اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

ضیاء الدین برنی کے نام

خط (1) — 17 اپریل 1915ء (جلد اوّل، خط 136)

مکرم بندہ تسلیم۔1

آپ کا نوازش نامہ ملا۔ میں اِس عزّت کا نہایت مشکور ہوں جو آپ مجھے دینا چاہتے ہیں۔ مگر افسوس ہے کہ میں اِسے قبول کرنے سے قاصر ہوں اور اس وجہ سے کہ مجھے اس قسم کے نام و نمود سے قطعی اجتناب ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ مجھے معاف فرماویں گے۔2

تعجب ہے کہ اس واقعہ کو آپ کشیدگیٔ تعلقات سے تعبیر فرماتے ہیں اس واقعہ سے پہلے مرے آپ کے کوئی تعلقات نہیں تھے اور میں نے اس موقع پر جو کچھ عرض کیا تھا اس میں مَیں اخلاقی اعتبار سے بالکل حق بجانب تھا اس کو آپ بخوبی سمجھتے تھے اور یقیناً اب بھی سمجھتے ہیں3۔ اگر کوئی اور معاملہ ہوتا یا اب ہو تو میں ہر طرح آپ کی مدد کے لیے حاضر ہوں۔ والسلام

آپ کا خادم محمد اقبال لاہور

17؍ اپریل 15ء

(انوارِ اقبال)


خط (2) — 20 اپریل 1915ء (جلد اوّل، خط 137)

لاہور 20؍ اپریل 15ء

مکرم بندہ السلام علیکم

آپ کا خط مل گیا ہے۔ اگر کتاب کو میرے نام سے معنون کرنے سے اس کی قدر و قیمت میں کوئی اضافہ ہو سکتا جو آپ کی مالی منفعت یا کسی اور فائدہ کا باعث ہوتا تو ضرور اجازت دے دیتا مگر جہاں تک میں سوچتا ہوں اس کا یہ اثر نہیں ہو سکتا کیوں کہ مجھے اخباری دنیا یا اخبار نویسی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مگر چونکہ آپ مصر ہیں اس واسطے میں اپنا پہلا خط واپس کرتا ہوں اور یہ عرض کرتا ہوں کہ میں کتاب دیکھ کر اس امر کا فیصلہ کروں گا۔ لیکن آپ مجھ سے یہ عہد کریں کہ اگر کتاب دیکھ کر میں نے اجازت نہ دی تو آپ اس سے ناراض نہ ہوں گے۔ اُس واقعہ کا کوئی اثر مرے دل پر نہ تھا اور نہ اب ہے۔ آپ بلا تکلّف جب چاہیں میرے غریب خانے پر تشریف لاویں۔ والسلام

آپ کا خادم محمد اقبال

(انوارِ اقبال)


خط (3) — 22 مئی 1915ء (جلد اوّل، خط 141)

مکرّم بندہ

آپ کی کتاب4 مفید ثابت ہو گی اردو خوانوں کے لیے بالخصوص اس قسم کی کتاب کی ضرورت تھی۔ اگر آپ اس کتاب کے ڈیڈیکیشن سے مجھے معزز کرنا چاہتے ہیں تو میں آپ کی راہ میں حائل ہونا نہیں چاہتا شوق سے ڈیڈیکیٹ کیجیے۔ والسلام

آپ کا خادم محمد اقبال لاہور

22؍ مئی 1915ء

(انوارِ اقبال)


خط (4) — 30 اکتوبر 1915ء (جلد اوّل، خط 162)

لاہور۔ 30؍ اکتوبر 15ء

مکرمی۔ السلام علیکم آپ کا خط مل گیا ہے جس کے لیے میں آپ کا ممنون ہوں۔ تصوّف کی کتاب پر نظرِ ثانی کرنے کے لیے میں کسی طرح اہل نہیں کیونکہ مجھے تصوّف سے معمولی واقفیت ہے اور وہ بھی سطحی۔ اس کام کے لیے موزوں تر آدمی خواجہ حسن نظامی ہیں۔ میری رائے میں تصوّف پر بہت سی کتابیں تمام اسلامی زبانوں میں موجود ہیں جن کا مطالعہ عام اسلامی پبلک کے لیے کچھ مفید ثابت نہیں ہوا۔ البتہ اگر آپ تصوّف کی تاریخ لکھیں اور بتائیں کہ تاریخی اعتبار سے تصوّف کا تعلق اسلام سے ہے یا نہیں تو یہ رسالہ نہایت مفید ثابت ہوگا5۔

والسّلام

آپ کا خادم محمد اقبال لاہور

(انوارِ اقبال)


خط (5) — 31 اگست 1916ء (جلد اوّل، خط 201)

مکرّم بندہ۔ السلام علیکم۔

افسوس ہے کہ مجموعۂ اشعار اب تک شائع نہ ہو سکا۔ امید ہے کہ جنگ کے بعد شائع ہو گا ’’مینارِ دل پہ اپنے ...... الخ‘‘ اس غزل کو اس قصے سے کوئی تعلق نہیں جو آپ نے سنا6 ہے۔ پیغامِ محبت کے جواب میں جو نظم میں نے لکھی تھی وہ اور ہے۔ مدّت ہوئی مخزن میں شائع ہوئی تھی۔

مہدی و مسیح کے متعلق جو احادیث ہیں ان پر علامہ ابن خلدون نے اپنے مقدّمہ میں مفصل بحث کی ہے۔ اُن کی رائے میں یہ تمام احادیث کمزور ہیں۔ جہاں تک اصولِ فنِ تنقیدِ احادیث کا تعلق ہے میں بھی ان کا ہمنوا ہوں، مگر اس بات کا قائل ہوں کہ مسلمانوں میں کسی بڑی شخصیت کا ظہور ہو گا۔ احادیث کی بنا پر نہیں بلکہ اور بنا پر میرا عقیدہ یہی ہے۔ ماجد علی صاحب کی کتاب میری نظر سے نہیں گزری، نہ اس فقرہ کا مطلب پوری طرح ذہن میں آیا ہے کہ کچھ عرض کر سکوں۔ جو سوال آپ نے مجھ سے کیا ہے اس سے پہلے یہ طے ہونا چاہیئے کہ CONSISTENCY کیا ہے۔ ممکن ہے کہ یہ خود نقیضین کی تحلیل اور ہم آغوشی ہو7۔ یہ مسئلہ نہایت دقیق ہے جس کے متعلق اس خط میں لکھنا آسان نہیں۔ اس کا فائدہ کچھ نہ ہو گا آپ میرا مفہوم نہ سمجھ سکیں گے۔ محمد علی صاحب8 کے شعر میں سن چکا ہوں۔ آپ نے ان کو اپنے خط میں نقل کرنے کی زحمت کی اس کے لیے شکر گزار ہوں۔ والسلام

آپ کا خادم محمد اقبال لاہور

31؍ اگست 16ء

(انوارِ اقبال)


خط (6) — 23 دسمبر 1920ء (جلد دوم، خط 126)

مکرّم بندہ۔ السلام علیکم

نوازش نامہ مل گیا ہے۔ افسوس ہے کہ آپ کی مدّت کی خواہش پوری نہیں کر سکتا۔ میں مجموعہ مرتب کر رہا ہوں9۔ کچھ نظموں کی نظرِ ثانی باقی ہے۔ بعض دولت مند دوستوں نے اسے نہایت عمدہ کاغذ پر چھاپنے کا تہیہ کیا ہے۔ ان کی خواہش ہے روپیہ وہ خرچ کریں اور فائدے تمام و کمال میں اٹھاؤں۔ دل اس کے قبول کرنے میں بھی متامل ہے۔

والسلام

محمد اقبال

لاہور، 23؍ دسمبر 20ء

(انوار اقبال)


خط (7) — 12 اپریل 1922ء (جلد دوم، خط 195)

لاہور 12؍ اپریل 22ء

مکرم بندہ السلام علیکم

میں بوجہ عارضۂ نقرس کئی روز سے صاحبِ فراش ہوں اس واسطے آپ کے خط کا جواب نہ لکھ سکا۔

آپ نے جہاں آرا بیگم کی سوانح عمری، بہت اچھی لکھی ہے۔ اس کی زندگی واقعی ایک نیک مسلم عورت کا نمونہ ہے۔ علالت کی وجہ سے زیادہ نہیں لکھ سکتا۔ معاف فرمائیے۔ میرے نثر کے مضامین صرف چند ایک ہیں اور وہ بھی محفوظ نہیں۔

والسلام

محمد اقبال

(انوارِ اقبال)


خط (8) — 10 دسمبر 1933ء (جلد سوم، خط 264)

لاہور

10؍ دسمبر 1933ء

ڈیر مسٹر برنی

آپ کے عنایت نامہ کا بہت بہت شکریہ۔ میں اس کے جواب میں کیا لکھوں؟

میں ’’مسلم فکر کی تاریخ میں تصورِ زمان و مکاں‘‘ پر مقالہ10 لکھوں گا۔ تاریخ ابھی تک طے نہیں ہوئی ہے۔ انھوں نے مجھ سے یہ خطبات 1934ء میں دینے کو کہا ہے۔

آپ کا مخلص محمد اقبال

(انگریزی سے)

(لیٹرز آف اقبال11)


اردو جریدہ نے یہ خطوط «کلیاتِ مکاتیبِ اقبال» (مرتبہ سید مظفر حسین برنی، اردو اکادمی، دہلی)، جلد اوّل (نومبر 1989ء)، صفحہ 360 تا 527 کے درمیان (5 مقامات)؛ جلد دوم (1991ء)، صفحات 220، 345؛ اور جلد سوم (1993ء)، صفحہ 433 سے ڈیجیٹائز کیے ہیں۔