مدت سے آرزو تھی کہ استنبول دیکھوں۔ آخر پوری ہوئی۔ اب تین ہفتے سے میں ہوں اور استنبول کی گلیاں۔ نہ وہ ختم ہوتی ہیں نہ میرا شوق۔ یورپ کے اکثر سیاحوں نے لکھا ہے کہ یہ شہر تو لاجواب ہے۔ مگر اس کی گلیاں خراب ہیں۔ گلیوں میں صفائی کا انتظام ٹھیک نہیں۔ ان سے بدبو آتی ہے۔ ان میں قدم قدم پر کتے لیٹے رہتے ہیں۔ یہ سب کچھ سہی لیکن اگر انہیں اس شہر کی بے انتہا دلچسپیوں کی شناخت کے لئے آنکھ دی گئی ہوتی تو وہ ان عیوب سے قطع نظر کر کے اس کے محاسن کو دیکھتے اور اب بھی کئی قدر شناس سیاحوں نے بے حد داد دی ہے۔ یہ عیوب عارضی ہیں۔ بہ نسبتِ سابق بہت کم ہو گئے ہیں اور امید ہے کہ دن بدن صفائی میں ترقی اور سڑکوں اور رستوں کی درستی پر زیادہ توجہ ہوتی جائے گی۔ دیکھنے کی جو چیز اس شہر میں ہے وہ یہ ہے کہ اس کے بانیوں نے اس کے لئے ایسا موقع ڈھونڈا ہے۔ جس نے اس سارے جہاں کا انتخاب بنا دیا۔ ایک طرف ایشیا اپنی قدامت کو سنبھالے کھڑا ہے اور دوسری طرف یورپ اپنی جدت طرازی پر اترا رہا ہے اور درمیان میں استنبول ہے۔ گویا ایشیا کا یورپ سے ڈانڈا ملا ہوا ہے۔ ایک طرف سے استنبول یورپ کی اقوامِ مختلفہ کا مرجع ہے اور دوسری طرف سے ایشیا کی قومیں اس کی طرف کھینچی چلی آتی ہیں۔ خصوصاً ایشیا کی مسلمان اقوام کو اس مقام کی قدرتی خوبیوں اور اس کے تجارتی فوائد کے سوا یہاں مذہبی کشش بھی ہے۔ مزید برآں خود ملک کے اندر بھی مختلف مذاہب اور اقوام کی کمی نہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ
|
جمگھٹا ہے اس میں ترک و فرس و روم و زنگ کا |
یعنی گلدستہ ہے اک گلہائے رنگا رنگ کا |
پل کی سیر۔ آؤ تھوڑی دیر کے لئے اس پل پر کھڑے ہو جائیں جو اس خلیج پر بنا ہوا ہے۔ جسے اہلِ یورپ ’’شاخِ زریں‘‘ کے نام سے موسوم کرتے ہیں۔ دیکھنے کو تو یہ پل پرانا اور خستہ سا ہے۔ اور سنتے ہیں کہ کسی جرمن کمپنی کو ایک نیا اور شاندار پل بنانے کے لئے ٹھیکہ دیا گیا ہے مگر اس کی دقیانوسی ساخت سے درگذر کر کے اس انبوہ پر تو ذرا نظر ڈالو۔ جو پل پر سے گزر رہا ہے۔ بوڑھے، جوان، پرانے، نئے، عورت، مرد، کالے، گورے، فرنگستانی اور ایشیائی کس طرح ملے جلے گزر رہے ہیں۔ کوئی اکڑ کر نہیں چلتا کہ اس مقبول گزرگاہ سے ہو کر نکلنا صرف اسی کے لئے روا ہے۔ مساوات کے اصول کا حق یہاں ادا کر دیا گیا ہے اور تصویر کی بوقلمونی درجہ کمال کو پہنچا دی گئی ہے۔ اس سے دلآویز تر تصویر چشمِ تصور نے بھی نہ دیکھی ہو۔ سرخ ترکی ٹوپیاں اور ان کے کالے پھندنے سب سے پہلے اپنی کثرت کی وجہ سے نظر کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ مگر کسی پرانی وضع کے بزرگ کی خوشنما قبا اور ٹوپی کے گرد سفید عمامے کے پیچ دامن دل کو کھینچتے ہیں۔ اور آنکھ کو کہتے ہیں کہ دیکھ با وفا اس طرح نباہ کرتے ہیں۔ زمانہ بدل جائے تو بدل جائے۔ مگر یہ اپنے اصول پر ثابت قدم رہیں۔ انہیں کے ساتھ وہ سبز عمامے والے حضرت کون گذر رہے ہیں۔ سبز عمامہ یہاں نشانِ سیادت ہے۔ سید سب سبز عمامے پہنتے ہیں۔ اور یہ امتیاز ان کے لئے مخصوص ہے اور کوئی سبز عمامہ نہیں پہن سکتا۔ اچھا تو یہ حضرت خاندانِ نبویؐ کی یادگار ہیں۔ ان کے برابر ایک ٹوپی پوش فرنگی گذر رہا ہے لیکن کس سادگی سے۔ نہ وہ سمجھتا ہے کہ ہمچو ما دیگرے نیست۔ نہ ہمارے ان حضرت کو یہ خیال ہے کہ اس سے چھو گئے تو دامنِ عبا پلید ہو جائے گا۔ سامنے سے ایک ارمنی پادری آ رہا ہے۔ سیاہ چوغہ، کھلی آستینیں، سیاہ اونچی ٹوپی، بہت بڑی داڑھی اور بال لمبے۔ جنہیں وہ چوٹی کی طرح لپیٹ کر پیچھے لٹکائے ہوئے ہے۔ یہ نئی چیز دیکھنے میں آئی۔ یہی وہ عالی جناب ہیں جو اکثر چپکے چپکے بکھیڑے کھڑے کردیا کرتے ہیں۔ اس وقت تو بہت بھولے بھالے غریب سے نظر آتے ہیں اور نہایت امن پسندی سے جا رہے ہیں۔ مگر ہیں طُرفہ معجون مرکب۔ عادات میں مشرقی۔ تعصب میں مغربی۔ آزادی کی اہلیت کم۔ مگر شوق زیادہ لیکن ان کے دیکھنے میں کون زیادہ وقت صرف کرے۔ ان سے بڑھ کر ایک قابل توجہ نظارہ موجود ہے۔ وہ سیاہ ریشمی برقعے سے کیا چلے آ رہے ہیں۔ آہا یہ ترک مستورات ہیں۔ ترکوں کی اکثر رسمیں مغربی اور مشرقی تمدن کی ترکیب سے پیدا ہوئی ہیں۔ انہی میں ان کا پردہ ہے۔ جو نہ ہندوستان کے مسلمان شرفا کے ہاں کے پردے کی طرح حد سے بڑھا ہوا ہے۔ اور نہ یورپ کی بے پردہ قوموں کی طرح عورتوں اور مردوں کے بیباکانہ خلا ملا کی اجازت دیتا ہے۔ ہاں یہ ہے۔ کہ ترکی عورتیں اپنے خاص برقعے پہن کر گھر سے باہر نکلتی ہیں۔ بازار میں سودے خریدتی ہیں۔ ریل پر سوار ہوتی ہیں۔ جہاز پر ایک جگہ سے دوسری جگہ جاتی ہیں۔ مگر کیا ریل پر کیا جہاز میں ان کے لئے مردوں سے علیحدہ جگہ بنی ہوئی ہے۔ برقعہ عموماً ریشمی ہوتا ہے اور وہ کام دیتا ہے۔ جو ایک نہایت کھلی ساڑھی (جو انگریزی لباس کے اوپر اس لباس کو ڈھانپنے کے لئے باندھ لی جائے) دے سکے۔ ایک سیاہ ریشم کا نقاب منہ پر پڑا رہتا ہے۔ گو بعض سن رسیدہ عورت یا بعض منچلی نوجوان عورتیں اسے اٹھا کر بھی چلتی ہیں۔ مستورات کے اس جھنڈ میں جو نظر آیا تھا۔ ایک حبشی عورت بھی ہے۔ جو منہ سے نقاب الٹے ہوئے پیچھے پیچھے چل رہی ہے۔ یہ کوئی خادمہ ہے۔ جسے انہوں نے ساتھ لے لیا ہے۔ لیکن حبشی عورت اپنے ملک کی اکیلی قائم مقام نہیں جو اس پل پر اس وقت چل رہی ہے۔ دو تین حبشی مرد بھی چلے جارہے ہیں۔ وہی چپٹی ناک، وہی سفید نہایت سفید دانت، وہی موٹے موٹے ہونٹ۔ لباس پورا ترکی یعنی عمدہ یورپین فیشن کا کوٹ پتلون اور اس پر ترکی ٹوپی۔ صورت سے خوشحال معلوم ہوتے ہیں۔ ایک کی جیب سے سونے کی زنجیر بھی آویزاں ہے۔ یہ کون ہیں اور کیا کام کرتے ہیں۔ کسی سے پوچھو تو سہی۔ جواب ملتا ہے کام یہ کیا کریں گے۔ یہ کسی بڑے حرم کے خواجہ سرا ہیں۔ چونکہ یہ قدیم رسم بڑے بڑے گھروں میں اب تک باقی ہے۔ یہ چند نمونے رہگزروں کے جو ہم نے انتخاب کیے۔ ان سے یہ نہ سمجھنا چاہیے کہ سب سفید پوش اور خوشحال ہی پل پر سے گزرتے ہیں۔ پھٹے کپڑوں والا غریب سائل بھی وہیں ہے۔ ایک طرف ایک نابینا حافظِ قرآن آیاتِ قرآنی بآوازِ بلند پڑھ رہا ہے۔ کہ کوئی اس کی حالت پر رحم کھائے اور اسے کچھ دے جائے۔ کہیں مٹھائی والا مٹھائی بیچ رہا ہے۔ کہیں شربت والا شربت پینے کے لئے ہر ایک کو بلاتا ہے۔ ایک سقا بھی ہے جو محض ٹھنڈا پانی پلا کر دھیلا پیسہ لیتا ہے۔ مگر یہ سقا ہمارے ہاں کے سقے کی طرح ایک بھاری چمڑے کی کھال کندھوں پر لادے ہوئے نہیں ہے۔ بلکہ ایک شیشہ پانی کا ہاتھ میں لئے ہے جو ہمارے ہاں کے گلاب یا بید مشک یا کیوڑے کے شیشے کی طرح ٹوکرے میں رکھا ہوا ہے۔ اور اس سے پانی نکال نکال کر گلاسوں میں لوگوں کو پلاتا ہے۔ غرض استنبول کے اس ایک مقام کی رنگا رنگی کے بیان سے بھی قلم عاجز ہے۔ بہتر ہے کہ اب اس منظر کو چھوڑ کر کسی اور منظر کو لیں۔
