اردو جریدہ

شروع کا حصہ چھوئیں
Article Image

مولانا حمید الدین صاحب بی اے کے نام

اب یہاں104 اس قدر ضد شروع ہوئی کہ میرے پاس چند طلبہ کچھ پڑھتے تھے، اس بنا پر حکم نافذ کیا ہے کہ کوئی طالب العلم باہر کسی سے نہ پڑھے، طلبہ سخت پریشان ہیں، اس لئے کہ میرے سوا بھی بہت سے طلبہ مختلف لوگوں سے پڑھتے ہیں، اب تک طلبہ نے اس کی تعمیل نہیں کی، طرح طرح کی تدبیریں ہو رہی ہیں کہ مجھ سے کوئی مدرس بھی نہ ملنے پائے، حالانکہ جس وقت سبق پڑھاتا تھا وہ بھی عام وقت ہوتا تھا، اور ملنے کا وقت بھی عام ہوتا ہے،

میں تو ہمہ وقت سیرت میں مشغول رہتا ہوں،

بڑی مشکل اب چھپنے کی ہے، لیتھو میں تو برسوں کا عرصہ ہوگا، کیا ٹائپ میں چھپواؤں؟

شبلی، 30 جنوری سنہ 1914ء، لکھنؤ،

خط (75) — 21 ستمبر 1914ء

بھائی! بہ ایں ضعف و دل شکستگی مدرسہ سرائے میر کی نظامت کیوں کر کر سکتا ہوں، کوئی دوسرا شخص سوچو، امکانی مدد کرتا رہوں گا،

بنگلہ اور باغ کا وقف نامہ لکھا گیا، دستخط کر رہا ہوں، اور بھی علمی سامان ہو رہے ہیں،

ایک اچھا خاکہ متوقع الفوز پیشِ نظر ہے، لیکن صحت کی بے اطمینانی ہے، ایک ہفتہ سے بخار ہے،

ندوہ میں اب کل 32 طالب العلم رہ گئے ہیں حالانکہ اسٹرائک کرنے والے لڑکوں کی تعداد 80 تھی، جو واپس آ گئے تھے، اس حالت کا بھی کوئی پرسان نہیں،

شبلی، 21 ستمبر سنہ 1914ء، اعظم گڈھ

خط (76) — 16 اکتوبر 1914ء

برادرم!

بھائی اچھا ہونا کیا،

ولن یصلح العطار ما افسد الدہر

ترجمہ اردو جریدہ: اور عطار اس چیز کو ہرگز درست نہیں کر سکتا جسے زمانے نے بگاڑ دیا ہو

دو دن اچھا رہا تو چار دن بیمار رہتا ہوں، لیکن بات چیت کرتا رہتا ہوں، لوگ جانتے ہیں کہ کوئی شکایت نہیں، نظامِ جسم برہم ہو چکا، ابھی ابھی سخت سردی لگی، حالانکہ دوپہر کا وقت105 ہے،

افسوس یہ ہے کہ سیرت پوری نہ ہو سکی اور کوئی نظر نہیں آتا کہ اس کام کو پورا کر سکے106،

وقف نامہ میں اسٹامپ کا جھگڑا تھا، اس لئے کلکٹر کے یہاں درخواست دے دی، وہ طے کر دیں تو تکمیل ہو جائے، تم کو متولیوں میں رکھا ہے اور اگر دار المصنفین قائم ہوا تو تمہارے سوا کون چلائے گا،

الہ آباد کا معاملہ امید ہے کہ طے ہو جائے، دس ہزار پر خاتمہ ٹھہرا، دستاویز لکھ دی گئی، رجسٹری باقی ہے107،

آج سید سلیمان آویں گے، اور کل پرسوں چند طلبۂ تکمیل، لیکن بیماری سب منصوبے غلط کر رہی ہے، سید سلیمان یوں ہی ملنے کو آتے ہیں،

ماموں صاحب کا کتب خانہ یہاں آ گیا، قلمی کتابیں اکثر برباد ہو گئیں، اور کچھ مطبوعہ بھی قریباً سو کتابوں کی جلد بنوانی ہے،

شبلی، 16 اکتوبر سنہ 1914ء، اعظم گڈھ

خط (77) — 28 اکتوبر 1914ء

برادرم!

108……………………

وقت تو یہ تھا کہ ہم چند لوگ یکجا ہو جاتے، اور کچھ کام کرتے، لیکن میری دنیا طلبی کا یہ حال ہے کہ خود بے نیاز ہو گیا ہوں، لیکن عزیزوں109 کی بے تعلقی110 شاق ہوتی ہے،

سلیمان بھی تعلق111 موجودہ پر راضی نہیں، ذرا اشارہ ہو تو میرے پاس آ جائیں، لیکن میں خود روک رہا ہوں، آہ،

مرا گر تو بگذاری اے نفسِ طامع

بسے پادشاہی کنم در گدائی

ترجمہ اردو جریدہ: اے لالچی نفس! اگر تو مجھے چھوڑ دے۔ تو میں فقیری میں بھی بڑی بادشاہی کروں

شبلی، 28 اکتوبر سنہ 1914ء