اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

میاں عبدالعزیز کے نام

خط (8) — 21 فروری 1914ء (جلد اوّل، خط 107)

لاہور 21 فروری 1914ء

ڈیر عبدالعزیز

مجھے آپ کی علالت کا حال جان کر بہت رنج ہوا اور امید ہے کہ اب آپ تندرست ہوں گے۔ میں نے ڈاکٹر عظیم الدین سے کہا تھا کہ آپ کی کتاب کے بارے میں آپ کو لکھیں۔ کچھ دن پہلے میں نے اُن سے گفتگو کی اور شاید اسی دن آپ مجھ سے ملے۔ ڈاکٹر عظیم الدین کو شرمندگی ہے کہ اُن کی آپ سے ملاقات نہ ہو سکی۔

مجھے ہوشیار پور کے (زنانہ) جوتوں کی ایک جوڑی چاہیئے۔ اگر خوب صورت مل جائے تو براہ کرم لکھیے کہ اُس کی قیمت کیا ہو گی؟

ہمیشہ آپ کا محمد اقبال

(انگریزی سے)

(نوادر)


خط (9) — 19 اکتوبر 1915ء (جلد اوّل، خط 160)

لاہور 19؍ اکتوبر 1915ء

ڈیر عزیز

آپ کے خط کا بہت شکریہ۔ کاش میں وہاں آ سکتا۔ لیکن واقعہ یہ ہے کہ یہ ممکن نہیں۔ میری بیوی کی طبیعت ناساز ہے اور اُن کی مسلسل تیمارداری کی ضرورت ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ عذر آپ کے نزدیک خاصا وزنی ہوگا اور آپ مجھے معاف کر دیں گے۔ مزید براں آپ کو معلوم ہے کہ انجمن کے معاملات سے اب میرا تعلق نہیں ہے۔ میں نے اسے ان لوگوں پر چھوڑ دیا ہے جو اسے زیادہ اچھی طرح چلا سکتے ہیں

ہمیشہ آپ کا محمد اقبال

(انگریزی سے)

(نوادر)


خط (10) — 5 نومبر 1916ء (جلد اوّل، خط 207)

لاہور 5؍ نومبر سنہ 1916ء

مائی ڈیر عزیز

میں نے سنا ہے کہ مولانا گرامی آ رہے ہیں اور امید ہے وہ جلد ہی ہوشیار پور پہنچ جائیں گے۔ براہ کرم انہیں لاہور آنے پر آمادہ کیجیے۔ ہم سب ان سے ملنے کے بہت مشتاق ہیں۔ نواب ذوالفقار علی خاں پہلے کبھی ان سے نہیں ملے ہیں۔ اور وہ ایک سے زیادہ بار ان سے ملاقات کا اشتیاق ظاہر کر چکے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ چند روز کے لیے انہیں اجازت دے دیں گے اور انہیں لاہور آنے پر آمادہ کر لیں گے۔

ہمیشہ آپ کا محمد اقبال

(انگریزی سے)

(نوادر)


خط (11) — 21 نومبر 1916ء (جلد اوّل، خط 209)

لاہور 21؍ نومبر سنہ 16ء

ڈیر عزیز۔

السلام علیکم

شیخ عمر بخش صاحب سے معلوم ہوا کہ مولانا گرامی آخر کار ہشیار پور پہنچ گئے۔ مگر سفر کی تکان کی وجہ سے ابھی بسترِ استراحت میں ہیں۔ میری طرف سے مندرجہ ذیل شعر ان کی خدمت میں عرض کریں

’’روشن دلوں کے واسطے نزدیک دور کیا

تھکتا نہیں ہے دوریٔ منزل سے آفتاب‘‘

زیادہ کیا عرض کروں۔ خدا کے فضل و کرم سے خیریت ہے

محمد اقبال

بعدِ مردن بتو معلوم شود رنجِ حیات1

رہرو آں لحظہ بنالد کہ بمنزل برسد2

(نوادر)


خط (12) — 3 اگست 1926ء (جلد دوم، خط 374)

لاہور 3؍ اگست 1926

ڈیر عبدالعزیز،

میں آپ سے ملاقات کرنے کا ارادہ کر رہا تھا کہ رات مجھے معلوم ہوا کہ آپ کشمیر کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ کیا آپ نے اپنے دوستوں سے صورتِ حال پر گفتگو کی؟ اگر نہیں کی تو میرا خیال ہے آپ ان کو خط لکھ دیں خصوصاً مہر اللہ دتّا، میاں عمر دین اور شیخ عطاء اللہ اور دیگر حضرات کو جنہیں آپ موزوں سمجھتے ہیں۔ یقیناً ابھی کافی وقت ہے تاہم میری رائے میں جو تھوڑا بہت بن پڑتا ہے وہ ہم آپ کی کشمیر سے واپسی تک کر رکھیں تو بہتر ہوگا۔ غالب گمان یہ ہے کہ کوئی ہماری مخالفت کے لیے کھڑا نہیں ہوگا۔ مگر ہمیں اپنی والی احتیاط لازم ہے۔

اس اُمید کے ساتھ کہ آپ اچھے ہیں اور مسرت انگیز وادیٔ کشمیر کی پاک و شفاف ہوا کے لطف اُٹھا رہے ہیں۔

آپ کا مخلص محمد اقبال

براہِ کرم میرا سلام سر محمد شفیع اور سر شاہ نواز سے کہیے۔ اگر آپ کی ان سے ملاقات ہو جائے۔ مجھے اُمید ہے کہ لیڈی شفیع اب اچھی ہوں گی۔

محمد اقبال

(انگریزی سے)

(نوادر)


خط (13) — 27 ستمبر 1926ء (جلد دوم، خط 379)

لاہور 27؍ ستمبر 1926ء

مائی ڈیر عبدالعزیز

کیا آپ مجھ سے تھوڑی دیر کے لیے مل سکتے ہیں؟

آپ کا محمد اقبال

(انگریزی سے)

(نوادر)


خط (14) — 11 مئی 1927ء (جلد دوم، خط 394)

لاہور

11؍ مئی سنہ 1927ء

ڈیر میاں عبدالعزیز،

حال ہی میں جو افسوسناک فرقہ وارانہ فسادات لاہور میں ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں جان و مال کا سخت نقصان ہوا ہے ان کی سب کو مذمت کرنی چاہیے۔ گذشتہ اتوار کو کمشنر صاحب کے دفتر میں یہ تجویز منظور ہوئی تھی کہ ممتاز شہریوں پر مشتمل مصالحتی کمیٹیاں قائم کی جائیں۔ یہ کمیٹیاں ایسی تدابیر تجویز کریں جن سے آئندہ ایسے ناخوشگوار واقعات رونما نہ ہونے پائیں۔ اس تجویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے رائے بہادر لالہ موتی لال ساگر کے دولت کدہ پر ایک میٹنگ مورخہ 13؍ ستمبر کو شام ساڑھے چار بجے بلائی گئی ہے۔ ہم ممنون ہوں گے اگر آپ وقت نکال کر اس میں شرکت فرمائیں۔

مخلص

رام سرن داس محمد شفیع

موتی لال ساگر محمد اقبال مہتاب سنگھ

(انگریزی سے)

(نوادر)


خط (15) — 1 جولائی 1927ء (جلد دوم، خط 400)

لاہور 1؍ جولائی 1927ء

ڈیر عبدالعزیز،

قرار دادیں منسلک کرتا ہوں۔ براہ کرم ان کو ٹائپ کرا دیجئے اور آج ہی روانہ کر دیجئے۔ پہلے پیراگراف میں نوٹیفکیشن3 کی تاریخ اور نمبر بھی درج کر دیجئے گا۔ مجھے بھی نوٹیفکیشن کا نمبر اور تاریخ فوراً لکھ بھیجئے کیونکہ مجھے یہ قرار دادیں آج ہی ڈاک کے سپرد کرنا ہیں۔ جوں ہی یہ خط آپ کو ملے تو براہ کرم تاریخ اور نمبر فوراً مجھے روانہ کر دیں۔

آپ کا محمد اقبال

(انگریزی سے)

(نوادر)


خط (16) — 7 فروری 1929ء (جلد سوم، خط 4)

لاہور

7؍ فروری 1929ء

مائی ڈیر عبدالعزیز

لاہور ریلیف کمیٹی کی میٹنگ بلانے کی تجویز ہے تاکہ کمیٹی کی تحویل میں باقی ماندہ رقم کے متعلق کوئی قطعی فیصلہ کیا جا سکے۔ یہ میٹنگ میرے غریب خانہ پر بتاریخ 10؍ فروری 1929ء بوقت تین بجے بروز اتوار ہوگی۔

آپ سے درخواست ہے کہ آپ اس میں شرکت کریں اور اس معاملے کا فیصلہ کریں جو مدت سے معرضِ التوا میں پڑا ہوا ہے۔

آپ کا مخلص محمد اقبال بیرسٹر ایٹ لا، لاہور

براہ کرم ضرور شرکت کریں۔

(نوادر)

(انگریزی سے)


خط (17) — 9 فروری 1929ء (جلد سوم، خط 5)

لاہور

9؍ فروری 1929ء

ڈیر عزیز

اس میٹنگ میں بہت تھوڑا وقت صرف ہوگا۔ آدھے گھنٹے سے زیادہ نہ لگے گا۔ آپ آسانی سے شریک ہو سکتے ہیں۔

آپ کا محمد اقبال

(نوادر)

(انگریزی سے)


اردو جریدہ نے یہ خطوط «کلیاتِ مکاتیبِ اقبال» (مرتبہ سید مظفر حسین برنی، اردو اکادمی، دہلی)، جلد اوّل (نومبر 1989ء)، صفحہ 87 تا 540 کے درمیان (8 مقامات)؛ جلد دوم (1991ء)، صفحات 644 تا 645، 650، 670، 676؛ اور جلد سوم (1993ء)، صفحہ 52 تا 53 سے ڈیجیٹائز کیے ہیں۔