2۔ دوسری بات یہ ہے کہ بخاری کتاب الانبیا میں ایک حدیثِ مرفوع ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت اسمٰعیلؑ جب مکہ میں آئے تو شیر خوار تھے، لیکن توراۃ میں جہاں ختنہ کا ذکر ہے، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت ابراہیمؑ نے جب حضرت اسمٰعیلؑ کا ختنہ کیا تو ان کی عمر 13 سال کی تھی، ان دونوں میں کیونکر تطبیق ہو سکتی ہے، والسلام
شبلی نعمانی، 21 جولائی سنہ 1913ء، بمبئی،
خط (60) — 21 جولائی 1913ء
مدت سے تمہارا کوئی خط نہیں آیا، سیرۃ کے لئے چند روز بہ استقلال الہ آباد رہنا بھی ضروری ہے، توراۃ سے اکثر کام پڑا ہے، عبد السلام87 نے ضروری مباحث کے متعلق تم کو خط لکھا ہو گا،
زبور 84 آیت 6 میں وادیٔ بکا کا لفظ ہے، بعض یورپین کی رائے ہے کہ یہ بکہ ہی جو مکہ کا نام ہے، لیکن موجودہ نسخوں میں اس کی شکل بکا کی ہے، اس کے متعلق تحقیق کر کے لکھو،
شبلی، 21 جولائی سنہ 1913ء بمبئی،
خط (61) — 27 جولائی 1913ء
انگریز نو مسلم88 کی خبر سے بہت خوشی ہوئی، ان کی وجہ معاش کیا ہے، رہتے کس مکان میں ہیں، میں رمضان میں آ جاتا، لیکن رمضان میں تم سے ملنا کہاں ہو گا، افطار کے بعد تم کیونکر آ سکو گے، اس بنا پر عید کے بعد آنا چاہتا ہوں،
دلی میں غالباً تم مولوی عبید اللہ89 کی وجہ سے زیادہ رہے ہو گے، ان کی نظارۃ المعارف کا کیا حال ہے، کیا اس بارِ عظیم کو وہ تنہا اٹھا سکتے ہیں، والسلام
شبلی، 27 جولائی سنہ 1913ء، بمبئی،
خط (62) — 20 اگست 1913ء
برادرم!
مفصل خط پہونچا، جو باتیں تم نے لکھی ہیں، پہلے سے پیشِ نظر ہیں، لیکن امورِ ذیل پر لحاظ کرو،
1۔ وادیٔ بکا، کا املا اس طرح لکھتے ہیں کہ بکاء بھی ہو سکتا ہے، چنانچہ ایک نسخہ میں یہی معنی لئے ہیں، اس لئے عبرانی نسخہ دیکھو کہ کیا ہے،
2۔ ان آیتوں کا حوالہ لکھو جن میں قربانی کے لئے ’’بکر‘‘ ضروری ہے، بعض اور باتیں جو تم نے لکھیں ان کے حوالے نہیں نقل کئے،
3۔ مزمور 83 میں اوس و خزرج کا تو ذکر نہیں، صرف اسماعیل کا لفظ ہے،
4۔ مورۃ کے کیا معنی جس کو انگریزی میں تحریف کر دیا ہے،
ایک مبسوط کتاب ایک انگریز نے صرف اس بحث90 پر لکھی ہے کہ حضرت اسمٰعیلؑ ذبیح نہ تھے، اور نہ رسول اللہ صلعم کو اُن سے کوئی نسبی تعلق ہے، میں اس کو ساتھ لیتا آؤں گا، عبرانی عبارتیں بھی نقل کی ہیں، اور مسلمانوں کے تمام استدلالات بھی،
خاص قرآن مجید پر ایک انگریزی کتاب ہے وہ بھی ساتھ لاؤں گا،
جرمن کے مشہور پروفیسر نولدیک اور ولہاوسن91 ہیں، جن کی تحریر تمام یورپ میں مستند ہے، ان کا ترجمہ میں نے کرا لیا ہے، نولدیک نے صرف قرآن پر لکھا ہے،
باوجود علالت کے اتنا کام ہو گیا ہے۔ کہ پہلی جلد کی تیاری کے لئے صرف دو تین مہینہ اور درکار ہیں، یہ جلد تقریباً پانچسو صفحہ کی ہو گی،
میں انشاء اللہ جلد آتا ہوں، صرف اس قدر دیر ہو گی کہ شاید کچھ دنوں بھوپال میں ٹھہرنا پڑے، ابھی وہاں سے اختتامی تحریر نہیں آئی ہے، اسی کا انتظار ہے،
انصاری وفد جو قسطنطنیہ سے واپس آیا92، اس پر میں نے ایک نظم لکھی تھی، شاید تم نے دیکھی ہو، زمیندار و وکیل میں چھپی تھی، جلسہ میں تمام لوگ بے اختیار روتے تھے، مجھ پر خود بھی رقت تھی،
ظفر علی93 ملے تھے وہ تو بڑی امیدیں دلاتے ہیں، لیکن وہ غیر معتدل جوش اور خوش اعتقادی ہیں، ان کا اصرار ہے کہ تم اور حمید مدینہ یونیورسٹی کے لئے چلے جاؤ، ان کا خیال ہے کہ خود وہاں سے طلبی ہو گی،
ہاں دینِ حنیفی جو اسلام سے پہلے بھی تھا، اور زید وغیرہ اس کے پیرو تھے، اس کا پتہ کہیں اہلِ جاہلیت کی صحیح شاعری میں بھی ہے، یا کسی اور مستند کتاب میں؟
بخاری اور اصابہ و ملل و نحل وغیرہ میں جس قدر ہے، پیشِ نظر ہے،
شبلی، 20 اگست سنہ 1913ء، بمبئی،
خط (63) — 10 ستمبر 1913ء
برادرم!
تمہارے خط کا بہت انتظار ہے، جس خط میں تم نے حضرت اسمٰعیلؑ کے ذبیح ہونے پر آٹھ نو دلیلیں لکھی تھیں اس میں توراۃ کے نصوص نہیں نقل کئے، وہ لکھ بھیجو، مثلاً یہ کہ قربانی سے مراد خدمتِ ہیکل ہے، اولادِ اسماعیل کا بڑے بال رکھنا، وغیرہ وغیرہ،
کتاب کے ابتدائی حصہ میں صرف یہی بحث ناتمام ہے، اس لئے کتاب مطبع میں جانے سے رکی ہوئی ہے جلدی لکھ بھیجو،
سید صاحب کے استدلالِ فاران پر ایک مفصل کتاب ایک پادری نے سنہ 1884ء میں لکھی، وہ میرے پاس ہے، لیکن نہایت لغو جواب دیئے ہیں94،
تاہم فاران کے متعلق جغرافیہ دانانِ یورپ کی تصریح مشکل ہے، انسائیکلوپیڈیا، بائبل ڈکشنری دیکھو، کوئی نکتہ بات ملے تو لکھ بھیجو،
مجھ کو وہاں آنا نہایت ضروری ہے، لیکن آب و ہوا میں اس قدر فرق پاتا ہوں کہ وہاں آنے کی ہمت نہیں ہوتی،
یہاں بلا مبالغہ وہاں کی بہ نسبت دونی غذا ہے، دعوتوں میں ثقیل غذائیں کھا لیتا ہوں کہ لکھنؤ میں وہ مہینوں کی بیماری کے لئے کافی ہیں، یہاں صرف ایک آدھ وقت غذہ کر دینا کافی ہو جاتا ہے، جی گھبراتا ہے، ورنہ صحت کے لحاظ سے تو یہیں وطن بنا لینا چاہیے،
شبلی، 10 ستمبر سنہ 1913ء بمبئی
خط (65) — 26 ستمبر 1913ء
برادرم
میں اتفاقاً چند روز کے لئے حیدر آباد آ گیا، سیرتِ نبوی کے متعلق95 ۔
عماد الملک نے تمہارا نام پرنسپلی دار العلوم کے لئے پیش کیا، لیکن اصل معاملہ حیدری کے ہاتھ میں ہے، ناظمِ تعلیمات کا اتفاق و تائید بھی درکار ہے، بعض لوگوں نے مجھ سے اصرار کیا کہ میں ان مراحل کو طے کر دوں، مجھ کو معلوم تھا کہ تم خود ملازمت سے کارہ ہو، اس کے علاوہ تم پر اہلِ وطن کا حق زیادہ ہے اس لئے میں نے ابھی تک کوئی حصہ نہیں لیا، لوگ کہتے ہیں کہ اگر تم نہ ہوئے تو کوئی نا اہل شخص باہر سے آ جائے گا، یا کوئی انگریز، اس لئے ایک اسلامی تعلیم گاہ کو نقصان پہونچے گا۔ اس دلیل سے میں بھی مجبور ہو جاتا ہوں،
بہرحال اپنی رائے لکھو،
یہ ضرور ہے کہ افادہ کا عمدہ موقع ہے، آمدنی وافر طلبہ کثیر، مشاہرہ اس قدر ہے کہ نصف پس انداز کر سکتے ہو کہ جلد خانہ نشین ہو سکو میں صرف ایک دو ہفتہ یہاں ہوں،
شبلی 26 ستمبر سنہ 1913ء، حیدر آباد
خط (66) — 21 اکتوبر 1913ء
برادرم!
آیتِ تخییر96 (ازواج)، اعتزال، مظاہرۂ ازواج، تین واقعے الگ الگ بیان کئے جاتے ہیں، لیکن میرے نزدیک سب ایک ہی سلسلہ کے اور ہم زبان ہیں، ابن حجر کی بھی یہی رائے ہے، تم اپنی تحقیق لکھو،
لیکن سب سے مقدم بحث یہ ہے کہ حضرت عائشہؓ اور حفصہؓ کا مظاہرہ ایسی کیا چیز تھی جس کے لئے خدا و ملائکہ و صالح المومنین کی اعانت کی ضرورت پڑی،
شبلی، 21 اکتوبر سنہ 1913ء، حیدر آباد
خط (67) — 1913ء
برادرِ عزیز حیاکم اللہ!
خط پہونچا قربانی کا مضمون بہت صحیح ہے، میں اس سے کام لوں گا،
جدید انسپکٹری کے لئے ضرور کوشش کرو، ڈیلافوس97 سے ملو، میری سفارش فضول ہو گی، کیوں کہ وہ تم کو اچھی طرح جانتے ہیں، ورنہ مجھ کو عذر نہیں، بلکہ دلی مسرت ہے،
اعظم گڈھ کے لوگ تو دو ہزار (مدِ تعمیر) کے مہیا کرنے میں دو دل ہیں، 20، 25 ہزار کیوں کر جمع کر سکیں گے،
سورۂ تحریم کی تفسیر دیکھ تو چکا ہوں، لیکن دو نسخے بھیج دو، اس وقت میرے پاس نہیں
افسوس ہے، روز بروز ضعف بڑھتا جاتا ہے، روزانہ ایک گھنٹہ سے زیادہ کام نہیں کر سکتا، اور مہینہ میں کم از کم پندرہ دن کا ناغہ ہوتا ہے، بوجہ ناسازیٔ طبیعت کے، سیرت کا کام نہایت وسیع ہے، سخت صدمہ ہوتا ہے کہ ناتمام رہ جائے پھر کون پورا کرے گا،
غذا چوبیس گھنٹہ میں پاؤ بھر بھی نہیں،
یہاں سے اب نکلنا ہے، لیکن کہاں قیام کروں، لکھنؤ صحت کے لئے سخت مضر ہے، الہ آباد کچھ اس سے کم، اعظم گڈھ میں صحبت نہیں،
بہرحال جلد آتا ہوں، اور وہاں پہنچ کر ایک مکمل اسکیم طے کروں گا،
بمبئی میں نہایت صحیح رہتا ہوں، مصارف کا بھی اب تردد نہیں، ماہوار آمدنی ہو گئی ہے، لیکن وہاں بھی صحبت نہیں، اور کسی قسم کی علمی یا اسلامی تحریک کا محل نہیں،
حیدر آباد کی ملازمت کا قریباً فیصلہ ہو گیا، ڈائرکٹر تعلیمات خلاف یا متامل تھے، انھوں نے بالکل میرے اوپر فیصلہ چھوڑ دیا،
شبلی، سنہ 1913ء حیدر آباد
خط (68) — 22 اکتوبر 1913ء
برادرم!
آج اعظم گڈھ سے خط آیا، اسکول اچھی حالت میں ہے، گورنمنٹ نے منظور کیا ہے کہ عمارات کے لئے تین ہزار دیں گے، بشرطیکہ تین ہزار کمیٹی دے، میں نے لکھ دیا ہے کہ دینا چاہیے، اور میں بھی مناسب رقم دوں گا،

