اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

سبع ارضین

مستدرکِ حاکم ہمارے پاس موجود نہیں ہے، حدیث ہم نے منتخب کنزالعمال سے نقل کی ہے۔ اس کے آخر میں لکھا ہے وتعقب عن ابن عمر، یعنی اس روایت کو عبداللہ بن عمر سے بیان کیا ہے، لیکن مستدرک میں حاکم نے پہلی دفعہ اس حدیث کو جس طریقہ سے بیان کیا ہے اس کے آخیر راوی کا نام نہیں لیا۔ پس اس کے راوی دونو طریقہ سے کوئی ہوں ہم کو معلوم نہیں ہیں اور اس لئے اس حدیث کے سلسلۂ روایت پر کوئی بحث روایتاً نہیں ہو سکتی۔ درایتاً ہم اس روایت پر عنقریب بحث کریں گے۔

یہاں تک تو ہم نے ان حدیثوں کی نا معتبری بلحاظ راویوں کے بیان کی ہے، لیکن ہمارے نزدیک اور علمائے محققین کے نزدیک بھی سب سے بڑا اصول حدیثوں کے معتبر یا نا معتبر قرار دینے کا درایت ہے جس سے نفسِ حدیث کے مضمون پر جانچ کی جاتی ہے۔ اگر مضمون حدیث کا ایسا ہو جس کی صحت تسلیم نہ ہو سکے تو بلا لحاظ اس بات کے کہ اس کے راوی معتبر ہیں یا نا معتبر وہ حدیث نا معتبر قرار پائے گی۔ مثلاً کوئی حدیث ایسی ہو جس میں تاریخِ مشہور کے خلاف کوئی بات بیان کی گئی ہو یا یہ کہ جو کچھ حدیث میں بیان کیا گیا ہے وہ مخالفِ مقتضائے عقل ہو یا ایسا امر بیان کیا گیا ہو جس کو حس اور مشاہدہ غلط قرار دیتا ہو یا خود حدیث کے الفاظ یا اس کے معنوں میں رکاکت اور سخافت ہو تو ایسی حدیثیں باعتبار درایت کے نا معتبر قرار دی جائیں گی۔ چنانچہ یہ سب باتیں اور مثل اس کے اور بہت سی شاہ عبدالعزیز صاحب نے عجالۂ نافعہ میں اور امام سخاوی نے فتح المغیث میں اور سیوطی نے تدریب الراوی میں لکھی ہیں۔

اب اول تو ان حدیثوں میں جو سات زمینوں کے ہونے کا بیان ہے وہ خود غلط ہے، اس لئے کہ سات زمینوں کا وجود دنیا میں نہیں ہے اور علمِ ہیئت سے خواہ وہ قدیم ہو یا جدید، زمین کے تلے اور متعدد زمینوں کا ہونا ثابت نہیں۔

دوسرے ان حدیثوں کے مضمون ایسے رکیک اور سخیف ہیں کہ کسی طرح جنابِ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب نہیں ہو سکتے۔ کیا کوئی شخص اس مضمون کو جو ترمذی اور مسندِ امام احمد بن حنبل کی حدیث میں ہے سخیف نہیں قرار دیتا کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے قسم کھا کر کہا کہ اگر تم ایک رسی نیچے کی زمین تک لٹکا دو تو خدا پر جا پہنچے گی۔ علاوہ اس کے ان حدیثوں میں اور بہت سی رکیک باتیں ہیں جن کو ہم نے چھوڑ دیا ہے، کیونکہ وہ زمین کے متعدد ہونے سے متعلق نہیں تھیں۔

مستدرکِ حاکم میں جو حدیث ہے اُس میں لکھا ہے کہ پہلی زمین ایک مچھلی کی پشت پر ہے جس کے دونو کنارے آسمانِ دنیا سے ملتے ہیں۔ اول تو یہی غلط ہے۔ کجا زمین کے کنارے اور کجا آسمان۔ ان میں تو زمین اور آسمان کا فرق ہے۔ پھر لکھا ہے کہ مچھلی ایک پتھر پر ہے اور پتھر فرشتہ کے ہاتھ پر ہے۔

دوسری زمین کی نسبت لکھا ہے کہ اُس میں ہوا بند رہتی ہے اور جب قومِ عاد پر عذاب آیا تھا تو فرشتہ نے پوچھا کہ میں اُن پر اس قدر ہوا بھیجوں جس قدر بیل کی ناک میں سے نکل سکتی ہے؟ خدا نے کہا نہیں نہیں، یہ تو بہت ہے؛ اتنی بھیج جتنی کہ انگوٹھی کے حلقہ میں سے نکل سکے۔

تیسری زمین میں دوزخ کے پتھر ہیں اور چوتھی زمین میں گندھک کے دریا ہیں جو دوزخ میں ہوں گے۔ پانچویں زمین میں دوزخ کے سانپ رہتے ہیں اور چھٹی زمین میں دوزخ کے بچھو رہتے ہیں اور ساتویں زمین میں شیطان لوہے کی زنجیروں میں جکڑا ہوا قید ہے۔ ایک ہاتھ اس کا آگے ہے اور ایک ہاتھ پیچھے۔ ان سے زیادہ رکیک اور سخیف الفاظ اور معانی نہیں ہو سکتے اور نہایت افسوس اور ہزار افسوس اُن لوگوں پر ہے جو ایسے رکیک اور سخیف الفاظ کو جنابِ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ و سلم کی طرف منسوب کرتے ہیں۔ و انا اشهد بالله ان هذا بهتان عظیم3۔

اصل یہ ہے کہ زمینوں کا متعدد ہونا نہ عربِ جاہلیت کے خیال میں تھا، نہ عیسائیوں اور یہودیوں کے، نہ آتش پرستوں کے اور نہ ان سے پہلے کلدانی، عبرانی، لاطینی و یونانی قوموں میں تھا۔ شاید ہندوؤں میں ہو، مگر صرف قرآن کی اُس آیت سے جو اوپر لکھی گئی ہے اور اس میں جو لفظ مثْلُهُنَّ ہے اُس پر یہ تمام حدیثیں وضع کی گئی ہیں۔ و الله و رسوله بریء عن هذا4۔

اور اُن حدیثوں سے بھی عجیب تر وہ روایت ہے جو علامہ ابن حجر نے اپنی کتاب فتح الباری میں نقل کی ہے۔ یہ روایت جس کی طرف ہم اشارہ کریں گے ابن جریر نے باسناد شعبہ عن عمرو بن مرہ عن ابی ضحی عن ابن عباس اس آیت کی تفسیر میں جس پر ہم بحث کرتے ہیں مختصر طور پر بیان کی ہے اور حاکم اور امام بیہقی نے باسناد عطا بن السائب عن ابی ضحی مطول پر بیان کی ہے۔ اس روایت کے اول الفاظ یہ ہیں۔ وَمنَ الْاَرْضِ مِثْلُهُنَّ۔ ای سبع ارضین فی کل ارض آدم کادمکم و نوح کَنوحکم و ابراهیم کابراهیمکم۔ و عیسیٰ کعیساکم، و نبی کنبیکم۔ یعنی من الارض مثلھن کے الفاظ سے سات زمینیں مراد ہیں۔ ہر ایک زمین میں ایک آدم ہے، جیسا کہ تمہارا آدم ہے اور نوح ہے جیسا کہ تمہارا نوح ہے۔ اور ابراہیم ہے جیسا کہ تمہارا ابراہیم ہے اور عیسیٰ ہے جیسا کہ تمہارا عیسیٰ ہے اور نبی ہے جیسا کہ تمہارا نبی ہے۔

اس روایت کو ابن عباس نے آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کی طرف منسوب نہیں کیا۔ ابن جریر اور امام بیہقی اور حاکم کی تصنیفات اس وقت ہمارے پاس موجود نہیں ہیں، مگر فتح الباری میں جہاں اس روایت کے ابتدائی الفاظ لکھے ہیں، وہاں یہ بھی لکھا ہے کہ ابن ابی حاتم نے مجاہد کے واسطے سے خود ابن عباس سے روایت کی ہے کہ وہ لوگوں سے کہا کرتے تھے، اگر میں اس آیت کی تفسیر تم سے بیان کروں تو تم کافر ہو جاؤ گے۔ اور تمہارے کافر ہونے کا سبب اس تفسیر کا جھٹلانا اور نہ ماننا ہوگا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ مثلھن کی یہ تفسیر تھی جو اُن کے دل میں تھی اور جس کو اُنہوں نے بیان کیا، نہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کا قول۔ اور جب کہ یہ اثر ابن عباس کا ہے اور حدیثِ رسول صلی اللہ علیہ و سلم نہیں ہے۔ تو اُس پر کچھ اجتماع کرنا لازمی نہیں ہے۔

اس اثر کی تائید قرآنِ مجید سے کسی طرح نہیں ہوتی، کیونکہ تمام قرآن میں ارضین کا لفظ بصیغۂ جمع نہیں آیا اور اس آیت میں بھی مفرد کا لفظ ہے، نہ جمع کا۔ علاوہ اس کے قرآنِ مجید کی کسی آیت سے نہیں پایا جاتا کہ خدا نے سات آدم پیدا کئے تھے اور سات نوح اور سات ابراہیم اور سات عیسیٰ اور سات نبی آخرالزمان۔

پس صرف لفظ مثلھن سے سات زمینوں اور سات آدم اور سات ابراہیم اور سات عیسیٰ اور سات نبی آخرالزمان کے ہونے پر استدلال کرنا صحیح نہیں ہے۔ علاوہ اس کے یہ امر خلافِ واقع بھی ہے، اُنہی دلائل سے جو ہم نے حدیثِ ترمذی کی ذیل میں لکھی ہیں۔ اس روایت کے انکار کرنے سے کوئی کافر نہیں ہو سکتا۔

اس میں کچھ شبہ نہیں کہ یہ روایت شاذ ہے۔ اگر ہم فرض کر لیں کہ روایت ایسی شاذ ہے کہ حضرت ابن عباس تک اس کی صحیح سند موجود ہے تو بھی بجز اس کے کہ حضرت ابن عباسؓ کے ذہن میں اس آیت کی تفسیر میں یہ امور تھے جو اُنہوں نے بیان کئے اور کچھ خیال نہیں کر سکتے، مگر جب کہ اس کی تائید نہ قرآنِ مجید سے ہوتی ہے، نہ وہ مطابقِ واقع معلوم ہوئی ہے تو درایةً بھی مقبول نہیں ہو سکتی۔ غرضیکہ سات زمینوں کا جداگانہ ہونا کسی طرح پر ثابت نہیں ہے۔

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 250 تا 259 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔ یہ تحریر کتاب «آخری مضامینِ سر سید» سے ماخوذ ہے۔