خط (1) — 3 جنوری 1919ء (جلد دوم، خط 1)
سر3
اخبار بھیجنے کا شکریہ۔ چند دن پہلے میں اسے دیکھ چکا تھا۔ میرے خیال میں یہ اس قابل نہیں ہے کہ اس کا جواب دیا جائے۔ یہ نظم بیس برس پہلے لکھی گئی تھی اور مجھے معلوم نہیں کہ اِسے کس نے شائع کرایا ہے۔ اشاعت سے پہلے اگر مجھ سے اجازت لے لی جاتی تو مناسب ہوتا مگر اس ملک میں ادبی اخلاقیات مفقود ہیں۔ مصنّف کا ذہن اور زاویۂ نگاہ مسلسل تغیّر پذیر رہتے ہیں مگر مصنّف کو کوئی بھی خاطر میں نہیں لاتا۔ باوجود اس کے کہ یہ نظم میری ابتدائی کاوشوں میں سے ہے تاہم چند اعتراضات طباعت کی غلطیوں پر مبنی ہیں جن کی ذمہ داری مجھ پر عاید نہیں ہو سکتی۔ بہرحال حضرتِ ناقد نظم کی اصل خامیوں کو دیکھنے میں ناکام رہے ہیں۔ شاعری محض محاورات اور اظہارِ بیان کی صحت سے بڑھ کر کچھ اور بھی ہے۔ میرے معیار تنقید نگاروں کے ادبی معیاروں سے مختلف ہیں۔ میرے کلام میں شاعری محض ایک ثانوی حیثیت رکھتی ہے۔ مجھے قطعاً یہ خواہش نہیں کہ دورِ حاضر کے شعراء میں میرا بھی شمار ہو۔
آپ کا مخلص محمد اقبال
لاہور
(انگریزی سے)
(خطوطِ اقبال)
خط (2) — 6 جنوری 1919ء (جلد دوم، خط 2)
لاہور 6؍ جنوری 1919ء4
جنابِ من!
آپ کے خط کا بہت بہت شکریہ۔ مجھے خوشی ہے کہ آپ نے نظم کا ابتدائی مطبوعہ متن ڈھونڈ نکالا ہے5، میرے پاس اصل مسودے کی نقل بھی موجود نہیں، نظم خامیوں سے بری نہیں مگر اب اس طرف توجہ کے لیے مجھے فرصت نہیں۔ کسی پُرانی نظم کو ٹھیک کر کے نئے سانچے میں ڈھالنے کی نسبت نئی نظم کہہ لینا کہیں زیادہ آسان ہے۔ بہرحال نظم کی خامیاں نفسیاتی ہیں اور بعض مقامات پر خامیوں کا تعلق اظہارِ بیان سے ہے۔ لکھنوی6 ناقدوں کو ابھی تنقید کے اصول سیکھنے کی ضرورت ہے۔ تاہم مجھے خوشی ہے کہ آپ کو اس معاملے میں اطمینان ہو گیا۔
رہی پوچھنے کی زحمت، تو آپ نے مجھے کوئی زحمت نہیں دی۔
آپ کا محمد اقبال
(انگریزی سے)
(خطوطِ اقبال)
خط (3) — 7 فروری 1926ء (جلد دوم، خط 365)
مخدومی، السلام علیکم7
آپ کی نظم موصول ہو گئی ہے، شکریہ قبول فرمائیے۔ اسرارِ خودی اقبال کا قال ہے۔ مگر ممکن ہے آپ کا حال ہو۔ اگر ایسا ہو تو میرے لیے بھی دعا فرمائیے۔ والسلام
محمد اقبال لاہور 7؍ فروری 1926ء
(خطوطِ اقبال)
اردو جریدہ نے یہ خطوط «کلیاتِ مکاتیبِ اقبال» (مرتبہ سید مظفر حسین برنی، اردو اکادمی، دہلی)، جلد دوم (1991ء)، صفحات 43 تا 46، 624 سے ڈیجیٹائز کیے ہیں۔

