اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

اگلے زمانہ میں علومِ دینیہ اور علومِ عربیہ و فلسفۂ یونانیہ کی ترقی کس وجہ سے تھی اور اب کیوں تنزل ہوگیا ہے؟

(از ’’آخری مضامینِ سرسید‘‘)

ایک کلیہ قاعدہ ہے جو ہر ایک زمانہ اور ہر ایک قوم سے یکساں تعلق رکھتا ہے اور کوئی چیز کسی زمانہ میں اس سے مستثنی نہیں ہے اور نہ ہو سکتی ہے اور وہ قاعدہ یہ ہے کہ جس چیز کی قدر ہوتی ہے، اُسی کی بہتات ہوتی ہے جس کو انگریزی میں ڈمانڈ اور سپلائی کے لفظوں سے تعبیر کیا جاتا ہے۔

ڈمانڈ اور سپلائی پولٹیکل اکونمی کے اصطلاحی الفاظ ہیں، مگر ہم نے ان کی جگہ قصد اور بہتایت کے لفظ قائم کئے ہیں، تاکہ تمام اشیائے مادی و غیر مادی پر حاوی ہوں، کیونکہ در حقیقت یہ دو لفظ اشیائے مادی اور غیر مادی دونوں سے برابر تعلق رکھتے ہیں۔

یہ بھی کلیہ قاعدہ ہے کہ دنیا میں جو کچھ کیا جاتا ہے، کسی نہ کسی غرض سے کیا جاتا ہے اور وہ غرض کبھی تو اس کام کا معاوضہ حاصل کرنے کی ہوتی ہے اور کبھی کسی امر میں کمال حاصل کرنے کی، جس کے باعث خود اس کے دل میں ایک قسم کا فخر پیدا ہوتا ہے یا اعزاز و تقدس پیدا ہونے کی جس کی لوگ قدر کرتے ہیں یا صرف دوسروں کو فائدہ پہنچانے کی بغیر کسی ذاتی غرض کے یا بہ نیتِ خالص تقرب الی اللہ‌اللہ کی قربت کے۔ پس ان تمام اسباب سے جس چیز کی قدر کی جاتی ہے، اُسی کی بہتایت ہوتی ہے۔

مثلاً عربِ جاہلیت میں شاعری کا بہت چرچا تھا۔ ہر سال عکاظ کی منڈی میں شاعر جمع ہوتے تھے اور اپنے اشعار پڑھتے تھے اور ہر ایک دوسرے پر سبقت لے جانا اور اپنا فخر اوروں پر جتلانا چاہتا تھا جس سے اس کے دل میں بھی ایک قسم کا فخر پیدا ہوتا تھا اور تمام قوم اس کو مفخر و معظم سمجھتی تھی اور جزیرۂ عرب میں اس کی ناموری ہوتی تھی اور یہی غرض ان کو شاعری سے تھی اور اسی کی قدر ملک میں بھی تھی۔ اس زمانہ میں شاعری کا بڑا عروج تھا۔ نہایت عمدہ شاعروں کے قصیدے خانۂ کعبہ میں لٹکائے جاتے تھے جن میں سے سات قصیدے اب تک مشہور و معروف ہیں۔ پھر اسلام کا زمانہ آیا اور کذب کی برائی بتلائی اور بتوں کی پرستش اور ان کی الٰہیہ تعریف، کی جو ایک زیور بت پرستوں کی شاعری کا تھا، ممانعت ہوئی اور خدا نے فرمایا۔ ’’وَالشُّعَرَآءُ یَتَّبِعُهُمُ الْغَاوٗنَ۔ اَلَمْ تَرَ اَنَّهُمْ فِیْ کُلِّ وَادٍ یَّهِیْمُوْنَ۔ وَ اَنَّهُمْ یَقُوْلُوْنَ مَا لَا یَفْعَلُوْنَ‘‘1

اُس سبب سے شاعری کی وہ قدر نہ رہی جو زمانۂ جاہلیت میں تھی اور شاعری کو تنزل ہوگیا۔ امام فخرالدین نے تفسیرِ کبیر میں نہایت عمدہ بات لکھی ہے کہ اسلام کے بعد تمام شاعروں نے کذب چھوڑ دیا تھا اور سچائی اختیار کی تھی۔ اس سبب سے ان کی شاعری اچھی نہ رہی تھی اور اس میں تنزل ہو گیا تھا۔ لبید اور حسان جب دونو مسلمان ہو گئے تو ان کے اشعار زمانۂ اسلام کے عمدگی اور خوبی میں ان کے ایامِ جاہلیت کے اشعار کے برابر نہ تھے۔ با ایں ہمہ اسلام کے شروع زمانہ میں کچھ شعراء اور زمانۂ جاہلیت کے باقی تھے اور ان لوگوں میں بھی جو زمانۂ قریبِ اسلام میں پیدا ہوئے تھے جاہلیت کے زمانہ کے شعراء کا کچھ اثر تھا جس کی مثال فرزدق میں پائی جاتی ہے کہ جب ہشام ابن عبدالملک حج کو گیا تو طواف میں کثرتِ ہجومِ خلائق سے اس کو حجرِ اسود تک پہنچنے کا راستہ نہیں ملتا تھا، مگر جب ہمارے دادا حضرت امام زین العابدین علیہ السلام طواف کرتے کرتے وہاں پہنچے تو تمام ہجوم کائی کی طرح پھٹ گیا اور حضرت امام کو حجرِ اسود تک جانے کا راستہ دے دیا۔ ایک شخص نے جو شام کا رہنے والا تھا، ہشام سے پوچھا یہ کون شخص ہیں؟ اس نے تجاہلِ عارفانہ سے کہا کہ میں نہیں جانتا۔ وہاں فرزدق شاعر بھی موجود تھا۔ ہشام کا یہ کہنا اس کو بہت برا معلوم ہوا۔ اس نے حضرت امام کی شان میں فی البدیہہ‌فوراً، بغیر سوچے ایک قصیدہ کہا جس کے یہ چند اشعار ہیں۔

هذا الذی تعرف البطحاء و طاته

والبیت یعرفه و الحل و الحرم

هذا ابن خیر عباد اللہ کلهم

هذا التقی النقی الطاهر العلم

هذا ابن فاطمة ان کنت جاهله

بجده انبیاء اللہ قد ختموا

ما قال لا قط الا فی تشهده

لولا التشهد کانت لاءه نعم

یعنی یہ وہ شخص ہے کہ مکہ کی زمین اس کے نقشِ قدم کو پہچانتی ہے اور خدا کا گھر اور اس کی بزرگ زمین اور تمام لوگ اور میدان اس کو جانتے ہیں۔ یہ فرزند ہے اُس کا جو تمام خدا کے بندوں میں سب سے بہتر تھا۔ یہ ہے بزرگ اور مقدس اور پاک جس کو سب جانتے ہیں۔ یہ ہے فرزند فاطمہؓ کا گو کہ تو اس کو نہ جانتا ہو۔ اسی کے دادا پر خدا کے نبیوں کی نبوت ختم کی گئی ہے۔ یہ ایسا فیاض ہے کہ بجز کلمہ پڑھنے کے کبھی اس نے ’’لا‘‘ کا لفظ نہیں کہا۔ اگر کلمہ میں بھی ’’لا‘‘ نہ ہوتا تو ’’لا‘‘ کی جگہ وہ ’’نعم‘‘ ہی کہتا۔

زمانۂ خلفائے بنی امیہ اور بنی عباس میں پھر شاعری کی قدر ہوئی، مگر شاعری کا رنگ بدلا ہؤا تھا۔ نہ اشعار میں عربِ جاہلیت کا جوش تھا، نہ سادگی اور سلاست باقی رہی تھی۔ ہاں مضامینِ دقیق اور نازک جو عربِ جاہلیت کے خیال میں بھی نہ تھے اور شاندار لفظ جو عربِ جاہلیت کی سادگی کے مقابلہ میں ہیچ تھے، شعروں میں داخل ہوگئے تھے، مگر جاہلیت کے اشعار تک کب پہنچ سکتے تھے؟ جیسے کہ فارسی میں ظہوری اور نظیری نے بہت کچھ لفاظی اور مضمون آرائی کی، مگر حافظ کی شاعری سے جو نہایت سادہ اور آمد کی خوبیوں سے مملو تھی، اُن کے اشعار جن میں آورد کے سوا اور کچھ نہ تھا، کب لگا کھا سکتے تھے؟

بنی امیہ اور بنی عباس کے زمانہ کے بعد شاعری کی اور بھی قدر گھٹتی گئی اور اسی کے ساتھ اس میں تنزل آتا گیا اور اب یہاں تک تنزل آ گیا ہے کہ اگر میں چاہوں تو اپنے تئیں بھی عربی کا شاعر کہنے لگوں، گو کہ میں نے کبھی عربی کا شعر نہیں کہا اور نہ کہہ سکتا ہوں، بلکہ عربی اشعار کو موزوں پڑھ بھی نہیں سکتا۔ اس سے بخوبی ثابت ہے کہ جس چیز کا ڈمانڈ نہیں ہے، اُس کی سپلائی بھی نہیں ہے، یعنی جس چیز کی قدر نہیں، اس کی بہتایت بھی نہیں ہے۔

مگر یاد رہے کہ جو چیز دنیا میں بکار آمد اور فائدہ مند ہوتی ہے، اس کی قدر کبھی نہیں گھٹتی، جب تک کہ اس سے زیادہ مفید دوسری چیز پیدا یا ایجاد نہ ہو جائے اور جو چیزیں کہ بطور مشغلہ کے ہوتی ہیں، تو جب مشغلہ رکھنے والے نہیں رہتے یا وہ ذریعہ باقی نہیں رہتا، جو اس مشغلہ کو قائم رکھے تو ان چیزوں کی قدر گھٹ جاتی ہے، شاعری اسی قسم کی چیز تھی جس کی قدر زیادہ تر بطور مشغلہ کے کی جاتی تھی۔ جب وہ نہ رہا، تو لازمی طور سے اس کا تنزل ہونا تھا۔ جب ڈمانڈ نہ رہا، تو سپلائی بھی نہ رہی۔

نثر زمانۂ جاہلیت کی ہم تک نہیں پہنچی اور جو ٹکڑے نثرِ جاہلیت کے بعض کتابوں میں ملتے ہیں، ان پر پورا یقین نہیں ہوسکتا کہ وہ خالص جاہلیت کے ہیں۔ اسلام کے قرنِ اول کا کلام یا خطبات جس قدر ہم کو ملتے ہیں، وہ بھی بذریعہ روایات کے ہم تک پہنچے ہیں۔ ان پر بھی پورا یقین نہیں ہو سکتا، کہ وہ خالص کلام قرنِ اولِ اسلام کا ہے۔ صرف قرانِ مجید ہمارے پاس یقین کے قابل ہے، جو ابتدائے اسلام اور آخرِ عہدِ جاہلیت کا کلام یقیناً خیال میں آسکتا ہے۔

قرانِ مجید کو ہم وحیٔ متلو یا خدا کا کلام یقین کرتے ہیں، مگر جب وہ انسانوں کی زبان میں نہایت فصیح و بلیغ طرز پر وحی ہوا ہے، تو اس لئے ہم اس کو اس زمانہ کے لٹریچر سے تعبیر کرتے ہیں، مگر وہ کلام ایسا بے نظیر و بے مثل ہے کہ آج تک نہ کسی سے ویسا ہوا ہے اور ہم یقین کرتے ہیں کہ نہ مثل اس کے آئندہ ہو سکتا ہے کیونکہ جب ہم نے دکھایا ہے کہ عربی لٹریچر کا روز بروز زوال ہوتا گیا ہے تو یہ پیشین گوئی کرنی کہ آئندہ بھی مثل قرآن کے کوئی تحریر نہیں ہو سکنے کی کوئی ناقابلِ یقین بات نہیں ہے۔ ان تمام وجوہات سے ہم زمانۂ جاہلیت کی نثر سے اسلام کے بعد کی نثر میں جو تنزل ہوا ہے، اس کو علانیہ نہیں دکھا سکتے مگر جب کہ فصحائے عرب مثل قرآن کے کوئی تحریر نہ لا سکے تو اس پر یقین ہو سکتا ہے، کہ اس زمانہ کے فصحاء بھی قرآن کی مثل تحریر کرنے پر عاجز تھے۔