(از ’’آخری مضامینِ سرسید‘‘)
یعنی سات زمینیں۔ قال اللہ تعالیٰ۔ اللٰهُ الَّذِیْ خَلَقَ سَبْعَ سَمَوَاتَ وَّ مِنَ الْاَرْضِ مِثْلُهُنَّ، یعنی اللہ وہ ہے جس نے پیدا کیا سات آسمانوں کو اور زمینوں کو مثل اُن کے۔
اس آیت میں یہ بحث ہے کہ مِثْلُهُنَّ سے زمین کو آسمانوں سے کس چیز میں مماثلت ہے۔
ہمارا قول تو یہ ہے کہ اس آیت میں زمین کو آسمانوں سے مماثلت فی الخلق مقصود ہے، یعنی جس طرح خدا نے اپنی قدرتِ کاملہ سے آسمانوں کو پیدا کیا ہے اُسی طرح سے اپنی قدرتِ کاملہ سے زمین کو پیدا کیا ہے۔
اس آیت میں ارض مفرد آیا ہے، بلکہ تمام قرآنِ مجید میں کسی جگہ ارض بصیغۂ جمع، یعنی ارضین نہیں آیا اور یہ اس بات کی دلیل ہے کہ جب ارض پر کسی حیثیت سے جمع کا اطلاق نہیں ہوا تو تعدادِ ارض نہیں پایا جاتا۔ و الارض میں جو واؤ ہے اس کا عطف سموات پر ہے، یعنی خلق الارض مثل خلق السموات بکمال قدرة وارادة1، مگر علمائے مفسرین نے یہ معنی اختیار نہیں کئے، اُنھوں نے مثل سے مماثلت فی العدد مراد لی ہے۔ ان علماء کے بھی دو فرقے ہیں۔
ایک فرقہ وہ ہے جو زمین کو تو ایک ہی مانتا ہے، مگر اُس مماثلت کو طبقاتِ ارض کی مماثلت پر محدود رکھتا ہے، یعنی اُس کا مقصود یہ ہے کہ جس طرح آسمان کے طبقے ہیں، اسی طرح زمین کے بھی طبقے ہیں۔
تفسیرِ کبیر میں کلبی کا قول لکھا ہے کہ جس طرح آسمان کے اوپر آسمان پیدا کئے، اُسی طرح زمین کے طبقے بھی پیدا کئے ہیں۔ ایک طبقہ تو خالص اس کا مٹی کا ہے اور ایک طبقہ گیلی مٹی کا ہے اور ایک کھلا ہوا طبقہ ہے جس پر دریا اور جنگل ہیں اور ہم لوگ رہتے ہیں۔
بعض عالموں نے خیال کیا ہے کہ اس آیت میں سبع سموات کا لفظ ہے اور ایک جگہ قرآنِ مجید میں آیا ہے کہ سبع سموات طباقاً۔ پس مثلھن سے زمین کے بھی سات طبقے قرار دینا ضرور ہے۔ چنانچہ انہوں نے زمین کی سات اقلیموں کو زمین کے سات طبقے قرار دئے۔ تفسیرِ کبیر میں لکھا ہے کہ کچھ عجب نہیں کہ مثلھن سے سات اقلیمیں مراد ہوں مطابق سات آسمانوں کے جن میں سات ستارے ہیں۔
بخاری کی اُن حدیثوں میں جو حضرت عائشہؓ اور سعید بن زید سے مروی ہیں کہ جو کسی کی بالشت بھر زمین غصب کرے گا اس کو خدا تعالیٰ قیامت میں سات زمینوں کا طوق پہنائے گا اور جو حدیث سالم کے باپ، یعنی عبداللہ بن عمر سے بخاری میں مروی ہے کہ غصب کرنے والا کسی کی زمین کا قیامت میں ساتویں زمین تک دھنسایا جائے گا۔
ان حدیثوں میں علماء نے سات زمینوں سے سات طبقے زمین کے مراد لئے ہیں۔ چنانچہ فتح الباری میں علامہ ابن حجر نے داؤدی کا قول نقل کیا ہے کہ آسمان کی طرح زمین کے بھی سات طبقے ہیں اور وہ طبقے بلا فصل ایک دوسرے سے ملے ہوئے ہیں اور جس عذاب کا ان حدیثوں میں ذکر ہے اگرچہ فتح الباری میں اس کی تصریح لکھی ہے مگر ہم کو اس مقام پر بحث کرنے کی ضرورت نہیں۔
غرضیکہ قرآنِ مجید میں تو مماثلت کی کچھ تصریح نہیں ہے کہ زمین کو آسمانوں سے کس چیز میں مماثلت ہے، بلکہ جو کچھ اوپر بیان ہوا وہ صرف علماء کی رائے اور ان کا اجتہاد ہے جس میں ہم کو کوئی مقامِ عذر نہیں ہے۔
امام فخرالدین رازی نے تفسیرِ کبیر میں لکھا ہے کہ یہ تفسیریں ایسی ہیں جن سے عقل انکار نہیں کرتی اور ان کے سوا جو اور تفسیریں مفسرین نے نقل کی ہیں، وہ ایسی ہیں جن کو عقل قبول نہیں کرتی۔
پس بعض علماء نے جو بر بناء بعض روایتوں کے مثلھن سے مماثلت فی عدد تصور کر کے یہ قرار دیا ہے کہ سات جُداگانہ زمینیں ہیں، ہم اس رائے کو اور ان حدیثوں کو نہیں مانتے جیسا کہ ہم آگے بیان کریں گے۔
ترمذی میں سورة الحدید کی تفسیر میں ایک بہت بڑی حدیث لکھی ہے اور سات زمین ہونے کے متعلق جو فقرہ اُس میں لکھا ہے وہ یہ ہے کہ ’’رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و سلم نے صحابہ سے پوچھا کہ تمہارے نیچے کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ خدا اور رسول جانتا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ زمین ہے۔ پھر پوچھا کہ تم جانتے ہو کہ اس کے نیچے کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ خدا اور رسول جانتا ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اس کے نیچے ایک دوسری زمین ہے اور ان دونوں میں پانچ سو برس کے رستہ کا فاصلہ ہے۔ اسی طرح سات زمینوں کو گنا کہ ہر زمین میں پانچ سو برس کے رستہ کا فاصلہ ہے۔ پھر آپ نے فرمایا کہ قسم ہے اُس شخص کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، اگر تم ایک رسی نیچے زمین تک لٹکاؤ تو خدا پر جا پہنچے گی۔ پھر آپ نے پڑھی یہ آیت هُوَ الْاَوَّلُ وَ الْاٰخِرُ وَ الظَّاهِرُ وَ الْبَاطِنُ وَ هُوَ بِكُلِّ شَیْءٍ عَلِیْمٌ2۔
خود ترمذی میں لکھا ہے کہ یہ حدیث غُریب ہے، کیونکہ حسن بصریؓ نے ابوہریرہ سے روایت کی ہے اور حسن بصری کا سماع ابوہریرہ سے ثابت نہیں۔
میزان الاعتدال میں علامہ ذہبی نے لکھا ہے کہ حسن بصری روایتوں کے بیان کرنے میں تدلیس بہت کرتے تھے، یعنی اس راوی کا نام لے دیتے تھے جس سے انہوں نے حدیث نہیں سنی، اس لئے جب کبھی وہ عن کے لفظ سے کسی صحابی سے حدیث بیان کرتے ہیں (جیسے کہ اس حدیث میں عن ابوہریرہ کر کے بیان کیا) تو محدثین کے نزدیک اس حدیث سے استدلال کرنا نہایت ضعیف ہو جاتا ہے، خصوصاً جب وہ ایسے شخص سے روایت کریں جس کی نسبت محدثین نے تصریح کر دی ہے کہ حسن بصریؓ نے اس سے حدیث نہیں سنی اور اُنہیں میں سے ایک ابوہریرہ ہیں تو اُن کی روایت ساقط الاعتبار ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ تمام محدثین کا اس بات پر اتفاق ہے کہ جو راوی تدلیس کرتا ہو اُس کی معِنعن روایت مقبول اور قابلِ احتجاج نہیں ہے۔ پس یہ حدیث خود محدثین کے اصول کے مطابق قابلِ اعتبار نہیں ہے۔
اور مسندِ امام احمد بن حنبل میں بھی یہ حدیث باختلافِ الفاظِ قلیل آئی ہے۔ اس میں بھی حسن بصریؓ نے بالفاظ عن ابی ہریرہ روایت کی ہے اور اس لئے یہ بھی مثل حدیثِ ترمذی کے قابل سند کے نہیں ہے۔
ایک حدیث مستدرکِ حاکم میں ہے جس کا مطلب یہ ہے ’’ایک زمین سے دوسری زمین تک جو اس کے متصل ہے، پانچ سو برس کا راستہ ہے۔ اوپر والی زمین ایک مچھلی کی پشت پر ہے جس کے دونو کنارے آسمانِ دنیا سے ملتے ہیں۔ مچھلی ایک پتھر کی چٹان پر ہے۔ پتھر کی چٹان ایک فرشتہ کے ہاتھ پر ہے۔ دوسری زمین وہ ہے جہاں ہوا بند رہتی ہے۔ جس خدا نے قومِ عاد کو ہلاک کرنا چاہا تو ہوا کے موکل کو حکم دیا کہ ان پر ہوا بھیجے جس سے وہ ہلاک ہو جائیں۔ موکل نے پوچھا کہ میں اتنی ہوا بھیجوں جتنی کہ بیل کے نتھنے میں سے نکل سکتی ہے۔ خدا نے فرمایا نہیں، کیونکہ زمین اور اس کے رہنے والے سب ہلاک ہو جائیں گے۔ تو ان پر اتنی ہوا بھیج دے جتنی کہ انگوٹھی کے حلقے میں سے نکل سکتی ہے۔ اسی کی طرف خدا نے اشارہ کیا ہے جہاں فرمایا ہے کہ وہ جہاں سے گذرتی تھی بوسیدہ ہڈی کی طرح چورہ کئے بغیر نہیں چھوڑتی تھی۔ تیسری زمین وہ ہے جہاں دوزخ کے پتھر ہیں۔ چوتھی زمین وہ ہے جہاں دوزخ کی گندھک ہے۔ لوگوں نے پیغمبرِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ دوزخ میں گندھک بھی ہے؟ آپ نے فرمایا کہ ہاں خدا کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، دوزخ میں گندھک کے دریا ہیں کہ اگر سنگلاخ پہاڑوں پر چھوڑ دئے جائیں تو وہ پگھل کر رہ جائیں۔ پانچویں زمین وہ ہے، جہاں دوزح کے سانپ ہیں جن کے منہ دریا کی وادی کی طرح فراخ ہیں۔ وہ کافروں کو ڈسیں گے اور اُن کی ہڈی پر گوشت نہ چھوڑیں گے۔ چھٹی زمین وہ ہے جہاں دوزخ کے بچھو ہیں جن میں ادنیٰ بچھو خچروں کے برابر ہیں۔ وہ کافروں کے بدن پر ڈنک ماریں گے جس کی تکلیف سے وہ دوزخ کی آنچ کی تکلیف بھول جائیں گے۔ ساتویں زمین کا نام سقر ہے جہاں شیطان لوہے کی زنجیروں میں قید ہے۔ ایک ہاتھ آگے اور ایک ہاتھ پیچھے۔ جب خدا اپنے بندوں میں سے کسی پر اس کو بھیجنا چاہتا ہے، تو اس کو چھوڑ دیتا ہے۔‘‘

