اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

تعلیمِ مذہبی

(تہذیب الاخلاق بابت یکم ذی الحجہ 1288ھ‌11 فروری 1872ء)

اب تو گویا تمام مسلمان بالاتفاق اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ انگریزی پڑھنے اور علومِ جدیدہ کے سیکھنے سے مسلمان اپنے عقایدِ مذہبی میں سست ہو جاتے ہیں، بلکہ اُن کو لغو سمجھنے لگتے ہیں اور لا مذہب ہو جاتے ہیں اور اسی سبب سے مسلمان اپنے لڑکوں کو انگریزی پڑھانا نہیں چاہتے۔

مسلمانوں پر کیا موقوف ہے، انگریز بھی ایسا ہی خیال کرتے ہیں۔ چنانچہ ڈاکٹر ہنٹر1 صاحب نے اپنی کتاب میں جو حال میں اُنہوں نے ہندوستان کے مسلمانوں کی نسبت لکھی ہے، یہ فقرہ مندرج فرمایا ہے:

’’کوئی نوجوان خواہ ہندو خواہ مسلمان ایسا نہیں ہے جو ہمارے انگریزی مدرسوں میں تعلیم پائے اور اپنے بزرگوں کے مذہب سے بد اعتقاد ہونا نہ سیکھے۔ ایشیا کے شاداب اور تروتازہ مذہب جب مغربی (یعنی انگریزی) علوم کی سچائی کے قریب آتے ہیں جو مثل برف کے ہے تو سوکھ کر لکڑی ہو جاتے ہیں‘‘ آمنا و صدقنا‌ہم نے مانا اور سچ جانا۔ یہ قول ڈاکٹر ہنٹر صاحب کا بالکل سچ اور بتمامہ سچ ہے۔

اب مسلمانوں کو بھی اس کی فکر پڑی ہے۔ وہ دیکھتے ہیں کہ انگریزی پڑھنے کی ضرورت تو روز بروز زیادہ ہوتی جاتی ہے اور بغیر انگریزی پڑھے اب گزارہ نہیں ہو سکتا، مگر وہ مذہب کو بھی عزیز سمجھتے ہیں اور اُس کو ہاتھ سے جاتا ہوا دیکھ کر بالکل بیقرار اور بے چین ہیں اور طرح طرح کی تدبیریں سوچتے ہیں اور ہم ایک کونے میں کھڑے ہوئے ہنستے ہیں اور آہستہ آہستہ کہتے ہیں کہ میاں اگر تمہارا مذہب ایسا ہی بودا تھا تو جانے دو۔ ایسی بودی چیز رہی تو کیا اور گئی تو کیا، مگر جب کوئی ہماری چپکی چپکی آواز سن لیتا ہے تو ہم پر غراتا ہے کہ کیا ہمارا مذہب کمزور ہے، مگر دل میں کہتا ہے کہ بات تو سچ کہی ہے۔ بودا تو ہے کہ ذرا سی انگریزی پڑھنے سے ڈھے جاتا ہے۔

بڑے بڑے معمم و مشمّل قدوس2 عالموں نے بہت غور کے بعد یہ تجویز کی کہ انگریزی تعلیم کے ساتھ مذہبی تعلیم بھی دی جائے اور کتبِ درسیہ عقاید اور فقہ و اصول و تفسیر و حدیث و علمِ کلام بھی انگریزی کے ساتھ پڑھائی جائیں، تاکہ عقایدِ مذہبی پختہ و درست رہیں اور علومِ غربیہ کے ریلے میں بہ نہ جائیں۔

مگر میں یہ عرض کرتا ہوں کہ محققانہ تعلیمِ مذہبی اصولِ حقۂ واقعیہ پر بلا شبہ مانعِ نقصانِ عقایدِ حقۂ اسلامیہ کے ہوگی مگر تقصیر معاف ہو، یہ اندھی تقلیدی تعلیمِ مذہبی تو مانعِ نقصانِ عقاید نہیں ہو سکتی اور یہ کتبِ درسیۂ مذہبیہ تو لا مذہبی کا علاج کر نہیں سکتیں، بلکہ اگر یہ کتابیں انگریزی تعلیم اور مغربی علوم کے ساتھ پڑھائی جائیں گی تو اور زیادہ لا مذہبی اور بد اعتقادی پھیلے گی، اس لئے کہ سوائے قرآنِ مجید کے جس قدر کتبِ مذہبیہ اس زمانہ تک موجود ہیں ہزاروں، غلطیوں سے معمور ہیں۔ کوئی ایک کتاب بھی ایسی نہیں ہے جس میں کوئی نہ کوئی عظیم الشان غلطی موجود نہ ہو اور جس نے اسلام کی سچی اور صحیح سیدھی سادی حقیقت کو وہمی اور خیالی نہ بنا دیا ہو۔

جن مقدس لوگوں نے موجودہ مذہبی تعلیم کو اُس لا مذہبی کا علاج سمجھا ہے، اُنہوں نے یہ خیال کیا ہوگا کہ جس زمانہ میں فلسفۂ یونانیہ مسلمانوں میں شائع ہوا تو بڑے زور و شور سے زندقہ و الحاد نے رواج پایا، مگر اُس زمانہ کے عالموں نے فلسفۂ یونانیہ کے ساتھ عقایدِ مذہبی کی تعلیم کو شامل کر دیا جس کے سبب سے وہ زندقہ و الحاد جاتا رہا۔

مگر میری یہ عرض ہے کہ اگر اُس زمانہ میں ایسا ہوا بھی ہو تو حال کے زمانہ میں اُن کتابوں سے اُس نتیجہ کی امید رکھنا قیاس مع الفارق ہے۔ جس زمانہ میں کہ فلسفۂ یونانیہ مسلمانوں میں رائج ہوا اور اُس زمانہ میں جو کتبِ مذہبیہ تھیں، اُن کو بھی اُس وقت کے عالموں نے اُس زندقہ اور الحاد کے روکنے کو کافی نہ سمجھا تھا اور اس لئے اُنہوں نے نئی نئی کتابیں علمِ کلام کی تصنیف کی تھیں اور اُن کتابوں میں اُنہوں نے زندقہ و الحاد دور کرنے کے لئے دو اصول قرار دئے تھے، یعنی یا تو اُن مسائلِ فلسفۂ یونانیہ کی جو عقایدِ مذہبی کے برخلاف تھے غلطی ثابت کر دیتے تھے یا مسائلِ مذہبی کی تطبیق مسائلِ فلسفیہ سے کر دیتے تھے، مگر اب میں نہایت ادب سے پوچھتا ہوں کہ جو کتبِ مذہبی اب تک ہمارے ہاں موجود ہیں اور پڑھنے پڑھانے میں آتی ہیں، اُن میں سے کون سی کتاب ہے جس میں فلسفۂ مغربیہ اور علومِ جدیدہ کے مسائل کی تردید یا تطبیق مسائلِ مذہبیہ سے کی ہو۔

وجودِ سمواتِ سبع کی ابطال پر جو دلیلیں ہیں، اُن کی تردید کس کتاب میں لکھی ہے۔ اثباتِ حرکتِ زمین اور ابطالِ حرکتِ دوریٔ آفتاب پر جو دلیلیں ہیں اُن کی تردید کس سے جا کر پوچھیں۔ عناصرِ اربع کا غلط ہونا جو اب ثابت ہو گیا، اُس کا کیا علاج کریں؟ آیۂ کریمہ۔ و لقد خلقنا الانسان من سلالة من طین ثم جعلناہ نطفة فی قرار مکین ثم خلقنا النطفة علقة فخلقنا العلقة مضغة فخلقنا المضغة عظاماً فکسونا العظام لحماً (مومنون 12-14)3 کی جو تفسیر عالموں نے لکھی ہے فنِ تشریح کی رو سے غلط معلوم ہوتی ہے۔ ہم اپنی آنکھوں سے بوتلوں میں بھرے ہوئے نطفہ سے لے کر بچہ کے پیدا ہونے تک کے تغیرات کو دیکھتے ہیں جو مفسرین کی تفسیروں کی غلطی کو ثابت کرتے ہیں۔ پھر کیوں کر ہم اُس پر اعتقاد رکھیں۔ خدا کی بات اور اُس کا کام ایک ہونا چاہئے۔ یہ مسئلہ تمام دنیا نے تسلیم کر لیا ہے۔ پھر اُس کی تصدیق مذہبِ اسلام کی کس کتاب میں ڈھونڈیں اور کس ملاں و اخوند سے جا کر پوچھیں؟ جب کوئی بات بھی اُن میں سے موجودہ کتبِ مذہبی میں نہیں ہے تو اُن سے لا مذہبی جو فلسفۂ مغربیہ اور علومِ محققۂ جدیدہ سے ہوتی ہے۔ کیوں کر رفع ہوگی؟ یہ باتیں نہایت صاف اور روشن ہیں۔ اُن کو ظاہر میں نہ ماننا دوسری بات ہے، مگر کوئی شخص ایسا نہ ہوگا جو اپنے دل میں ان باتوں کو سچ نہ جانتا ہوگا۔ پس ایسی حالت میں ان کتابوں کا نہ پڑھنا اُن کے پڑھنے سے ہزار درجہ بہتر ہے۔ مسلمان ہونے اور بہشت میں جانے کو خدا کو ایک و پیغمبر کو برحق جاننا کافی ہے، عمل کو نماز پڑھ لینی روزہ رکھ دینا بس ہے۔ ان غیر مفید کتابوں کے پڑھنے سے کیا حاصل ہے؟

ہاں اگر مسلمان مردِ میدان ہیں اور اپنے مذہب کو سچا سمجھتے ہیں تو بے دھڑک میدان میں آئیں اور جو کچھ اُن کے بزرگوں نے فلسفۂ یونانیہ کے ساتھ کیا تھا، وہ فلسفۂ مغربیہ اور علومِ محققۂ جدیدہ کے ساتھ کریں۔ تب البتہ اُن کا پڑھنا پڑھانا مفید ہوگا، ورنہ اپنے منہ میاں مٹھو کہہ لینے سے کوئی فائدہ نہیں۔

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 95 تا 99 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔