڈروجن ملے اور پانی نہ بنے اور اسی کو وہ خدا کے قادر ہونے کی صفت قرار دیتے ہیں اور دوسرے وہ ہیں جن کو ہم راسخین کہتے ہیں، ان کا اعتقاد یہ ہے کہ خدا نے جو کیا ہے اس کو تبدیل نہیں کرتا ’’لن تجد لسنۃ اللہ تبدیلا3‘‘، مگر پہلی قسم کے لوگ ان کو نیچری کہتے ہیں۔

ماوراء اس عالمِ شہادت کے عالمِ غیب ہے؛ اس کے نہ ہونے پر ہمارے پاس کوئی دلیل نہیں ہے، بلکہ جب ہم کسی کو جسے ہم خدا کہتے ہیں موثر عالمِ شہادت میں پاتے ہیں تو عالمِ غیب کا تسلیم کرنا لازم آتا ہے، مگر اس کی حقیقت کا جاننا ہماری عقل کی حد سے خارج ہے۔ خدا نے بھی عالمِ غیب کی بہت سی باتیں بتلائی ہیں، مگر تمثیلوں میں مگھم مگھم، کیونکہ جب ہم اس کو جانتے ہی نہیں تو جو کچھ وہاں ہے یا ہوتا ہے اور ہوگا اس کو بعینہ ہم کیونکر جان سکتے ہیں اور خدا کیونکر بتلا سکتا ہے۔

دنیا میں بھی انجان کو انجانی چیز بغیر تمثیل کے نہیں بتلائی جاتی۔ مشہور ہے کہ ایک شخص جو ہندوستان میں آم کھا گیا تھا اس نے ایک بدو کو اس کا بتلانا چاہا، ہر چند کوشش کی نہ وہ سمجھا نہ یہ سمجھا سکا۔ آخر اس نے اپنی ٹھوڑی پر جس پر چھوٹے چھوٹے بال تھے شہد ملا اور اس کو کہا کہ اس کو چوسو، آم ایسا ہوتا ہے۔ بدو نے کہا واہ واہ کیا اچھا ہوتا ہے، مگر کجا آم کا رس اور کجا شہد، کجا آم کا ریشہ اور کجا اس کی ریش، کجا آم کی گٹھلی اور کجا اس کی ٹھوڑی۔

حکماءِ یونانی اور ہمارے مذہب کے علماء اور حضراتِ صوفیہ سب کے سب عالمِ غیب کے قائل ہیں اور اس کے مختلف نام رکھے ہیں، ملاءِ اعلیٰ، عالمِ ملکوت، عالمِ عقل، عالمِ مثال، عالمِ ارواح، عالمِ ربوبیت، عالمِ امر، عالمِ قدس، عالمِ جبروت، عالمِ احدیت۔ بہر حال اس کے کوئی نام رکھے ہوں سب اس عالم کو غیر مادی مانتے ہیں، چنانچہ کشاف اصطلاحات الفنون میں لکھا ہے:

وعالم الغیب عند المتصوفۃ مطلق علیٰ عالم وجد بلامدۃ و بلا مادۃ مثل العقول و النفوس کما ان الخلق یطلق علیٰ عالم وجد بمادۃ کالافلاک والعناصر والموالید الثلاثہ و یسمی ایضاً بعالم الخلق و عالم الملک و عالم الشہادۃ (کشاف اصطلاحات الفنون ورق 415 صفحہ دوم)۔

(ترجمہ) عالمِ غیب صوفیوں کے نزدیک غیر مادی عالم پر بولا جاتا ہے جیسے عقول و نفوس، جس طرح لفظ خلق اس عالم پر بولا جاتا ہے جو مادی ہے جیسے آسمان، عناصر، نباتات، حیوانات، جمادات۔ اس عالم کو عالمِ خلق، عالمِ ملک، عالمِ شہادت بھی کہتے ہیں‘‘۔

مگر علمائے اسلام و صوفیۂ کرام عالمِ غیب کے ایسے حالات اور واقعات تفصیلی بیان کرتے ہیں جن کو پڑھ کر تعجب ہوتا ہے اور نہیں معلوم ہوتا کہ کہاں سے یہ حالات معلوم ہوئے۔ لوگ کہتے ہیں کہ مکاشفہ سے یہ سب حالات کھلتے ہیں۔ ہم کو تو مکاشفہ نہیں ہے کہ یہ حالات کھلیں، خدا ہم کو بھی مکاشفہ مرحمت کرے، تاکہ ہم کو بھی یہ حالات معلوم ہوں۔ اب تک تو ہم یہی جانتے ہیں کہ جو کچھ وہ کہتے یا سمجھتے یا جانتے یا دیکھتے ہیں وہ انہی کے خیالات ہیں جن کو خود ان کے متخیلہ نے پیدا کیا ہے۔

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ سوم (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 182 تا 185 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔