اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

آدم کی سرگزشت

(از تہذیب الاخلاق بابت یکم ربیع الاول 1289ھ‌9 مئی 1872ء)

’’تم کون ہو؟ اور تمہارا نام کیا ہے؟‘‘

’’یہ تو میں نہیں جانتا کہ میں کون ہوں مگر میرا نام آدم ہے۔‘‘

’’تم پر کیا گزری؟‘‘

’’میں نے اپنے تئیں اسی دنیا میں پایا، مگر نہ جانا کہ کس طرح بنا اور کس نے بنایا؟ میں نے اور بھی بہت سے چرند و پرند، کیڑے و مکوڑے دنیا میں دیکھے، میں سمجھا کہ جس طرح یہ بنے ہوں گے، اُسی طرح میں بھی بنا ہوں گا، مگر میں دیکھتا تھا کہ وہ تو سب ایک سا کام کرتے جاتے ہیں اور کسی اور بات کا ارادہ بھی نہیں کرتے، مگر میرے دل میں بہت سے خیال آتے تھے۔ کبھی دل چاہتا تھا کہ یہ کروں، کبھی دل چاہتا تھا کہ وہ کروں۔ کبھی کہتا تھا کہ یہ کیا ہے؟ کبھی کہتا تھا وہ کیا ہے؟ دل گھبراتا تھا اور اُن چرند و پرند کے پاس بیٹھتا تھا، کسی کو اپنا سا نہ پاتا تھا اور دل نہ لگتا تھا۔ تنہائی میرے دل کو گھبراتی تھی اور اس بیقراری سے یہ بات دل میں آتی تھی کہ میرے لئے میری ہی سی کچھ اور چیز چاہئے۔‘‘

’’ایک دن میں نے اپنے بائیں پہلو کے پاس ایک اپنی ہی سی صورت کی چیز بیٹھی ہوئی دیکھی۔ دل بہت خوش ہوا۔ بے قصد باچھیں کھلنے لگیں۔ دل بھی دھکڑ پکڑ کرنے لگا اور اُسی کی طرف کھنچنے لگا۔ وہ بھی میرے پاس بیٹھنے سے نہایت خوش معلوم ہوتی تھی اور پیاری پیاری نگاہوں سے مجھے دیکھتی تھی اور مسکراتی تھی۔ آخر میں بیقرار ہوگیا اور مجھ سے نہ رہا گیا اور میں نے اُس سے پوچھا کہ ’’بوا! تم کون ہو؟ اور تمہارا نام کیا ہے؟ وہ بولی کہ بھائی یہ تو میں نہیں جانتی کہ میں کون ہوں۔ جو تم ہو وہی میں ہوں‘‘، مگر میرا نام حوا ہے۔ میں بہت خوش ہوا اور تالیاں بجا کر خوب اُچھلا اور خوب کودا اور اوپر کو دیکھ دیکھ کر ایک بڑی ہستی اور بڑے قادرِ مطلق کا خیال کر کر خوب گیت گائے اور نہایت ذوق و شوق سے یوں چلایا۔

آو آورے آو ارے آو ارے وہ جو ہے، ارے وہ جو رہے گا، ارے وہ جو رہے گا، ارے وہ جو تو ہی ہے، ارے وہ جو تو ہی ہے، میری شکر لے۔ اُس انجان جانب کار نے میرا شکر لیا۔ اب تم اُسی حرکت کے پھل پھول ہو۔

اجی دادا جان، یہ تو تم نے حال کی کہی، ہم تو اُس سے بھی پچھلی پوچھتے ہیں۔ میرے پیارے وہ تو ہمارے ہوش اور تمیز سے پہلے کی بات ہے، مگر اُس کی کچھ نشانیاں ہم پاتے ہیں اور خدا نے اپنی قدرت سے جو کچھ ہم میں بنایا ہے اُسی سے وہ پچھلا حال سمجھ سکتے ہیں، اگر تم کو اُس کے جاننے کا شوق ہے تو سنو۔

تمام زمین پر بسنے والی چیزیں زمین سے پیدا ہوئی ہیں، گو اُس کی آئندہ نسل چلنے کا کوئی قاعدہ بنایا ہو، مگر سب سے پہلی فرد صرف اُس کی قدرت سے بنی۔ اُس نے کہا کہ ہو، وہ ہوگئی، بس اسی طرح میں بھی زمین سے پیدا ہوگیا، پلا اور بسا اور بڑا ہوا، مگر جب زمین سے نکلا تھا تو ایسا نہ تھا، جیسا اب ہوں۔ رفتہ رفتہ ہم کو یہ صورت ملی ہے۔ اگر تم میری وہ ہیئت دیکھو جو زمین سے نکلی تھی تو نہایت تعجب کرو۔ بال سے بھی باریک اور رائی کے دانے سے بھی چھوٹا بھنگا تھا اور اُسی میں حسن و جمال، عقل و کمال سب چھپا ہوا تھا، جیسے بیج میں درخت کے تمام پھل پھول ٹہنی پتے چھپے ہوتے ہیں۔ یہ اُس صانع کی قدرت ہے جو ایسی ضعیف و ناچیز چیز کو ایسا کیا جس کے حسن و جمال پر لوگ فریفتہ ہوتے ہیں۔ فرہاد سر پھوڑتا ہے، زلیخا ہاتھ کاٹتی ہے، مجنوں سر بصحرا نکل جاتا ہے، اپنے تقدس و کمال سے فرشتوں پر فوق لے جاتا ہے اور اپنے آپے سے اپنے صانع کو پہچانتا ہے اور پھر اُس کی مرضی اور خوشی کے بیان کرنے کو اوروں کے لئے واعظ بنتا ہے۔

تمام قوتیں حیوانی اور انسانی، ملکی و شیطانی اُس میں تھیں اور سب اُس کی اطاعت و فرمانبرداری میں حاضر تھیں۔ جس جس کام پر وہ مامور تھیں اُن کو کر رہی تھیں اور اپنے کام میں ذرا سی بھی خطا نہیں کرتی تھیں، مگر ایک قوت نہایت قوی اور سرکش تھی۔ وہ میری کوئی خدمت نہیں کرتی تھی، بلکہ طرح طرح کے جذبات کو جو غصہ اور غضب اور بغض و کینہ، عداوت و دشمنی، قتل و خوں ریزی، چوری و زناکاری کے منشاء ہیں، تحریک دیتی رہتی تھی۔ اُس کے کوتکوں سے میں نے جان لیا تھا کہ وہ میری بڑی دشمن ہے۔ اُسی پر فتح پانا میرا بڑا کام ہے، مگر وہ بھی جتاتی تھی کہ میں تیری دشمنی کبھی نہیں چھوڑنے کی۔ جہاں پاؤں گی اپنا کام کروں گی اور جس طرف سے قابو پاؤں گی ماروں گی۔

وہ قوت ایک عجیب و غریب چیز تھی۔ دشمن تو ایسی سخت تھی، لیکن اگر وہ نہ ہوتی تو ایک اور چیز ہم میں نہ ہوتی جو انسان کے کمال کی بھی وہی باعث ہے اور اُس کے وبال کی بھی وہی باعث ہے اور اسی سبب سے وہ قوت کبھی سخت دشمن دکھائی دیتی تھی اور کبھی دوست سمجھ میں آتی تھی، مگر میری اطاعت میں کبھی نہ تھی۔

خدا نے ایک ایسی مرکب چیز کو جو مختلف قوتوں کا مجموعہ تھی، یعنی مجھ کو ایک جگہ ڈال دیا جہاں نہ مجھ کو بھوک تھی نہ پیاس، نہ دھوپ کی گرمی لگتی تھی نہ کپڑا پہننے کی حاجت ہوتی تھی۔ میں رفتہ رفتہ بڑا ہوتا جاتا تھا اور تمام قوتیں جو مجھ میں تھیں میرے کام آتی تھیں۔ ایک قوت مجھ میں تو تھی، مگر میرے کام میں نہ تھی، نہ میں اُس کو کام میں لاتا تھا۔ جب میں بڑا ہوا اور سنِ تمیز کو پہنچا تو اُسی دشمن قوت نے مجھ کو بتایا کہ اس سے بھی کام لے، کیونکہ وہ جانتی تھی کہ جب میں اُس سے کام لوں گا تب ہی مصیبت میں پھنسوں گا، مگر اس قوت سے کام لینا کمال کا بھی سبب تھا۔ اس لئے اُس دشمن قوت نے بہکایا کہ اگر اُس سے کام لے گا تو فرشتہ ہو جائے گا اور کبھی فنا نہ ہویگا۔ وہ قوت میری ہی تو تھی اور میں اُس کو کام میں لانے کے قابل بھی ہو چکا تھا۔ میں اُس کو کام میں لایا اور اُسی وقت میرے عیب مجھ پر کھل گئے۔ میں نے جانا کہ میں تو ایک نہایت ناچیز ہستی ہوں۔ بے شک مجھ میں فرشتہ ہونے اور ہمیشہ رہنے کی قوت ہے، مگر اُس کے ساتھ بڑا قوی دشمن بھی لگا ہوا ہے۔ اُس سے بچنا نہایت مشکل ہے۔ میں اپنے عیبوں کے چھپانے کی فکر میں پڑا اور خدا نے للکارا کہ خبردار اب تو اپنا مالک ہوا، دوست دشمن سے واقف ہوا، اب جب تک زمین پر رہنا ہے، نیک و بد کو سمجھ اور اپنا کام کر۔ میں نہایت حیران ہوا کہ کیا کام کروں اور کس طرح پر چلوں۔ پھر میں سمجھا کہ خدا کی نشانیاں اور خدا کی ہدایتیں ہمارے ساتھ ہیں۔ اُنہی کو سمجھو اور اُنہی کو مانو، اُنہی کی ہدایت پر چلو اور دشمنوں سے نجات پاؤ، مگر یہ سمجھ میں نہ آتا تھا کہ گزشتہ بدی کا کیا علاج ہو۔ بہت غور کے بعد سمجھا کہ کسی دوسرے سے اُس کا علاج نہیں ہو سکتا، بلکہ اُس کا علاج خود مجھ میں ہے جو چیز مجھ میں ہوگئی ہے اُسی کا سیدھا کرنا اُس کا علاج ہے۔ تب میں نے خدا سے کہا: رَبَّنَا ظَلَمْنَا اَنْفُسَنَا وَ اِنْ لَّمْ تَغْفِرْ لَنَا وَ تَرْحَمْنَا لَنَكُوْنَنَّ مِنَ الْخٰسِرِیْنَ۔ فَتَابَ عَلٰی اِنَّهٗ هُوَ التَّوَّابُ الرَّحِیْمُ1۔ پھر تو خدا نے مجھ کو ایسا رتبہ بخشا کہ زمین پر اپنا نائب کر دیا اور فرشتے غل ہی مچاتے رہے۔

دادا جان آپ کی باتیں تو ہماری سمجھ میں نہ آئیں اور ہم نہ سمجھے کہ کن قویٰ کا مجموعہ خدا نے تم کو بنایا تھا۔ وہ کیا قویٰ تھے جو تمہارے مطیع و فرماں بردار بھی تھے۔ وہ کیا قوت تھی جو سرکش اور نا فرماں بردار تھی۔ وہ کیا چیز تھی جو دشمن بھی تھی اور دوست بھی دکھائی دیتی تھی۔ اُسی نے وبال میں ڈالا اور اُسی نے کمال کا رستہ بتایا۔ یہ سب باتیں تو ہماری سمجھ سے باہر ہیں۔ اگر کسی اور طرح پر آپ گفتگو کریں اور ہم کو سمجھا سکیں تو آپ کی نہایت شفقت و عنایت ہوگی۔