اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

حمیدیہ کالج (حصہ دوم)

’’ہم بھی کھیل رہے تھے‘‘

حمیدیہ سے ہم کو 3 بجے شام کو چھٹی ہوتی تھی۔ ہم ساڑھے تین بجے تک چائے ناشتا وغیرہ کھا کر گھوڑوں پر سوار ہو جاتے تھے۔ آج جمعرات کا دن تھا اور بجائے 3 بجے کے ہمیں  ایک بجے چھٹی ہو گئی تھی۔ جمعرات کا دن ہمارے کھیل میں بہت خوبصورت دن ہوتا تھا۔ اس لیے کہ ہم آج کے دن اس بات کے مختار ہوتے تھے کہ کثرت رائے سے جس کھیل کو پسند کریں اس کو ہمارا استاد قبول کرے۔ اور دنوں میں ہمیں اپنی خوشی پر اختیار نہیں ہوتا تھا۔ بلکہ استاد کی رائے پر ہمیں مقید رہنا پڑتا تھا۔ اور استاد کی اکثر یہی ایک رائے ہوتی تھی کہ چاند ماری وغیرہ کریں جو ہمیں بہت بری معلوم ہوتی تھی۔ اس لیے کہ اس کا محدود احاطہ ہماری بلند خیالی کے لیے ہمیں دل کا حوصلہ نہیں نکالنے دیتا تھا۔ ہم نے کالج کے نکلنے سے پہلے ہی کثرت رائے سے اس بات کا فیصلہ کر لیا تھا کہ آج جرمنی اور فرانس کی لڑائی ہو گی۔ لطیف بے اور ارشد بے اس لڑائی میں بہت ہوشیار تھے۔ ہم نے لطیف بے اور ارشد بے کو دونوں جانب کا سردار بنایا۔ میں اس میں کپتان تھا اور شہزادہ عزیزالدین کمانڈر انچیف مقرر کیے گئے۔ دوسری طرف ایک شخص یوسف نامی یہودی تھے۔ میں شہزادہ عزیزالدین کی جانب تھا۔ اور میرا ایک دوست احمد یوسف کی جانب میرا حریف تھا۔

رامی کے ٹیلوں پر میری فوج کا قلعہ فرضی طور پر قرار دیا گیا تھا۔ اور (سطحۂ رامیہ) یوسف کو ملا تھا۔ ہم نے پہلے تو توپوں کے ذریعہ سے دشمن کے قلعہ کو گرانے کی کوشش کی۔ جب اس میں دقت ہوئی تو ہم نے اپنی فوج کو آگے بڑھایا۔ دشمن ہم سے قوی تھا۔ اس لیے کہ ہم جرمن کی فوج میں تھے اور مقابل جو فوج رکھی گئی تھی وہ فرانس کی فوج تھی۔ جرمن کی فوج میں آدمیوں کی بہت قلیل مقدار ہوتی ہے۔ اور توپ خانہ وغیرہ زیادہ ہوتا ہے۔ بخلاف اس کے فرانس کی فوج میں توپ خانہ وغیرہ کم ہوتا ہے مگر جمعیت زیادہ ہوتی ہے۔

دشمن کی فوجیں ہم سے بہت دور ہو گئی تھیں اس لیے کہ ہمارے ہر امیمو (ترپ1) کے ساتھ توپوں اور بار برداری کا زیادہ انبوہ تھا۔ اُس نے ہم سے دور پناہ لینے کے بعد اپنی مجموعی فوج کو اس طرح منتشر کر دیا کہ ہم کو توپوں کے رخ بہت گھما کر رکھنے پڑے۔ اس کے انتشار کا مطلب یہ تھا کہ جب اس کی فوجیں چاروں طرف ہو جائیں گی تو ہماری حربی قوت چاروں طرف تقسیم ہو کر کم ہو جائے گی۔

میں جس مقام پر کھڑا تھا یہ یمینیہ کا موقعہ کہلاتا ہے۔ دشمن کی کچھ فوج ہماری طرف بڑھی۔ اور اس قدر بڑھی کہ ہم توپ کی زد سے اس کو کسی طرح نہیں روک سکتے تھے بلکہ ہمیں بندوقوں کے سنبھالنے کی نوبت آئی۔

جب ہم نے بندوقوں سے اس کا مقابلہ کیا تو قاعدہ کے مطابق ان کو ہٹنا چاہیے تھا۔ مگر وہ ہنستے مسکراتے ہماری جانب درّائے ہوئے چلے آئے۔ ہم نے ان کو منع بھی کیا کہ تم کو پیچھے ہٹ جانا چاہیے مگر وہ نہ مانے۔ ہمارے ساتھیوں میں سے ایک شخص نے فتح کا نشان بلند کر دیا۔ جس پر آپس میں شکر رنجی شروع ہوئی۔ درائے ہوئے چلے آنے کا بانی مبانی یوسف تھا۔ اور یوسف سے ہی ایک شخص سے لڑائی ابتدا میں شروع ہوئی تھی۔

کالج میں لوگ مجھ کو صلح کل کہا کرتے تھے۔ میں بہت دور تھا جس وقت آپس میں نزاع شروع ہوا۔ دور سے ایک جگہ انبوہ کثیر اور فتح کا نشان کھڑا دیکھ کر میں گھوڑا دبائے ہوئے آیا تو کیا دیکھتا ہوں۔ کہ یوسف اور غرافہ میں بہت سخت گفتگو ہو رہی ہے اور شاید اگر میں دس منٹ اور نہ آتا تو آپس میں تلوار چل جاتی۔

ترکوں کی آپس کی لڑائی ہندوستان کی سی گالی گلوچ کی لڑائی نہیں ہے۔ وہاں گالی دینا تو شاید بازاری آدمیوں کو بھی نہیں آتا مگر تلوار چلنا معمولی بات ہے۔ میں نے دور سے دیکھ کر یوسف کو للکارا کہ ہیں یہ کیا ہنگامہ ہے۔ یوسف نے پہلے تو مجھے بہت گرم آنکھوں سے دیکھا۔ مگر جب میں قریب آ گیا اور میں نے اس کو علیحدہ بلا کر کان میں کہا۔ کہ دیکھو وہ دفعی بے (جو ہمارے استاد تھے) دیکھ رہے ہیں۔ تو وہ خاموش ہو گیا اور فتح کا جھنڈا بدستور قائم رہا۔ جرمن پارٹی کے لوگ یہ کہتے تھے کہ یہ بے قاعدہ بڑھے چلے آئے ورنہ ہم یا ان کو بھگا چکے تھے یا قید کر چکے تھے یا مار چکے تھے۔

دوسرا گروہ یہ کہتا تھا کہ ہم سب جا سکتے تھے۔ مگر مذاق سے یہاں تک چلے آئے ہم پھر چلے جاتے ہیں اور لڑائی اس ہی مقدار پر رکھی جائے جس کو برابر کا حق حاصل ہو سکتا ہے۔ شہزادہ عزیزالدین نے یہ فیصلہ کیا۔ کہ فرانس پارٹی اس ہی مقام پر کھڑی کی جائے جس مقام سے اس نے مذاق شروع کیا۔ اور جرمن پارٹی اپنا عمل شروع کرے۔ جرمن پارٹی کو اس قدر توقف کا تاوان فرانس پارٹی ادا کر دے۔ اور لڑائی پھر بدستور بحال کر دی جائے۔ جب فرانس پارٹی سے تاوان لیا گیا تو اس کے پاس رسد اور ہتھیار اور آدمی تینوں چیزیں کم ہو گئیں۔ فیلڈ میں جس وقت اس کی فوج پہنچی جس قدر اس طرف آ چکی تھی سب گرفتار ہو گئی۔ جو رہ گئی تھی اس کو ہمارے توپ خانوں نے مطیع کر لیا۔ اب وہاں پھر ہنگامہ شروع ہو گیا۔ اور فرانس پارٹی نے عذر کیا کہ ہم کو بے قوت ہو جانے نے پسپا کر دیا۔ ہم اس کو ہار نہیں مان سکتے۔ قریب تھا کہ پھر لڑائی بڑھ جائے کہ عزیزالدین نے مجھے آواز دی۔ یوسف مجھ سے بھی بگڑنے لگا۔ اور مجھ پر اس نے تلوار اٹھائی۔ میں نے چار کالم برداروں سے جو اس کو مقید کیے ہوئے تھے اشارہ کر دیا کہ اس کو قرار واقعی اور سچ مچ باندھ لو اس لیے کہ تلوار اٹھانا جرم ہے۔ یہ دو مرتبہ ایسی حرکت کر چکا ہے۔ اور یہاں سے ٹیلیفون دے کر قاضی کو خبر کر دی جائے تا کہ مقدمہ قائم ہو جائے۔ میری رائے سے شہزادہ عزیزالدین کو بھی اتفاق ہوا۔ ہم چاہتے ہی تھے کہ اطلاع دیں۔ کہ سامنے سے ایک برق انداز پرچم لیے ہوئے ہمارے پاس آیا۔ جس کے ہاتھ میں ایک حکم تھا اور اس کا منشا یہ تھا کہ نمبر 1۔ 2۔ 5۔ 18۔ اور نمبر 52 کو سلطان یاد فرماتے ہیں۔ ان میں نمبر 1 شہزادہ عزیزالدین تھے۔ اور نمبر 2 یوسف، نمبر 5 میں، اور نمبر 18۔ ارشد بے اور نمبر 52 لطیف تھے۔

یوسف کے اوسان تو پہلے ہی سے ٹھکانے نہ تھے۔ اس کے حکم نامے کے آتے ہی وہ ہمارے ہاتھ جوڑنے لگا کہ سلطان سے شکایت نہ کرنا۔ یوسف کے بار بار ہاتھ جوڑنے پر مجھے ہنسی آتی تھی۔ مگر میں ڈرتا تھا کہ کہیں سلطان میری ہنسی نہ دیکھ لیں۔ میں نے اس سے کہا کہ بیوقوف ہم کیا کہہ سکتے ہیں تو دیکھتا ہے کہ جب وہ نمبر کے ساتھ بلا رہے ہیں تو ضرور ہم کو ان جھگڑوں کے ساتھ دیکھ رہے ہوں گے۔ پھر بھی ہم نے اس کی تسکین کر دی کہ تیرا تلوار اٹھانا ہم تو بیان نہیں کریں گے۔ ہاں اگر سلطان خود دریافت فرمائیں گے تو جھوٹ بھی نہیں بول سکتے۔ اس وقت سلطان برج احمر کے کنارہ شمسیہ میں بیٹھے تھے۔ اطلاع کے بعد سب سے پہلے سلطان نے مجھے بلایا میں سلام کرنے کے بعد گھوڑے پر سے اترنے کا منتظر ہوا۔

سلطان۔ اتر آؤ۔

میں۔ اس حکم کے ساتھ خلیفۃ اللہ نے اترنے کو منع کیا ہے۔

سلطان۔ میں باقاعدہ حکم دیتا ہوں کہ اتر آؤ۔

میں۔ مجھے 8 اور 9 دفعہ کا حکم یاد ہے۔

تب سلطان نے کرچ2 سے مجھے باقاعدہ اشارہ دیا۔ اور نیچے اترنے کے بعد دبی زبان سے فرمایا ’’مرحبا ہندی‘‘۔ مجھ سے دریافت کیا کہ کیا واقعہ تھا۔ میں نے ابتدا سے انتہا تک سب قصہ  بیان کر دیا۔ مگر صرف اس خیال سے کہ سلطان مشیخت‌خود ستائی نہ سمجھیں اپنی صلح کرانے کا قصہ نہیں کہا۔

سلطان۔ اور تم نے اپنی کوششِ صلح کو بیان کرنا عمداً چھوڑ دیا یا بھول گئے۔

میں۔ خدا وند! میں بھولا نہیں تھا۔ بلکہ اس میں مشیخت کی بو تھی اس لیے میں اس کو چھوڑ گیا۔

سلطان۔ واقعات میں ہمیشہ سچ اور سچا واقعہ پورا بیان کرنا چاہیے۔ یہاں بیجا انکسار مجوز3 کو انصاف کے وقت مشوش4 کر دیتا ہے۔ اچھا بیٹھ جاؤ۔

اور چوبدار کو حکم دیا نمبر 1۔ چوبدار دوڑا ہوا گیا۔ اور عزیزالدین کو لے آیا۔ وہ پیدل آئے تھے اور انھوں نے تلوار کی سلامی دی اس لیے ان کو معاً بیٹھنے کا موقعہ مل گیا۔ (سلطان پوچھتے ہیں اور عزیزالدین پھر کھڑے ہو جاتے ہیں)

عزیز کیا ہنگامہ تھا؟

عزیز۔ حضور جو کچھ سلیم کہہ رہا تھا میں پردہ کے باہر سے سب سنتا جاتا تھا۔ میرے نزدیک اس نے سب سچ کہا ہے۔