ان انگریزی خواں لوگوں میں جو لوگ کچھ زیادہ جان گئے ہیں وہ کہتے ہیں کہ ہم ان علوم کو جو عربی میں ہیں کیوں پڑھیں جب کہ تمام علوم جو اُس میں تھے بہت زیادہ اور اعلی درجے پر ترقی کر گئے ہیں اور اس میں بہت سے علم ایسے ہیں جو محض غلط اور خیالِ خام پر مبنی تھے اور جن کی غلطیاں علانیہ ظاہر ہو گئی ہیں اور بہت سے علومِ جدید تحقیق ہو گئے ہیں۔ پس اگر ہم علم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ترقی یافتہ علومِ قدیم اور تحقیقات شدہ علومِ جدید کو کیوں نہ حاصل کریں۔
بعض علماء ان کو نصیحت کرتے ہیں کہ ارے کم بختو علمِ دین کو تو پڑھو تو وہ ان عالموں کو جواب دیتے ہیں کہ علومِ دین سے اگر تمہارے نزدیک ہماری کنارہ کشی ہے تو اس کا عذاب اور گناہ تمہارے سر پر ہے، کیونکہ کتبِ قدیمۂ مذہبی میں تم سے بزرگوں نے ایسے امور شامل کر دئے ہیں جن کا غلط ہونا ثابت ہو گیا ہے۔ خدا اور رسول نے اُن کو شامل نہیں کیا، بلکہ علما نے اپنی غلطی سے ان کو مذہب میں شامل کر دیا ہے اور تم ان کی تنقیح نہیں کرتے۔ علاوہ اس کے علومِ جدیدہ سے جو بعض مشکلاتِ امورِ مذہبی میں پیش آتی ہیں ان کو تم حل نہیں کرتے اور علومِ جدیدہ کے مقابلے کے لئے کوئی جدید علمِ کلام نہیں بناتے، جیسا کہ تمہارے پیشواؤں نے یونانی فلسفہ کے لئے بنایا تھا۔ پس جو کچھ اس میں گناہ ہے، وہ تمہارے سر پر ہے مگر برائے خدا ایسا علمِ کلام نہ بنانا کہ اُلٹی ہنسی ہو۔
بہت سے بزرگ انگریزی خواں لوگوں کو بد عقیدہ یا ملحد و دہریہ کہتے ہیں۔ شاید ایسا کوئی ہو جس سے میں واقف نہیں ہوں مگر ایسے لوگوں سے واقف ہوں جو ایک حرف انگریزی کا نہیں جانتے، وہ بھی بد عقیدہ ہیں اور اگر میں مذہبِ اسلام کا ایک وسیع دائرہ میں ہونا تسلیم نہ کرتا تو ان کو اسلام کے دائرہ سے خارج کر دیتا۔
انگریزی خوانوں کی نسبت کہا جاتا ہے کہ نیچری خیال رکھتے ہیں اور نماز روزہ کے پابند اور احکامِ مذہبی میں چست نہیں ہیں اور عقائدِ مذہبی سے ناواقفِ محض ہیں۔ یہ کہنا کسی قدر صحیح ہے، مگر انگریزی مدرسوں اور مشنریوں کے مدرسوں کی نسبت یہ کہنا زیادہ موزوں ہے۔ یورپ کے مدرسوں میں علاوہ پروفیسروں کے ایک شخص طالب علموں کے مذہب کی نگہبانی کے لئے مقرر ہوتا ہے جو ڈین کہلاتا ہے۔ ہم نے بھی اپنے کالج میں طالب علموں کی مذہبی حفاظت کے لئے ایک نہایت لائق عالم مقرر کیا ہے جس کی نصیحت سے طالب علموں کو بہت فائدہ ہے۔ تمام طالب علم جماعت کے ساتھ نماز پڑھتے ہیں۔ مختصر کتابیں عقائدِ مذہبی کی اُن کو پڑھائی جاتی ہیں۔ اسلام کی مختصر تاریخ اُن کے درس میں شامل ہے۔ جنہوں نے عربی زبان بطور سیکنڈ لنگویج کے لی ہے ان کو عربی میں اور جنہوں نے سیکنڈ لنگویج نہیں لی ہے اُن کو فارسی میں اور چھوٹے لڑکوں کو نماز کی کتابیں اردو میں پڑھائی جاتی ہیں۔ پس ہمارے کالج کی نسبت یہ کہنا کہ انگریزی خواں طالب علموں کو عقائدِ مذہبی سے لا علمی ہوتی ہے محض غلط ہے۔ ہم تو سمجھتے ہیں کہ ہمارے کالج کے طالب علم جس قدر نماز روزہ کے پابند ہیں شائد بہت کم گھرانے ایسے نکلیں گے جن کے لڑکے اس قدر نماز روزہ کے پابند ہوں۔
احکامِ مذہبی میں چست نہ ہونے کی نسبت ہم پوچھتے ہیں کہ کون سا خاندان ہے جس کے لڑکے انگریزی نہیں پڑھتے اور وہ احکامِ مذہبی میں چست ہیں یا زمانۂ سابق میں کوئی خاندان تھا جس کے لڑکے احکامِ مذہبی میں چست تھے۔ لڑکوں کو جانے دو، ہم بڑوں کی نسبت پوچھتے ہیں کہ سوائے اشخاصِ خاص کے کس قدر ہیں جو احکامِ مذہبی میں چست ہیں۔ جس طرح زمانہ کے مسلمانوں کا حال ہے ہماری دانست میں ہمارے کالج کے طالب علموں کا اس سے بہتر حال ہے۔ کہنے والوں کو اختیار ہے جو چاہیں سو کہیں۔
بعض علماء مسلمانوں کو نصیحت کرتے ہیں کہ نئی روشنی والوں، یعنی انگریزی خوانوں اور اُن کے حامیوں کو آگے بڑھتے جانے دو۔ اگر تم دینی تمدنی ترقی چاہتے ہو تو پیچھے ہٹو اور پچھلے لوگوں سے ملو اور یہاں تک پیچھے ہو کہ ہٹتے ہٹتے صحابہ اور نبیٔ آخر الزماں سے جا ملو۔ اے حضرت پیچھے ہٹنا تو آسان ہے مگر صحابہ اور رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم تک جا ملنا نہایت دشوار، بلکہ ناممکن ہے۔ مجھ کو خوف ہے کہ ایسا نہ ہو کہ پیچھے ہٹتے ہٹتے گڑھے میں جا پڑو ’’لانکم علی شفا حفرہ‘‘ پھر ہم عاجزی سے کہتے ہیں کہ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کے زمانہ تک پہنچنا تو دشوار ہے، مگر برائے خدا پیچھے ہٹنے کی نصیحت نہ فرمائیے۔ جس جگہ کہ مسلمان تھے اسی جگہ ٹھہرے رہتے تو مسلمانوں کو اور مسلمانی سلطنتوں کو برباد، قومِ اسلام کو ذلیل اور خوار کر دیا۔ دنیا میں جہاں مسلمان ہیں سب ایک حالت میں ہیں۔ پھر اب ان کو پیچھے ہٹا کر کیا کیجئے گا۔ کیا ان کو معدوم کر دینے کا ارادہ ہے۔ خدا نہ کرے۔ بقول ایک بزرگ کے مسلمان عالموں نے اپنے تعصبِ بے جا یا نادانی اور بے سمجھی اور جھوٹی دینداری اور جھوٹی ترکِ دنیا کی نصیحت کرتے کرتے تو مسلمانوں کو لنگوٹی بندھوا دی، اب کیا آپ کا ارادہ اس لنگوٹی کے بھی کھلوا لینے کا ہے۔
اب ہم مسلمانوں کو نصیحت کرتے ہیں اور بلا خوفِ لومۃ لائم10 بلند آواز سے کہتے ہیں کہ مذہبِ اسلام کی شان نہایت ارفع ہے اور دنیوی جاہ و تمکنت، دولت و عزت کے حاصل کرنے سے اور اس میں ترقی کرنے سے اس میں کچھ خلل نہیں آتا۔ اسلام کی عزت، اسلام کی شان و شوکت خود مسلمانوں کی عزت اور مسلمانوں کی شان و شوکت سے ہے۔ وہ علیحدہ بت نہیں ہے جس کی پرستش مسلمانوں سے علیحدہ ایک مندر یا کعبہ کی چار دیواری میں کی جائے۔ تاریخِ اسلام کی ورق گردانی کرو اور دیکھو کہ جب کبھی مسلمانوں نے علومِ دنیوی میں ترقی کی اور دنیا میں دولت اور عزت شان و شوکت جاصل کی وہی زمانہ اسلام کی ترقی اور جاہ و جلال اور عزت و شوکت کا سمجھا جاتا ہے۔ جو علماء اور وہ غالباً حنفی علماء ہیں، نصیحت کرتے ہیں کہ انگریزی پڑھنے اور علومِ جدیدہ میں ترقی کرنے سے مسلمانوں کے ایمان میں خلل آتا ہے اُن کو یاد رکھنا چاہئے کہ ’’الایمان لا یزید و لا ینقص‘‘11 اور ان کو سوچنا چاہئے اور نہایت راستبازی سے کہنا چاہئے کہ اسلام میں اور دنیوی عزت حاصل کرنے میں کوئی تناقض نہیں ہے اور اب بجائے اس کے وہ پکارتے ہیں کہ زمانہ کے رخ کے برخلاف حرکت کرو، مسلمانوں کو یہ سچی نصیحت کرنی چاہئے کہ ’’در مع الدہر کیف ما دار‘‘12 وَاللہ يَهْدِيْ مَنْ يَشَاءُ اِلٰى صِرَاطٍ مُسْتَقِيْمٍ13۔
اردو جریدہ نے یہ مضمون «مقالاتِ سر سید»، حصہ اوّل (مرتبہ محمد اسماعیل پانی پتی، مجلس ترقی ادب، لاہور)، صفحہ 260 تا 278 سے ڈیجیٹائز کیا ہے۔ یہ تحریر کتاب «آخری مضامینِ سر سید» سے ماخوذ ہے۔

