اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

اصحاب الفیل کا واقعہ

سورۂ فیل کی تشریح

(تہذیب الاخلاق بابت یکم صفر 1293ھ‌27 فروری 1876ء)

سورہ فیل مکہ میں اُتری، اس میں پانچ آیتیں ہیں۔ اس سورۃ میں لفظ فیل آیا ہے اور اس سبب: اس کا نام ’’سورہ فیل‘‘ ہوا ہے، یعنی وہ سورۃ جس میں ہاتھی کا نام ہے یا ہاتھی والوں کا قصہ ہے۔

ابرہۃ الاشرم یمن کا بادشاہ جو عیسائی مذہب رکھتا تھا، اُس نے کعبہ کے ڈھانے کے ارادہ سے مکہ پر چڑھائی کی تھی۔ اللہ تعالی نے اُس کو اور اُس کے لشکر کو برباد کر دیا۔ وہی قصہ اللہ تعالی نے اس سورۃ میں فرمایا ہے:

مفسرین کی عادت ہے کہ اصل بات کو بڑھا کر کچھ کا کچھ کر دیتے ہیں۔ اسی طرح اس اصلی واقعہ کو بھی کہانی کی صورت پر بنا لیا ہے اور اپنی تفسیروں میں اس طرح لکھا ہے کہ جب ابرہہ کا لشکر ہاتھیوں سمیت کعبہ کے پاس آیا تو اللہ تعالی نے ایک قسم کے پرند جانوروں کو حکم دیا کہ مسور یا چنے کے دانہ کے برابر ایک کنکری چونچ میں اور ایک ایک دونوں پنجوں میں لے کر جاؤ اور ابرہہ کے لشکر پر چھوڑو۔ اُن پرندوں نے ایسا ہی کیا اور کنکری جس کے سر پر پڑی پار نکل گئی۔ سارا لشکر برباد ہوگیا اور اس قصہ کے لئے کچھ بے اصل روائتیں بھی گھڑ لی ہیں اور لفظی مناسبت سے تمام اُس کے لوازمات از خود خیال کر لیے ہیں۔ قرآن مجید میں اس طرح پر یہ قصہ نہیں ہے، بلکہ قرآن مجید سے صرف اس قدر پایا جاتا ہے کہ ابرہہ کے لشکر پر ایک آفت پڑی اور وہ برباد ہوگیا۔ اُس آفت کا ذکر قرآن مجید میں نہیں ہے مگر قرآن مجید کی سیاق عبارت سے اور تاریخی واقعات سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ آفت وبائی چیچک کی بیماری تھی جو ابرہہ کے لشکر میں دفعتاً زمانۂ محاصرۂ مکہ میں پھیلی اور بہت سے آدمی اور جانور چیچک سے مر گئے اور سارا لشکر تباہ ہوگیا۔ اسی واقعہ کا ذکر اللہ تعالی نے اس سورۃ میں فرمایا ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

(1) اَلَمْ تَرَ کَیْفَ فَعَلَ ربُّکَ بِاَصْحَابِ الْفِیْلِ۔

(1) کیا تو نے نہیں دیکھا کہ تیرے خدا نے ہاتھی والوں کے ساتھ کیا کیا۔

(2) اَلَمْ یَجْعَلْ کَیْدَہُمْ فِیْ تَضْلِیْلٍ۔

(2) کیا اُن کے فند کو بیکار نہیں کیا۔

(3) وَاَرْسَلَ عَلَیْہِمْ طَیْراً اَبَابِیْل۔

(3) اور بھیجے اُن پر وبالوں کے غول۔

(4) تَرْمِیْہِمْ بِحِجَارَۃٍ مِّنْ سِجِّیْلٍ۔

(4) جو اُن پر پتھر (یعنی آفت) ڈالتے تھے جو اُن کے لئے لکھے ہوئے تھے۔

(5) فَجَعَلَہُمْ کَعَصْفٍ مّاکُوْل۔

(5) پھر کر دیا اُن کو جیسے کڑ کھائی کھیتی۔

اس سورۃ میں چند لفظ ایسے ہیں جن کے سبب سے لوگوں نے دھوکا کھایا ہے اور اصلی بات کو چھوڑ کر قصہ بنا لیا ہے، اس لئے ان لفظوں کی تحقیق ضرور ہے۔

طیراً کا لفظ جو اس میں ہے وہ لفظ طائر کی جمع ہے مگر مفرد پر بھی اطلاق ہوتا ہے جیسے کہ صراح میں لکھا ہے وقد یقع الطیر علی الواحد1 جیسا کہ قرآن میں بھی اللہ تعالی نے فرمایا ہے فیکون طیراً باذن اللہ2۔ پس طیراً اور طائر دونوں کے ایک معنی ہیں۔

ان دونوں لفظوں کے لغوی معنی پرند جانوروں کے ہیں مگر شومی اور وبال اور بد فالی اور بد شگونی پر بھی اُن کا اطلاق ہوتا ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ عرب والے پرند جانوروں کے اُڑنے سے شگن و بد شگن لیا کرتے تھے، اس لئے جب کسی پر آفت آتی تھی تو کہتے تھے کہ جری لفلان الطائر بکذا3 یعنی اس کی چڑیا اسی طرح پر اُڑی ہے۔ پس اس سبب سے طائر کا لفظ بھی وبال اور شامت پر اطلاق ہونے لگا۔

لغات قرآن مجید میں اس آیت کی تفسیر کہ طائرکم معکم یہ لکھی ہے کہ ای شومکم من عند انفسکم4 یعنی تمہاری چڑیا تمہارے ساتھ ہے۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ تمہارا وبال تمہاری ہی ذات سے ہے اور تفسیر ابن عباس میں بھی طائرکم کے معنی مصائبکم کے لکھے ہیں، یعنی تمہاری چڑیا سے تمہاری مصیبتیں مراد ہیں۔

طیر کا لفظ بھی ان ہی معنوں میں مستعمل ہوتا ہے چنانچہ صراح میں لکھا ہے کہ منہ قولہم لا طیر الا طیر اللہ5۔ پس اس مقام پر اس سورۃ میں طیر کے لفظ سے وبال اور مصیبت مراد ہے جو ابرہہ کے لشکر پر پڑی مگر جو کہ اس لفظ کے معنی پرند جانور کے بھی ہیں، اس لیے لوگوں نے اُس کے لیے ایک کہانی بنا لی ہے۔

ابابیل سے وہ پرند جانور مراد نہیں ہے جو گھروں کی چھت میں یا پرانے مکانوں میں پروں کا گھونسلا بنا کر رہتے ہیں اور شام کو مغرب کے وقت اُڑتے ہیں، بلکہ اس لفظ کے معنی کثرت کے ہیں۔ چنانچہ شاہ ولی اللہ صاحبؒ نے بھی فوج فوج اس کا ترجمہ کیا ہے اور شاہ رفیع الدین صاحب نے جماعت جماعت اور شاہ عبدالقادر صاحب نے تنگ تنگ۔

تفسیر معالم التنزیل میں ہے: ابابیل کثیرۃ متفرقۃ یتبع بعضہا بعضاً یعنی ابابیل کہتے ہیں بہت سی متفرق چیز کو جو ایک دوسرے کے پیچھے ہو اور اسی سبب سے ہم نے ابابیل کا ترجمہ غول کیا ہے۔

حجارہ۔ ایک یہ لفظ ہے جس کے سبب سے لوگوں نے یہ قصہ گھڑ لیا ہے۔ یہ جمع ہے حجر کی اور لغوی معنی اس کے پتھر کے ہیں اور لفظ ترمیہم جو اُس کے ساتھ ہے تو اُس سے اور بھی لوگوں کو یہ خیال جم گیا کہ وہ پرند جانور پتھر مارتے تھے۔ مگر بات یوں نہیں ہے۔ اصل یہ ہے کہ پتھر مارنے سے مراد مصیبت ڈالنا ہے۔ اُردو محاورہ میں بولتے ہیں کہ پتھر پڑے ہیں یعنی آفت پڑی ہے۔ عرب میں بھی یہ محاورہ ہے۔ چنانچہ قاموس میں لکھا ہے۔ رومی بحجارۃ الارض اے بداہیۃ یعنی زمین کے پتھر ڈالے گئے یعنی مصیبت میں مبتلا ہوا۔

و فی حدیث الاحنف قال علی حین ندب معاویۃ عمراً للحکومۃ لقد رمیت بحجر الارض ای بداہۃ عظیمۃ تثبت ثبوت الحجر فی الارض۔ نہایۃ ابن اثیر و مجمع بحار الانوار۔

یعنی نہایہ ابن اثیر اور مجمع بحار الانوار میں لکھا ہے کہ جب معاویہ نے عمرو بن العاص کو عامل کرنے کے لئے بلایا تو حضرت علیؓ نے فرمایا کہ اُس پر زمین کے پتھر مارے گئے، یعنی اٹل مصیبت پڑی جیسے کہ پتھر زمین سے اٹل ہوتا ہے۔

لفظ سجیل۔ جب کہ مفسرین نے لفظ حجارہ سے اُس کے لغوی معنی پتھر کے لئے تو لفظ سجیل کے بھی اُنھوں نے پتھر کے معنی لئے، یعنی مٹی کے پتھر اور اس لئے شاہ عبدالقادر صاحب نے اس کا ترجمہ کِھنگر کر دیا ہے، یعنی وہ اینٹیں جو پژاوہ میں گل جاتی ہیں اور ایک دوسرے سے مل کر ڈھم ہو کر بہت سخت ہو جاتی ہیں۔

مگر سجیل، یعنی سجل بھی آیا ہے۔ چنانچہ قاموس میں لکھا ہے: قولہ تعالیٰ من سجیل اے من سجل ای مما کتب لہم انہم یعذبون بہا قال اللہ تعالیٰ ما ادرک ما سجین کتاب مرقوم والسجیل بمعنی السجین قال الازہری ہذا احسن مما مر فیہا عندی۔ یعنی من سجیل کے معنی ہیں سجل کے اور اس کے معنی یہ ہیں کہ جس چیز سے خدا نے اُن کے لئے لکھا تھا کہ عذاب دئیے جائیں گے۔ خدا تعالی نے فرمایا ہے کہ کیا جانتا ہے تو اے محمدؐ کہ کیا ہے سجین وہ لکھی ہوئی کتاب ہے اور سجیل کے بھی وہی معنی ہیں جو سجین کے ہیں اور ازہری کا قول ہے کہ یہی معنی میرے نزدیک سجیل کے لفظ کے اُن سب معنوں سے بہتر ہیں جو اوپر گذرے۔ پس اب معنی بالکل صاف ہوگئے اور اس لئے ہم نے سجیل کا ترجمہ ’’جو اُن کے لئے لکھے ہوئے تھے‘‘ کیا ہے۔

لفظ عصف کے معنی ہیں خراب ہوئی یا روندی ہوئی یا کٹی ہوئی یا چری ہوئی یا کیڑے کھائی ہوئی زراعت کے۔ خواہ اُس کے پتوں کا یہ حال ہو گیا ہو، خواہ بالوں کا، خواہ پتوں اور بالوں دونوں کا۔ تفسیر کبیر میں لکھا ہے کہ والاحتمال الثانی علی ہذا الوجہ ان یکون التشبیہ واقعا بورق الزرع اذا وقع فیہ الاکال و ہو ان یاکلہ الدود یعنی تفسیر کبیر میں لکھا ہے کہ یہ تشبیہ ہے کھیتی کے پتوں سے جس میں کیڑا لگ گیا ہو اور اُس کو کیڑوں نے کھا لیا ہو اور اسی سبب سے میں نے کعصف ماکول کا ترجمہ کیا ہے ’’جیسی کڑ کھائی کھیتی‘‘۔

قاموس اور صراح میں لکھا ہے کہ کعصف ماکول اے کزرع قد اکل حبہ و بقی تبنہ۔

یعنی قاموس و صراح میں لکھا ہے کہ عصف ماکول کے معنی ایسی کھیتی کے ہیں جس کے دانے کھا لئے ہوں اور ڈنٹھل باقی رہ گئے ہوں۔