138 ہجری مطابق 755 میں عبدالرحمن الداخل اندلس میں داخل ہوا۔ چند روز تک تو اس کے جانشینوں نے خلیفہ کا لقب اختیار نہیں کیا، مگر جب المقتدر باللہ کے زمانہ میں جو بغداد میں خلیفہ تھا، یعنی 300 ہجری مطابق 912ء میں عبدالرحمن ناصر تخت پر بیٹھا، اس نے اور اس کے بعد جو جانشین ہوئے، انہوں نے لقبِ خلیفہ کا اختیار کیا جن کا دارالخلافہ قرطبہ تھا۔
اب اسلامی دنیا میں تین خلیفہ مستقل اور با اقتدار و اختیار پیدا ہو گئے۔ ایک خلفائے بنی عباس بغداد میں اور خلفائے علویین مصر میں اور عبدالرحمن ناصر اور اس کے جانشین اندلس میں۔ یہ تینوں خلیفے اپنے تئیں اسی ملک کا خلیفہ سمجھتے تھے جو ان کے قبضۂ اقتدار میں تھے۔ ہر ایک خلیفہ کے دربار میں قاضی اور مفتی سب موجود تھے اور اپنے اپنے ملک کے خلیفہ کے حکم اور مرضی سے فقہ کے احکام جاری کرتے تھے۔ بغداد کی عباسی خلافت میں عدالتیں فقہِ حنفی پر عمل درآمد کرتی تھیں۔ مصر کی فاطمی حکومت میں فقہِ اسمٰعیلی کا رواج تھا اور اندلس کے اموی خاندان کی عدالتوں میں فقہِ مالکی جاری تھی اور وہ ہر ایک کی خلافت کو اس ملک میں جو اس کی سلطنت میں تھا جائز قرار دیتے تھے۔ پس ان تمام حالات سے ظاہر ہے کہ سلطان عبدالحمید خاں خلد اللہ ملکہ نہ ہم مسلمانوں کے لئے جو رعایائے گورنمنٹ انگریزی ہیں خلیفہ ہیں اور نہ ہو سکتے ہیں۔ اس میں کچھ شبہ نہیں کہ سلطانِ ترکی محافظِ حرمین شریفین ہیں، بلکہ حافظِ احرامِ شریفہ ہیں، جن میں مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ اور بیت المقدس، یعنی یروشلم جو مقامِ مقدس یہودیوں، عیسائیوں اور مسلمانوں کا ہے داخل ہیں۔ مگر اس سے اور خلیفہ ہونے سے کچھ تعلق نہیں ہے۔
بعض لوگ کہتے ہیں کہ امام یا خلیفہ ہر زمانہ میں تمام دنیا کے مسلمانوں کے لئے ایک ہی ہونا لازم ہے اور اس لئے سلطانِ ترکی کو وہ تمام دنیا کے مسلمانوں کا خلیفہ قرار دیتے ہیں مگر یہ محض غلط رائے ہے۔ کیونکہ اس بات کا ثبوت کہ تمام دنیا میں ایک امام یا خلیفہ ہو، نہ قرآنِ مجید سے ہوتا ہے نہ کسی حدیث سے، نہ کوئی شخص، آج تک ایسا ہوا ہے اور شاید ہوگا بھی نہیں جس کی حکومت و سلطنت تمام دنیا پر ہو۔ مسلمان دنیا کے مختلف حصوں میں رہتے ہیں اور جب ایسے ملکوں میں ہوں جن میں کسی مسلمان بادشاہ کی حکومت و سلطنت نہیں ہے تو وہاں نہ کوئی مسلمان اُن مسلمانوں پر جو وہاں رہتے ہیں، خلیفہ ہو سکتا ہے نہ امامِ زمان جس کو مرادفِ خلیفہ تصور کیا ہے اور یہ رائے تاریخ کے بھی برخلاف ہے، کیونکہ ہم ابھی بیان کر چکے ہیں کہ ایک وقت میں تین خلیفے گزرے ہیں جن کو اُن ملکوں کے رہنے والے مسلمان علماء و قاضی و مفتی جو اُن کی حکومت میں رہتے تھے خلیفۂ برحق قرار دیتے تھے۔
ہاں مسلمان یہ سمجھتے ہیں کہ قیامت کے قریب حضرت عیسیٰ آسمان سے اتریں گے اور حضرت امام مہدی پیدا یا ظاہر ہوں گے تو حضرت امام مہدی تمام دنیا کے امام ہوں گے۔ اس وقت جو زندہ رہے گا وہ دیکھے گا کہ کیا ہوتا ہے مگر ہمارے نزدیک تو نہ حضرت عیسیٰ آسمان پر سے اترنے والے ہیں نہ مہدی موعود پیدا یا ظاہر ہونے والے ہیں۔ کیونکہ جتنی روائتیں اس باب میں ہیں وہ ثابت نہیں ہیں اور اکثر ان میں کی موضوع ہیں۔
بعض روایتوں پر استدلال کیا جاتا ہے کہ ہر مسلمان کو امامِ زمان کا جاننا اور اس سے بیعت کرنا واجب ہے گو یہ روائتیں بھی قابلِ وثوق اور لائقِ اعتبار نہیں ہیں، مگر ہم اس پر کچھ بحث کرنا نہیں چاہتے اور ان کے تسلیم کرنے کے بعد کہتے ہیں کہ ہر شخص کو اپنے خلیفہ کا جس کی سلطنت میں وہ رہتا ہے جاننا اور اس سے بیعت کرنا ضرور ہے۔ بیعت کا مطلب صرف اس بات کا اقرار کرنا ہے کہ ہم اس کے مطیع اور تابعدار ہیں اور جو شخص جس کی حکومت میں رہتا ہو اس کا فرض ہے کہ اس کی تابعداری کرے۔ اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ جو لوگ اس کی حکومت میں نہیں رہتے، وہ بھی اس کی تابعداری کا اقرار کریں۔ غرضیکہ کوئی مسلمان بادشاہ ان مسلمانوں کے لئے جو اس کی سلطنت میں نہیں رہتے، خلیفہ نہیں ہو سکتا۔
اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 156 تا 163 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔ یہ تحریر کتاب «آخری مضامینِ سر سید» سے ماخوذ ہے۔

