اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

زمانہ کا اثر مذہب پر

(از تہذیب الاخلاق یکم شوال 1311ھ‌7 اپریل 1894ء جلدِ اول نمبر اول دورِ سوم صفحہ 14)

زمانہ انسان پر سب سے بڑا اثر ڈالنے والا ہے۔ وہ انسان کے خیالات، اعتقادات، رسم و رواج کو اپنے پوشیدہ اثروں سے جو معلوم نہیں ہوتے بدلتا جاتا ہے۔ دن وہی رہتا ہے، رات وہی رہتی ہے، سورج ایک ہی طرح نکلتا ڈوبتا ہے، چاند ایک ہی طرح پر گھٹتا بڑھتا ہے۔ ستارے جس طرح چمکتے تھے اسی طرح چمکتے رہتے ہیں، پھر کیا چیز نئی ہوتی ہے جس سے اگلی چیزیں بدلتی ہیں اور دقیانوسی کہلاتی ہیں اور نئی چیزیں پیدا ہوتی ہیں اور انسانوں میں پھیلتی جاتی ہیں۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جن چیزوں سے زمانہ گنا جاتا ہے، اُن میں تو کچھ تغیر نہیں ہوتا، مگر خود انسان کے خیالات اور اس کے معلومات میں ترقی ہوتی جاتی ہے۔ نئے نئے علوم و فنون نکلتے آتے ہیں اور انسان پر موثر ہوتے ہیں اور وہی اس تغیر و تبدل کا باعث ہوتے ہیں اور جو کہ وہ سب کسی نہ کسی زمانہ میں پیدا ہوتے ہیں، اس لئے مجازاً زمانہ کے اثر سے اس کو تعبیر کرتے ہیں۔

جس طرح دنیوی خیالات، عادات اور رسم و رواج، حالتِ تمدن اور معاشرت پر زمانہ موثر ہوتا ہے، اسی طرح مذہب و اعتقاد پر بھی زمانہ کا اثر پڑتا ہے۔

ایک زمانہ یقین کا زمانہ کہلاتا ہے کہ جو بات کہی جاتی ہے گو وہ کیسی ہی عجیب ہو، اُس پر سب کو یقین ہوتا ہے مگر حال کا زمانہ وہ زمانہ نہیں ہے، بلکہ شک کا زمانہ ہے۔ کوئی بات ہو جب تک اس کے سچ ہونے کا یقین نہ آئے، سچ نہیں مانی جاتی۔ اور یہی سبب ہے کہ انسانوں کے مذہب پر یا یوں کہو کہ ان کے اعتقادات پر زمانہ نے سب سے بڑا اثر ڈالا ہے۔

اگلے زمانہ کے واعظانِ مذہبِ اسلام جو بات سنتے تھے گو وہ کیسی ہی عجیب ہو اور گو کہ مذہب کی رو سے بھی اس کی تصدیق نہ ہوتی ہو، بمقتضائے زمانہ خود بھی اس پر یقین کرتے تھے اور اوروں کو بھی یقین دلاتے تھے، بلکہ جو بات بہت زیادہ عجیب ہوتی وہ زیادہ تر مؤثر ہوتی تھی۔ یہ خاصیت اس زمانہ کی تھی جس کو یقین کا زمانہ کہا جاتا ہے، مگر وہ زمانہ اب نہیں رہا، اب شک کا زمانہ ہے۔ اب جب تک کسی بات کا یقین نہ آئے مانی نہیں جاتی۔

ایسی باتیں مذہبِ اسلام کی جن پر اگلے زمانہ میں یقین ہوتا تھا اور اب یقین نہیں آتا، اُن حکایات اور واقعات اور نقلِ اقوال سے متعلق ہیں جو بطور روایت کے کتابوں میں مندرج ہیں یا روایتاً سینہ بہ سینہ ہم تک چلی آئی ہیں اور در حقیقت نہیں معلوم ہو سکتا کہ فی الواقع کیا بات ہوئی تھی اور کہاں تک تغیر و تبدل ہوتے ہوتے اُن تک پہنچی ہے جنہوں نے ان کو کتابوں میں لکھا ہے یا وہ سینہ بہ سینہ ہم تک پہنچی ہیں۔

ہمارے پیشوایانِ مذہب اس خرابی سے جو ضرور ہونے والی تھی بے خبر نہ تھے۔ یہودیوں کا مذہب، عیسائیوں کا مذہب ان کے سامنے موجود تھا۔ وہ دیکھتے تھے اور سمجھتے تھے کہ نقلِ حکایات اور واقعات اور اقوال میں کیا کچھ تغیر و تبدل ہو گیا ہے جس کے سبب بجائے اس کے کہ اُن پر مذہبِ حق کا اطلاق ہو سکے مذہبِ باطل کا اطلاق ہوتا ہے۔ ہمارے پیشواؤں کو خوف تھا کہ ایسا نہ ہو کہ مذہبِ اسلام میں بھی یہی آفت نازل ہو، اس لئے انہوں نے کوشش کی کہ نقلِ حکایات اور واقعات اور اقوال کا طریقہ بند کیا جائے، کیونکہ وہ یقین کرتے تھے کہ بجنسہ بلا کسی کمی و بیشی کے اُن کا نقل کرنا محالات سے ہے اور جو کیفیت اور حالت اس وقت کی تھی جب کہ وہ بات ہوئی یا کہی گئی تھی اور جو اس بات کے سمجھنے میں نہایت مؤثر ہے، اس کا نقشہ سامعین کے سامنے کھینچنا ناممکن ہے۔ پھر اس قول کے مطلب سمجھنے میں جو غلطی ہو سکتی ہے جیسے کہ حضرت موسیٰ اشعری کو بکاء علی المیت‌میت پر رونا کا مطلب سمجھنے میں ہوئی، اس کا دور کرنا اور اختلافِ آرا کا مٹانا محال علی المحال تھا، اس لئے حضرت ابو بکر صدیقؓ نے لوگوں کو جمع کر کے1 کہا کہ تم رسولِ خدا صلعم کی بہت حدیثیں بیان کرتے ہو اور اُن میں اختلاف کرتے ہو اور تمہارے بعد کے لوگ بہت زیادہ اختلاف کریں گے۔ پس تم رسول اللہ صلعم سے کوئی حدیث نہ بیان کیا کرو۔ جو کوئی تم سے کچھ پوچھے تو کہہ دو کہ ہم میں اور تمہارے میں اللہ کی کتاب یعنی قرآن مجید ہے۔

حضرت عمرؓ نے بھی بہت دفعہ اور بہت لوگوں کو آنحضرتؐ سے حدیثوں کے روایت کرنے سے منع کیا اور کہا کہ: حسبنا کتاب اللہ‌ہم کو اللہ کی کتاب کافی ہے، یہاں تک کہ ایک دفعہ انہوں نے بڑے عالم اور فقیہ تین صحابیوں کو، یعنی ابن مسعود، ابودرداء اور ابو مسعود انصاری کو اس لئے کہ وہ آنحضرت صلعم سے بہت سی حدیثیں روایت کیا کرتے تھے، قید کر دیا2۔

حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ کے بعد جو زمانہ آیا اور جس میں مشاجراتِ صحابہ اور جنگِ جمل اور جنگِ صفین واقع ہوئی اور آخرکار درد ناک واقعۂ شہادتِ حسین علیہ السلام کا واقع ہوا اور پھر بنی اُمیہ اور بنی عباس کا زمانہ آیا۔ وہ تو ایسا شور و شغب کا زمانہ اور روایات پر بد اثر ڈالنے والا تھا جس کی خرابی بیان سے باہر ہے۔

اس کے بعد زہاد اور شائقین فی الخیرات پیدا ہوئے اور اوروں کو بھی زہد و ریاضت و عبادت پر ترغیب دلانے کو اور قیامت کے عذاب کا ڈر جتلانے کو روایاتِ ضعیف اور موضوع کے رواج پر مائل ہو گئے اور چھوٹے چھوٹے اعمال سے جنت الفردوس کا ملنا اور ادنی ادنی معصیت پر جہنم میں داخل ہونے کا وعظ کرنے لگے۔ یہ سب رطب و یابس کتابوں میں جمع ہو گیا ہے اور اس زمانہ میں جو شک کا زمانہ ہے، ہم تک پہنچا ہے۔

خیر جو کچھ ہوا وہ ہو چکا، اب کیسا ہی افسوس کیا جائے وہ مٹتا نہیں، مگر اب ہم کو یہ نہ کرنا چاہئے کہ اس رطب و یابس کو جو کچھ موجود ہے، مذہبِ اسلام اور اُس کی ہدایت سمجھ کر اُسی کو مدارِ اسلام اور عین مذہبِ اسلام قرار دیں، بلکہ ہمارا یہ فرض ہے کہ جو حدیثیں درایتاً ثابت نہیں، جو اصلی کسوٹی سچ کے پرکھنے کی ہے، اُن کو نہ پیغمبرِ خدا صلعم کی طرف منسوب کریں اور نہ اُن روایاتِ ضعیف و موضوع کو اور اقوالِ شائقین فی الخیرات کو مذہبِ اسلام میں داخل کر کے مذہب کا ایک جزو قرار دیں اور قال رسول اللہ جب کہیں تو ہم غور کریں کہ ہم کس کی نسبت اس بات کو منسوب کرتے ہیں۔ یہ سمجھنا کہ جو حدیثیں اور روائتیں اگلے عالموں اور زاہدوں نے کتابوں میں لکھی ہیں، انہی پر ہمارا اعتماد ہے کافی نہیں ہے، بلکہ خود اس کو سوچنا اور سمجھانا واجب ہے کہ جس امر کو ہم رسولِ خدا صلعم کی طرف منسوب کرتے ہیں گو کہ اوروں نے کیا ہو، اس کا منسوب کرنا صحیح ہے یا نہیں، کیونکہ جو وعید اس امر کی رسولِ خدا صلعم کی طرف منسوب کرنے میں آئی ہے جو فی الحقیقت رسولِ خدا کی طرف منسوب نہیں ہے اس تقلید کے سبب وہ اُس وعید سے محفوظ نہیں رہ سکتا۔ مسائلِ اجتہادیہ میں تقلید دوسری چیز ہے اور کسی امر کو رسولِ خدا صلعم کی طرف منسوب کرنا دوسری چیز ہے۔ ہاں اس میں کچھ شبہ نہیں کہ وعیدِ تعمدِ کذب3 سے محفوظ رہ سکتا ہے، مگر نہ کذب سے۔ فقط

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 189 تا 193 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔