اسلام میں غلامی کا منظر
ایک اور شہید کی لاش
غلاموں کے درد ناک و جگر گداز افسانوں سے تاریخ عالم پُر ہے، یونان کی فلسفہ زار سر زمین اپنی مردم خیزی پر جس قدر چاہے ناز کرے لیکن بے بس غلاموں کو ظالم آقاؤں کے دست ستم سے محفوظ رکھنے میں اس کا دامن بھی بے پناہ تھا، گو یونان کا مشہور مورخ دیماستھنس1 ملکی قانون عدالت میں غلاموں کو بعض حقوق دینے پر فخر کرتا ہے تاہم وہ اگر عملی حالت کا جائزہ لے تو اس کو اپنے ابنائے وطن کی جفا کاریوں سے شرمسار ہونا پڑے گا، انسائیکلوپیڈیا کا نامہ نگار لکھتا ہے ’’یونان میں بسا اوقات غلاموں کے ساتھ بار برداری کے جانوروں سے بھی زیادہ برا برتاؤ روا رکھا جاتا تھا‘‘۔
رومن امپائر جس کی شان و شوکت کی صدائے بازگشت اب تک غلغلہ انداز عالم ہے اس بے بس مخلوق کے لیے بدترین حکومت تھی، رومن قانون نے غلاموں کو انسانیت کے تمام حقوق سے محروم کر دیا تھا، اور خفیف سے خفیف جرم کے لیے قتل اور حبس کی سزائیں مقرر کی تھیں ان قانونی آزادیوں نے ستم پیشہ آقاؤں کے دست تظلم کو قدرتاً زیادہ دراز کر دیا تھا، اور وہ مویشیوں سے زیادہ غلاموں کی قدر و قیمت نہیں سمجھتے تھے، کیٹو2 روم کے کاشتکاروں کو نصیحت کرتے ہوئے کہتا ہے ’’تم لوگ بڈھے بیلوں کی طرح، بڈھے اور بیمار غلاموں کو بھی بیچ دیا کرو‘‘
جدید یورپ جو آج سب سے زیادہ تہذیب و انسانیت کی علمبرداری کا مدعی ہے، وہ اٹھارہویں صدی سے پیشتر اس بے کس نسل انسانی کا سب سے بڑا دشمن تھا، ایشیا کی قدیم اقوام میں بھی زیر اقتدار ہستیوں کے ساتھ رواداری کا احساس نہ تھا، ہندوستان میں شُدر اقوام کی جو حالت ہے وہ زبان حال سے ایرین فاتحین کے ظالمانہ طرز عمل کی ترجمان ہے،
اسلام نے اگرچہ غلامی کو معدوم نہیں کیا لیکن اس میں شبہ نہیں کہ اس نے مختلف طریقوں سے اس کے رواج کو کم کر دیا، اور جس قدر قائم رکھا اس خوبی سے رکھا کہ غلامی غلامی نہیں بلکہ برادری اور ہمسری رہ گئی، اس دعویٰ کی بہت سی شہادتیں اسلام کے احکام اور اس کی متفرق تاریخ سے پیش کی جا سکتی ہیں، لیکن ہم نظیر میں ایک شخصی زندگی کا نمونہ پیش کرتے ہیں جو اسلام میں غلام بن کر آیا، اور سرداروں کا سردار بن کر رخصت ہوا۔ اس سے ہماری مراد حضرت سالم مولیٰ ابی حذیفہ ہیں،
حضرت سالم جن کا نام زیب عنوان ہے ان کا شمار اکابر صحابہ میں ہے، تم پوچھو گے کہ عرب کے یہ کس خاندان سے تھے؟ خاندان قریش کے کس معزز گھرانے کے وہ سپوت تھے، جواب ملے گا کہ افسوس یہ گوہر عرب کی کان کا نہ تھا، اس کے پیکر قدس میں شرفائے عرب کا خون موجزن نہ تھا، وہ ایرانی النسل تھے، اور اصطخر ان کا وطن آبائی تھا، عرب کیونکر پہنچے؟ یہ یوسف اسلام ایک عرب نژاد آقا کی غلامی میں مدینہ پہنچا تھا، قسمت حضرت ثبیتہ بنت یعار انصاریہ کے گھر ان کو لائی،
حضرت ثبیتہ حضرت ابو حذیفہ کی بیوی تھیں، جو ایک قریشی سردار، اور مکہ کے رہنے والے تھے، اس لیے حضرت سالم غالباً مکہ ہی میں مسکن گزین تھے کہ صدائے توحید سامعہ نواز ہوئی، اور فطری سلامت روی و حق پسندی نے ابتدا ہی میں آقا و غلام دونوں کو اسلام کا حلقہ بگوش بنا3دیا،
اسلام درحقیقت محبت کا دریا ہے، جس میں مساوات و الفت کی دھاریں بہتی ہیں، جو بیجا فخر و غرور کی کاغذی ناؤں کو بہا کر فنا کر دیتی ہیں، حضرت ابو حذیفہ کا خاندان جب اسلام کا حلقہ بگوش ہوا تو اس کو طبعًا بندگی و خواجگی کے امتیاز سے نفرت ہو گئی، حضرت ثبیتہ نے حضرت سالم کو آزاد کر دیا، اور حضرت ابو حذیفہ نے ان کو متبنٰی کر کے اپنی بھتیجی فاطمہ بنت ولید سے بیاہ4دیا، لفظوں میں نہیں بلکہ حقیقت میں دیکھو کہ یہ اسلامی مساوات و رواداری کا کیسا حیرت انگیز نمونہ ہے،
قبیلۂ قریش جو نسبی و خاندانی اعزاز میں اپنے آپ کو افضل ترین مخلوق عالم سمجھتا تھا، اور عجم ایک طرف خود عرب کے دوسرے قبائل میں اپنی بیٹی دینا عار و ننگ خیال کرتا تھا، وہ دفعتًہ اسلامی تعلیم سے اس درجہ روادار ہو جاتا ہے کہ ایک قریشی سردار ایک عجمی غلام کو بھی داماد، و نور نظر بنا لینے میں پس و پیش نہیں کرتا، کل تک وہ جس کو غلام کہتا تھا، آج وہ اس کو فرزند اور لخت دل کہتا ہے،
لوگوں نے بھی اس انتساب کو تسلیم کیا، حضرت سالم اس واقعہ کے بعد حضرت ابو حذیفہ کے انتساب سے سالم ابن ابی حذیفہ مشہور ہوئے، حضرت ابو حذیفہ ان کو نہایت محبوب رکھتے، اور اپنا لخت جگر و نور بصر خیال کرتے تھے، مثل اپنے بچہ کے زنانخانہ میں بے تکلف آتے جاتے تھے، لیکن چونکہ متبنٰی اولادوں کے ساتھ عرب میں نہایت بیقاعدہ برتاؤ ہوتا تھا، اور حقیقی بیٹوں کے حقوق ان پر عائد کیے جاتے تھے، اس لیے قرآن مجید نے اس فرضی ابوت و نبوت کو کالعدم قرار دیا اور یہ آیت نازل ہوئی، ادعوهم لآبائهم هو اقسط عند اللّٰہ، لوگوں کو اپنے (نسبی) باپوں کے انتساب سے پکارو، خدا کے نزدیک یہ زیادہ قرین انصاف ہے،
اس بنا پر حضرت سالم ’’ابن ابی حذیفہ‘‘ کے بجائے ’’مولیٰ ابی حذیفہ‘‘ کے لقب سے زبان زد عام ہوئے اور حضرت ابو حذیفہ کو قدرتاً ان کا گھر میں آنا جانا ناگوار گذرنے لگا، چنانچہ ان کی بیوی حضرت5سہیلہ بنت سہل نے بارگاہ نبوت میں حاضر ہو کر عرض کی، ’’یا رسوؐل اللّٰہ! سالم کو ہم اپنا لڑکا سمجھتے تھے اور وہ ہمیشہ گھر میں آتا جاتا تھا، لیکن اب ابو حذیفہ کو ناگوار گذرتا ہے‘‘ ارشاد ہوا کہ اس کو دودھ پلا دو وہ تمہارا محرم ہو جائے گا درحقیقت ایک آزاد شدہ نوجوان عجمی غلام کو دودھ پلانا ایک قریشی خاتون کی الفت و محبت کا نہایت سخت امتحان تھا، لیکن جس نے ابتدا سے مادرانہ شفقت کے ساتھ پرورش کی ہو اور اپنا لخت دل سمجھ کر کبھی جدا ہونے نہ دیا ہو اس کو اس میں بھی پس و پیش نہ تھا، حضرت سہیلہ نے دودھ پلایا، اور اس طرح حضرت سالم حضرت ابو حذیفہ کے رضاعی فرزند ہو گئے، لیکن ام المومنین حضرت ام سلمہ فرماتی ہیں کہ یہ سالم کے لیے مخصوص اجازت تھی، ورنہ جوانی کی حالت میں رضاعت ثابت نہیں6ہوتی،
حضرت سالم کو اسلام کے دربار سے اب تک صرف خاندانی شرف عطا ہوا تھا، لیکن اب وہ موقع آتا ہے کہ ان کو مذہبی امتیاز بخشا جاتا ہے،
ہجرت کے موقع میں آنحضرت صلعم سے پہلے صحابہ کرام رضوان اللّٰہ عنہم کی ایک بڑی جماعت مدینہ پہنچ گئی تھی اور قباء میں ایک مسجد کی بنیاد رکھ کر آزادی کے ساتھ خدائے واحد کی عبادت و پرستش کا فرض انجام دیتی تھی، اس وقت تک جس قدر قرآن نازل ہو چکا تھا، حضرت سالم اس کے حافظ تھے، نیز ان کو خزانۂ فطرت سے غیر معمولی حسن صوت و خوش الحانی کی نعمت بھی مرحمت ہوئی تھی، اس لیے پیشگاہ نبوت سے، مسجد قبا کی امامت ان کو عطا کی گئی،7اور یہ وہ درجہ ہے جو ایک مسلم کی نگاہ میں انتہائے معراج کمال ہے، رواداری اور مساوات کا کیسا موثر و حیرت انگیز نظارہ ہے کہ شرفاء و معززین کی ایک مقتدر جماعت (جس میں فاروق اعظم و ابو سلمہ بن عبد الاسد جیسے بلند پایہ و جلیل القدر حضرات شامل ہیں) شب و روز پانچ مرتبہ بارگاہ الٰہی میں جبہ سائی کے لیے اس طرح حاضر ہوتی ہے کہ ایک آزاد شدہ غلام اس کا امام و پیشوا ہے، اور وہ اس کے ایک ایک اشارہ پر حرکت کر رہی ہے، کیا تاریخ عالم میں ایسی مساوات و رواداری کی کوئی نظیر ہے؟ آج یورپ کی تہذیب و مساوات کے ادعائی زمانہ میں کسی سیاہ رنگ انسان کو کسی سفید رنگ کلیسا میں کلرجی کی خدمت بھی نہیں مل سکتی،
وہ طبقہ صحابہ میں فن قرأت کے امام سمجھے جاتے تھے، آنحضرت صلعم فرمایا کرتے تھے کہ قرآن چار آدمیوں سے حاصل کرو، ابن مسعود، سالم مولیٰ ابی حذیفہ، ابی بن کعب اور معاذ بن جبل8سے، خوش الحان اس قدر تھے کہ جب آیات قرآنی تلاوت فرماتے تو لوگوں پر ایک عام محویت طاری ہو جاتی اور آیند و روند ٹھٹک کر سننے لگتے، ایک دفعہ ام المومنین حضرت عائشہؓ کو رسول خدا صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہونے میں دیر ہو گئی، آپ نے توقف کی وجہ پوچھی تو بولیں کہ ایک قاری تلاوت کر رہا تھا اس کے سننے میں دیر ہو گئی، اور خوش الحانی کی اس قدر تعریف کی کہ آنحضرت صلعم خود چادر سنبھالتے ہوئے باہر تشریف لے آئے، دیکھا تو سالم مولیٰ ابی حذیفہ ہیں، آپ نے خوش ہو کر فرمایا ’’خدا کا شکر ہے اس نے تم کو میری امت میں پیدا9 کیا‘‘
