اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

امام اور امامت

(از ’’آخری مضامینِ سرسید‘‘)

اس مقام پر امام کے لفظ سے ہماری مراد اس شخص سے نہیں ہے جو سب کے آگے کھڑا ہو کر لوگوں کو نماز پڑھاتا ہے، بلکہ ایسے شخص سے مراد ہے جو بہ سبب کمالِ نفسی و روحانی و علمی و عملی کے امام کے لفظ سے مخاطب کیا جاتا ہے۔

رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ مبارک میں علاوہ نبوت اور نفاذِ احکام اور محافظتِ مسلمین کے جو آنحضرتؐ کے بعد شانِ خلافت سے متعلق ہیں، ذاتی کمالات اور اعلیٰ درجہ کی صفات بھی تھیں۔ پس ان صفاتِ کمال میں مشابہت پیدا کرنا، اس کمال میں امامت کے درجہ پر پہنچنا ہے۔

مثلاً رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کو علمِ دین میں محققاً بذریعہ وحی یا الہام کے جو مقتضائے فطرتِ نبوت تھا، اعلیٰ درجہ کا کمال حاصل تھا اور گو اس درجہ کا کمال کسی دوسرے شخص کو حاصل نہیں ہو سکتا، مگر جن لوگوں نے علمِ دین اور احکامِ شریعت کے سمجھنے اور نکالنے میں، نہ بطور تقلید، بلکہ بطور اجتہاد کوشش کی اور اس کو حاصل کیا اور جمِ غفیر مسلمانوں نے اس کو قبول و تسلیم کیا، گو کہ اس میں خطا کا احتمال بھی ہو، اُنہوں نے رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے کمالِ دینی میں ایک قسم کی مشابہت پیدا کی اور اس کمال میں درجۂ امامت حاصل کیا اور تمام لوگوں نے اس فن میں ان کو تسلیم کیا، جیسے مجتہدینِ اربعہ امام ابو حنیفہؓ، امام شافعیؓ، امام احمد بن حنبلؓ۔ امام مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین تھے۔

یا مثلاً جو تقدسِ ذاتی اور صفاتِ روحانی اور علمِ دینی و روحانی رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کو حاصل تھا، اس کو آئمہ اہلِ بیت علیہم السلام نے حاصل کیا، خواہ تعلیماً خواہ وحیاً اور اس کمال میں رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مشابہت پیدا کی، اس لئے جمِ غفیر مسلمانوں نے ان کو اس کمال میں امام تسلیم کیا اور آئمہ اہلِ بیت سے ملقب ہوئے۔

پیغمبرِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کو علمِ عقائد تحقیقاً یا از روئے وحی یا الہام کے حاصل تھا، جو دوسرے کو حاصل نہیں ہو سکتا۔ پس اس میں مشابہت کا حاصل کرنا صرف استدلال پر منحصر تھا۔ پھر جس نے استدلال سے اس کو حاصل کیا، گو کہ اس میں غلطی کا بھی احتمال ہو، اور جمِ غفیر مسلمانوں نے اس کو تسلیم کیا، اس نے اس فن میں امام کا درجہ پایا، جیسا کہ امام غزالی اور امام فخر الدین رازی و دیگر علمائے علمِ کلام اس فن میں درجۂ امامت کو پہنچے تھے۔

علاوہ اس کے رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم میں اور بہت سے کمالاتِ ذاتی تھے، جیسے تقدسِ روحانی، استغراق فی ذات اللہ، توجہ الی اللہ، تعمیلِ حکمِ ربانی، علم، رحمت۔ شفقت علی المسلمین وغیرہ وغیرہ۔ پس جو شخص کمالاتِ مصطفوی کے کسی کمال سے اپنے تئیں مشابہ کرتا ہے وہی اس کمال کا امام ہوتا ہے، خواہ وہ امام کے نام سے مشہور ہوا ہو یا نہیں۔

اور جس نے تمام روحانی اور اخلاقی صفاتِ محمدی علیٰ صاحبہا الصلوۃ والسلام میں مشابہت پیدا کر لی ہو اور ملک بھی اس کی حکومت میں ہو جس میں اس کو احکامِ شرعی کے نفاذ اور مسلمانوں کی ہدایت اور حفاظت کا اختیار حاصل ہو، بلا شبہ وہ شخص بھی اس ملک کے لئے جو اس کی حکومت میں ہے، خلیفۂ رسول اللہ اور امام کے لقب سے ملقب ہونے کا مستحق ہے، اور اگر اس نے اپنے تئیں ان صفاتِ کمال کے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں تھیں مشابہ نہیں کیا، اور کسی ملک کی حکومت حاصل کی، جیسا کہ بنی امیہ و بنی عباس نے تو وہ درحقیقت اس ملک کے لئے اور اس ملک کے مسلمان رہنے والوں کے لئے سلطان ہے نہ امام، اور نہ خلیفۂ رسول اللہ، گو کہ اس نے فخریہ طور پر خلیفہ کا لقب اختیار کیا ہو اور بزورِ حکومت اپنے تئیں خلیفہ کہلوایا ہو، اسی لئے اس نے اپنے اجتہاد سے جو احکام متعلق مذہب کے دئے ہوں وہ وقعت سے نہیں دیکھے جاتے۔

اور اگر اس نے اپنے تئیں صفاتِ کمالِ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ کیا ہے اور کوئی ملک اس کی حکومت اور قبضۂ اقتدار میں نہیں ہے، جس میں وہ احکامِ شرعی کو نافذ اور وہاں کے مسلمانوں کی حفاظت کر سکے تو وہ صرف انہی امور میں جن میں اس نے رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم سے مشابہت پیدا کی ہے امام ہے، مگر اس پر خلیفۂ رسول اللہ کا اطلاق نہیں ہو سکتا، اور اسی وجہ سے آئمہ اہلِ بیت علیہم السلام امام کے لفظ سے ملقب ہوتے ہیں۔

مگر فرقِ اسلامیہ میں امام کا مرتبہ قرار دینے میں اختلاف ہے۔ شیعہ تو امام کو معصوم اور منصوب من اللہ اور مفروض الطاعت قرار دیتے ہیں اور یہ کرامت حضرت امام مہدی علیہ السلام پر جو آئمہ اہلِ بیت کے اخیر امام ہیں، ختم ہو گئی۔ وہ پیدا ہوئے تھے اور ’’سرمن رائے‘‘ کی غار میں غائب ہو گئے ہیں، مگر اب تک زندہ ہیں اور امام العبد و للزمان ہیں اور قیامت کے قریب ظاہر ہوں گے اور اس لئے کوئی دوسرا شخص امام نہیں ہو سکتا۔

مگر اہلِ سنت و جماعت کسی امام کو منصوب من اللہ اور معصوم عن الخطا قرار نہیں دیتے، بلکہ وہ سوائے پیغمبر کے کسی کو، گو کہ وہ کیسا ہی مقدس، ذی علم اور صاحبِ فضل و کمال ہو معصوم عن الخطا نہیں سمجھتے۔

نتیجہ اس اختلاف کا یہ ہے کہ شیعہ تو امام کے حکم کو تمام دنیا کے شیعہ مسلمانوں پر بے چون و چرا واجب التعمیل سمجھتے ہیں، مگر چونکہ اُن کے امام دنیا کی آنکھوں سے غائب ہیں، اس لئے اس زمانہ میں کوئی ایسا حکم ان کے لئے وجود پذیر نہیں ہو سکتا جس کی اطاعت تمام دنیا کے شیعہ مسلمانوں پر واجب ہو۔

اہلِ سنت و جماعت کسی امام موجودہ یا گذشتہ کا حکم تمام دنیا کے سنی مسلمانوں پر بے چون و چرا واجب التعمیل نہیں سمجھتے۔ جو لوگ بے پڑھے یا کم استعداد ہیں، وہ تو جس امام کے معتقد ہیں یا جس کے اُن کے باپ دادا معتقد تھے، اسی کی پیروی کرتے ہیں اور جو لوگ ذی استعداد اور قابل ہیں وہ جب تک اس بات کو نہ سمجھ لیں کہ وہ حکم امام کا صحیح اور کتاب اللہ اور سنت اللہ کے مطابق ہے، اس کو واجب التعمیل نہیں جانتے اور اسی سبب سے اہلِ سنت و جماعت میں تقلید اور عدمِ تقلیدِ امامِ معین پر بحث چلی آتی ہے۔ اس میں کچھ شک نہیں کہ قرون مشہود لہا بالخیر‌وہ زمانے جن کی بھلائی کی گواہی دی گئی میں اور اس کے بعد تک بھی، یعنی جب تک فقہ کی کتابیں مرتب ہوئیں، کوئی شخص کسی کی تقلید پر مجبور نہیں تھا۔ اگر کوئی مسئلہ کسی کو معلوم نہیں تھا، تو وہ کسی عالم سے جس سے اس کا جی چاہتا تھا، پوچھ لیتا تھا۔

غرض یہ کہ سنیوں میں بعد پیغمبرِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے کوئی شخص ایسا نہیں ہو سکتا کہ مذہبی امور میں اس کا حکم تمام دنیا کے مسلمانوں پر واجب التعمیل ہو۔ خود صحابہ متعدد مسائلِ مذہبی میں مختلف الرائے تھے اور ایک دوسرے کی رائے کو واجب التسلیم نہیں سمجھتا تھا۔ مثلاً اکثر صحابہ معراجِ جسمانی کے قائل تھے، مگر حضرت عائشہ کو معراجِ جسمانی سے انکار تھا۔ حضرت عبداللہ بن عمر سماعِ موتے کے قائل تھے، مگر بعض صحابہ اس کے سخت مخالف تھے۔ حضرت ابو ہریرہؓ کا عقیدہ تھا کہ عزیزوں کے نوحہ کرنے سے مردہ پر عذاب نازل ہوتا ہے، حضرت عائشہ اس کے مخالف تھیں۔ یہ اختلاف صحابہ میں عقائد کا تھا اسی طرح وہ فقہی مسائل میں بھی باہم مختلف تھے۔ حضرت عبداللہ بن عباس اس بات کے قائل تھے کہ وضو میں اعضا کو ایک ایک بار دھونا چاہئے مگر حضرت ابوہریرہؓ کے نزدیک دو دو بار دھونا لازم تھا۔ حضرت علیؓ اور حضرت ابن عباسؓ اور حضرت ابوہریرہ تو فجر کی نماز میں دعائے قنوت پڑھنے کو لازمی قرار دیتے تھے، مگر حضرت ابو مالک اشجعی کو اس سے انکار تھا۔ اکثر صحابہ مسح علی الخفتین1 کو جائز سمجھتے تھے، مگر حضرت عائشہ اور حضرت ابن عباسؓ اس کو جائز نہیں سمجھتے تھے۔ اسی طرح اور بہت سے مسائل ہیں جن میں صحابہ اور تابعین آپس میں مختلف الرائے تھے اور ایک دوسرے کی رائے کو تسلیم نہیں کرتا تھا۔

موجودہ زمانہ کے حالات پر غور کرنے سے ثابت ہوتا ہے کہ اس زمانہ میں کوئی ایسا شخص موجود نہیں ہے جو امام کا رتبہ رکھتا ہو اور نہ کوئی شخص، گو کہ وہ کسی ملک کا حاکم بھی ہو، ایسا ہے جو خلیفۂ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کہلانے کا مستحق ہو، البتہ جو مسلمان کسی ملک پر حکومت رکھتے ہیں وہ اس ملک کا سلطان کہلانے کے مستحق ہیں اور درحقیقت وہ اُس ملک کے سلطان بھی ہیں، گو اُنہوں نے اپنے تئیں کسی لقب سے ملقب کیا ہو۔