سخت افسوس اُن لوگوں پر ہے جو یہ سمجھتے ہیں یا کہتے ہیں کہ قرآنِ مجید کی عبارت بھی یکساں نہیں ہے، بلکہ بعض آیتیں نہایت اعلیٰ درجہ کی ہیں اور بعض مقامات ویسے اعلیٰ درجہ کے نہیں ہیں مگر ایسا کہنا یا سمجھنا ان لوگوں کی نہایت نا سمجھی ہے۔ ادائے کلام بمقتضائے اس مضمون کے ہوتا ہے جو ادا کیا جاتا ہے۔ نعیمِ جنت اور وعیدِ جحیم ایک طرزِ کلام سے ادا نہیں ہو سکتیں اور نہ ان کو ایک طرز پر ادا کرنا مقتضائے فصاحت و بلاغت ہے۔ جس وقت کہ ایک مضمونِ قہر آلود واسطے زجر و توبیخ لوگوں کے بیان کیا جاتا ہے، اس کے الفاظ اور لفظوں کی ترتیب اور فقروں کی ترکیب دوسری طرح کی ہوتی، ہے اگرچہ اس کو پڑھتے ہیں تو اس وقت صرف وہ لفظ ہی موجود ہوتے ہیں اور جس ٹون سے وہ لفظ ادا کئے گئےے ہیں، وہ ٹون موجود نہیں ہوتی، مگر اس کے الفاظ اور لفظوں کی ترتیب اور فقروں کی ترکیب اس قسم کی ہوتی ہے کہ پڑھنے والے کے دل میں وہی ٹون پیدا کر دیتی ہے اور جب کوئی مضمون محبت اور شفقت اور رحم اور عفو کا بیان ہوتا ہے تو اس کے لفظ اور لفظوں کی ترتیب اور فقروں کی ترکیب جدا قسم کی ہوتی ہے اور جب کوئی واقعہ یا حالات بیان کئے جاتے ہیں تو اس کے الفاظ نہایت سادہ اور عبارت سلیس اور سہلِ ممتنع ہوتی ہے۔ قرآنِ مجید میں یہ تینوں قسم کے مضامین اور ان کے مناسب الفاظ اور ان کے مطابق طرزِ بیان سب موجود ہے اور ہر قسم کا مضمون جس طرح پر بیان ہوا ہے وہ بے مثل اور بے نظیر عبارت میں بیان ہوا ہے۔ پس یہ کہنا کہ کے رسد ’’تبت یدا‘‘ با ’’قیل یا ارض ابلعی‘‘2 نہایت بے سمجھی اور محض سفاہت کی بات ہے۔
بنی امیہ اور بنی عباس کے زمانہ میں جو نثریں لکھی گئیں اور جن پر ان کے لکھنے والوں کو مثل مقاماتِ حریری وغیرہ کے فخر ہے، وہ قرآنِ مجید کے سامنے نہایت ہی مبتذل اور نہایت ہی حقیر ہیں اور ہر شخص یقین کر سکتا ہے کہ جو سادگی اور سلاست عربِ جاہلیت سے منسوب ہے وہ مطلق اس کلام میں نہیں پائی جاتی اور نہ عربِ جاہلیت کے خیالات اس قسم کے تھے جو اُن میں ادا کئے گئے ہیں۔
سب سے زیادہ مقدس حدیث کا علم ہے۔ حضرت ابو بکرؓ اور حضرت عمرؓ کے وقت میں تو حدیث کی روایت کرنے کی ممانعت تھی۔ خود حضرت عمرؓ نے لوگوں کو حدیث کی روایت کرنے سے منع کر دیا تھا۔ جو لوگ حدیث کی روایت کرتے تھے، ان کی درہ سے خبر لیتے تھے اور ابن مسعود اور ابو درداء اور ابو مسعود انصاری کو بجرمِ روایتِ احادیث قید کر دیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ خود حضرت ابو بکرؓ نے جس قدر حدیثیں جمع کی تھیں وہ جلا دی تھیں۔
اگرچہ یہ نہیں معلوم ہوتا کہ کثرت سے حدیثوں کی روایت کرنے کا سلسلہ کب سے شروع ہؤا، مگر اس میں کچھ شک نہیں کہ حضرت عمرؓ کی وفات کے بعد شروع ہوا ہوگا۔ خود صحابہ رضی اللہ عنہم نے حدیث کی روایت شروع کر دی تھی اور ہم یقین کرتے ہیں کہ صحابہ صرف خالصاً لوجہ اللہ احادیث کی روایت کرتے تھے۔
اُس زمانہ میں حدیث کی روایت ایک سے دوسرے کو صرف زبانی تھی، مگر جو صحابہ زیادہ حدیثیں بیان کرتے تھے وہ معزز اور مقدس اور بہت بڑے حدیث جاننے والے خیال کئے جاتے تھے اور تمام صحابہ ان کی بہت تعظیم و تکریم کرتے تھے۔ صحابہ کے بعد جو راوی تھے ان کا بھی اعزاز کچھ کم نہ تھا اور جو شخص کوئی حدیث روایت کرتا تھا وہ زیادہ مکرم اور مقدس سمجھا جاتا تھا۔ اسی تقدس حاصل کرنے کو بہت سے لوگ جھوٹی حدیثوں کی روایت کرنے پر مائل ہوئے اور حدیث کی روایتیں کرنے لگے اور عن فلان عن فلان یا اخبرنا فلانٌ3 یا انبأنا فلانٌ4 کہہ کر آخیر کو قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کہہ دیتے تھے۔ چنانچہ علمائے حدیث کو جو آخر کو ہوئے احادیثِ موضوع کے چھانٹنے میں نہایت مشکلات پیش آئیں اور اس کے پرکھنے اور جانچنے کے لئے متعدد قاعدے بنائے۔
یہ گرما گرمی اور زبانی روایت کرنے والوں کا اعزاز و تقدس اُس وقت تک باقی رہا جب کہ زبانی روایت کی کچھ ضرورت باقی نہ رہی اور وہ زمانہ وہ تھا جب علمائے محدثین رضی اللہ عنہم اجمعین نے بعدِ تحقیق و تفحص راویوں کے حال کی حدیث کی کتابیں لکھنی شروع کیں۔ جب حضرت امام مالکؓ نے اپنی موطا لکھ لی تو جو حدیثیں اس میں لکھی گئی تھیں ان حدیثوں کی نسبت کسی راوی کی زبانی روایت کرنے کی ضرورت باقی نہ رہی۔
اسی طرح جب محمد اسماعیل بخاری نے اپنی کتاب لکھ لی تو ان حدیثوں کی نسبت بھی کسی راوی کی زبانی روایت کرنے کی ضرورت نہیں رہی۔ رفتہ رفتہ صحاحِ ستہ بلکہ صحاحِ سبعہ مرتب ہو گئیں تو زبانی روایت کرنے والوں کی کچھ قدر نہیں رہی، یعنی ان کا ڈمانڈ نہیں رہا اور زبانی روایت بالکل زوال پذیر ہو گئی۔
اب تمام دار و مدار علمِ حدیث کا ان کتابوں پر رہ گیا جو صحاح کے نام سے مشہور ہیں مگر اس وقت بھی راویوں کے حالات بیان کرنے کی ضرورت تھی اور ان کے حالات کا بیان کرنا صرف زبانی بیان پر منحصر تھا، یہاں تک کہ اسمائے رجال کی کتابیں مرتب ہو گئیں اور اس وقت راویوں کے حال کی جو روایت زبانی بیان کی جاتی تھی، اس کا ڈمانڈ بھی نہ رہا اور اُس کو بھی زوال ہو گیا۔
اب علمِ حدیث کا اور محدث ہونے کا دار و مدار صرف ان کتابوں کے پڑھنے اور جاننے پر رہ گیا جو علمِ حدیث میں لکھی گئی تھیں۔ ابتدا ابتدا میں تو اُسی شخص کی عزت کی جاتی تھی جس نے وہ کتابیں ایسے شخص سے پڑھی ہوں، جس نے اپنی قرأت یا سماع کا سلسلہ ان کتابوں کے مصنف تک پہنچا دیا ہو مگر بعد کو یہ قید نہیں رہی، بلکہ چند جزو حدیث کی کتاب پڑھ لینے کے بعد اُستاد کل کتاب کی سند دے دیتا ہے مگر ہر زمانہ میں محدثین نہایت مقدس اور معزز گنے جاتے تھے اور تمام مسلمان کیا امیر، کیا فقیر، کیا بادشاہ محدثین کا نہایت اعزاز و اکرام کرتے تھے اور جو اوصاف اُن میں تھے، درحقیقت وہ اسی قابل تھے کہ لوگ ان کا اعزاز و اکرام کریں اور ان کو مقدس جانیں۔ رفتہ رفتہ محدثین کے اوصاف میں بھی کمی ہوتی گئی، اسی کے ساتھ اُن کے اعزاز اور تقدس میں کمی ہوئی اور اُسی کے ساتھ علمِ حدیث کا بھی تنزل شروع ہوا۔
میں یہ تو نہیں کہہ سکتا کہ علمائے علمِ حدیث اس تقدس و اعزاز و اکرام حاصل کرنے کے ارادہ سے حدیث کے سیکھنے میں مشغول رہتے تھے، غالباً اُن کی نیت خالصاً للہ5 ہوگی، مگر اس میں بھی کچھ شبہ نہیں کہ اس سبب سے ان فتوحات سلاطین کی طرف سے اور عام لوگوں کی طرف سے اس قدر پہنچتی تھیں جو ان کی حاجت اور ضرورت سے بہت زیادہ تھیں مگر رفتہ رفتہ اس میں بھی زوال آ گیا اور اسی کے ساتھ علمِ حدیث کو بھی زوال ہو گیا۔
اس زمانہ میں حدیث کی کتابوں کی شرحیں ایسی مفصل لکھی ہوئی موجود ہیں اور جن میں ہر ایک امر کی نسبت پوری بحث ہے اور اسمائے رجال کی متعدد کتابیں نہایت مبسوط موجود ہیں، اس لئے کسی شخص کو جو عربی جانتا ہے کسی اُستاد سے حدیث پڑھنے کی ضرورت نہیں رہی کیونکہ جو کچھ وہ ان کتابوں میں دیکھ کر پاتا ہے، اُستاد کبھی اتنا یا اس سے زیادہ نہیں بتا سکتا اور یہی وجہ ہوئی ہے کہ حدیث کی پوری کتابیں پڑھنے کی اب رسم نہیں رہی، بلکہ صرف تبرکاً کوئی حدیث کی کتاب کسی اُستاد سے شروع کی جاتی ہے اور چند جزو پڑھنے کے بعد اُستاد اس کتاب کی سند دے دیتا ہے۔ شاذ و نادر ہی طالبِ علم ہوں گے، جو اُستاد سے حدیث کی پوری کتاب پڑھتے ہوں گے۔
حدیث کے بعد مقدس علمِ فقہ کا ہے۔ آئمہ مجتہدین کے زمانہ سے پہلے ہر ایک شخص حدیث پر جو اس کو پہنچتی تھی، یا تعامل، پر عمل کرتا تھا۔ اس زمانہ کے بعد ان حدیثوں پر جو کتابوں میں لکھی گئی تھیں جو جو مطلب ان کا وہ سمجھتا تھا یا جس کو عالم اور مقدس سمجھتا تھا، اس کی سمجھ پر عمل کرتا تھا۔ رفتہ رفتہ فقہ اور اصولِ فقہ کی کتابیں مرتب ہوئیں اور اہلِ سنت و جماعت میں چار امام مقبول ہوئے اور جو امام جس شہر یا نواحِ شہر میں تھا وہاں کے لوگ جو اس کے شاگرد تھے، اس کی رائے پر چلتے تھے۔ رفتہ رفتہ تقلید کا زور ہوا۔ اہلِ علم نے قرآن و حدیث پر غور کرنا اور اس سے مسائل کا استخراج کرنا چھوڑ دیا اور جو کچھ ائمۂ مجتہدین نے کہا اسی پر اکتفا کیا۔ اس سبب سے ان لوگوں میں سے مادۂ اجتہاد کا زوال ہوگیا۔

