اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

اگلے زمانہ میں علومِ دینیہ اور علومِ عربیہ و فلسفۂ یونانیہ کی ترقی کس وجہ سے تھی اور اب کیوں تنزل ہوگیا ہے؟

ابتدا ابتدا میں ایسے لوگ بھی تھے جو مرجحین فی الروایت کے لقب سے مشہور تھے۔ وہ جانتے تھے کہ فلاں حکم کہاں سے استنباط کیا گیا ہے اور کتاب و سنت سے اس کی کیا دلیل ہے اور جس کو قوی سمجھتے تھے اس کو اختیار کرتے تھے مگر جب فقہ کی کتابیں زیادہ مبسوط تصنیف ہو گئیں جن میں ہر ایک امر کی تفصیل تھی تو مرجحین فی الروایت کی بھی ضرورت نہیں رہی۔ اس میں بھی زوال آ گیا۔ اب صرف روایتِ جزیہ پر جو کتبِ فقہ اور فتاووں میں مندرج ہیں دار و مدارِ قضا اور افتاء کا رہ گیا ہے۔ ان قاضیوں اور مفتیوں کو یہ بھی معلوم نہیں کہ یہ حکم کہاں ہے اور کیوں کر اور کس وجہ سے استنباط ہوا ہے۔ بڑا فقیہ وہ ہے جو ہر ایک جزئی روایت کو کسی فتاوے سے نکال دے۔

اس زمانہ میں ایک فرقہ ہے جو اپنے تئیں اہلِ حدیث کہتا ہے اور اس کے مخالف اس کو وہابی کہتے ہیں۔ وہ فرقہ تقلید کا منکر اور عمل بالحدیث کا قائل ہے مگر وہ بھی تقلید میں پھنسا ہوا ہے، اس لئے کہ اس نے حدیث مجتمعہ میں درایت کو چھوڑ دیا ہے، بلکہ اس کو حرام سمجھتا ہے اور حدیثوں کی نسبت اگلے لوگ جو لکھ گئے ہیں، اس کی تقلید کرتا ہے اور جس قدر لوگوں کی مقلدینِ ائمۂ مجتہدین تقلید کرتے ہیں، اس سے بہت زیادہ لوگوں اور راویوں کی یہ فرقہ تقلید کرتا ہے۔ اس بیان سے ظاہر ہے کہ جس چیز کا زمانہ تھا اسی کی سپلائی تھی۔ جب ڈمانڈ نہ رہا تو سپلائی بھی نہ رہی۔

اس کے بعد فلسفہ ہے جس کے جاننے پر چند علمائے اسلام بہت فخر و ناز کرتے تھے مگر بعض علمائے اسلام نے تو اس کا پڑھنا حرام بتلایا ہے اور بعض نے منطق کو بھی جزوِ فلسفہ سمجھ کر اس کے پڑھنے کو بھی حرام ٹھہرایا ہے۔

یہ فلسفہ جو اب تک ہمارے پاس ہے، دراصل یونانیوں سے جو بت پرست تھے، لیا گیا ہے۔ اس کا موضوع زیادہ تر انجانی چیزوں پر بحث کرنی ہے اور بہت سا حصہ اس کا خیالی امور پر بحث کرنے سے متعلق ہے، اس لئے یہ بھی بطور ایک مشغلہ کے سمجھے جانے کا مستحق ہے، کیونکہ اس سے کوئی امرِ محقق حاصل نہیں ہوتا۔ ہیولے6 اور صورت اور جزو لا یتجزیٰ کی بحث میں عمر صرف ہو جاتی ہے۔

اس فلسفہ کے مقابلہ کے لئے علمائے اسلام نے علمِ کلام ایجاد کیا تھا، تاکہ اسلام کو اس کے صدمہ سے بچائیں، اس لئے چند مسائل فلسفہ کے، علمِ کلام میں داخل ہو گئے تھے۔ مگر بہت ہی کم اور شاید کوئی بھی نہیں، علمائے مذہب ایسے ہوئے ہیں جن کو اس فلسفہ میں کافی دستگاہ حاصل ہوئی ہو اور اس لئے ضرور تھا کہ اس فلسفہ کو روز بروز تنزل ہوتا جائے، کیونکہ اس کا ڈمانڈ نہیں تھا یا بہت ہی کم تھا۔

علمِ ادب کا عروج یا تو سلاطین کی قدر کے سبب سے تھا یا اس سبب سے تھا کہ اسی زبان کے ذریعہ سے مذہبی کتابیں پڑھی جاتی تھیں۔ ایسے لوگ تو بہت کم گذرے ہیں جنہوں نے عربی زبان کو، علومِ عربیہ اور علومِ مذہبیہ کو صرف خالصاً للٰہ7 پڑھا ہو، بلکہ وہ علم جو ذریعۂ حصولِ معاش کے بھی تھے اور عہدۂ قضاء اور افتاء اور تولیت اور محتسب اور دبیر و وزیر اور دیگر عہدہ ہائے دفاترِ سلطنت ہائے اسلامیہ ان کے پڑھنے سے حاصل ہوتے تھے اور نیز اعزاز و تقدس اور قبولیتِ عام انہی علوم کے پڑھنے سے ہوتی تھی، اور نیز فتوحِ سلاطین اور نذر و نیازِ عوام انہی کے ذریعہ سے حاصل ہوتی تھی، اس لئے کثرت سے لوگ اُن علوم کے پڑھنے پر متوجہ تھے۔ جب کہ ان کا زمانہ نہ رہا تو ان کی بہتایت بھی نہ رہی۔ تعجب ہے کہ اگلے زمانہ میں فقراء اور صوفی اور صاحبانِ سجادہ و خانقاہ بہت کثرت سے موجود تھے، مگر اس زمانہ میں وہ بھی نایاب ہیں اور کہیں کچھ اس کے مدعی پائے جاتے ہیں وہ اگلے لوگوں کی خاکِ پا کے برابر بھی نہیں ہیں۔ اس کا سبب کچھ ہی ہو، مگر یہ کلیہ کہ جس قدر ڈمانڈ ہوتا ہے اسی قدر سپلائی بھی ہوتی ہے، ان پر بھی صادق آتا ہے۔

اگلے زمانہ میں بہت بڑی مشکل یہ تھی کہ اگر کوئی عالم کسی مسئلے میں کوئی بات جو مذاہبِ مروجہ کے خلاف تھی تحقیق کرتا تھا تو اس کو ظاہر نہیں کر سکتا تھا اور اگر ظاہر ہو جاتی تھی تو قتل و قید سے محفوظ نہیں رہ سکتا تھا اور اس لئے تحقیقاتِ مسائلِ مذہبی بالکل بند ہو گئی تھی۔ امام غزالی نے اس میں کسی قدر جرأت کی اور چھوٹے چھوٹے رسالے ’’المظنون علی غیر اہلہ‘‘ اور ’’المظنون علیٰ اہلہ‘‘ اور ’’التفرقۃ بین الاسلام والزندقہ‘‘ لکھے۔ ان کی قسمت اچھی تھی کہ ملک شاہ سلجوقی کے چنگل سے بچ گئے، ورنہ قتل ہونے میں کچھ باقی نہ تھا۔ ان کی کتاب ’’احیاء العلوم‘‘ جو نہایت عمدہ کتاب ہے، اس میں بھی کچھ شائبۂ تحقیقِ جدید کا پایا جاتا ہے۔ اس کے بھی جلانے اور معدوم کرنے میں کوئی دقیقہ باقی نہیں رہا تھا۔ ہمارے قریب زمانہ میں حضرت شاہ ولی اللہ صاحب ہوئے جو محدث بھی کہلاتے تھے، مگر ان کے خیالات و اقوال بھی کسی قدر تحقیقاتِ جدید پر مائل تھے۔ اُن کی قدر نہ اُس زمانہ میں ہوئی جب وہ زندہ تھے اور نہ اس زمانہ میں لوگوں کے دلوں میں ان کی قدر ہے باوجودیکہ اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ اس اخیر زمانہ میں مثل اُن کے کوئی دوسرا عالم نہیں ہوا۔

اس زمانہ میں ہر ایک کو اپنے خیالات ظاہر کرنے میں کوئی امر مانع نہیں ہے، مگر اب نہ پہلے سے عالم ہیں اور جو ہیں کیا مقلد اور کیا اہلِ حدیث سب تقلید کی زنجیر میں جکڑے ہوئے ہیں اور ان میں مادۂ اجتہاد و تحقیق معدوم ہو گیا ہے۔ پس ہر ایک اپنی لکیر پر فقیر ہے اور کولھو کے بیل کی مانند اُسی حلقہ میں چکر کھاتا جاتا ہے جس حلقہ میں اس کو آنکھ بند کر کے ہانکا تھا۔

اس زمانہ میں ایک مقدس گروہ علومِ عربیہ کے زندہ کرنے اور رونق دینے پر آمادہ ہے، ہم بھی خدا سے چاہتے ہیں کہ وہ اس میں کامیاب ہو مگر سوال یہ ہے کہ بموجب اس قاعدۂ کلیہ کے جو ہم نے بیان کیا ہے، بغیر ڈمانڈ کے سپلائی نہیں ہو سکتی۔

اگلے زمانہ میں جو علومِ عربیہ کو رونق تھی وہ سلاطین کے انعامات، جاگیرات، امراء کے صلات اور عوام کی نذرات، حصولِ معاش کے ذرائع اور تقدس حاصل ہونے کے سبب سے تھی اور یہی امور اُن کے لئے ڈمانڈ تھے، مگر اب یہ ڈمانڈ نہیں رہا، اُس کی سپلائی کیوں کر ہو سکتی ہے۔ باقی رہا خالصاً للٰہ اور بہ نیتِ ثواب بلا خیالِ تقدس کسی علم کو یا علمِ دین کو حاصل کرنا، یہ تو شائد کسی کا مقصد ہو، کیونکہ نیک آدمیوں سے دنیا خالی نہیں ہے، مگر کروڑوں مسلمانوں کا جو دنیا میں بستے ہیں یہی ایک مقصد نہیں ہو سکتا۔ وللہ در من قال8۔

شب کہ عقدِ نماز بر بندم

چہ خورد بامداد فرزندم

ترجمہ اردو جریدہ: رات کو جب میں نماز کی نیت باندھتا ہوں (تو یہی فکر رہتی ہے کہ) صبح میرا بچہ کیا کھائے گا

ہاں یہ بات دوسری ہے کہ کوئی نماز پڑھ کر یا پڑھا کر پیٹ بھرے۔ کوئی وعظ کہہ کر پیٹ پالے۔ کوئی حدیث، فقہ پڑھا کر معاش حاصل کرے۔ کوئی فقیر اور مشائخ اور سجادہ نشین ہو کر زندگی بسر کرے۔

اس زمانہ میں مدارسِ علومِ عربیہ اس کثرت سے ہیں کہ پہلے زمانہ میں نہ تھے، مگر چونکہ ان کا ڈمانڈ نہیں ہے سب کے سب خستہ حالت میں ہیں اور لوگوں کو برباد کرتے جاتے ہیں اور آخر کو خود بھی برباد ہو جاتے ہیں۔ ایک گروہ قلیل مسلمانوں کا ہے جو علومِ زبانِ انگریزی کی تحصیل میں مشغول ہے۔ ان پر بے انتہا جھوٹی جھوٹی تہمتیں لگائی جاتی ہیں اور ان جھوٹی تہمتوں کا لگانا بڑی دینداری سمجھا جاتا ہے۔ جو لوگ ادھر اُدھر دونوں طرف ملے جلے ہیں ان سے اُن کے قدیم یار کہتے ہیں۔ ’’اٰمنُوْا كَمَا اٰمَنَ النَّاسُ‌ایمان لاؤ جیسے لوگ ایمان لائے، تو جواب دیتے ہیں ’’اَنُؤْمِنُ كَمَا اٰمَنَ السُّفَهَاءُ9 اور خدا کہتا ہے۔ ’’اَلَا اِنَّهُمْ هُمُ السُّفَهَاءُ‌خبردار وہی بے وقوف ہیں‘‘ اس پر ہمارے انگریزی خواں طالب علم کہتے ہیں کہ ہم کیا کریں جس چیز کا پہلے زمانہ میں ڈمانڈ تھا اُس کو پہلے لوگ حاصل کرتے تھے جس چیز کا اس زمانہ میں ڈمانڈ ہے اس کو ہم حاصل کرتے ہیں۔ پس ہم میں اور پہلوں میں کچھ فرق نہیں ہے۔