اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

آدم کی سرگزشت

بعضے لوگ خیال کرتے ہیں کہ انسان بالکل مجبور ہے۔ خواہ مخواہ اُس کو وہی باتیں کرنی پڑتی ہیں جو اُس کے لئے مقرر ہو چکی ہیں اور بعضے خیال کرتے ہیں کہ وہ خود مختار اور اپنے تمام افعال پر قادر ہے جو چاہتا ہے وہ کرتا ہے۔ بعضے خیال کرتے ہیں کہ نہ مجبور ہے نہ قادر ہے، بین الجبر والاختیار‌جبر اور اختیار کے درمیان ہے جیسے ایک مچھلی والے نے ایک بادشاہ کو مچھلی نذر کرتے وقت اس خیال سے کہ بادشاہ اس کا جوڑا نہ مانگے کہا تھا کہ یہ مچھلی مخنث ہے۔ اس مقام پر خدا تعالیٰ کو یہ بات بتلانی تھی کہ جو قویٰ کہ انسان کو خدا نے دئے ہیں وہ خود اُن کا مالک و مختار ہے اور اُن سب کو خود کام میں لا سکتا ہے۔ پس خدا کے منع کرنے اور انسان کا اُس کے کھا لینے سے انسان کا اُن قویٰ پر جو اُس کو دئے گئے ہیں قادر ہونا اور اُن کے استعمال کی خود قدرت رکھنا بتایا گیا ہے اور جو کہ اُس حالت تک پہنچنا اور عقل و تمیز حاصل کرنا انسان پر گناہ ہونے کا سبب ہے، اس لئے خدا نے فرمایا کہ اس حالت پر پہنچنے کے بعد آدم گنہگار ہوا۔

من ملک بودم و فردوسِ بریں جایم بود

آدم آورد دریں دیرِ خراب آبادم

ترجمہ اردو جریدہ: میں فرشتہ تھا اور فردوسِ بریں میرا ٹھکانا تھا، آدم مجھے اس ویران دنیا میں لے آیا۔

السعید من سعد فی بطن امہ والشقی من شقی فی بطن امہ نہایت صحیح اور سچا قول ہے۔ جو کچھ اس وقت تم انسان کی حالت دیکھتے ہو، اچھی یا بری یہاں تک کہ نبیوں کی نبوت اور عابدوں کی عبادت، زاہدوں کا زہد، معشوقوں کا حسن، عاشقوں کا عشق، شاعروں کی شاعری، فاسقوں کا فسق، کافروں کا کفر، یہ سب وہ اپنی ماں کے پیٹ میں سے لے کر نکلے ہیں۔ پس نبی کو نبوت اور عابد کو عبادت اور زاہدوں کو زہد، معشوقوں کو حسن، عاشقوں کو عشق، شاعروں کو شاعری، فاسقوں کو فسق، کافروں کو کفر لازمی اور ضروری ہے کہ بے ہوئے رہ ہی نہیں سکتا۔ جو شخص جو کچھ اپنی ماں کے پیٹ سے لایا ہے وہ اُسی کو گاتا ہے۔

انبیاء یوں فرماتے ہیں کہ انا نبی و آدم بین الماء والطین3۔

سعداء یوں کہتے ہیں کہ انا سعید و آدم بین الما والطین4۔

اشقیاء کا یہ قول ہے کہ انا شقی و آدم بین الماء والطین5۔

اور ہمارا یہ قول ہے کہ انا احمد و آدم بین الماء والطین6۔

مگر نہ عابد کی نجات عبادت پر ہے اور نہ فاسق کی درکات اُس کے فسق پر، بلکہ انسان کی نجات صرف اس پر ہے کہ جو قویٰ خدا تعالیٰ نے اُس میں رکھے ہیں اور جس قدر رکھے ہیں، اُن سب کو بقدر اپنی طاقت کے کام میں لاتا رہے۔ اگر قوائے بہیمیہ اُس پر غالب ہیں اور قوائے ملکیہ کمزور تو اُن کمزور قویٰ کو بیکار نہ چھوڑے، اُن کو بھی کام میں لاتا رہے کہ یہی اُن گناہوں کا علاج ہے جس کو انبیاء کی زبان میں توبہ اور کفارہ کہتے ہیں اور جس کو شارع نے ان عمدہ لفظوں میں کہ التائب من الذنب کمن لا ذنب لہ7 بیان فرمایا ہے۔ پس یہ مشکل اور باریک مسئلہ تھا جو اس آسان اور عام فہم تمثیل میں خدا نے فرمایا۔

دادا جان! خدا کا شکر ہے کہ ہم بھی ان حقائق و معارف کا آپ کی زبانِ مبارک سے سننا اپنی ماں کے پیٹ سے لے کر نکلے تھے، مگر یہ تو فرمائیے کہ آدم کا زمین پر نائب کرنا اور فرشتوں کا تکرار کرنا اور خدا کا آدم کو سب چیز کے نام سکھانا کیا معنی ہیں۔

بیٹا! زمین موجود ہے، انسان موجود ہے، دیکھ لو کہ زمین کی تمام مخلوقات میں زمین کی بادشاہت اور خدا کی نیابت کس کو ہے۔ کیسے فرشتے کیسی تکرار، یہ تو خطابیات کی قسم سے بیان ہے۔ قویٰ جس قدر کہ ہیں ہمیشہ وہی کام کرتے ہیں جس کے لئے وہ مخلوق ہیں لَا يَعْصُوْنَ اللّٰهَ مَآ اَمَرَهُمْ وَ يَفْعَلُوْنَ مَا يُؤْمَرُوْنَ، مگر انسان ہی ایسی مخلوق ہے کہ وہ نیکی بھی کر سکتا ہے اور بدی بھی۔ پس خدا نے اس مقام پر انسان کی حقیقت بیان کر دی کہ وہ کیسے کیسے سخت گناہوں کے کرنے پر قادر ہے مگر اُسی کو نائب کرنے کی وجہ کو بھی بتایا کہ وہ قابلِ تعلیم ہے اور اُس کی غلطیاں اصلاح کے قابل ہیں اور وہ ایسے اعلیٰ درجہ تک ترقی کر سکتا ہے جہاں فرشتوں کا بھی مقدور نہیں، کیونکہ اُن میں جو بات ہے اُس سے زیادہ ترقی کی قوت اُن میں نہیں ہے۔ قَالُوْا سُبْحَانَكَ لَا عِلْمَ لَنَا اِلَّا مَا عَلَّمْتَنَا۔ خدا نے آدم کو تمام چیزوں کے نام اس طرح پر نہیں سکھائے تھے جس طرح کہ اَنّا بچے کو سکھاتی ہے، بلکہ تمام چیزوں کا سکھانا وہ ملکۂ علم انسان میں ودیعت کرنا ہے جس سے آج ہم بقدر اپنی طاقت کے خدا کی خدائی کے کارخانوں پر فکر کرتے ہیں اور جہاں تک ہو سکتا ہے اُس کو جانتے ہیں۔

تم خود اپنے حال پر خیال کرو کہ تم میاں جی سے یا مولانا صاحب سے پڑھتے ہو اور فضیلت کی دستارۂ مبارک سر پر باندھ لیتے ہو۔ کیا میاں جی صاحب یا جناب مولانا صاحب تم کو سب کچھ پڑھا دیتے ہیں؟ نہیں، بلکہ ایک ملکہ تم میں حاصل ہوتا ہے جس سے تم عالم کہلاتے ہو، پس خدا جو اس ملکہ کا تم میں پیدا کرنے والا ہے اگر یوں کہے کہ وَ عَلَّمَ آدَمَ الْاَسْمَآءَ كُلَّهَا‌اور آدم کو سب نام سکھا دیے تو کون سی اس میں مشکل بات ہے۔

بھلا دادا جان! یہ تو ہوا مگر یہ تو فرمائیے کہ آدم کو سب چیزوں کے نام سکھائے، یہ نام سکھانے سے کیا مطلب تھا؟

ارے بیٹا! یہی تو خدائی کا بھید ہے، خدا بڑا اُستاد ہے۔ پچھلا داؤں ہمیشہ اُٹھا رکھتا ہے۔ اس لفظ میں یہ بھید ہے کہ خدا نے انسانوں کو حقیقتِ اشیاء کچھ نہیں بتلائی۔ انسان سب کچھ بتلا سکتا ہے، مگر حقیقتِ اشیاء نہیں بتلا سکتا۔ پس جب حقیقت نہیں بتلا سکتا تو جو کچھ وہ بتلاتا ہے صرف اسماء ہیں نہ حقائق، اسی لئے خدا نے فرمایا: وَ عَلَّمَ آدَمَ الْاَسْمَآءَ كُلَّهَا۔

دادا جان! آپ نے تو یہ ایسی بات کہی کہ دل میں کھب گئی۔ اب تو بالکل دل کو تسلی ہو گئی مگر ایک شبہ پھر دل میں اُٹھا کہ خدا نے ایک ایسا قصہ بیان کیا جو حقیقت میں واقع نہ ہوا تھا۔ اگر ادب سے ہم کچھ نہ کہیں تو نہ کہیں مگر دل میں تو ہم ضرور کہیں گے کہ جھوٹ یا فرضی قصہ ہے۔

استغفر اللہ8۔ کیا حماقت کی بات تم نے اس وقت کہی۔ جو کوئی اس بیان کو قصہ یا حکایت سمجھے وہ خود نادان ہے۔ نہ یہ قصہ ہے نہ حکایت ہے، بلکہ خدا نے اصلی حالاتِ فطرتِ انسانی کو جسے اس زمانہ کے حکماء نیچر کہتے ہیں۔ خود انسان کی فطرت کی زبانِ حال سے بیان کیا ہے جو ایک نہایت عمدہ اور فصیح اور مؤثر طریقہ بیان کا ہے۔ جو لوگ اس سے ہدایت پانے کا دل رکھتے ہیں ہدایت پاتے ہیں، جو نہیں رکھتے وہ گمراہ ہوتے ہیں۔ کما قال اللہ تبارک و تعالیٰ: يُضِلُّ بِهٖ كَثِيْرًا وَّ يَهْدِيْ بِهٖ كَثِيْرًا۔

پس تمامِ عبادت اور تمامِ شکر اور تمامِ انسانیت یہی ہے کہ انسان اپنے تمام قویٰ کو جو خدا نے اُس کو دئے ہیں کام میں لاتا رہے اور اُسی طرح پر کام میں لائے جس طرح کہ اُن کا کام میں لانا اُن کے صانع کی مرضی ہو اور اُس مرضی کے انسان پر ظاہر ہونے کا خدا تعالیٰ نے ان لفظوں سے وعدہ کیا ہے۔ اِهْبِطُوْا مِنْهَا جَمِيْعًا فَاِمَّا يَاْتِيَنَّكُمْ مِّنِّيْ هُدًى فَمَنْ تَبِعَ هُدَايَ فَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُوْنَ وَالَّذِيْنَ كَفَرُوْا وَكَذَّبُوْا بِاٰيٰتِنَا اُولٰٓئِكَ اَصْحَابُ النَّارِ هُمْ فِيْهَا خَالِدُوْنَ9۔

اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 216 تا 234 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔