یہ مقصود جو قرآنِ مجید کا تھا اُس کو بلا خیال اس کے یہ بیان حقیقت ہے یا تمثیلی، تمام بدوانِ عرب اور صحابہ و تابعین اور تبع تابعین بخوبی جانتے تھے اور سمجھتے تھے اور یقین کرتے تھے اور اس سے زیادہ جاننے کی اور بیان کرنے کی اور حجت کرنے کی اُن کو کوئی ضرورت نہ تھی اور اس زمانہ میں بھی اگر کوئی خدا کا بندہ اسی طرح پر اُن پر یقین کرے تو اُس کے کامل، بلکہ اکمل الایمان ہونے میں کچھ کلام نہیں ہو سکتا، مگر جب علوم نے ترقی کی اور متعدد قسم کے علوم شائع ہوئے اور یہ خیال پیدا ہوا کہ خدا تو خود عالم ہے: وَ ہُوَ یَعْلَمُ سِرَّکُمْ وَ جَہْرَکُمْ وَ یَعْلَمُ مَا فِیْ اَنْفُسِکُمْ۔ وَ اِنْ تُبْدُوْا مَا فِیْ اَنْفُسِکُمْ اَوْ تُخْفُوْہُ یُحَاسِبْکُمْ بِہِ اللّٰہُ4 اور نسیان کا اُس پر احتمال نہیں تو اس کے لئے یادداشت لکھنے کے کیا معنی ہیں، پھر فرشتوں کے لکھنے سے کیا مراد ہے۔ اعمال تو اعراض ہیں وہ ترازو سے کیونکر تولے جا سکتے ہیں۔ اُن کی شدت و خفت کا کیونکر اندازہ ہو سکتا ہے۔ تو اُن آیتوں کی حقیقت پر زیادہ غور کرنی واجب ہوئی اور مطابق سیاقِ قرآنِ مجید کے اور دیگر آیات کے اشارات سے ثابت ہوا کہ جو کچھ ان آیتوں میں بیان ہوا ہے وہ تمثیلی ہے۔ پس اگر کوئی یہ حجت کرے کہ ان آیتوں کا تمثیلی ہونا بدوانِ عرب نے یا صحابہ و تابعین نے بھی سمجھا تھا کیسی نادانی کی حجت ہے۔
ہم نے قرآنِ مجید کی تفسیر میں روح کے وجود پر مستوعب دلیلیں بیان کی ہیں اور ثابت کیا ہے کہ روح ایک جسمِ لطیف ہے قائم بالذات اور وہ ایسے مادہ میں جو اُس کی قابلیت رکھتا ہے داخل ہو جاتی ہے اور تمام حیوانوں اور انسانوں میں وہی باعثِ تعقل و ارادہ ہے۔
اس بات کو بھی ہم نے ثابت کیا ہے کہ روح کاسب و مکتسب ہے اور بذریعہ جسمِ انسانی کے جب وہ اُس میں شامل ہوتی ہے سعادت اور شقاوت کا اکتساب کرتی ہے۔
اس وقت دنیا میں بہت لوگ ہیں جو نہایت نیک ہیں اور اخلاقِ حمیدہ اور صفاتِ پسندیدہ اپنے میں رکھتے ہیں اور ایسے بھی ہیں جو نہایت بد ہیں اور اخلاق و خصائلِ ذمیمہ اپنے میں رکھتے ہیں اور ان اخلاقِ حمیدہ اور خصائلِ رذیلہ کا اثر اُن کے اعضا میں ہوتا تو کسی عضو کے ضائع ہونے سے اخلاق میں کچھ کمی ہو جاتی، حالانکہ کچھ کمی نہیں ہوتی اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ گوشت پوست اعضا کے سوا جو اور کوئی چیز انسان میں ہے اس میں اخلاق اور رذائل مستقر ہوتے ہیں۔
علاوہ اس کے انسان کے اعضاء، اُس کی ہڈیاں اُس کا گوشت پوست سب تبدیل ہوتا رہتا ہے۔ اگر انسان کا جسم اخلاقِ حمیدہ یا خصائلِ رذیلہ کا محل ہوتا تو وہ بھی تبدیل ہوتے رہتے۔ پس کوئی شبہ نہیں ہو سکتا کہ روح جو انسان میں ہے وہی کاسب و مکتسب اور محلِ علم و اخلاق ہے، نہ انسان کا جسم اور نہ کوئی عضو اعضائے انسان میں سے۔
کسب و اکتساب کے معنی ہیں کسی چیز کے کسی ذریعہ سے حاصل کر لینے کے، جس کو کمائی کہتے ہیں۔ قرآنِ مجید میں بھی یہ لفظ یا اُس کے مشتقات بہت جگہ آئے ہیں اور اُسی بھلائی یا برائی کی نسبت بولے گئے ہیں جس کو انسان نے حاصل کر لیا ہے، جیسے کہ ایک جگہ فرمایا ہے: ’’تِلْکَ اُمَّةٌ قَدْ خَلَتْ لَہَا مَا کَسَبَتْ وَ لَکُمْ مَا کَسَبْتُمْ‘‘5۔ غرضیکہ اعمال و افعال کا اثر فی الفور انسان کی روح پر ہوتا ہے، جیسے کہ آئینہ میں ہر چیز کی جو اُس کے سامنے آتی جاتی ہے صورت بنتی جاتی ہے۔
اس زمانہ میں اس کی مثال فوٹو گراف کے پلیٹ سے خوب سمجھ میں آئے گی۔ فوٹو گراف کے کیمرہ میں پلیٹ رکھی ہو۔ اُس کے سامنے جو چیزیں آتی جائیں گی اُن کا نقش پلیٹ پر رہتا جائے گا۔ اسی طرح روح میں افعالِ نیک و بد کا اثر بمجرد ارتکابِ افعال کے ہوتا رہتا ہے اور اسی سبب سے روح کے جسم میں ان اثرات کے سبب سے ایک تغیر پیدا ہوتا ہے، کیونکہ اس کو کاسب مان لیا گیا ہے اور جدید چیز کے اکتساب سے تغیر ہونا لازمی ہے اور رفتہ رفتہ ان تغیرات کے سبب روح ایک ایسا جسم حاصل کر لیتی ہے جو پہلے جسم سے بلحاظ عوارضِ جدیدہ کے مختلف ہے۔
جب تک کہ روح بدنِ انسانی میں شاغل ہے اُس کو ان اثرات کے جو اُس نے کمائے ہیں، نتیجے محسوس نہیں ہوتے، مگر جب وہ بدن سے الگ اور مجرد عن العلائق ہو جاتی ہے اُس وقت اُس کو اپنے کمائے ہوئے اثرات کے نتائج اچھے یا برے محسوس ہوتے ہیں جن کو جزا یا سزائے اعمال سے تعبیر کیا گیا ہے۔
پس اعمالِ نیک یا افعالِ بد کے جو اثرات روحِ انسانی میں مستقر ہوتے ہیں اُن کو خدا تعالیٰ نے کتابتِ کراماً کاتبین کی مثال میں بیان کیا ہے اور وہی ذریعہ ہیں نیکی و بدی کی مقدار ظاہر ہونے کا، جو نتیجہ ہے میزان اور موازنہ کا، اس لئے وزنِ اعمال کی مثال سے اُس کو تعبیر کیا ہے اور اس بات کو جتلایا ہے کہ قیامت میں کسی کے ساتھ ظلم نہیں کیا جائے گا۔ و لہذا قال فی موضع و نضع الموازین القسط۔ فالقسط ہو العدل و موازین القسط ہو العدل کما یقول الموازین ہو العدل۔ المیزان ہو العدل6۔
فنعتقد ان کراما کاتبین حق والمیزان حق و وزن الاعمال حق ولکن کلہا امثال ضرب اللہ الامثال للناس لعلہم یتذکرون۔
ترجمہ: پس ہم اعتقاد رکھتے ہیں کہ کراماً کاتبین حق ہیں اور میزان حق ہے اور اعمال کا وزن حق ہے، لیکن یہ سب مثالیں ہیں، اللہ نے لوگوں کے لئے مثالیں بیان کیں تاکہ وہ نصیحت حاصل کریں۔
اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 194 تا 202 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔

