(از ’’آخری مضامینِ سرسید‘‘)
یہ کس نے کہا؟ بنی خزیمہ نے، مگر افسوس ہے کہ حضرت خالد ابن ولید اس کا مطلب نہیں سمجھے اور اُن کو قتل کر دیا۔
واقعہ یہ ہے کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے خالد ابن ولید کو خزیمہ کے پاس بھیجا کہ اُن کو اسلام کی طرف دعوت کریں۔ بنی خزیمہ نے بجائے اس کے کہ اسلمنا1 کہیں ’صبانا صبانا‘ کہا، جس کا مطلب یہ تھا کہ ہم اپنے مذہب سے پھر گئے، یعنی مسلمان ہوگئے۔ حضرت خالد اس مطلب کو نہیں سمجھے اور اُن کو قتل کر دیا۔ جب رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ خبر ملی تو آپ نے فرمایا، اے خدا میں بری ہوں اُس کام سے جس کو خالد نے کیا۔
غور طلب یہ بات ہے کہ جو لوگ اپنا مذہب چھوڑ کر دوسرے میں آتے ہیں، اُن کے دل میں کیا بات پیدا ہوتی ہے جس کے سبب سے وہ دوسرا مذہب اختیار کرتے ہیں۔
جو لوگ کسی خوف یا کسی لالچ سے اپنا پہلا مذہب چھوڑ کر دوسرا مذہب اختیار کرتے ہیں، وہ ہماری بحث سے خارج ہیں۔ ہم اس بات پر غور کرنا چاہتے ہیں کہ دوسرے مذہب کی کیا خوبی نہایت سچائی سے اُن کے دل میں بیٹھتی ہے جس سے وہ پہلا مذہب چھوڑ کر دوسرا مذہب اختیار کرتے ہیں۔
اگر کسی شخص نے اپنے مذہب میں جس میں کہ وہ ہے سخت پابندیاں اور سخت احکام دیکھے جس سے اس کو اپنی زندگی تلخ معلوم ہوئی اور دوسرے مذہب میں اُس نے آسانی اور اُن پابندیوں سے نجات دیکھی اور اس لیے اُس مذہب کو اختیار کر لیا تو اُس کو بھی ہم انہیں شخصوں میں شمار کریں گے جنہوں نے کسی لالچ سے دوسرا مذہب اختیار کیا ہے، حالانکہ ہم اُس سچائی کی تلاش کے در پے ہیں جو دوسرے مذہب کی اُس کے دل میں بیٹھی اور اُس کے سبب سے اُس نے دوسرا مذہب اختیار کیا۔
اس بات کا ہم کو یقین نہیں ہوتا کہ جو دوسرا مذہب اُس نے اختیار کیا ہے اُس کے تمام مسائل اور عقائد پر اس نے بخوبی غور کر کے اور ہر ایک مسئلہ اور عقیدہ کو دوسرے مذہب کے عقائد اور مسائل پر ترجیح دے کر دوسرا مذہب اختیار کیا ہو، کیونکہ یہ امر تو نہایت مشکل کام ہے۔ ایک بہت بڑا عالم بھی ایسا نہیں کر سکتا۔ پس کیا چیز ہے جو مذہب کو بدلوا دیتی ہے۔
صحبت بھی دوسرے مذہب کی طرف مائل کر دیتی ہے، مگر ہم اس کو بھی اُس میں شمار نہیں کرتے جس میں کسی شخص نے نہایت سچائی اور ایمان داری سے دوسرے مذہب کو سچ اور برحق سمجھ کر اختیار کیا ہو اور اپنا مذہب چھوڑ دیا ہو۔
لوگ کہتے ہیں کہ سیدھی راہ اختیار کرنی خدا کی ہدایت پر موقوف ہے، ہم بھی اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ سیدھی راہ، یعنی مذہبِ حق اختیار کرنا بلاشبہ خدا کی ہدایت پر موقوف ہے، مگر اُن کی نسبت ہم کیا کہیں کہ جو مذہبِ حق کو چھوڑ کر دوسرا مذہب جو گمراہی ہے، اختیار کرتے ہیں۔ ہدایت اور گمراہی دونوں خدا کے اختیار میں ہیں مگر ہم اس بات کی تلاش میں ہیں کہ کیا چیز انسان کے دل میں آجاتی ہے جس کے سبب وہ مذہب تبدیل کر ڈالتا ہے، خواہ وہ مذہب جو اُس نے پہلا مذہب تبدیل کر کے اختیار کیا ہے حق ہو یا باطل ہو۔
موجودہ اور گذشتہ زمانہ کے حالات پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ علاوہ اُن اسباب کے جو ہم نے اُوپر بیان کیے، یہ ہوتا ہے کہ کسی شخص کے دل کو کسی مذہب کی کچھ باتیں کسی دلیل سے یا بغیر کسی دلیل کے سچ اور صحیح معلوم ہونے لگتی ہیں اور وہ اُن کو نہایت نیک نیتی سے اور سچے دل سے سچا اور برحق سمجھتا ہے اور اس لئے اُس مذہب کو اختیار کر لیتا ہے۔ پھر رفتہ رفتہ اس مذہب کی تمام باتیں اُس کو سچی معلوم ہونے لگتی ہیں اور وہ اُس مذہب کو پورا پورا اختیار کر لیتا ہے۔
اس بات کا سبب کہ اُس شخص کو کسی مذہب کی کچھ باتیں کیوں سچ معلوم ہونے لگتی ہیں، زیادہ تر اُن لوگوں کی بزرگی اور تقدس اور اخلاق کی خوبی، نیکی اور نیک خصلت پر منحصر ہوتا ہے جو اُس مذہب کا وعظ کرتے ہیں یا اُس مذہب کو پھیلانا چاہتے ہیں۔ خود بھی وہی کرتے ہیں جو کہتے ہیں۔ اُن کا قول اور فعل، ظاہر و باطن، سب یکساں ہوتا ہے۔ یہی سبب ہے کہ انبیاء علیہم السلام تمام اُن صفات کے جامع ہوتے ہیں جو انسان میں حسبِ فطرتِ انسانی جمع ہو سکتی ہیں۔ اُن کا وظیفۂ شبانہ روزی انسان کو خدائے واحد کی پرستش اور نیکی اور نیکدلی کی ہدایت کرنا ہوتا ہے اور جو کہ اُن کا طریقۂ عمل بالکل اُس کے مطابق ہوتا ہے جس کی وہ لوگوں کو نصیحت کرتے ہیں، اور وہی خود بھی کرتے ہیں جو لوگوں سے کرنے کو کہتے ہیں، اس لئے در حقیقت وہ معصوم ہوتے ہیں، یعنی بری باتوں سے محفوظ اور اچھی باتوں میں مشغول رہتے ہیں۔ پس ہمارے نزدیک انبیاء علیہم السلام کا معصوم ہونا ضرور ہے اور اگر معصوم نہ ہوں تو اُن سے پوری پوری امت کی ہدایت غیر ممکن ہے۔
یہی طریقہ اب تک چلا آتا ہے۔ علماء کو جنہوں نے اپنی تمام زندگی علوم کے حاصل کرنے میں صرف کر دی ہے، اُن کو تو علیحدہ رکھو مگر جن لوگوں نے روحانی نیکی حاصل کرنے پر توجہ کی ہے، خواہ وہ عالم ہوں یا جاہل، ہاں اگر عالم بھی ہوں تو نورٌ علی نور ہیں، اُن کے اخلاق اور اوصاف انبیاء علیہم السلام کے اخلاق اور اوصاف کے زیادہ مشابہ ہو جاتے ہیں اور اُن ہی سے صراطِ مستقیم، یعنی مذہبِ اسلام کی اشاعت ہوتی ہے۔ یہی حال ہندوستان میں ہوا ہے۔ علماء کے ذریعہ سے تو شاید دو چار دس پانچ آدمی مسلمان ہوئے ہوں، مگر فقراء اور اولیاء اللہ کی بدولت ہزاروں لاکھوں آدمی مسلمان ہوئے ہیں۔ پس مذہب کی خوبی اُن ہی لوگوں سے ظاہر ہوتی ہے جو نیکی کا پتلا ہو جائیں، ورنہ ایسے لوگ تو بہت مارے مارے پھرتے ہیں جن کی نسبت حافظ نے کہا ہے کہ:
|
واعظاں کیں جلوہ بر محراب و منبر می کنند |
چوں بخلوت میروند آں کار دیگر می کنند |
|
ترجمہ اردو جریدہ: واعظ جو محراب و منبر پر یہ جلوہ دکھاتے ہیں، جب خلوت میں جاتے ہیں تو کچھ اور ہی کام کرتے ہیں۔ |
|
اَللّٰهُمَّ اِهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيْمَ صِرَاطَ الَّذِيْنَ اَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ غَيْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَيْهِمْ وَ لَا الضَّآلِّيْنَ آمِيْن۔
ترجمہ: اے اللہ! ہم کو سیدھی راہ دکھا، اُن لوگوں کی راہ جن پر تو نے انعام کیا، نہ اُن کی جن پر غضب ہوا اور نہ گمراہوں کی۔ آمین۔
اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 242 تا 245 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔ یہ تحریر کتاب «آخری مضامینِ سر سید» سے ماخوذ ہے۔

