اب ہم کو یہ دیکھنا ہے کہ مذہبِ اسلام کی رو سے رعیت کو اپنے سلطان کے ساتھ کس طرح پیش آنا لازم ہے۔ اس کا بیان مشکوۃ کی ایک حدیث میں ہے جس کو ہم بعینہ اس مقام پر نقل کرتے ہیں۔
عن ابن عمر رضی اللہ عنہ ابن النبی صلی اللہ علیہ وسلم قال ان السلطان ظل اللہ فی الارض یاوی الیہ کل مظلوم من عبادہ فاذا عدل کان لہ الاجر وعلی الرعیۃ الشکر واذا جارہ کان علیہ الامر و علی الرعیۃ الصبر۔
یعنی ابن عمر نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمانا نقل کیا ہے کہ بادشاہ زمین پر خدا کا سایہ ہے کہ ہر مظلوم اس کے بندوں میں سے اس کی پناہ میں آتا ہے۔ پھر اگر اُس نے عدل کیا تو اُس کی بھلائی اس کے لئے ہے اور رعیت پر اُس کا شکر کرنا فرض ہے اور اگر وہ ظلم کرے تو اس کی برائی اس پر ہے اور رعیت کو اس پر صبر کرنا لازم ہے۔
اس حدیث میں سلطان کا لفظ بغیر کسی قید کے آیا ہے۔ پس وہ سلطان خواہ مسلمان ہو، خواہ یہودی ہو، خواہ عیسائی ہو، خواہ آتش پرست ہو، اُس کے ساتھ اُس کی رعیت کو اسی طرح پیش آنا لازم ہے کہ جس طرح کہ اس حدیث میں بیان ہوا ہے۔
اس حدیث میں سلطان کو ظل اللہ اس لئے کہا ہے کہ جس طرح ہر مظلوم خدا کی پناہ ڈھونڈتا ہے، اسی طرح اس کی رعیت کا ہر مظلوم، کسی مذہب کا ہو سلطان کی پناہ میں آتا ہے اور اسی مشابہت سے سلطان کو ظل اللہ کہا ہے۔
اب ہم کو ہندوستان کے مسلمانوں پر غور کرنا ہے، جو بطور رعیت کے اور مستامن ہو کر انگلش گورنمنٹ کے ماتحت رہتے ہیں۔ انگلش گورنمنٹ نے ان کے ساتھ عدل اور انصاف کرنے میں بقدر اپنی طاقت کے کوئی دقیقہ اُٹھا نہیں رکھا۔ اُن کے تمام معاملات کے فیصلہ کے لئے قانون بنا دئے ہیں اور ہر شخص پہلے سے جانتا ہے کہ کسی فعل کا نتیجہ وہ ہے جو قانون میں لکھا ہے۔
مذہبی آزادی انگلش گورنمنٹ نے ہر ایک قوم کو دی ہے۔ تمام مذہب والوں کے مذہبی معاملات ان کے مذہبی مسائل کے موافق عدالت سے فیصل ہوتے ہیں۔ جان اور مال کا امن اور سوائے بغاوت اور شرارت کے ہر قسم کی آزادی انگلش گورنمنٹ کی رعیت کو حاصل ہے۔ پس بالتخصیص مسلمانوں کو مطابق اس حدیث کے جو اوپر مذکور ہوئی انگلش گورنمنٹ کا شکر ادا کرنا چاہئے اور انگلش گورنمنٹ کی رعایا ہو کر وہ انگلش گورنمنٹ کے ساتھ کسی قسم کا فساد یا مخالفت یا بغاوت قولاً و فعلاً نہیں کر سکتے۔
اور حدیث کی کتابوں میں متعدد حدیثیں اس مضمون کی موجود ہیں کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمانوں کو نہایت تاکید سے نصیحت کی ہے اور فرمایا ہے کہ تم اپنے امیروں اور حاکموں کی ہر حالت میں اطاعت کرو، خواہ تمہارے ساتھ ظلم و ستم ہوتا ہو یا وہ انصاف اور مروت سے پیش آتے ہوں۔ اُن حدیثوں میں حاکم یا امیر کے ساتھ کوئی شرط یا قید نہیں ہے جس سے یہ بات معلوم ہو کہ حاکم یا امیر کس مذہب کا ہو۔ پس تمام مسلمانوں کو ان حدیثوں کا ماننا اور اس پر عمل کرنا لازم ہے اور انہی حدیثوں کی رو سے لازم آتا ہے کہ تمام مسلمان جو ہندوستان میں برٹش گورنمنٹ کے سایۂ حکومت میں زندگی بسر کرتے ہیں، نہایت وفاداری اور نمک حلالی کے ساتھ برٹش گورنمنٹ کی اطاعت کریں اور خدا کا شکر ہے کہ اُس نے ایسی مہربان اور عادل گورنمنٹ اُن کی جان و مال اور عزت اور مذہب پر مسلط کی ہے جو اُن کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کرتی ہے اور اس نے ہر طرح کی مذہبی آزادی عنایت کی ہے اور وہ کوئی ایسا حکم نہیں دیتی ہے نہ کبھی دے گی، جس سے ہم کو خدا کی نافرمانی کرنی پڑے۔
اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 170 تا 177 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔ یہ تحریر کتاب «آخری مضامینِ سر سید» سے ماخوذ ہے۔

