اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

استنبول اور اس کے دلچسپ مناظر

وابور۔ پل کے وسط کے قریب جہاں ہم کھڑے سیر دیکھ رہے ہیں۔ ایک کھڑکی کے گرد ہجوم ہے۔ لوگ کہیں جانے کے لئے ٹکٹ لے رہے ہیں۔ آئیے ہم بھی ٹکٹ لے لیں۔ ٹکٹ گھر کے پاس چند زینے نیچے اتر کر ایک سیڑھی لگی ہے۔ اس سے تختۂ جہاز پر چڑھ جایئے۔ جہاز دخانی ہے۔ اسے عربی اور ترکی میں وابور کہتے ہیں (یہ لفظ اصل میں فرانسیسی سے لیا گیا ہے) یہ جہاز مخصوصہ کمپنی کا ہے۔ جس کے جہاز استنبول کے قرب و جوار میں دن میں کئی دفعہ آتے جاتے رہتے ہیں۔ ان کا انتظام خاصہ ہے۔ اسی قسم کے جہازوں سے جو ہم نے اور جگہ دیکھے ہیں کسی طرح برے نہیں۔ ہاں یہ فرق ضرور ہے کہ کھانے پینے کی چیزیں بجائے ایک خاص حصہ جہاز میں گراں قیمت پر ملنے کے تختۂ جہاز پر ارزاں بکتی ہیں۔ مسافروں کی آسائش کے لئے متفرق چیزیں بیچنے والے کمپنی کی اجازت سے جہاز پر آ جاتے ہیں۔ اور لوگ بیٹھے کھاتے پیتے چلے جاتے ہیں۔ معلوم ہوا کہ یہ جہاز سقوطری کی طرف جسے اسکودار‌Üsküdar بھی کہتے ہیں۔ اور جو قسطنطنیہ کا ایشیائی حصہ ہے۔ جا رہا ہے۔ چلے کو بیس منٹ ہوئے ہوں گے کہ ہم ساحلِ ایشیا پر آ پہنچے۔ کیا کہوں کن خیالات کا ہجوم اس وقت دل پر ہوا۔ جس دن سے خاکِ پاکِ ایشیا کو چھوڑ کر یورپ آیا ہوں۔ اس دن سے اس مبارک سرزمین کے ساتھ محبت اور بڑھ گئی ہے۔ خیال آیا کہ گو وطن سے ایشیا کا یہ گوشہ نہایت دور ہے۔ پھر بھی ایشیا ہے۔ جسے دو سال بعد دیکھنا نصیب ہوا ہے۔ اس سے مسرت ہوئی۔ ساتھ ہی خیال آیا کہ ابھی پھر یورپ واپس جانا ہے۔ اور وطن پہنچنے میں ابھی عرصہ باقی ہے۔ اس سے قلق ہوا۔ اتنے میں عقل نے دل کو سمجھانے کی کوشش کی کہ لندن بیٹھے وطن سے جتنی دور تھے دونوں کے حساب سے دیکھو تو ایشیا کے اس کنارے پر اس سے زیادہ دور ہو۔ اگر بغداد کی ریل بن چکی ہوتی۔ جب کسی قدر قریب ہوتے۔ آخر سب خیالات اور دلائل پر یہ خیال غالب آیا۔ کہ یہ ایشیا ہے۔ اگر اس میں کچھ شک بھی ہوتا تو چند قدم چلنے میں شک رفع ہو جاتا۔ گاڑیاں ایشیائی وضع کی مسافروں کو لینے کے لئے کھڑی ہیں۔ گاڑی والے مسافروں کے بلانے میں اسی طرح ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں۔ جیسے ہمارے ہاں ہوتا ہے۔ گاڑیوں کے اڈے سے آگے چلیں تو کئی دکانیں میوہ اور سبزی بیچنے والوں کی ہیں۔ کہیں خربوزوں کے ڈھیر زمین پر لگے ہوئے ہیں اور کہیں تربوزوں کے۔ غریب لوگ وہیں خرید کر پاس بیٹھے کھا رہے ہیں۔ نان بائی کی دوکان پر نان کباب گرما گرم کی دعوت ہو رہی ہے۔ سگ و درویش شہر کے یورپی حصے میں بھی موجود تھے۔ مگر معلوم ہوتا تھا کہ پہچانتے ہیں کہ یورپ میں ہیں۔ یہاں وہ آگاہ معلوم ہوتے ہیں کہ ایشیا ہے۔ اور وہ آزاد ہیں۔ اور کوئی آزاد ہو نہ ہو۔

ترکی قبرستان۔ شہر کا چکر ختم کر کے بیرون شہر نکل جائیں تو عجب عبرت خیز نظارہ پیش نظر ہوتا ہے۔ اسکودار کا قبرستان میلوں میں ہے۔ اور سرو جو یہاں خفتگانِ خاک کی پاسبانی کرتے ہیں۔ سمندر سے ہی نظر آنے لگتے ہیں۔ اس قبرستان کی تاریخ تو خدا ہی جانے۔ صدیوں سے آباد ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے معلوم ہوتا ہے جیسے شہر میں زندہ کوئی نہیں ہو گا اور شہر کی آبادی دیکھ کر (خدا اسے چشم زخم عالم سے بچائے) یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہاں کوئی مرتا نہیں۔ ان قبروں کو ذرا غور سے دیکھنے سے پہلے ایک فاتحہ پڑھ کر ان دلیروں کے حق میں دعائے مغفرت کر لیں۔ جنہوں نے زمانۂ گذشتہ میں اپنی جانیں ہتھیلی پہ رکھ کر ایشیا کا سکہ یورپ کے دل پر بٹھانے کی خاطر سرحدِ یورپ کو اپنا مدفن بنایا ہے۔ فاتحہ پڑھتے وقت حضورِ قلب حاصل کرنے کے لئے آنکھ خود بخود بند ہو گئی۔ بعد فاتحہ جو آنکھ کھلی تو یہاں کے قبرستان کا ایک نیا دستور نظر آیا۔ ہر قبر پر ایک بڑا سا پتھر کا کتبہ ایستادہ ہے۔ جس پر عربی یا ترکی میں مرحوم کے اوصاف لکھے ہیں اور اس کے لئے دعائے خیر لکھی ہے۔ اور اس پتھر کے سر پر یا عمامے کی صورت ہو۔ یا ترکی ٹوپی کی۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس تربت میں مرد مدفون ہے۔ عورتوں کی تربت کے لئے نشان جدا ہے۔ جو عموماً ایک سنہری سا پھول ہوتا ہے۔ اور اگر کوئی عورت بیاہ کے بغیر مر گئی ہو تو اس کے کتبے کی زینت خاص کوشش سے کی جاتی ہے۔ گویا جس زینت سے وہ محروم گئی۔ اس کا کچھ حصہ اس کے مدفن کو دیا جاتا ہے۔ مجھے یہ رسم نہایت دلچسپ معلوم ہوتی ہے۔ گو میں نہیں کہہ سکتا کہ اس کے جائز ناجائز یا مناسب نامناسب ہونے کے متعلق بزرگانِ دین کی کیا رائے ہو۔

ترکی قہوہ خانہ۔ یادِ رفتگان گو ہمارا ایک فرض ہے۔ اور اسی لئے اس کو ادا کرنا لازم سمجھا۔ لیکن زندوں کو زندوں سے زیادہ کام ہے۔ اور میں جانتا ہوں کہ اکثر احباب کہیں گے کہ مناظر کے ذکر میں پہلے ہی اسے قبرستان کہاں سے یاد آ گیا۔ اچھا تو آئیے اپنی کوفت رفع کر لیجیے۔ جہاز کا وقت آ گیا ہے۔ اس میں سوار ہو لیجیے۔ سستا لیجیے۔ کچھ برف وغیرہ کا شوق ہو تو کھا لیجیے۔ ایک پاؤ گھنٹے میں آپ کو پھر پل پر لے چلتا ہوں۔ اور اس پر سے استنبول کی طرف جاتے ہوئے جو پہلا قہوہ خانہ آئے گا وہاں آپ کو بٹھا دوں گا۔ بیٹھے بیٹھے جہان کی سیر کرتے رہئے گا۔ استنبول میں یوں تو سینکڑوں ریستوراں یورپی نمونے کے ہیں۔ مگر ان کی کیفیت عام طور پر معلوم ہے۔ کوئی خاص دلچسپی نہیں رکھتے۔ اور نہ خصوصیت سے قابل ذکر ہیں۔ ہاں ترکی قہوہ خانہ یہاں کا ایک عجوبہ ہے۔ فرانس اور انگلستان وغیرہ میں جو رونق شراب خانوں کو ہے وہ یہاں قہوہ خانوں کو ہے۔ جس طرح وہاں غریب سے غریب مزدور بھی تھوڑی سی شراب پینے شراب خانے میں ضرور جاتا ہے۔ اسی طرح یہاں کے مزدوری پیشہ اور کام کاج والے لوگ اور بہت سے بیکار لوگ بھی قہوہ خانے کو رونق دیتے ہیں۔ تیسرے پہر قہوہ جی یعنی قہوہ بیچنے والا چھوٹے چھوٹے رسیوں سے بنے ہوئے مونڈھے دکان کے باہر فرش پر قطار در قطار رکھ دیتا ہے۔ یہاں تک کہ راستہ قریب قریب رک جاتا ہے۔ اور لوگ آ کر ان پر بیٹھنے شروع ہوتے ہیں۔ کوئی تو دن بھر کی محنت سے تھک کر آتے ہیں اور آرام کے مستحق ہوتے ہیں۔ کوئی گھر کے آرام سے اکتا کر باہر نکل آتے ہیں کہ رہگزر کے تماشے سے دل بہلائیں گے۔ وہیں حقہ پیتے ہیں۔ وہیں قہوہ کی کئی کئی پیالیاں پی جاتے ہیں۔ اور اکثر ہاتھ میں تسبیح لے آتے ہیں۔ اسے بھی ہلاتے رہتے ہیں۔ یہاں عجیب عجیب فیشن نظر آتے ہیں۔ ایک کا انداز دوسرے سے جدا ہوتا ہے۔ مگر عادات میں اتحاد ہے۔ شطرنج کا شوق بہت عام ہے اور ہر قہوہ خانے میں کئی کئی شطرنج بچھے رہتے ہیں۔ اور ہر وقت لوگ کھیلتے رہتے ہیں۔ آپ کو اگر قہوہ کا شوق نہیں تو شربت یا کوئی اور ایسی ہی چیز مانگ لیجیے۔ اور اس گروہ کا جو یہاں جمع ہو رہا ہے جزو بن جائے۔ پھر دیکھئے اگر گھنٹوں بیٹھنے کے بعد بھی آپ کا جی اکتا جائے تو کہیے۔ طرح طرح کے لوگ سامنے سے گزر رہے ہیں۔ وہ آپ کو تماشا سمجھتے ہیں اور گھورتے ہیں۔ آپ انہیں تماشا سمجھئے اور گھوریے۔ عوض معاوضہ گلہ ندارد‌بدلے کے بدلے میں کوئی شکوہ نہیں ہے۔

عبدالقادر (از قسطنطنیہ)