اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

حمیدیہ کالج (حصہ دوم)

اس کے بعد بقیہ منتظرین کو بار یابی کا موقعہ ہوا۔ سلطان نے یوسف کو بہت قہر آلودہ نگاہوں سے دیکھا اور فرمایا (ہم بھی کھیل رہے تھے)۔ اس کے بعد کاغذ کا ایک صفحہ ہمارے سامنے لا کر رکھا اور ہم سے کہا کہ دیکھو یہ تمہاری لڑائی کا سین ہے۔ جرمن پارٹی اس وقت نہیں جیتی ہے جس وقت تم مذاق کر رہے تھے۔ بلکہ جس وقت تمہاری فوجیں بڑھی ہیں اس وقت بے قاعدہ بڑھی ہیں اور دفعہ 277 کے رو سے تم میں سے ایک بھی کیمپ تک واپس نہیں جا سکتا۔ لہذا تم کو ہار ماننا چاہیے۔ اور دو مرتبہ بے وجہ نفسانی فساد کی تم کو سزا ملنی چاہیے۔ ارشد کو جو فرانس کی فوج کا سردار ہے، 3 لڑائیوں کے لیے صرف سپاہی کا عہدہ دیا جائے۔ اس لیے کہ اس نے اپنی فوج میں ابتری کیوں ہونے دی۔ اور فوراً یوسف کو کیوں فیلڈ باہر کیا۔ یوسف کو ایک سال کے لیے بار برداری کا کام دیا جائے اس لیے کہ اس نے بہت گستاخی کی۔ نمبر 5 صلح کل کو ایک سال کے لیے جرنل کا عہدہ اور ہماری جیب خاص سے ریوالور انعام دیا جاوے۔ نمبر ایک کو رائفل اور ٹیلر گھوڑا انعام۔ بقیہ بدستور۔

ہمارے چند منٹ بیٹھنے کے بعد قہوہ اور بسکٹ آئے۔ ہم پی نہیں چکے تھے کہ سلطان کی سواری پھر آ گئی۔ اور حکم دیا کہ قہوہ پی کر سب بچے باغ میں حاضر ہوں۔ ہم جلد جلد قہوہ سے فارغ ہو کر باغ میں گئے۔ اور سلامی پیش کی۔

سلطان۔ میں صرف عزیزالدین کی طرف متوجہ نہیں ہوں۔ بلکہ سب کی طرف متوجہ ہوتا ہوں۔ میرے بچو! یہ تمہاری جھوٹی لڑائیاں نہیں ہیں بلکہ تم ان کو سچی لڑائیاں سمجھو۔ اس لیے کہ آنے والے وقت کے لیے تم تیار ہو گے اور میں بڈھا ہوں گا۔ میری کمر میں جو کچھ قوت ہے وہ تم سے ہے، میری آنکھ میں جس قدر روشنی ہے وہ تمہاری صورت سے ہے۔ دیکھو اور سمجھ لو کہ لڑائی میں مذاق اور دل لگی کا موقعہ کبھی نہیں آتا۔ بلکہ تم جس اطمینان اور بے خوف طریقہ سے نڈر ہو کر لڑتے ہو یہ بھی مخدوش ہے۔ اس لیے کہ لڑائی بہت خوفناک سین کا نام ہے۔ اس سے مجھے یہ مدنظر نہیں کہ ترکوں میں بزدلانہ خوف کا اثر آ سکتا ہے۔ بلکہ ہوشیار کرنا مدنظر ہے ورنہ لڑائی ہمارا کھیل ہے اور ہم بہت خوش قسمت ماں سے پیدا ہوئے ہیں۔ اگر ہماری موت لڑائی میں آئے۔ اچھا جاؤ خدا کے سپرد اور ہمیشہ یہ یاد رکھو کہ جس وقت تمہارے کھیل کو کوئی نہیں دیکھتا اس وقت میں دیکھتا ہوں۔ یلدوز کی چار دیواری میں بند عبدالحمید کو تم یہ نہ سمجھنا کہ وہ عیش کی نیند سوتا ہے۔ اس کا دل ہر وقت کن آلام میں مبتلا رہتا ہے۔ اس کو خدا جانتا ہے یا اس کا رسول۔