وہ مسجد قباء کے مستقل امام مقرر ہوئے، مہاجرین اولین جن میں حضرت ابوبکر و حضرت عمر بھی شامل تھے، اکثر ان کے پیچھے نمازیں پڑھتے تھے،10غرض قرآن کی برکت اور علم و فضل نے ان کو غیر معمولی عظمت و شرف کا مالک بنا دیا، حضرت عمر فاروق ان کی بے حد تعریف فرمایا کرتے، یہاں تک کہ دم واپسیں کے وقت انہوں نے منصب خلافت کے متعلق وصیت فرمائی تو کہا ’’اگر سالم موجود ہوتے تو اس مسلہ کو مجلس شوریٰ کے حوالہ نہ11کرتا‘‘ ذرا اس فقرہ کو غور سے پڑھو، خلافت کا وہ بار گراں جس کے لیے ایک طرف کسی غیر قریشی کے دست و بازو کافی نہ تھے، اس کے لیے ایک آزاد شدہ غلام کی قوت کا انتخاب ہے،
غزوۂ بدر، احد، خندق، اور عہد نبوی کی تمام اہم جنگوں میں غیر معمولی شجاعت اور جانبازی کے ساتھ وہ سرگرم کارزار ہوئے، عہد صدیقی میں یمامہ کی مہم پر بھیجے گئے، مہاجرین کا علم ان کے ہاتھ میں تھا، ایک شخص نے اس پر اعتراض کیا اور کہا ’’ہم کو تمہاری طرف سے اندیشہ ہے، اس لیے ہم کسی دوسرے کو علمبردار بنائیں گے‘‘ بولے ’’اگر میں بزدلی دکھاؤں تو سب سے بد بخت حامل قرآن ہوں‘‘ یہ کہہ کر نہایت جوش کے ساتھ حملہ آورہوئے، اور درحقیقت انہوں نے اپنے کو بہترین حامل قرآن ثابت کیا، اثنائے جنگ میں دست راست قلم ہوا تو دست چپ نے قائم مقامی کی، وہ بھی شہید ہوا تو دونوں بازوؤں نے حلقہ کر کے لوائے توحید کو سینہ سے چمٹا دیا، زبان پر یہ جاری12 تھا، وما محمد الا رسول وكأين من نبي قتل معه ربيون كثير ، محمدؐ صرف ایک رسول ہیں، اور کتنے انبیاء ایسے ہیں جن کے ساتھ بہت سے علماء نے جہاد کیا ہے، زخموں سے چور ہو کر گرے تو پوچھا ’’ابو حذیفہ کیا ہوا‘‘؟ لوگوں نے کہا ’’شہید ہوئے‘‘ بولے ’’وہ کیا ہوا جس نے مجھ سے اندیشہ ظاہر کیا تھا؟‘‘ جواب دیا گیا کہ ’’وہ بھی شہید ہوئے‘‘۔ فرمایا ’’مجھے ان دونوں کے درمیان دفن کرنا‘‘13
ابن سعد کی روایت ہے کہ جنگ یمامہ کے موقع پر جب مسلمانوں کے پاؤں پیچھے پڑنے لگے تو حضرت سالم نے کہا ’’افسوس! رسول خدا صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے ساتھ تو ہمارا یہ حال نہ تھا‘‘ وہ اپنے لیے ایک گڑھا کھود کر اس میں کھڑے ہو گئے اور علم سنبھالے ہوئے آخری لمحہ حیات تک جانبازانہ شجاعت کے جوہر دکھاتے رہے، اختتام جنگ کے بعد دیکھا گیا تو اس شہید وفا کا سر اپنے منھ بولے باپ حضرت ابو حذیفہ کے پاؤں پر14 تھا،۔ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ
