مدرسہ اپنی آمدنی سے چل رہا ہے، بحث98 یہ ہے کہ ہماری قومی قوت سرائے میر پر صرف ہو، یا اعظم گڈھ پر، دونوں کے برداشت کے قابل نہیں ہے، کم سے کم یہ کہ دونوں کی جداگانہ پوزیشن قائم ہونی چاہیے، اور ان کا باہمی تعلق،
کبھی کبھی یہ خیال ہوتا ہے کہ ان میں سے ایک کو مرکز بنا کر اسی کو دین و دنیا دونوں تعلیم کا مرکز بنایا جاتا، یہیں خدامِ دین99 بھی تیار ہوں، مذہبی اعلیٰ تعلیم بھی دلائی جائے، گویا گروکل ہو، تم اپنی رائے لکھو، ندوہ میں لوگ کام کرنے نہیں دیتے تو اور کوئی دائرۂ عمل بنانا چاہیے، ہم سب کو وہیں بود و باش کرنی چاہیے، ایک معقول کتب خانہ بھی وہاں جمع ہونا چاہیے، اگر تم بہ عزمِ جزم آمادہ ہو تو میں موجود ہوں،
آج ڈائرکٹر تعلیمات سے تمہارے متعلق فیصلہ کرانا ہے، صرف یہی ایک زینہ رہ گیا ہے، لیکن یہ فیصلہ موافق بھی ہو جائے، تب بھی میں اس کو قومی خدمت پر ترجیح نہیں دیتا، البتہ کچھ معاش کا سہارا ہونا چاہیے، وہ بقدرِ کفاف کسی نہ کسی طرح ہوتا رہے گا، آخر تمہارا بھی خود خیال تھا، پرنسپلی اور بیش قرار تنخواہ چند روزہ ہیں اور یہ کام ابدی ہے،
شبلی، 22 اکتوبر سنہ 1913ء، حیدر آباد
خط (69) — 3 نومبر 1913ء
یہاں جرمن زبان میں کئی کتابیں ملیں جن میں یمن وغیرہ کے کتبات، دو تین ہزار برس قبل اسلام کے فوٹو ہیں، یہ بالکل معلومہ خطوط سے الگ ہیں، وہاں لائبریری میں دیکھو، ایسی کتابیں عرب کے متعلق موجود ہیں یا نہیں، ابتدائی حصہ کی تکمیل اسی پر موقوف ہے،
مظاہرہ کو سیاست سے کیا تعلق ہے؟ مفسرین تو وہی نفقہ کا جھگڑا بتاتے ہیں، اس کو سیاست سے کیا تعلق ہے؟
شبلی، 3 نومبر سنہ 1913ء، حیدر آباد،
خط (70) — 12 نومبر 1913ء
برادرم! بھائی سیرت سب چیزوں سے زیادہ عزیز ہے، سفر کے ایاب و ذباب میں ہفتوں تک طبیعت نہیں جمتی، الہ آباد، لکھنؤ کی آب و ہوا مستقل قیام نہیں کرنے دے گی،
اب یہاں طبیعت درست ہو چلی ہے، اور ہر روز کام کر لیتا ہوں، گو زیادہ نہیں کر سکتا، غرض یہ ہے کہ ارادہ یہ ہو گیا ہے کہ پہلی جلد ختم کر کے یہاں سے اٹھوں، اسٹاف بھی یہیں بلا لیا ہے، سید سلیمان کو بھی بلایا ہے، اور انگریزی مترجم بھی،
اس لئے وہاں کے امور کو میرے آنے پر محول نہیں رکھنا چاہیے، ادھر دار العلوم100 کے چند احباب مُصر ہیں کہ تم چلے گئے، تو مولوی حمید کی تقرری کا معاملہ رہ جائے گا، بہرحال اب بظاہر دو تین مہینے تک یہیں رہنے کے سامان نظر آتے ہیں،
قربانی کے مضمون سے اب کام لے رہا ہوں، نہایت عمدہ ہے، لیکن بعض جگہ تقریب تام نہیں، آئندہ لکھوں گا، وہ آیت بھی توراۃ میں نہیں ملی جس میں حضرت ابراہیمؑ کا استغنا حضرت اسحقؑ سے تم نے بیان کیا ہے،
انسپکٹری کی بابت یہ سوچنا ہے کہ سفر کی تگ و دو میں تم اپنا تصنیفی کام اطمینان کے ساتھ کر سکو گے یا نہیں، ایک جگہ کے قیام میں زیادہ موقع ہے، اور حیدر آباد میں تو کام بہت کم ہے،
اعظم گڈھ کے اسکول کے لئے بہ مدِ عمارت میں نے لکھ دیا ہے کہ ڈیڑھ ہزار جمع کریں پانسو میں دوں گا، راجہ ابو جعفر سے بھی کوئی معتد بہ رقم دلا دوں گا،
جریر و فرزدق کے مناقضات مع شرح نہایت اہتمام سے لندن میں چھپی، بڑی کتاب ہے، 130 مارک قیمت ہے
شبلی، 12 نومبر سنہ 1913ء، حیدر آباد،
خط (70) — 22 نومبر 1913ء
برادرم!
تم نے صفحہ 7 میں ایک جگہ لکھا ہے،
انہ لما جاءتہ البشارۃ باسحٰق اظہر انہ لاحاجۃ لہ الی غیر اسمٰعیل فانہ ملاء قلبی
ترجمہ: جب انہیں اسحٰق کی بشارت ملی تو انہوں نے ظاہر کیا کہ انہیں اسمٰعیل کے سوا کسی کی حاجت نہیں، کیونکہ وہی میرے دل میں بسا ہوا ہے۔
اس کے بعد تم نے یہ علامات لکھے ہیں، ت 11: 18
مجھ کو تکوین کی اصحاح 11 میں یہ عبارت کہیں نہیں ملی،
صفحہ 10 میں تم نے لکھا ہے کہ حضرت ابراہیمؑ کا مسکن صفا کی جانب تھا، پھر تکوین 1-8 کا حوالہ دیا ہے، لیکن تکوین میں صفا کا ذکر نہیں،
جرمن کی مبسوط کتاب صرف کتبات پر ہے، جس میں نابتی خط کے بہت سے کتبے ہیں، میں نے ولایت خط لکھ دیا ہے، اور بھی چند کتابوں کے لئے،
میں نے افیون شروع کر دی ہے، اور مجھ کو بے انتہا فائدہ ہے، معدہ نہایت درست ہو گیا ہے، غذا بڑھ گئی ہے۔ اطبا سے پہلے مشورہ لے لیا تھا، سب نے بہ اتفاق رائے دی کسی قسم کا ضرر نہیں، اور توقع ہے کہ موجودہ مقدار سے کبھی بڑھانے کی ضرورت نہ پڑے گی، گو تجربۂ عام اس کے خلاف ہے،
تمہارے لئے آب و ہوا کا تبدل ضرور مفید ہوگا، چھٹی لے کر کہیں اور بسر کرنا چاہیے،
شبلی، 22 نومبر سنہ 1913ء،
خط (71) — 7 جنوری 1914ء
برادرم!
سرائے میر جانے سے سخت نقصان ہوا، میں اس قدر بیمار پڑ گیا کہ آگرہ نہ جا سکا، حالانکہ وہاں جانے کے بہت سے ضروری وجوہ تھے،
نیز اشعارِ عرب میں جہاں حجِ کعبہ، یا کعبہ یا مکہ کا ذکر ہو، اُن کا پورا پتہ لکھ بھیجو، میں یہی مقام لکھ رہا ہوں،
عبرانی زبان میں بکہ کا تلفظ بخا ہے، اور اس کے معنی رونے کے ہیں، اس بنا پر زبور کی آیت کو نصاریٰ مکہ کے متعلق نہیں سمجھتے،
خواجہ کمال الدین کا خط آیا کہ امریکہ میں ایک زبردست تحریک، اسلامی مشن کی ہو رہی ہے، خواجہ کمال الدین کو بلایا ہے،
الہ آباد آنے کو جی چاہتا ہے، لیکن میں نے طلبہ کو بخاری شروع کرا دی ہے، مغرب کے بعد درس ہوتا ہے، بہت شوق سے پڑھتے ہیں، فترہ ہوگا تو سب بے دل ہو جائیں گے،
شبلی، 7 جنوری سنہ 1914ء، لکھنؤ،
خط (72) — 10 جنوری 1914ء
برادرم!
سیرت کا ایک مضمون آج مرسل ہے یہ بہت کم زور اور ناتمام ہے، اس کو تم وسیع اور پُرزور کر کے بھیج دو،
میں اب شروع سے چل رہا ہوں، یعنی مسودہ جس قدر نظرِ ثانی ہوتا جاتا ہے مطبع میں جانے کے قابل ہوتا جاتا ہے، اس لئے اس مضمون کی جلدی ہے کہ سلسلہ ٹوٹنے نہ پائے،
آج امیر خسرو کا دیوان غرۃ الکمال مع دیباچۂ نثر ہاتھ101 آیا، جو ان کا بہترین دیوان ہے، خط بھی برا نہیں، البتہ بعض جگہ سے کچھ اوراق گئے ہوئے ہیں،
میاں اسحاق سے ملنے کے لئے الہ آباد آنا چاہتا ہوں،
شبلی، 10 جنوری سنہ 1914ء، لکھنؤ،
خط (73) — 16 جنوری 1914ء
برادرم!
ہاں بھائی میں اب بالکل فاعل بالاختیار نہیں رہا،
سورۂ براۃ کے متعلق ایک امر نہایت اہم اور اساسِ مباحثِ عظیمہ ہے، یعنی یہ سورہ کب اترا اور صحاح ستہ میں فتحِ مکہ کے بعد اس کا زمانہ ہے، یعنی سنہ 9ھ میں،
لیکن بظاہر صلحِ حدیبیہ کو جب کفار نے توڑ ڈالا ہے، اس کے بعد اور اسی کے متعلق یہ واقعہ معلوم ہوتا ہے، اس سورہ میں صاف مسجدِ حرام کے پاس جو معاہدہ ہوا تھا، اس کا ذکر ہے، اور یہ ذکر ہے کہ
’’اس پر جب تک کفار قائم رہیں، تم بھی قائم رہو‘‘
ظاہر ہے کہ مسجدِ حرام کے پاس حدیبیہ کے سوا اور کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا، لیکن فتحِ مکہ کے وقت تمام اہلِ مکہ مطیع ہو گئے، اور پہلا معاہدہ بالکل بے تعلق ہو گیا، اور پھر کوئی دوسرا معاہدہ نہیں ہوا، اس لئے اگر یہ سورہ سنہ 9ھ میں اترا تو اس کا تعلق کس معاہدہ سے ہے،
یورپ نے جو کتبے یمن و حضر موت و حجر و تبوک وغیرہ میں پائے اور جن کو فارسٹر نے بعینہٖ اصلی خطوطِ قدیمہ میں نقل کیا ہے102، ان سے قرآن مجید کے تاریخی بیانات کی تصدیق ہوتی ہے،
عجیب بات یہ ہے کہ امیر معاویہؓ کے زمانہ میں ان کتبوں کو عبد الرحمٰن گورنرِ عرب نے پڑھا تھا، اور اس کا ترجمہ نویری نے نقل کیا ہے، وہ یورپ کے حاصل کردہ کتبوں سے قریب قریب بالکل متفق ہے،
تم کو فارسٹر صاحب کا جغرافیۂ عرب ضرور پیشِ نظر رکھنا چاہیے، میں نے خرید لیا ہے، اور جا بجا سے ترجمہ کر رہا ہوں،
شبلی، 16 جنوری سنہ 1914ء، لکھنؤ،
خط (74) — 30 جنوری 1914ء
برادرم!
بات یہ ہے کہ ایک کتبہ حصن غراب103 میں آج کل 1836ء میں یورپ کو ملا جس پر خطِ حمیری میں چند سطریں ہیں، جن کا یہ مطلب ہے کہ ہمارے بادشاہ ہم کو ہود کی شریعت کی تعلیم دیتے ہیں، یہ کتبہ میرے پاس ہے، اور عجیب طرح کا خط ہے، انگریزی ترجمہ بھی ہے، میں شاید اتوار کو ردولی میں ہوں گا،
میرے کمرہ کا نمبر 48 ہے

