اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

آدم کی سرگزشت

دادا جان! یہ بات تو ہماری سمجھ میں بالکل آگئی اور اس بیان سے ایک اور عقدہ حل ہو گیا کہ بعضی روایتوں میں جو یہ بیان ہوا ہے کہ رحم میں فرشتہ انسان کی صورت بناتا ہے اس سے بھی وہی قوتِ مصورہ مراد ہے جو خدا نے اُس میں رکھی ہے۔

مگر یہ بات بھی بتا دیجئے کہ اُن ملکی قویٰ کے سجدہ کرنے اور اُس ایک قوت کی سرکشی کرنے سے کیا مطلب ہے۔

بیٹا! یہ تو بہت صاف بات ہے، تم خود اپنے آپے کو دیکھو۔ تمام قوتیں جس جس مطلب کے لئے تمہارے میں پیدا ہوئی ہیں سب تمہاری تابع ہیں۔ جس وقت تم کسی ایسی قوت کو تحریک دینا چاہتے ہو جو نیکی کی مخرج ہے، فی الفور تحریک میں آتی ہے اور تم سے نیکی اور نیک دلی، رحم و محبت، ہمدردی، وفا شعاری، خدا کے سامنے تذلل ظہور میں آتا ہے اور صاف ثابت ہوتا ہے کہ وہ تمام قویٰ جو ان چیزوں کے منشاء ہیں تم کو سجدہ کر رہے ہیں، یعنی تمہارے مطیع و فرماں بردار ہیں، برخلاف اس کے اُس قوت کو دیکھو جو بدی اور گناہ کا مخرج ہے۔ تم اُن افعال کو جو اُس قوت سے پیدا ہوتے ہیں برا جانتے ہو اور اُن کے نہ کرنے کا ارادہ بھی کرتے ہو اور پھر کرتے بھی جاتے ہو۔ جھوٹ کو برا سمجھتے ہو اور چاہتے ہو کہ نہ بولیں مگر بولتے جاتے ہو۔ غصہ کو برا جانتے ہو اور ہر چند چاہتے ہو کہ روکیں پر کرتے جاتے ہو۔ زنا جو سب سے بڑھ کر بدی ہے، اُس کو کر کر نادم ہوتے ہو، خود اپنے پر آپ لعنت کرتے ہو، سر پیٹتے ہو، منہ پر طمانچے مارتے ہو اور پکا ارادہ کرتے ہو کہ پھر نہ کریں گے اور پھر کرتے ہو۔ غرض کہ اُس قوت پر جو تمام بدیوں کی جڑ ہے، خیال کرو اور دیکھ لو کہ وہ کیسی سرکش اور تمہاری نافرماں بردار ہے۔ آہ بیٹا! تم انسان اُسی وقت ہو گے جب اُس سخت دشمن پر فتح پاؤ گے۔

دادا جان! یہ باتیں تو تم نے ایسی بتائیں کہ ہمارا دل ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا۔ بالکل سچ ہے اور انسان پر یہی گذرتا ہے۔ جب ہم اپنی بدیوں پر نظر کرتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ وہ مخالف قوت شیطان کیسی ہم پر غالب ہے تو ہم کو اپنی زندگی پر افسوس آتا ہے اور ہم کہتے ہیں کہ کاش ہم پیدا نہ ہوئے ہوتے۔

مگر ہم نہایت ادب اور عاجزی سے ایک بات اور پوچھنی چاہتے ہیں کہ شیطان نے خدا سے یہ کیا بات کہی کہ ’’تم ہی نے مجھے بہکایا ہے، میں بھی انسان کو بہکاتا ہی رہوں گا‘‘۔ یہ تو غلط معلوم ہوتی ہے۔ بھلا خدا نے شیطان کو کاہے کو بہکایا ہوگا۔ کیا خدا شیطان کا شیطان تھا اور اگر خود خدا نے ایسا کیا تو پھر اُس کو سجدہ کا کیوں حکم دیا۔

نعوذ باللہ‌اللہ کی پناہ، نعوذ باللہ، بیٹا توبہ کرو توبہ کرو۔ گالوں پر طمانچے مارو۔ یہ کیسی کفر کی باتیں تم نے کہیں۔ یہ غلط نہیں ہے بالکل سچ ہے۔ قرآن میں بھی لکھا ہوا ہے: ’’قَالَ فَبِمَآ اَغْوَيْتَنِيْ لَاَقْعُدَنَّ لَهُمْ صِرَاطَكَ الْمُسْتَقِيْمَ‘‘ یعنی شیطان نے خدا سے کہا کہ اس سبب سے کہ تو نے مجھ کو گمراہ کیا، میں بھی اُن کی باٹ مارنے کے لئے تیری سیدھی راہ میں بیٹھوں گا۔

مگر غور کرو اور سمجھو کہ اس کا مطلب کیا ہے اور کس بات کا اشارہ ہے۔ سمجھو کہ وہ سرکش قوت خود خدا نے بنائی ہے اور اُس سرکشی کی قوت خود خدا نے اُس میں رکھی ہے۔ پس ان لفظوں سے کہ تو نے ہی مجھ کو بہکایا ہے، اسی بات کا اشارہ ہے کہ اُس قوت کا خالق اور اُس قوت کو یہ قوت دینے والا بھی وہی ایک خدا ہے اور یہی اُس کا بہکانا ہے، مگر خدا نے انسان میں ایسے بھی قویٰ رکھے ہیں جو اُس کو زیر اور مطیع کر سکتے ہیں اور یہی حکم دینا ہے کہ آدم کو سجدہ کر۔ پس ان دونوں صفتوں کو عام فہم کرنے کو خدا نے تمثیلی زبان سے یوں بتایا کہ خدا نے شیطان کو حکم دیا کہ آدم کو سجدہ کر، یعنی ایسے بھی اسباب بنا دیئے ہیں کہ وہ انسان کا مطیع ہو سکتا ہے۔ دیکھو ایوب پیغمبر نے کیسا اس کو مطیع کیا۔ پھر یوں کہا کہ اُس نے سرکشی کی اور خدا کا حکم نہ مانا، یعنی وہ قوت ایسی سرکش ہے کہ مطیع ہو ہی نہیں سکتی۔ ایک موقع پر ہم گناہ سے بچتے ہیں اور دوسرے موقع پر گناہ میں پڑتے ہیں۔ اگر نہیں پڑتے تو ہم کو اُس دشمن کو ہر وقت و ہر دم دبائے رہنا اور باندھے رکھنا تو ضرور پڑتا ہے اور وہ ہر دم چھوٹنا اور ہم پر حملہ کرنا تو ضرور چاہتا ہے۔ پس اس حقیقت کو نبیوں کی زبان نے کیسی عمدہ طرح پر حکم اور نافرمانی کی اصطلاح میں بیان کیا ہے۔ صلوات اللہ علیہم اجمعین‌ان سب پر اللہ کی رحمتیں ہوں۔

دادا جان! جو کچھ تم نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ خدا ہی نے تم کو بتایا ہے، کیونکہ آج تک کسی انسان نے تو ایسے حقایق و معارف بیان نہیں کئے جس سے دل کو تسکین ہو۔ آپ ہی پر خدا نے اپنا فضل کیا ہے جو آپ کے دل سے ایسے حقایق و معارف نکلتے ہیں۔ اب تو ہمیں پوچھتے بھی شرم آتی ہے مگر دَو چار باتیں تو اور بتا دیجئے۔

بیٹا! تم کچھ شرم مت کرو، پوچھتے جاؤ۔ خدا کی بات میں کچھ غلطی ہو ہی نہیں سکتی، ہاں ممکن ہے کہ میری بات یا میری سمجھ میں غلطی ہو جائے۔ میں بھی انسان ہوں۔ جس طرح تم غلطی میں پڑ سکتے ہو میں بھی پڑ سکتا ہوں۔ میرے اُسی قدر کلام میں غلطی نہیں ہوتی جس قدر کہ مجھ کو وحی آئی ہے۔ یہ سب باتیں میں نے وحی سے نہیں کہیں، بلکہ خود اپنے میں اور تم میں دیکھ دیکھ کر کہی ہیں اور ہر شخص ان باتوں کو اگر اُس کو خدا دیکھنے کے لایق آنکھ دے خود دیکھ سکتا ہے۔

دادا جان! خدا نے یہ کیا کہا کہ میں نے شیطان کو آگ سے پیدا کیا اور پہلے فرشتوں میں تھا پھر مردود کر دیا۔ وہ تو ایک قوت خود ہم میں ہے۔

بیٹا! تمام قوائے انسانی پر جس میں وہ سرکش قوت بھی داخل تھی فرشتوں کا اطلاق کیا گیا اور جب اُس ایک قوت کا سرکش ہونا بتایا گیا تو اُس کو اُن میں سے علیحدہ کر کر شیطان بتایا۔ پس یہی اُس کا مردود ہونا اور فرشتوں میں سے نکالا جانا ہے۔

اب تم خود اپنے میں غور کرو کہ تمہارے قویٰ کی ترکیب میں ایک قسم کی حرارت ہے جس کو کوئی حرارتِ غریزی اور کوئی مادہ الکٹرسٹی کہتا ہے۔ اُس تمام حرارت کا سرجوش وہ قوت ہے جس کو قوتِ سرکش یا شیطان بتایا ہے۔ پس وہ قوت سب سے اوپر ہے اور باقی قوتیں اُس سے نیچے۔ پس شیطان کا یہ کہنا کہ خلقتنی من نار و خلقتہ من طین2 بالکل ٹھیک اور مطابق واقع کے ہے۔ مولوی صاحب جو یہ سمجھتے ہیں کہ اُن کی روٹی پکانے کے چولھے کی آگ سے شیطان بنایا ہے، یہ اُن کی نادانی ہے۔

بھلا دادا جان! جس درخت کے کھانے سے خدا نے منع کیا تھا وہ کیا قوت تھی اور اُس کا کھانا یا استعمال میں لانا کیا حالت تھی؟

بیٹا! وہ قوتِ عقل و علم ہے، کیونکہ علم کے لئے عقل کا ہونا بھی لازم ہے اور جب انسان اُس حد کو پہنچتا ہے کہ اُس قوت کو استعمال میں لانے کے قابل ہو جائے، اُس حالت کا نام انبیاء کی زبان میں شجرِ ممنوعہ کا کھانا چکھنا ہے اور زبانِ شرع میں اس کا مکلف ہونا اور زبانِ حکماء میں اس کا بالغ ہونا ہے۔

دادا جان! یہاں تو بڑی مشکل پیش آئی، اس لئے کہ انسان کا چھٹپنے سے بڑا ہونا اور عقل و تمیز کی حالت تک پہنچنا ایک ضروری اور لازمی بات ہے۔ اگر انسان زندہ ہے تو خواہ مخواہ اُس حالت تک پہنچتا ہے، پھر خدا کا اُس درخت کے کھانے سے منع کرنے کا اور انسان کا اُس کو کھا لینے کا اور خدا کی نافرمانی کر کر گنہگار ہونے کا کیا مطلب ہے؟

بیٹا تم نے نہایت عمدہ بات کہی۔ تمہاری عقلمندی سے میں بہت خوش ہوا۔ جو کچھ تم نے کہا یہ سب سچ ہے مگر اس مقام پر ایک نہایت عمدہ اور مشکل مسئلہ جبر و قدر کا نہایت خوبی اور سہل تمثیل سے حل کیا گیا ہے۔