آدمؑ نے کہا کہ تمہاری اور تمام دنیا کی سمجھ میں آجانے کے لائق تو اسی بات کو موسیٰؑ اور محمدؐ نے بہت اچھی تمثیل سے بتایا ہے۔ اُنہوں نے ملکی قویٰ کا نام فرشتہ رکھا ہے اور اُس دشمن دوست نما قوت کا نام شیطان اور اُس قوت کا نام جو مجھ میں تھی پر میرے کام میں نہ تھی درخت، اور اُس وقت یا حالت کا نام جب میں اُس قوت کو کام میں لانے کے لائق ہوا اُس درخت کا مزا چکھنا رکھا ہے اور اس مشکل عقدہ کو ان تمثیلوں سے حل کر کر یوں بیان کیا ہے۔
خدا نے سڑی ہوئی کیچڑ سے جو آگ میں پکے ہوئے کی مانند گرم ہو رہی تھی، آدمؑ کو اور اُس کی جوڑی حواؑ کو پیدا کیا، پھر اُن کو اس صورت پر جو ہے بنایا، پھر فرشتوں سے کہا کہ آدمؑ کو سجدہ کرو۔ سب نے سجدہ کیا مگر شیطان نے سرکشی کی اور خدا کے حکم کو نہ مانا اور سجدہ نہ کیا۔ خدا نے اُس سے پوچھا کہ تو نے کیوں سجدہ نہ کیا؟ اُس نے کہا کہ میں آدم سے افضل ہوں تو نے مجھ کو آگ سے پیدا کیا اور آدم کو مٹی سے۔ خدا نے کہا کہ جا دور ہو تو فرشتوں میں ہونے کے لائق نہیں۔ اُس نے کہا تو مجھ کو قیامت تک ایسا ہی رہنے دو۔ تم ہی نے مجھے بہکایا ہے، میں بھی انسان کو بہکاتا ہی رہوں گا۔ خدا نے کہا دور ہو اے مردود۔ جو لوگ تیری تابعداری کریں گے اُن سے دوزخ بھر دوں گا۔
پھر خدا نے ہم کو سمجھایا کہ شیطان تمہارا پکا دشمن ہے، اُس سے خبردار رہنا۔ پھر ہم کو بہشت میں رکھا۔ وہاں ہم کو نہ بھوک تھی نہ پیاس، نہ دھوپ لگتی تھی اور نہ کپڑے کی حاجت تھی۔ خدا نے کہا کہ اس میں سے جو کچھ چاہو کھاؤ مگر ایک درخت کو بتلایا کہ اُس کے پاس تک مت جانا، اگر جاؤ گے تو اپنے لئے خود بُرا کرو گے۔
مگر شیطان نے ہم کو بہکایا اور کہا کہ میں تم کو ہمیشگی کا اور ہمیشہ رہنے والی بادشاہت کا درخت بتلاؤں۔ اُس نے وہی درخت بتلایا جس سے خدا نے منع کیا تھا اور کہا کہ کسی برائی کے سبب سے منع نہیں کیا، بلکہ اس لئے منع کیا کہ تم فرشتہ اور ہمیشہ رہنے والے نہ ہو جاؤ اور قسمیں کھا کر کہا کہ میں تمہارا دوست ہوں۔ ہم اُس کے بہکانے میں آگئے اور اُس درخت میں سے کھا لیا۔ ایک پردہ نادانی کا جو ہم پر تھا، کھاتے ہی اُٹھ گیا۔ عیب و صواب معلوم ہونے لگا۔ اپنا ننگا پن ہم کو شرمانے لگا۔ درخت کے پتوں سے اپنی شرمگاہوں کو چھپانے لگے۔ اتنے میں خدا للکارا کہ کیوں اس درخت کے کھانے سے میں نے تم کو منع نہ کیا تھا اور تم کو نہ کہہ دیا تھا کہ شیطان تمہارا پکا دشمن ہے۔ چلو یہاں سے جاؤ تم ایک دوسرے کے دشمن ہو گے۔ چند مدت تک زمین پر رہو گے، اُسی میں جیو گے، اُسی میں مرو گے، اُسی سے نکلو گے۔
پھر خدا کے بتانے سے اپنے قصور کی معافی اس طرح پر خدا سے چاہی کہ ’’اے ہمارے خدا ہم نے اپنے پر آپ ظلم کیا اور اگر تو معاف نہ کرے گا اور رحم نہ کرے گا تو ہم آفت میں رہیں گے۔ خدا نے معاف کیا اور یہ بتایا کہ تمہارے پاس میری ہدایت آئے گی، جو کوئی اُس کی تابعداری کرے گا اُس کو کچھ ڈر نہ ہوگا، جو میری نشانیوں کو نہ مانے گا وہ دوزخ میں جائے گا اور ہمیشہ اُسی میں رہے گا۔
پھر خدا نے آدمؑ کو زمین پر اپنا نائب بنایا۔ فرشتوں نے کہا کہ ایسے شخص کو زمین کی نیابت دے گا جو اُس میں فساد کرے اور خون بہائے اور ہم تو تیری پاکیزگی سے تجھ کو یاد کرتے ہیں اور تیری تعریف کرتے ہیں۔ خدا نے کہا ہاں میں سب کچھ جانتا ہوں جو میں جانتا ہوں، تم نہیں جانتے۔
پھر خدا نے آدمؑ کو سب چیزوں کے نام بتائے اور فرشتوں کے سامنے کیا اور کہا کہ اگر تم سچے ہو تو ان چیزوں کے نام بتاؤ۔ فرشتوں نے کہا کہ تیری دوہائی ہے جو کچھ تو نے بتا دیا ہے ہم تو اُس سے زیادہ کچھ نہیں جانتے۔ پھر آدمؑ سے کہا کہ تم ان کے نام بتاؤ۔ آدمؑ نے سب کے نام بتا دئے۔ خدا نے کہا کہ میں نہ کہتا تھا کہ آسمان و زمین میں کی چھپی ہوئی باتیں اور جو کچھ تم علانیہ یا خفیہ کرتے ہو سب کو جانتا ہوں۔
دادا جان یہ باتیں تو صاف صاف ہماری سمجھ میں آئیں۔ ہم سمجھے کہ خدا نے ہم کو پیدا کیا اور ہم کو فرشتوں پر بھی عزت دی اور ہمارے دشمن شیطان کو بھی ہمیں بتلا دیا مگر ہم اُس کے فریب میں آگئے اور خدا کے حکم کے برخلاف کام کیا اور خود اپنے فعل سے گنہگار ہوئے اور جب اپنے گناہ کا اقرار کیا اور معافی چاہی تو خدا نے معاف کر دیا اور ہم کو زمین پر اپنا نائب کر دیا اور ہمارے پاس ہدایت بھیجنے کا وعدہ کیا۔ پھر اگر اُس کی ہدایت پر چلیں گے، اپنا بھلا کریں گے، اگر اُس پر نہ چلیں گے، خود اپنے لئے کانٹے بوئیں گے مگر اُس میں بھی کئی باتیں پوچھنی ہیں۔
آپ نے کیا فرمایا کہ خدا نے آدم و حوا کو پہلے پیدا کیا، پھر اُن کو اس صورت پر جو اب ہے بنایا۔
بیٹا تم نے قرآن شریف پڑھا ہے، اُس میں تو صاف لکھا ہے کہ وَلَقَدْ خَلَقْنَاكُمْ ثُمَّ صَوَّرْنَاكُمْ یعنی خدا نے تم کو پیدا کیا پھر تمہاری صورتیں بنائیں۔ اصل یہ ہے کہ انسان نطفہ میں نہایت باریک بھنگے کی مانند پیدا ہوتا ہے، پھر اُس کی صورت بنتی ہے۔ یہی بات خدا نے بھی کہی اور ہمیشہ یونہی ہوتا ہے۔
دادا جان یہ تو عجیب بات آپ نے بتائی، ہم نے کبھی سنی نہ تھی۔ قرآن میں تو عجیب عجیب قدرتی باتیں لکھی ہیں جو اُس زمانہ کے لوگوں کے خیال میں نہ تھیں۔ اب جس قدر حقائقِ موجودات کھلتی جاتی ہیں قرآن کی حقیقت سمجھ میں آتی جاتی ہے۔ بے شک یہ خدا کا کلام ہے۔
مگر آپ تو یہ فرمائیے کہ جن قوتوں سے خدا نے ہم کو بنایا اور جو ہم ہی میں موجود تھیں اُنہی میں سے کسی کو فرشتہ اور کسی کو شیطان اس طرح پر بیان کیا کہ گویا وہ ہم سے علیحدہ دوسری چیزیں تھیں جن میں سے کوئی ہماری فرماں بردار تھی اور کوئی ہماری دشمن اور اگر درحقیقت وہ ہم ہی میں تھیں تو اس طرح پر کیوں بیان ہوئیں۔
بیٹا ابھی میں نے تم سے بیان کیا کہ انسان عجیب مختلف قوتوں سے بنا ہوا ہے کہ باوصف مرکب ہونے کے ہر ایک قوت جدا جدا کام کرتی ہے، مگر تمہاری سمجھ میں کچھ نہ آیا اور جب اس زمانہ میں ہی تم اُس کو نہ سمجھ سکے تو موسیٰ کے اور اُس سے بھی پہلے کے زمانہ میں کون سمجھ سکتا تھا، اس لئے خدا نے اُس مطلب کو ایسے لفظوں میں بیان کیا کہ سینا کے جنگل میں پھرنے والوں اور عرب کے ریگستان کے رہنے والوں سے لے کر سقراط اور بقراط کے درجوں تک کے لوگ سمجھ لیں۔
تمام دنیا کے خیال میں ہے، کہ مرکب چیز جب متعدد چیزوں سے ملتی ہے تو ایک خاص مزاج پیدا کر لیتی ہے۔ اُس کے ہر ہر فرد کا مزاج اپنی پہلی حالت پر باقی نہیں رہتا، بلکہ دونوں سے مل ملا کر ایک قسم کا مزاج پیدا ہو جاتا ہے۔
اگر گرم پانی میں تم ٹھنڈا پانی ملاتے ہو تو اُس کی سردی اور اُس کی گرمی مل کر اُس کو کنکنا کر دیتی ہے۔ یہ کبھی نہیں ہوتا کہ دونوں ملیں اور سرد پانی کی سردی بدستور سرد اور گرم پانی کی گرمی بدستور گرم رہے۔
بہت سی گرم و سرد و خشک و تر دواؤں سے ملا کر ایک معجون بناؤ۔ اُن دواؤں میں سے کسی ایک کا بھی مزاج اپنی اصلی حالت پر باقی نہیں رہنے کا، بلکہ سب سے مل ملا کر اُس معجونِ مرکب کا ایک خاص مزاج پیدا ہو جائے گا، مگر انسان ایک عجیب معجونِ مرکب مختلف قویٰ سے مرکب ہے اور وہی اُس کے وجود کے اور نیز باہم ایک دوسرے قویٰ کے بقا کے سبب ہیں۔ اگر اندرونی قویٰ میں سے ایک قوت انسان میں سے فوت ہو تو دوسری قوت بھی باقی نہیں رہتی اور باوجودیکہ یہ سب قویٰ ایسے آپس میں ملے ہوئے ہیں جیسے دودھ میں پانی، اُس پر بھی سب اپنے اپنے جدا جدا مزاج پر قائم ہیں اور اپنا اپنا جدا جدا کام کر رہے ہیں۔ پس اس ترکیبِ انسانی کو سمجھانے کے لئے تمام نبیوں نے تمثیلی زبان اختیار کی اور جس طرح کہ اُن قویٰ کے جدا جدا کام تھے اسی طرح اُن کو علیحدہ علیحدہ اس طرح پر بیان کیا کہ گویا وہ الگ الگ ایک دوسرے کے مقابل جدا جدا چیزیں ہیں۔

