اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

اصحاب الفیل کا واقعہ

بیان القصّۃ

عرب کی ملکی روایتوں میں یہ قصہ تواتر کو پہنچ گیا ہے اور جس زمانے میں یہ واقع ہوا اُس زمانہ سے عرب میں ایک نئے سنہ کا شمار کیا جاتا ہے جس کو عام الفیل کہتے ہیں اور اس واقعہ کے بعد اسی سال میں جناب رسول خدا! صلی اللہ علیہ وسلم پیدا ہوئے ہیں اور قصہ یہ ہے کہ ابرہۃ الاشرم ابی مسکوم عیسائی مذہب اور یمن کا حاکم تھا۔ اُس نے جرجنتیو اسقف کی تحریک سے جس کو اسکندریہ کے بطریق نے بھیجا تھا، صنعاء یمن میں ایک کلیسا بنوایا اور چاہا کہ اہلِ عرب مکہ کا حج چھوڑ دیں اور اس کلیسا کا حج کیا کریں۔ مکہ والوں نے نہ مانا۔ تب ابرہہ نے 570ء میں مکہ پر اس ارادہ سے چڑھائی کی کہ کعبہ کو مسمار کر دے اور ابرہہ کے ساتھ کعبہ کے مسمار کرنے کے لئے ہاتھی بھی تھے۔ اس سبب سے وہ لوگ اصحاب الفیل کہلانے لگے اور وہ برس جس میں یہ چڑھائی ہوئی عام الفیل کے نام سے مشہور ہوا۔ جب کہ اُنہوں نے مکۂ معظمہ کا محاصرہ کیا اُن میں ایک سخت وبا چیچک کی پھیلی اور ابرہہ اور اس کا تمام لشکر اس وبا سے ہلاک اور برباد ہو گیا اور محاصرہ چھوڑ کر بھاگ گیا اور جو کہ ایسے وقت میں اس وبا کا واقع ہونا مکۂ معظمہ کے محفوظ رہنے کا سبب ہوا اُسی کا ذکر خدا تعالی نے اس سورۃ میں فرمایا ہے۔

تحقیق القصّہ

اب ہم کو یہ بات کہ جب مکۂ معظمہ کا محاصرہ ابرہۃ الاشرم نے کیا تو درحقیقت اُس کے لشکر میں چیچک کی وبا پھیلی تھی ثابت کرنا باقی رہا ہے اور یہ بھی بیان کرنا ہے کہ اس سورۃ میں خدا تعالی نے بھی اُسی واقعہ کا ذکر کیا ہے نہ اور کسی قصہ کا۔ پس اب ہم اول امر کو مفصلہ ذیل دلیلوں سے ثابت کرتے ہیں۔

اول۔ سیرتِ ہشامی میں لکھا ہے: و اصیب ابرهة فی جسده و خرجوا به معهم یسقط انملة انملة کلما سقطت منه انملة اتبعها منه مدة تمت قیحا و دماً حتی قدموا به صنعاء و هو شل، یعنی ابرہہ کے بدن میں بیماری ہو گئی۔ اُس کی انگلیاں گرنے لگیں۔ اُن میں سے پیپ اور خون بہتا تھا، یہاں تک کہ جب صنعاء میں آیا تو لنجا تھا۔ اس کیفیت سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ چیچک کی بیماری میں ابرہہ بھی مبتلا ہوا تھا۔

دوم۔ سیرتِ ہشامی میں لکھا ہے: قال ابن اسحاق و حدثنی عبدالله بن ابی بکر عن عمرة بنت عبدالرحمان بن اسعد بن زراره عن عائشة قالت رایت قائدالفیل و سایسه بمکة اعمیین مقعدین یستطعمان، یعنی حضرت عایشہؓ سے روایت ہے کہ اُنہیں نے کہا دیکھا ابرہہ کے فیلبان اور چرکٹے کو مکہ میں کہ وہ اندھے ہو گئے تھے۔ اس روایت میں بھی جو کیفیت مندرج ہے اُس سے بھی صاف پایا جاتا ہے کہ چیچک کی بیماری سے وہ اندھے ہو گئے تھے۔

سوم۔ سیرتِ ہشامی میں لکھا ہے: قال ابن اسحاق و حدثنی یعقوب بن عیینة انه حدث ان اول ما رویت الحصبة و الجدری بارض العرب ذلک العام، یعنی سیرتِ ہشامی میں لکھا ہے کہ ابن اسحاق نے کہا کہ یعقوب ابن عیینہ نے یہ بات کہی کہ ملکِ عرب میں اسی برس پہلے پہل چیچک کی بیماری نمودار ہوئی۔

چہارم۔ واقدی میں لکھا ہے، فکان ذلک اول ما کان الجدری و الحصبه، یعنی یہی وقت تھا کہ پہلے پہل چیچک کی بیماری ہوئی۔

پنجم۔ ثعلبی نے کتاب العرائس کے بابِ قصۂ اصحاب الفیل میں لکھا ہے ’’و ولی ابرهة و من معه هاربا فجعل ابرهة یسقط عضواً عضواً حتی مات —— و هو اول. وقت رئی الجدری و الحصبة، یعنی بھاگ گیا ابرہہ اور جو لوگ کہ اُس کے ساتھ تھے اور ابرہہ کے اعضا گل گل کر گرتے تھے، یہاں تک کہ مر گیا—— اور یہ پہلا وقت ہے جو چیچک کی بیماری نمودار ہوئی۔

ششم۔ تفسیرِ صافی میں ہے: فجعلت ترمیهم بها حتی جدرت اجسامهم فقتلهم بها و ما کان قبل ذالک رئی شیئی من الجدری، یعنی پتھر مارتے تھے، یہاں تک کہ اُن کے بدنوں میں چیچک نکل آئی، اُسی نے اُن کو مار ڈالا اور اُس سے پہلے چیچک کی بیماری نمودار نہیں ہوئی تھی۔

ہفتم۔ تفسیرِ مجمع البیان میں ہے: فما لقی احد منهم الا اخذته الحکة و کان لا یحک الانسان منهم جلده الا تساقط لحمه، یعنی اُن میں سے جس کو پتھر لگا اُس کے بدن میں کھجلی پیدا ہوئی اور اُن میں سے جو شخص کھجلاتا تھا اُس کا گوشت اُتر پڑتا تھا۔ یہ حالت خاص چیچک کی بیماری کی ہے۔

ہشتم۔ کشاف میں ہے: عن عکرمه من اصابه جدرة و هو اول جدری ظهر، یعنی عکرمہ کا قول ہے کہ وہ پتھر جس کو لگا اُس کو چیچک نکل آئی اور وہی زمانہ تھا جس میں پہلے پہل چیچک نکلی۔

نہم۔ تفسیرِ کبیر میں لکھا ہے: روی عکرمة عن ابن عباس قال لما ارسل الله الحجارة علی اصحاب الفیل لم یقع حجر علی احد منهم الا نفط جلده و اثار به الجدری و هو قول سعید ابن جبیر، یعنی تفسیرِ کبیر میں لکھا کہ عکرمہ نے ابن عباس کا قول نقل کیا کہ جب اللہ تعالی نے اصحابِ فیل پر پتھر ڈالے تو جس شخص پر پتھر پڑا اُس کی جلد پھد پھدا اُٹھی اور چیچک کا زور ہو گیا اور یہ قول سعید ابن جبیر کا ہے۔

دہم۔ گبن6 کی تاریخِ رومیہ (باب 50) کے حاشیہ پر ولیم اسمتھ7 نے اور ترجمہ انگریزی قرآن کے سورۃ الفیل کے حاشیہ پر رادول8 نے رلیسک9 کی کتابِ معالجاتِ عرب اور ہمر گیمل و لسان کی کتاب سے نقل کیا ہے کہ عرب میں اول مرتبہ چیچک کا مرض ابرہہ کی چڑھائی کے وقت نمودار ہوا تھا۔

یہ روایتیں بالکل یقین دلاتی ہیں کہ ابرہہ کے لشکر پر جو آفت پڑی وہ بلاشک چیچک کی وبا تھی۔

اب ہم بیان کرتے ہیں کہ قرآنِ مجید سے بھی اسی واقع کے ہونے کی طرف اشارہ پایا جاتا ہے۔

اول۔ بڑی عمدہ تشبیہ جو قرآنِ مجید میں ابرہہ کے لشکر کی عصف ماکول‌کھایا ہوا بھوسا سے دی گئی ہے وہ بالکل مرضِ چیچک کی پوری تشبیہ ہے، کیونکہ چیچک کی بیماری میں انسان کا بدن کیڑے کھائی ہوئی چیز کے بالکل مشابہ ہو جاتا ہے۔

دوم۔ حجر کا لفظ بھی اس مرض کی طرف اشارہ کرتا ہے، اس لئے کہ حجر و حصبہ کے ایک معنی ہیں اور حصبہ چیچک کے مرض کو کہتے ہیں۔

سوم۔ سجیل سے بھی اگر وہی مراد لی جائے جو مفسرین نے لی ہے، یعنی دوزخ کی آگ میں پکی ہوئی کنکریاں تو وہ بھی چیچک کے دانوں کے نہایت مناسب ہے۔

چہارم۔ ابابیل کا لفظ بھی اس مرض کی حالت سے نہایت مناسبت رکھتا ہے، اس لئے کہ ابابیل ایسی کثرت کو کہتے ہیں جو گروہ گروہ میں پے در پے ہو۔ مرضِ چیچک کا بھی یہی حال ہوتا ہے کہ ایک غول آج اس مرض میں مبتلا ہوا، دوسرا غول کل اور علیٰ ہذ القیاس۔

پس قرآنِ مجید میں جس آفت کا ابرہہ پر نازل ہونا مذکور ہوا ہے اگرچہ اُس کا نام نہیں لیا گیا مگر اُس کے الفاظ اور اُس کی تشبیہیں مرضِ چیچک سے ایسی مناسب ہیں کہ اُس سے صاف مرضِ چیچک کی وبا کا ابرہہ کے لشکر میں واقع ہونا پایا جاتا ہے۔

جواب اعتراض ملاحدہ

اب اس مقام پر کوئی ملحد یہ اعتراض کر سکتا ہے کہ اگر یہ واقعہ وقوع میں آیا تو اس سے کعبہ کی کچھ بزرگی اور کرامات ثابت نہیں ہوتی، کیونکہ یہ ایک اتفاقی واقعہ تھا اور ایسے واقعے دنیا میں بہت ہوا کرتے ہیں۔ چنانچہ ہیرو ڈوٹس‌Herodotus کی تاریخ سے جو چار سو برس پیشتر حضرت مسیح کے تھا، ثابت ہوتا ہے کہ ڈلفی10 کے مندر پر جو یونان میں تھا ایک دفعہ ایرانیوں نے پانچ سو برس قبل مسیح کے چڑھائی کی۔ جب اُس کے قریب پہنچے تو آسمان پر سے بجلی گری اور مندر کے بعض مکانات گرے اور ایرانی اُس میں دب کر مر گئے اور باقی خوف سے بھاگ گئے اور پھر تین سو برس پیشتر گال11 والوں نے اُس پر چڑھائی کی اور اسی طرح ایک عجیب واقعہ سے جس کا ذکر پاسانیاس12 نے لکھا ہے گال والے پسپا ہو گئے۔ پس اس واقعہ کے ہونے سے کعبہ کی کیا کرامات ثابت ہوتی ہے؟

مگر ایسا اعتراض کرنا اعتراض کرنے والوں کی غلطی ہے۔ کعبہ کی بزرگی کسی کرامت کے ظاہر ہونے سے نہیں ہے، بلکہ اُس کی بزرگی صرف اس وجہ سے ہے کہ خاص خدا کا نام پکارنے کو ابراہیم علیہ السلام کے ہاتھ سے بنایا گیا تھا۔

اس سورۃ میں بھی خدا تعالی نے یہ واقعہ کچھ کعبہ کی کرامات ثابت کرنے کو نہیں بیان کیا، بلکہ اپنی قدرتِ کاملہ کی ایک شان بیان کی ہے۔ تمام قدرتیں خدا تعالی کے قوانینِ قدرت کے طور پر ظہور میں آتی ہیں۔ انسان کا پیدا کرنا، درختوں کا پیدا کرنا، پھول پھل کا پیدا کرنا، سب قوانینِ قدرت کے مطابق ہوتا ہے، لیکن اُن سب میں اظہارِ قدرت اور شان خدا تعالی کی ہوتی ہے۔ اسی طرح اس واقع میں بھی جو قوانینِ قدرت کے مطابق واقع ہوا خدا تعالی کی شان اور قدرت پائی جاتی ہے جس کا ذکر خدا تعالی نے انسان کی نصیحت کو اس سورۃ میں فرمایا ہے۔ ہاں البتہ اس بیان سے کعبۂ معظمہ کی یہ عزت ثابت ہوتی ہے کہ جس واقعہ سے کعبہ محفوظ رہا خدا نے بطورِ اظہار اپنی شان و قدرت کے اُس کا ذکر کیا مگر ڈلفی کے مندر کا کبھی نام بھی نہیں لیا۔

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ دوم (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 116 تا 127 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔